Tag: رمضان

  • دنیا بھر میں ماہ رمضان کا استقبال کیسے کیا جاتا ہے؟

    دنیا بھر میں ماہ رمضان کا استقبال کیسے کیا جاتا ہے؟

    رمضان اور عید گو کہ مذہبی تہوار ہیں لیکن مختلف ممالک اور مختلف خطوں میں اسے مختلف رسوم و رواج اور روایات کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اسی طرح ماہ رمضان کا استقبال بھی مختلف ممالک میں مختلف روایتوں کے تحت کیا جاتا ہے۔

    آئیں دنیا بھر میں رمضان کی خوبصورت روایات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    توپ داغنا

    سحر و افطار کے وقت توپ داغنے کی روایت کئی ممالک میں ہے۔

    مصر میں روایت ہے کہ ایک جرمن ملاقاتی نے مملوک سلطان الظہیر سیف الدین کو ایک توپ تحفتاً پیش کی۔ سلطان کے سپاہیوں نے یہ توپ شام کے وقت چلائی، رمضان المبارک کا مہینہ تھا اور اتفاق سے افطاری کا وقت تھا۔ شہریوں نے یہ تصور کیا کہ یہ ان کو افطار کے وقت سے آگاہ کرنے کے لیے ہے جس پر انہوں نے روزہ کھول لیا۔

    جب سلطان کے حواریوں کو یہ ادراک ہوا کہ رمضان المبارک کے دوران سحری و افطاری کے وقت توپ چلانے سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے تو ان کو یہ روایت جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔

    آنے والے برسوں کے دوران اس نے خاصی مقبولیت حاصل کرلی اور دنیا کے مختلف مسلمان ممالک نے بھی اسے اختیار کرلیا۔

    ترکی میں مختلف شہروں کی بلند ترین پہاڑی سے مقررہ وقت پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے جو روزہ کھلنے کا اعلان ہوتا ہے۔

    سعودی عرب میں بھی سحری کے وقت توپ چلائی جاتی ہے جبکہ روس میں بھی کچھ جگہوں پر رمضان توپ چلائی جاتی ہے۔

    ڈرم بجانا، بگل بجانا

    سحری کے وقت ڈرم بجا کر لوگوں کو جگانے کی روایت کئی ممالک میں موجود ہے۔

    ترکی میں ڈرمر عثمانی عہد کا لباس پہن کر ڈرم بجا کرلوگوں کو جگاتے ہیں۔ مراکش میں ایک شخص ’نیفار‘ بگل بجا کر رمضان کے آغاز اور اختتام کا اعلان کرتا ہے۔

    منادی کرنا

    اسلامی روایات کے مطابق مسلمانوں کے اولین مساہراتی (منادی کرنے والے) حضرت بلال حبشی تھے جو اسلام کے پہلے مؤذن بھی تھے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حضرت بلال کی ذمہ داری لگائی تھی کہ وہ اہل ایمان کو سحری کے لیے بیدار کریں۔

    مکہ المکرمہ میں مساہراتی کو زمزمی کہتے ہیں۔ وہ فانوس اٹھا کر شہر کے مختلف علاقوں کے چکر لگاتا ہے تاکہ اگر کوئی شخص آواز سے بیدار نہیں ہوتا تو وہ روشنی سے جاگ جائے۔

    سوڈان میں مساہراتی گلیوں کے چکر لگاتا ہے اور اس کے ساتھ ایک بچہ ہوتا ہے جس کے ہاتھ میں ان تمام افراد کی فہرست ہوتی ہے جن کو سحری کے لیے آواز دے کر اٹھانا مقصود ہوتا ہے۔

    مصر میں سحری کے وقت دیہاتوں اور شہروں میں ایک شخص لالٹین تھامے ہر گھر کے سامنے کھڑا ہوکر اس کے رہائشی کا نام پکارتا ہے یا پھر گلی کے ایک کونے میں کھڑا ہوکر ڈرم کی تھاپ پر حمد پڑھتا ہے۔

    ان افراد کو اگرچہ کوئی باقاعدہ تنخواہ نہیں ملتی لیکن ماہ رمضان کے اختتام پر لوگ انہیں مختلف تحائف دیتے ہیں۔

