Tag: رمضان المبارک

  • عرب امارات: رمضان میں کھانے پینے کی اشیا پر 75 فیصد رعایت کا اعلان

    عرب امارات: رمضان میں کھانے پینے کی اشیا پر 75 فیصد رعایت کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی گئی۔

    متحدہ عرب امارات کے اسٹورز نے رمضان المبارک کے لیے 10 ہزار اشیا کی قیمتوں میں 75 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

    رمضان میں سپر مارکیٹس لوگوں کو کھانے پینے کی اشیا سمیت روز مرہ استعمال کی چیزوں کی قیمت پر 75 فیصد رعایت دیں گے، بچت اسکیموں سے آن لائن بھی فائدہ اٹھایا جا سکے گا۔

    ماہ مبارک میں اشیا کی طلب میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے اسٹاک کو بھی 15 فیصد بڑھا دیا گیا ہے۔

    صارفین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے مختلف بچت اسکیمز اور خصوصی ڈسکاؤنٹس متعارف کروائے گئے ہیں۔

  • عرب امارات: رمضان کے دوران دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    عرب امارات: رمضان کے دوران دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران سرکاری اداروں کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارت میں افرادی قوت کی وفاقی اتھارٹی نے رمضان کے دوران سرکاری اداروں کے اوقات کار مقرر کیے ہیں۔

    وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ملازمین کی ڈیوٹی سوموار سے جمعرات تک صبح 9 بجے شروع ہوگی اور دوپہر ڈھائی بجے تک جاری رہے گی۔

    جمعے کو ڈیوٹی صبح نو سے بارہ بجے تک ہوگی، اس سے وہ ملازم مستثنیٰ ہوں گے جن کی ڈیوٹی کے تقاضے اس سے مختلف ہوں۔

    اتھارٹی کا کہنا ہے کہ وزارتوں اور وفاقی اداروں کے ذمہ داران کو کام کے مفاد میں مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق رد و بدل کا اختیار ہے۔

  • رمضان المبارک میں گورنر ہائوس سندھ میں شہریوں کو افطار کرانے کا فیصلہ

    رمضان المبارک میں گورنر ہائوس سندھ میں شہریوں کو افطار کرانے کا فیصلہ

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے شہریوں کے لیے رمضان المبارک میں افطار کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس حوالے سے کہا کہ پورے رمضان ایک لاکھ شہریوں کو افطار کرانے کا پلان ہے، روزانہ کی بنیاد پر پانچ ہزار شہریوں کے لیے افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کی افطار کا اہتمام کیا جائے گا، سڑکوں پر افطار کرنے والے شہری گورنر ہائوس میں آکر افطار کرسکیں گے۔

    کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ جو فیملیز گورنر ہائوس میں افطار کرنا چائیں انکے لیے بھی گورنر ہائوس کے دروازے کھلے ہوں گے۔

  • رمضان المبارک : عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف  کا بڑا حکم

    رمضان المبارک : عوام کو ریلیف دینے کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا حکم

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں میں معیاری اور سستی اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم کرتے ہوئے کہا عوام کو سستی اشیا کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم کا آفس سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کے اعلانات پر عملدرآمد کا آغاز کردیا اور گزشتہ روز اسمبلی میں کئے گئے اعلانات پرعملدرآمد کے احکامات دیئے۔

    شہباز شریف نے رمضان کے دوران سستے بازاروں میں معیاری اور کم دام پر اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے رمضان بازاروں کی سخت مانیٹرنگ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام کو سستی اشیا کی فراہمی میں غفلت برداشت نہیں کروں گا۔

    شہباز شریف نے پنشنرز کی پنشن میں اضافے اور کم از اکم اجرت 25 ہزار کرنے کے اعلانات پر بھی فوری عمل کا حکم دیا۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم آفس کے افسران اور عملے سے ملاقات کی ، جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کمر کس لیں، عوامی خدمت کیلئےآئے ہیں، ایک لمحہ ضائع نہیں کرنا، ایمانداری،شفافیت، انتھک محنت رہنما اصول ہیں۔

