Tag: رمضان المبارک

  • رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    رمضان میں اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان

    کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے رمضان المبارک میں اندرون ملک جانے والی پروازوں کے حوالے سے اہم اعلان کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سی اے اے نے رمضان المبارک کے دوران ملک کے اندر پروازوں میں مسافروں کو افطاری باکس فراہمی کی اجازت دے دی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے این سی او سی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ این سی او سی اجلاس میں مسافروں کو رمضان المبارک میں کھانے کی فراہمی کی اجازت دی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں ایئر لائنز کو روزہ داروں کے لیے خاص انتظامات کر نے کی اجازت دی گئی ہے، سی اے اے نے ہدایت جاری کی ہے کہ ایئر لائنز روزہ داروں کے لیے افطاری باکس چیک ان کاؤنٹر پر افطاری کے وقت فراہم کریں گی۔

    سی اے اے کے مطابق اندرون ملک پروازوں میں کھانے کی فراہمی ماہ مقدس کے اختتام پر ختم ہو جائے گی، خیال رہے کہ کرونا وبا کے پھیلاؤ کے باعث اندرون ملک فلائٹس میں دوران پرواز اشیائے خور و نوش کی فراہمی پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

    یہ بھی یاد رہے کہ رمضان المبارک میں بھی دوران پرواز مسافروں کو فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔

  • رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان

    اسلام آباد :  حکومت نے رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا ، وفاقی سرکاری دفاتر صبح 10تا 4بجے تک کھلے رہیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک کیلئے سرکاری دفاتر کے اوقات کار کا اعلان کردیا گیا ، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے سرکاری دفاتر کے اوقات کار  پر حکم نامہ جاری کیا، پانچ اور چھ روز کھلے رہنے والے وفاقی دفاتر کیلئے الگ الگ اوقات کار جاری کئے گئے ہیں۔

    حکم نامے میں کہا ہے کہ 5روز کھلے رہنے والے وفاقی سرکاری دفاتر صبح 10تا 4بجے تک کھلے رہیں گے اور 6 روز کھلے رہنے والے وفاقی دفاتر صبح 10تا 3بجےتک کھلے رہیں گے۔

    نوٹیفیکشن کے مطابق جمعتہ المبارک کو وفاقی سرکاری کے اوقات کار صبح 10تا دوپہر1بجے تک ہوں گے۔

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اداروں میں روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی جاتی ہے۔

    یاد وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے کہا تھا کہ رمضان کا چاند 13 اپریل کو لاہور،اسلام آباد، پشاورسمیت کئی شہروں میں دیکھاجاسکےگا اور 14اپریل کو پہلا روزہ ہو گا۔

  • رمضان المبارک : اندرون  ملک سفر کرنے والوں کیلیے اچھی خبر

    رمضان المبارک : اندرون ملک سفر کرنے والوں کیلیے اچھی خبر

    اسلام آباد : سول ایوی ایشن نے رمضان کے دوران  اندرون ملک پروازوں میں افطاری اور کھانے کی فراہمی کی تجاویز دے دی، کوروناکےباعث اندرون ملک پروازوں میں کھانےپینے کی سہولت پرپابندی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان المبارک میں اندرون ملک پروازوں پر افطاری اور کھانے کی فراہمی سے متعلق تجاویز مرتب کرلی گئیں، اس حوالے سے  سول ایوی ایشن اتھارٹی نے این سی او سی اور جوائنٹ سیکرٹری ایوی ایشن ڈویڑن کو تجاویز پر مبنی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے میں کہا ہے کہ کورونا کے باعث اندرون ملک فلائٹس میں دوران پروازوں پر اشیائے خورونوش کی فراہمی پر پابندی ہے تاہم رمضان المبارک میں ائر لائنز کو روزداروں کے لیئے خاص انتظامات کر نے کی اجازت دی جائے۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز روزداروں کے لئے افطاری باکس چیک ان کاونٹر پر افطاری کے وقت فراہم کریں اور رمضان المبارک میں دوران پرواز مسافروں کو فیس ماسک پہننے اور ایس اوپیز پر عملدرآمد کی تاکید کی جائے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پروازوں میں مسافروں کو کھانا پیش کرنے پر عائد پابندی اٹھانے کی تجویز  دی تھی ، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایوی ایشن ڈویژن کو خط لکھا تھا۔

    جس میں ڈائریکٹرایئرٹرانسپورٹ نے کہا تھا  کہ کورونا پھیلاؤ روکنے میں قومی کاوشیں کامیاب رہیں، این سی او سی سے پابندی اٹھانے کیلئے رجوع کیا جاسکتا ہے اور پروازوں پرکھانے اور مشروبات پیش کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