    رمضان خمیے

    سعودی عرب میں رمضان خیموں کی تنصیب عمل میں آتی ہے جہاں پر مختلف قومیتوں کے لوگ روزہ افطار کرتے ہیں۔

    یہ روایت روس میں بھی قائم ہے۔ ملک کی مفتی کونسل کی جانب سے ماسکو میں اجتماعی افطار کے لیے رمضان خیمہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    دیگر دلچسپ روایات

    ان روایات کے علاوہ بھی رمضان میں مختلف ممالک میں کئی دیگر منفرد و دلچسپ روایات دیکھنے کو ملتی ہیں۔

    مصر

    مصر میں رمضان المبارک کے دوران بچے چمکتے ہوئے فانوس یا لالٹین اٹھا کر گلیوں کے چکر لگاتے ہیں۔ یہ روایت 1 ہزار برس قدیم ہے۔

    روایت کے مطابق 969 عیسوی میں اہل مصر نے قاہرہ میں خلیفہ معز الدین اللہ کا فانوس جلا کر استقبال کیا تھا جس کے بعد سے رمضان المبارک کے دوران فانوس جلانے کی روایت کا آغاز ہوا اور ماہ رمضان کے دوران مصر میں فانوس یا لالٹین روشن کرنا روایت کا حصہ بن گیا۔

    سعودی عرب

    سعودی عرب میں ایسی بہت سی روایات ہیں جو نسل در نسل منتقل ہوئی ہیں یا ان پر دوسری ثقافتوں کا گہرا اثر ہے۔ لوگ گھروں پر فانوس یا بلب لگاتے ہیں، دکانوں پر بھی خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ رمضان المبارک کا جوش و ولولہ نظر آئے۔

    ترکی

    ترکی میں افطار کے وقت مساجد کی بتیاں روشن کر دی جاتی ہیں جو صبح سحری تک روشن رہتی ہیں۔

    جدید اثرات اور یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث ترکی میں دوسرے ممالک کی طرح رمضان کے دوران ریستورانوں یا ہوٹلوں کی بندش کا کوئی قانون نہیں ہے اور نہ ہی رمضان کے دوران عوامی مقامات پر کھانے پینے کی ممانعت ہے۔

    ایران

    ایران میں افطاری کچھ مخصوص اشیا سے کی جاتی ہے جن میں چائے، ایک خاص طرح کی روٹی جسے ’نون‘ کہا جاتا ہے، پنیر، مختلف قسم کی مٹھائیاں، کھجور اور حلوہ شامل ہے۔

    ملائشیا

    ملائشیا میں زیادہ تر روزہ دار نماز تراویح کے بعد رات کے کھانے ’مورے‘ سے لطف اندوز ہوتے ہیں جن میں روایتی پکوان اور گرم چائے شامل ہوتی ہے۔

    متحدہ عرب امارات

    متحدہ عرب امارات میں رمضان المبارک کے دوران کام کے اوقات کار کم کر دیے جاتے ہیں۔ یہاں رات بھر رمضان مارکیٹ کھلی رہتی ہے۔

    ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو

    ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو میں اگرچہ مسلمانوں کی آبادی صرف 6 فی صد ہے لیکن اس کے باوجود رمضان المبارک میں خاصا جوش و جذبہ دیکھنے میں آتا ہے اور مساجد میں افطار کا خصوصی انتظام کیا جاتا ہے۔

    مختلف خاندان مساجد، کمیونٹی سینٹرز یا مساجد میں روزہ افطار کروانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ ہر خاندان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران ایک بار روزہ ضرور افطار کروائے۔

  • ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان میں افطار کا لازمی جز ۔ گرما گرم مزیدار پکوڑے

    ماہ رمضان کا آغاز ہونے والا ہے اور افطار پکوڑوں کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ آج ہم آپ کو مختلف اقسام کے پکوڑوں کی ترکیب بتارہے ہیں جنہیں کھا کر اہل خانہ آپ کے گن گانے پر مجبور ہوجائیں گے۔


    شاہی پکوڑے

    اجزا

    بریڈ یا نان

    بیسن: 2 کپ

    پیاز: کپ (باریک کٹی ہوئی)