    گذشتہ روز نو منتخب وزیراعظم میاں شہبازشریف نے کم سےکم اجرت 25 ہزار اور ایک لاکھ تک تنخواہ والوں کیلئے 10 فیصد اضافہ اور پنشن میں بھی 10فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

  • رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    رمضان المبارک میں بینکوں کے اوقات کار کیا ہوں گے؟

    کراچی: اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کے لیے دفتری اور کاروباری اوقات کا اعلان کر دیا، تمام بینک پیر تا جمعرات صبح 10 سے دوپہر ڈیڑھ  بجے تک کھلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک نے رمضان المبارک کیلئے دفتری اوقات کا اعلان کر دیا ، جس کے تحت اسٹیٹ بینک پیرتاجمعرات صبح10 سے4بجےسہ پہر تک کھلے گا تاہم جمعہ کو دفتر کے اوقات صبح 10سےدوپہر ایک بجے تک ہوں گے۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ تمام بینک پیر تا جمعرات صبح10 سےدوپہرڈیڑھ  بجے تک کھلیں گے جبکہ جمعہ کے روز صبح 10 سے دوپہر ایک بجے تک کھلے رہیں گے۔

    خیال رہے رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اداروں میں روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی جاتی ہے۔

    واضح رہے محکمہ موسمیات نے پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند کل نظر آنے کے امکانات ظاہر کئے ہیں، کل چاند نظر آنے کی صورت میں پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔

  • ایک سال میں 2 رمضان المبارک؟

    ایک سال میں 2 رمضان المبارک؟

    ماہ رمضان نہایت برکتوں والا مہینہ ہے جس کا مسلمان سارا سال انتظار کرتے ہیں، ہر مسلمان اس مہینے میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے کی کوشش کرتا ہے۔

    ماہرین نے حیرت انگیز انکشاف کرتے ہوئے ایسے خوش نصیب سال کا پتہ لگا لیا ہے جس میں رمضان المبارک دو بار آئے گا۔

    ایک سال میں دو بار رمضان آنے کی وجہ قمری سال کا شمسی سال کے مقابلے میں 11 سے 12 دن کم ہونا ہے۔

    اگر ہم اس طرح حساب لگائیں تو سنہ 2030 میں پہلا رمضان جنوری اور دوسرا رمضان شمسی سال کے آخری مہینے دسمبر میں پڑے گا۔

    ہر سال رمضان پچھلے رمضان کے مقابلے میں 10 دن پہلے شروع ہوتا ہے اور اسی وجہ سے 2030 میں رمضان المبارک 2 بار آسکے گا۔

  • رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار ، طلباء کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

    لاہور: رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار میں 2 گھنٹے کمی کا فیصلہ کرلیا گیا ، نئے اوقات کار کا اطلاق یکم رمضان المبارک سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا ، اوقات کار میں 2 گھنٹے کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    فیصلے کے تحت بوائزاسکول صبح 8بجےلگیں گے اور چھٹی ساڑھے 12بجے ہوگی جبکہ گرلزاسکول ساڑھے 7بجے لگیں گے اور سوا 12بجے چھٹی ہوگی۔

    اس سےقبل بوائزاسکولوں میں پونے 3 اور گرلزسکولوں میں اڑھائی بجے چھٹی ہوتی تھی۔

    اسکولوں کے نئے اوقات کار کا اطلاق یکم رمضان المبارک سے ہوگا ، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اوقات کارتبدیلی پر ایجوکیشن اتھارٹیزسے رائے مانگ لی۔

    خیال رہے رمضان کے مقدس مہینے میں اسکول اور دفتر کے اوقات کم کردیئے جاتے ہیں۔

  • دنیا بھر میں رمضان المبارک کی خوبصورت روایات

    دنیا بھر میں رمضان المبارک کی خوبصورت روایات

    رمضان اور عید گو کہ مذہبی تہوار ہیں لیکن مختلف ممالک اور مختلف خطوں میں اسے مختلف رسوم و رواج اور روایات کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اسی طرح ماہ رمضان کا استقبال بھی مختلف ممالک میں مختلف روایتوں کے تحت کیا جاتا ہے۔