    خیال رہے این سی او سی کی ہدایت پر ایئرلائنز کو اندرون ملک پروازوں میں کھانا پیش کرنے سے منع کیا گیا تھااور پابندی عائد کی تھی۔

  • حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یومِ توبہ  واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ

    حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یومِ توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت کا رمضان المبارک کا پہلا جمعہ یوم توبہ واستغفار کے طور پر منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے مساجد و امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کیلئے 20 نکاتی متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ملک بھر کے علما کرام کے ساتھ صدر مملکت عارف علوی کی سربراہی میں کورونا وبا سے بچاؤ اور بہتر عوامی آگہی کیلئے ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا۔

    مشاورت کے بعد رمضان المبارک میں نماز ، تراویح کیلئے آنے والے افراد کیلئے عمر کی بالائی حد کو 60 سال کر دیا گیا اور آخری عشرے میں اعتکاف کرنے والوں کے درمیان کم از کم فاصلہ 6 فٹ مقرر کیا گیا ہے۔

    نئے اعلامیہ کے مطابق نمازیوں میں 3 فٹ کے فاصلے کے ساتھ فرش پر نماز کی ادائیگی یا ذاتی جائے نماز کے استعمال اور مجمع اور بھیڑ سے گریز کرنا ہو گا۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ مساجد کے صحن میں نماز کی ادائیگی کو ترجیح دی جائے گی اور سڑک یا فٹ پاتھ پر نماز پڑھنے سے اجتناب کیا جائے گا جبکہ کلورین ملے پانی کا چھڑکاؤ اور صفوں پر کھڑے ہونے کے نشانات لگائے جائیں گے۔

    اعلامیے کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے کمیٹیوں کے قیام اور انتظامیہ سے موثر رابطہ رکھنا ہو گا۔

    وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نمازی گھر سے وضو کر کے آئیں ، صابن سے ہاتھ دھونے اور ماسک کا اہتمام سمیت مصافہ اور بغلگیر ہونے سے اجتناب کریں اور مساجد و امام بارگاہوں میں اجتمائی سحری و افطار کا اہتمام نہ کیا جائے۔

    20 نکاتی اعلامیہ کے مطابق مساجد اور امام بارگاہوں کو مذکورہ احتیاطی تدابیر کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔ متاثرین کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے یا احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں شدید متاثرہ علاقوں کیلئے احکامات اور پالیسی تبدیل کی جا سکتی ہے۔

  • کورونا کا پھیلاؤ: حکومت کا رمضان المبارک میں مساجد کیلئے ایس اوپیز طے کرنے کا فیصلہ

    کورونا کا پھیلاؤ: حکومت کا رمضان المبارک میں مساجد کیلئے ایس اوپیز طے کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد کیلئے ایس او پیز طے کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نماز تروایح سمیت دیگر مذہبی امور پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق صدرعارف علوی مملکت کی زیرصدارت ویڈیو کانفرنس ہوئی ، گورنرز، وفاقی وزیر مذہبی امور اور علما نے کانفرنس میں شرکت کی۔

    کانفرنس میں گلگت بلتستان کےگورنر اور آزادکشمیرسے بھی حکومت ذمہ داران شریک ہوئے، مشیرصحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے شرکا کو کورونا صورتحال پر بریفنگ دی۔

    کانفرنس میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر مساجد کیلئے ایس او پیز طے کرنے کا فیصلہ کیا اور نمازتروایح سمیت دیگرمذہبی امور پر لائحہ عمل کی تیاری شروع کردی تاہم کانفرنس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

    کنفرنس میں صدرمملکت عارف علوی نے کہا کہ کوروناکیخلاف جنگ میں علماکابھی اہم کردارہے، کورونا سے بچاؤ کیلئے ایس اوپیز پرعمل کرناضروری ہے۔

    اس موقع پر گورنرپنجاب چوہدی سرور کا کہنا تھا کہ علما کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن ضرورکروائیں اور حکومتی اداروں سے تعاون کریں۔

    چوہدی سرور نے کہا کہ ہم نے22کروڑپاکستانیوں کوکوروناسےبچانا ہے ، حکومت مساجد کو بند نہیں کرنا چاہتی تاہم
    کورونا سے بچاؤ کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مساجداورمدارس پرتمام فیصلےعلماکی مشاورت سے ہی کیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب: رمضان کے لیے ڈیوٹی ٹائمنگ مقرر

    سعودی عرب: رمضان کے لیے ڈیوٹی ٹائمنگ مقرر

    ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ماہ رمضان کے لیے ڈیوٹی ٹائمنگ 5 گھنٹے مقرر کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں رمضان کے مقدس مہینے کے لیے ڈیوٹی ٹائمنگ روزانہ صبح 10 سے سہ پہر 3 بجے تک ہوگی۔

