Tag: رمضان بازار

  • رمضان میں آٹے اور چینی سمیت متعدد اشیا کم قیمت پر دستیاب ہوں گی

    رمضان میں آٹے اور چینی سمیت متعدد اشیا کم قیمت پر دستیاب ہوں گی

    لاہور: صوبہ پنجاب میں رمضان کے لیے 8 ارب روپے کے ریلیف کا اعلان کردیا گیا، رمضان بازاروں میں آٹے اور چینی سمیت 13 اشیائے خور و نوش کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے 8 ارب روپے رمضان پیکج کی منظوری دی ہے، صوبائی کابینہ رمضان پیکج 2022 کی منظوری دے چکی ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے کم نرخ پر دستیاب ہوگا، حکومت پنجاب عوام کو سستے آٹے کی فراہمی پر 4 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں میں چینی مارکیٹ سے 10 روپے فی کلو کم نرخ پر فراہم کی جائے گی، رمضان بازاروں میں 13 اشیائے خور و نوش، سنہ 2021 کے ریٹ پر ملیں گی۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 317 رمضان بازار قائم کیے جا رہے ہیں، زرعی فیئر پرائس شاپس قائم ہوں گی، سبزیاں اور پھل مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ رمضان پیکج پر عملدر آمد کی خود نگرانی کروں گا، پیکج کے تحت حقداروں کو ان کا حق پہنچائیں گے۔

  • پنجاب حکومت کا کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانےکا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانےکا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے کرونا وائرس کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت رمضان پیکج پر اجلاس ہوا جس میں پنجاب حکومت نے کرونا کے پیش نظر رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے رمضان میں عوام کو براہ راست ریلیف کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو براہ راست کیش رقم ادا کی جائے گی۔سردار عثمان بزدار نے رقم کی شفاف تقسیم کا نظام وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔

    دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں کرونا وبا کی صورتحال،حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیاگیا تھا۔

    سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ صوبے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