    آئیں دنیا بھر میں رمضان کی خوبصورت روایات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    توپ داغنا

    سحر و افطار کے وقت توپ داغنے کی روایت کئی ممالک میں ہے۔

    مصر میں روایت ہے کہ ایک جرمن ملاقاتی نے مملوک سلطان الظہیر سیف الدین کو ایک توپ تحفتاً پیش کی۔ سلطان کے سپاہیوں نے یہ توپ شام کے وقت چلائی، رمضان المبارک کا مہینہ تھا اور اتفاق سے افطاری کا وقت تھا۔ شہریوں نے یہ تصور کیا کہ یہ ان کو افطار کے وقت سے آگاہ کرنے کے لیے ہے جس پر انہوں نے روزہ کھول لیا۔

    جب سلطان کے حواریوں کو یہ ادراک ہوا کہ رمضان المبارک کے دوران سحری و افطار کے وقت توپ چلانے سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے تو ان کو یہ روایت جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔

    آنے والے برسوں کے دوران اس نے خاصی مقبولیت حاصل کرلی اور دنیا کے مختلف مسلمان ممالک نے بھی اسے اختیار کرلیا۔

    ترکی میں مختلف شہروں کی بلند ترین پہاڑی سے مقررہ وقت پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے جو روزہ کھلنے کا اعلان ہوتا ہے۔

    سعودی عرب میں بھی سحری کے وقت توپ چلائی جاتی ہے جبکہ روس میں بھی کچھ جگہوں پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے۔

    ڈرم بجانا، بگل بجانا

    سحری کے وقت ڈرم بجا کر لوگوں کو جگانے کی روایت کئی ممالک میں موجود ہے۔

    ترکی میں ڈرمر عثمانی عہد کا لباس پہن کر ڈرم بجا کرلوگوں کو جگاتے ہیں۔ مراکش میں ایک شخص ’نیفار‘ بگل بجا کر رمضان کے آغاز اور اختتام کا اعلان کرتا ہے۔

    منادی کرنا

    اسلامی روایات کے مطابق مسلمانوں کے اولین مساہراتی (منادی کرنے والے) حضرت بلال حبشی تھے جو اسلام کے پہلے مؤذن بھی تھے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت بلال کی ذمہ داری لگائی تھی کہ وہ اہل ایمان کو سحری کے لیے بیدار کریں۔

    مکہ المکرمہ میں مساہراتی کو زمزمی کہتے ہیں۔ وہ فانوس اٹھا کر شہر کے مختلف علاقوں کے چکر لگاتا ہے تاکہ اگر کوئی شخص آواز سے بیدار نہیں ہوتا تو وہ روشنی سے جاگ جائے۔

    سوڈان میں مساہراتی گلیوں کے چکر لگاتا ہے اور اس کے ساتھ ایک بچہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں ان تمام افراد کی فہرست ہوتی ہے جن کو سحری کے لیے آواز دے کر اٹھانا مقصود ہوتا ہے۔

    مصر میں سحری کے وقت دیہاتوں اور شہروں میں ایک شخص لالٹین تھامے ہر گھر کے سامنے کھڑا ہوکر اس کے رہائشی کا نام پکارتا ہے یا پھر گلی کے ایک کونے میں کھڑا ہوکر ڈرم کی تھاپ پر حمد پڑھتا ہے۔

    ان افراد کو اگرچہ کوئی باقاعدہ تنخواہ نہیں ملتی لیکن ماہ رمضان کے اختتام پر لوگ انہیں مختلف تحائف دیتے ہیں۔

    رمضان خمیے

    سعودی عرب میں رمضان خیموں کی تنصیب عمل میں آتی ہے جہاں پر مختلف قومیتوں کے لوگ روزہ افطار کرتے ہیں۔