    وزارت افرادی قوت کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دفاتر میں حاضری دینے والوں کو 3 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

    پہلا گروپ صبح ساڑھے 9 سے ڈھائی بجے تک ڈیوٹی انجام دے گا، دوسرا گروپ صبح ساڑھے 10 سے ساڑھے 3 بجے تک، جب کہ تیسرا گروپ 11 بج کر 30 منٹ سے ساڑھے 4 بجے تک ڈیوٹی انجام دے گا۔

    خیال رہے کہ وزارت افرادی قوت نے مملکت میں سرکاری اداروں میں پہلے ہی ایک لچک دار ڈیوٹی نظام نافذ کیا ہے، جو دفاتر میں حفاظتی تدابیر پر مشتمل ہے، جس کا مقصد کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

    لچک دار ڈیوٹی نظام کے تحت آن لائن کام کرنے والے ملازمین کا تناسب25 فی صد رکھا گیا ہے، نیز وہ افراد جنھیں کرونا وائرس لگنے کا زیادہ خطرہ لاحق رہتا ہے، ان پر آن لائن ڈیوٹی انجام دینے کی پابندی ہے۔

  • متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    متحدہ عرب امارات: رمضان المبارک کے لیے نئے اقدامات و ہدایات جاری

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں ماہ رمضان کے لیے کرونا وائرس کے پیش نظر نئی ہدایات جاری کردی گئی، حکام نے سختی سے ان ہدایات کی پابندی کی تاکید کی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق رمضان المبارک میں کرونا وائرس سے بچاؤ اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات نے نئے اقدامات کا اعلان کردیا ہے۔

    اعلان نیشنل ایمرجنسی کرائسس اینڈ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی یو اے ای کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    رمضان المبارک کے دوران افطار و سحر میں کئی مقامات پر اجتماعی تقاریب منعقد ہوتی ہیں اور بطور خاص مساجد میں مسلمان اجتماعی طور پر عبادات کا اہتمام بھی کرتے ہیں تاہم این سی ای ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہر ایک کو خاندانی اجتماعات منعقد کرنے اوراس میں شرکت سے گریز کرنا چاہیئے۔

    اس ضمن میں یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ خاندان کے باہر کے افراد سے کھانے کے تبادلے سے بھی گریز کریں۔

    این سی ای ایم اے کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں شب کے اجتماعات سے گریز کریں، ایک دوسرے کے گھر جانے سے اجتناب برتیں اور کھانوں کا تبادلہ یا ان کی تقسیم نہ کریں۔

    متعلقہ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مزدوروں کی اقامت گاہوں میں رمضان کے دوران کھانے تقسیم کیے جا سکتے ہیں لیکن جو لوگ ورکروں میں کھانا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں ان اقامت گاہوں کی انتظامیہ سے رجوع کرنا چاہیئے اور کسی ریستوران کے ذریعے کھانے کے پیلٹس تقسیم کرنے چاہئیں۔

    این سی ای ایم اے کے مطابق مساجد میں نمازعشا اور تراویح کو زیادہ سے زیادہ 30 منٹ میں ختم کرنا ہوگا، نماز کی ادائیگی کے فوری بعد مساجد کو بند کردیا جائے گا۔ خواتین کے لیے نماز کی مخصوص جگہیں و دیگر سہولتیں اور مساجد کے باہر شاہراہوں پر نماز تراویح ادا کرنے پر بدستور پابندی برقرار رہے گی۔

    متعلقہ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ نئی پابندیوں اور ہدایات کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ ماہ صیام کے دوران حکام چھاپہ مار کارروائیوں کی مہم چلائیں گے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد و اداروں کے خلاف فوری طور پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • بھارتی فوج کے مظالم رمضان میں بھی نہ رک سکے،3 کشمیری نوجوان شہید

    بھارتی فوج کے مظالم رمضان میں بھی نہ رک سکے،3 کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر: قابض بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے کلگام میں فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فوج کے مظالم رمضان المبارک میں بھی نہ رک سکے، کلگام میں 3 کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا۔

    کشمیر میڈیا سرورس کے مطابق6 روز میں شہیدکشمیری نوجوانوں کی تعداد 16 ہوگئی،بھارتی فورسز نے نوجوانوں کو محاصرے کے دوران شہیدکیا،بھارتی فوج نے گھرگھر تلاشی کے دوران متعدد نوجوانوں کوگرفتار بھی کیا۔

    اس سے قبل 25 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلواما کے علاقے اونتی پورہ میں بھارتی فورسز نے نام نہاد سرچ آپریشن میں گھر گھر تلاشی کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