    یہ روایت روس میں بھی قائم ہے۔ ملک کی مفتی کونسل کی جانب سے ماسکو میں اجتماعی افطار کے لیے رمضان خیمہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    دیگر دلچسپ روایات

    ان روایات کے علاوہ بھی رمضان میں مختلف ممالک میں کئی دیگر منفرد و دلچسپ روایات دیکھنے کو ملتی ہیں۔

    مصر

    مصر میں رمضان المبارک کے دوران بچے چمکتے ہوئے فانوس یا لالٹین اٹھا کر گلیوں کے چکر لگاتے ہیں۔ یہ روایت ایک ہزار برس قدیم ہے۔

    روایت کے مطابق 969 عیسوی میں اہل مصر نے قاہرہ میں خلیفہ معز الدین اللہ کا فانوس جلا کر استقبال کیا تھا جس کے بعد سے رمضان المبارک کے دوران فانوس جلانے کی روایت کا آغاز ہوا اور ماہ رمضان کے دوران مصر میں فانوس یا لالٹین روشن کرنا روایت کا حصہ بن گیا۔

    سعودی عرب

    سعودی عرب میں ایسی بہت سی روایات ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوئی ہیں یا ان پر دوسری ثقافتوں کا گہرا اثر ہے۔ لوگ گھروں پر فانوس یا بلب لگاتے ہیں، دکانوں پر بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ رمضان المبارک کا جوش و ولولہ نظر آئے۔

    ترکی

    ترکی میں افطار کے وقت مساجد کی بتیاں روشن کر دی جاتی ہیں جو صبح سحری تک روشن رہتی ہیں۔

    جدید اثرات اور یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث ترکی میں دوسرے ممالک کی طرح رمضان کے دوران ریستورانوں یا ہوٹلوں کی بندش کا کوئی قانون نہیں ہے اور نہ ہی رمضان کے دوران عوامی مقامات پر کھانے پینے کی ممانعت ہے۔

    ایران

    ایران میں افطاری کچھ مخصوص اشیا سے کی جاتی ہے جن میں چائے، ایک خاص طرح کی روٹی جسے ’نون‘ کہا جاتا ہے، پنیر، مختلف قسم کی مٹھائیاں، کھجور اور حلوہ شامل ہے۔

    ملائشیا

    ملائشیا میں زیادہ تر روزہ دار نماز تراویح کے بعد رات کے کھانے ’مورے‘ سے لطف اندوز ہوتے ہیں جن میں روایتی پکوان اور گرم چائے شامل ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران کام کے اوقات کار کم کر دیے جاتے ہیں۔ یہاں رات بھر رمضان مارکیٹ کھلی رہتی ہے۔

  • رمضان المبارک: شوگر کے مریض روزہ داروں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے

    رمضان المبارک: شوگر کے مریض روزہ داروں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے

    ماہ صیام رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے، تاہم ایسے ماہ میں ذیابیطس سمیت مختلف بیماریوں کا شکار افراد کچھ مشکل میں پڑجاتے ہیں کہ وہ روزہ کیسے رکھیں۔

    پاکستان میں ہر 4 میں سے ایک فرد شوگر کی کسی نہ کسی قسم کا شکار ہے، ایسے افراد اگر روزہ رکھ رہے ہیں تو انہیں صحت مند اور متوازن بلڈ شوگر لیول کے لیے کچھ تدابیر پر عمل کرنا چاہیئے۔

    شوگر کے مریضوں کو سب سے پہلے روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج سے رابطہ کرنا چاہیئے اور اپنے معالج کے تجویز کردہ اصولوں پر عمل کرنا چاہیئے۔