    سال 2019 میں بھارتی فورسز نے 210 کشمیریوں کو شہید کیا

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق 2019 میں بھارتی فورسز نے خواتین سمیت 210 کشمیریوں کو شہید کیا، 2 ہزار سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے تشدد سے زخمی ہوئے جبکہ 64 خواتین کی عصمت دری کی گئی۔

    کشمیرمیڈیا سروس کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے 249 گھروں کوتباہ کیا جبکہ پیلیٹ گن کے چھروں سے 827 کشمیریوں کی بینائی متاثر ہوئی۔

  • صدر مملکت اور وزیراعظم کا رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام

    صدر مملکت اور وزیراعظم کا رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزید مضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

    تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اللہ نے روزے اس لیے فرض کیے تاکہ ہمارے اندر تقویٰ کی صفت پیدا ہو،رمضان المبارک محتاط زندگی کی تربیت کامہینہ ہے،ماہ مبارک میں غریب، نادار،مفلوک الحال طبقات کے مسائل کا احساس کرنا مقصود ہے۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ تمام ممالک ہنگامی بنیادوں پر کرونا وبا کی روک تھام کے لیے کوشاں ہیں،کروناوائرس سے بچاؤ کے لیے احتیاط ہی روک تھام کا واحد طریقہ ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی عبادات کی انجام دہی کو ہر ممکنہ حد تک محفوظ ماحول میں یقینی بنانا ہے،رمضان میں ضرورت مندوں اور دیہاڑی دار طبقے کا خصوصی خیال رکھنا ہے۔

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے رمضان المبارک کے موقع پر اپنے پیغام میں رمضان کی آمد پر پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کا فضل وکرم ہے ہمیں رمضان کے فیوض وبرکات سے مستفید ہونے کا موقع ملا۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ روزے کا مقصدانسان کے اندر پرہیزگاری،ایثار وہمدردی کے جذبات پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت عالم انسانیت کرونا وائرس کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے،بڑی بڑی طاقتیں کرونا کے سامنے بے بس نظر آتی ہیں۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس نازک صورت حال کا مقابلہ متحد ہو کر کرنا ہے،اللہ تعالی اپنا خصوصی کرم وفضل فرمائے،عالم کو اس آزمائش سے نکالے۔انہوں نے مزید کہا کہ اللہ ہمارے ملک وقوم کی مدد فرمائے،مشکل گھڑی سے مزیدمضبوط اور متحد بنا کر نکالے۔

  • سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے لیے ایس او پی تیار کرلیے

    سندھ حکومت نے رمضان المبارک کے لیے ایس او پی تیار کرلیے

    کراچی : سندھ حکومت کی جانب رمضان المبارک کےلیے ایس او پی تیار کرلیے گئے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کےبعد رمضان ایس او پی آج جاری کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کوروکنے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں رمضان المبارک کےلیے ایس او پی تیار کرلیے گئے ہیں۔

    ذرائع سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ مساجد میں نماز تراویح کےبڑے اجتماعات نہیں ہوں گے ، مساجد میں نماز تراویح میں 3سے5افراد شریک ہوسکیں گے جبکہ شادی ہالزاور دیگر عوامی مقامات پر بھی تراویح کے اجتماعات کی اجازت نہیں۔

    ذرائع کے مطابق افطار پارٹیوں اورمرکزی شاہراہوں پر دسترخوان لگاناممنوع ہے ، چھوٹی بڑی مارکیٹس، شاپنگ سینٹرز بند رہیں گے، دکانیں کھولنے پر قانونی کارروائی ہوگی، دکانوں سے صرف آن لائن کام ہوگا۔

    سندھ حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے فیصلوں پرصدر مملکت،گورنر سندھ کوبھی اعتماد میں لیا، رمضان میں پابندی سے مستثنیٰ کاروبار کےاوقات کارشام 5بجے تک ہوں گے۔

    ایس او پی کے مطابق رمضان کے پیش نظر ریسٹورینٹس کےاوقات کار تبدیل ہوں گے، سموسے،پکوڑوں کی دکانیں، ٹھیلوں،بیکریز کو شام 5بجے تک بند جرنے کی اجازت ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریستوران ہوم ڈیلیوری،ڈرائیوتھرو سروس شام 5بجے کےبعد کرسکیں گے جبکہ تیارکھانوں کی ڈیلوری، آن لائن سروس شام 5سے رات 11بجے تک ہونے کا امکان ہے۔

    ذرائع سندھ حکومت نے مزید کہا کہ سپر اسٹورز میں ایس او پی پر عمل نہ ہوا تو بند کردیاجائےگا، وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کےبعد رمضان ایس او پی آج جاری کی جائے گی۔