    طبی ماہرین کے مطابق روزہ رکھنا ان افراد کے لیے مشکل ہوتا ہے جو کہ انسولین کا استعمال کرتے ہوں یا شوگر سے متعلق مخصوص ادویات کا استعمال کر رہے ہوں، ایسے افراد روزہ رکھنے کی صورت میں اگر پورے مہینے اپنے شوگر لیول کو مسلسل مانیٹر کرتے رہیں اور اپنے بلڈ شوگر لیول پر کڑی نظر رکھیں تو انہیں اس کی سمجھ آجائے گی اور وہ اپنے کھانے پینے کی عادات اور روزے کو اپنی شوگر کے لیول کے مطابق باآسانی چلا سکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہنا ہے ذیابیطس ٹائپ 1 کے مریضوں کو روزہ نہیں رکھنا چاہیئے جبکہ ذیابیطس ٹائپ 2 کے مریضوں کو روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کر لینا چاہیئے تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    شوگر لیول گرنے اور زیادہ ہونے کی علامات کیا ہیں؟

    انسانی خون میں شوگر لیول کی کمی کی علامات میں بہت زیادہ پسینہ آنا، سردی لگنا، انتہائی شدید بھوک کا محسوس ہونا، بینائی کا دھندلانا، دل کی دھڑکن کی رفتار تیز ہونا اور سر چکرانا شامل ہے جبکہ شوگر لیول میں اضافے کی علامات میں مریض کے ہونٹوں کا خشک ہونا اور بار بار پیشاب آنا شامل ہے۔

    طبی ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ شوگر کے مریض رمضان کے مہینے کے دوران پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذا کا استعمال کریں جبکہ میٹھے کھانوں اور کیفین سے گریز کریں۔

    ذیابیطس کے مریض رمضان کے دوران ہر قسم کی غذا کا استعمال کرسکتے ہیں، بس یہ خیال رکھیں کہ وہ متوازن غذا ہو، کسی بھی غذا کا زیادہ استعمال پریشانی کا باعث بن سکتا ہے۔

    طبی ماہرین کی جانب سے شوگر کے مریضوں کے لیے تجویز کیے گئے چند مفید مشورے مندرجہ ذیل ہیں۔

    شوگر کے مریض کے لیے ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ سب سے پہلے وہ خود کو روزہ رکھنے کے لیے ذہنی طور پر تیار کریں۔

    ماہرین کی جانب سے بہترین مشورہ یہ دیا جاتا ہے کہ ہر مریض رمضان کے آغاز سے قبل ہی اپنے معالج سے دواؤں اور غذا کا چارٹ اور طریقہ استعمال بنوا لے، ادویات سے متعلق خود سے کوئی فیصلہ نہ کریں۔

    شوگر کے شکار افراد سحری میں ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جو دیر سے ہضم ہوں، عام حالات میں ذیابیطس کے مریض پراٹھا نہیں کھا سکتے لیکن وہ سحری میں کم تیل سے بنا ہوا پراٹھا کھا سکتے ہیں، دیر سے ہضم ہونے والی غذاؤں میں حلیم بھی شامل ہے، حلیم میں گوشت اور دالوں کے سبب فائبر بہت زیادہ پایا جاتا ہے جس کے نتیجے میں تا دیر بھوک نہیں لگتی۔

    کولیسٹرول کے بڑھنے کے خدشات کے سبب انڈے کا استعمال نہ کریں، شوگر کے مریض اگر انڈے کا استعمال کرنا بھی چاہتے ہیں تو نصف زردی کے ساتھ انڈہ کھایا جا سکتا ہے، انڈے کا استعمال کسی سالن کے ساتھ ملا کر بھی کیا جا سکتا ہے۔

    شوگر کے جن مریضوں کو پیاس زیادہ لگتی ہے وہ سحری میں الائچی کے قہوے کا استعمال کر سکتے ہیں، الائچی کے قہوے میں کم مقدار میں دودھ بھی شامل کیا جا سکتا ہے یا پھر نمکین لسی کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

    سحری کے دوران میٹھے میں کھجلہ، پھینیاں، کسٹرڈ یا کسی بھی قسم کی میٹھی غذا کا استعمال ہر گز نہ کریں۔

    شوگر کے مریض روزہ کھجور سے افطار کر سکتے ہیں، ایک تحقیق کے مطابق ایک کھجور میں 6 گرام کاربو ہائیڈریٹس پائے جاتے ہیں جس میں معدنیات، فائبر، فاسفورس اور پوٹاشیئم بھی موجود ہوتا ہے، کھجور میں پائے جانے والا پوٹاشیئم تھکاوٹ اور بوجھل پن دور کرتا ہے۔

    ذیابیطس کے مریض روزہ افطار کرتے ہوئے ایک کھجور کھا سکتے ہیں اور اگر ان کا شوگر لیول متوازن ہے تو 2 کھجوریں بھی کھائی جاسکتی ہیں۔

    افطار کے دوران پھلوں کی چاٹ بغیر چینی، کریم اور دودھ کے کھائی جا سکتی ہے، پھلوں میں تھوڑی سی مقدار میں لیموں کا رس بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

    مائع میں سادہ پانی بہترین قرار دیا جاتا ہے جبکہ نمک میں بنا ایک گلاس لیموں پانی بھی پیا جا سکتا ہے، شوگر کے مریض گھر کی بنی ہوئی غذاؤں کا ہی استعمال کریں، کوشش کریں کے تیل، نمک، لال مرچ اور چینی کی زیادہ مقدار لینے سے پرہیز کیا جائے۔

    شوگر کے مریض رات بھوک لگنے پر ایک روٹی کم مرچ مصالحے والے سالن کے ساتھ یا سلاد اور رائتے کے ساتھ کھا سکتے ہیں، چاولوں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے مگر ایک پلیٹ سے زیادہ نہیں، رات سونے سے قبل بھوک محسوس ہونے پر ایک گلاس دودھ بغیر شکر کے پیا جا سکتا ہے۔

    رمضان بخیر و عافیت گزارنے اور روزو ں کے مکمل فوائد حاصل کرنے کے لیے افطار کے بعد اور رات کھانے سے قبل کم از کم 30 منٹ چہل قدمی لازمی کریں، شوگر کے مریضوں کے لیے چہل قدمی بھی ایک بہترین علاج قرار دیا جاتا ہے۔

    شوگر کے مریض اپنے معالج کے مشوروں کے مطابق رمضان گزاریں، خود سے ادویات یا شوگر لیول کے کم یا زیادہ ہونے کی علامات پر علاج نہ کریں۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا رمضان المبارک پر قوم کے نام پیغام

    وزیر اعظم عمران خان کا رمضان المبارک پر قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے رمضان پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ نے پھر رمضان کی برکات سے ہمیں مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا ہے، رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

    وزیر اعظم نے پیغام میں کہا کہ روزے کا مقصد اپنے اندر پرہیز گاری اور ایثار و ہم دردی کے جذبات پیدا کرنا ہے، اس با برکت مہینے میں ہمیں ضرورت مندوں کا خصوصی خیال رکھنا ہے، اور نا جائز منافع خوری میں ملوث عناصر کی نشان دہی اور حوصلہ شکنی کرنی ہے۔

    انھوں نے کہا اس وقت عالم انسانیت کرونا وبا کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے، گزشتہ رمضان المبارک میں قوم نے جس طرح ایس او پیز پر عمل کیا تھا، اور وبا کے پھیلاؤ کو ہر ممکن حد تک روکا، وہ قابل ستائش ہے۔

    پاکستان میں‌ رمضان المبارک 1442 ہجری کا چاند نظر آگیا

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا علما و مشائخ کی مشاورت سے نماز تراویح، اور اعتکاف کے لیے ایس او پیز پر اتفاق کیا گیا ہے، رمضان میں ان پر عمل درآمد یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ہمیں اس نازک صورت حال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ہمیں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرنی ہے کہ سارے عالم کو اس آزمائش سے نکالے، اللہ قوم کی مدد فرمائے، اور آزمائش کی گھڑی میں صبر و تحمل کے ساتھ کامیابی عطا فرمائے۔