    سبز مرچیں: 3 سے 4 عدد

    سبز دھنیہ: آدھا کپ

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    گھر کے افراد کے حساب سے حسب ضرورت بریڈ کے پیس لے لیں اور پھر ایک سلائس کے 2 یا 4 پیس کاٹ لیں۔

    اب چاہیں تو بیسن کا سادہ آمیزہ نمک، مرچ، مصالحے ڈال کر بنا لیں ورنہ دوسری صورت یمں بیسن میں باریک کٹی پیاز، سبز مرچیں، نمک، سرخ مرچیں، تازہ سبز دھنیہ اور انار دانہ حسب ضرورت ڈال کر آمیزہ تیار کرلیں۔

    آمیزہ تیار کرنے کے بعد اس میں کٹی ہوئی بریڈ سلائس کو ڈبو کر ڈیپ فرائی کرلیں۔

    مزیدار شاہی پکوڑے تیار ہیں۔ چٹنی اور کیچپ کے ساتھ افطار پر پیش کریں اور خوب داد وصول کریں۔

    بریڈ موجود نہ ہونے کی صورت میں نان کے پیس لے کراس سے بھی شاہی پکوڑے بنائے جا سکتے ہیں۔


    چائینیز پکوڑے

    اجزا

    بینگن: 2 عدد

    پھول گوبھی: 1 پھول چھوٹا

    آلو: 2 عدد

    پیاز 2 عدد

    شملہ مرچ: 3 عدد

    میدہ: 2 کپ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ پاوڈر: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    لیموں کا جوس: 2 کھانے کے چمچ

    پانی: 1 کپ

    تیل: حسب ضرورت

    اجینو موتو (چائینیز سالٹ): 1 چائے کا چمچ

    ترکیب

    ایک پیالے میں میدہ، سفید زیرہ، نمک، لال مرچ، لیموں کا جوس اور پانی ملا کر پیسٹ بنالیں۔

    بینگن کو چھلکوں سمیت چھوٹے کیوبز کی طرح کاٹ لیں۔

    گوبھی کے پھول الگ کرلیں۔

    پیاز اور شملہ مرچ کو بھی باریک کاٹ لیں۔

    اب ان سب کٹی ہوئی سبزیوں پر تھوڑا میدہ چھڑک دیں۔

    ایک پین میں تیل گرم کریں پھر سبزیوں کو پیسٹ میں مکس کر کے تیل میں ڈال کر فرائی کریں۔

    سبزیاں تھوڑی تھوڑی کر کے فرائی کریں اور جب یہ پکوڑوں کی طرح فرائی ہوجائیں تو نکال لیں۔


    پران پکوڑے

    اجزا

    پران: 12 سے 15 عدد

    ہری مرچیں: 3 عدد

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    لال مرچ: 1 چائے کا چمچ

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    نمک: 1 چائے کا چمچ

    اجینو موتو: 1 چائے کا چمچ

    شملہ مرچ: 3 کھانے کے چمچ

    پیاز: 2 کھانے کے چمچ

    سویا ساس: 2 کھانے کے چمچ

    ہری پیاز: 3 کھانے کے چمچ

    کالی مرچ: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    گھی: ڈیڑھ کپ

    ترکیب

    سب سے پہلے الگ سے پران کو گھی میں فرائی کر کے نکال لیں۔

    پھر لہسن٬ ادرک٬ ہری مرچیں٬ پیاز٬ شملہ مرچ٬ ہری پیاز کو فرائی کر کے اس میں نمک٬ اجینو موتو٬ ہلدی٬ لال مرچ٬ سویا سوس ڈال کر آخر میں فرائی شدہ پران شامل کرلیں۔

    مزے دار پران پکوڑے کھانے کے لیے تیار ہیں۔


    چکن قیمہ پکوڑے

    اجزا

    باریک کٹی چکن: 250 گرام

    پھینٹے ہوئے انڈے: 2 عدد

    بیسن: 4 کھانے کے چمچے

    پسی ہوئی لال مرچ: 1 چائے کا چمچہ

    کٹی ہوئی ہری مرچ: 2 عدد

    ہلدی: 1 چوتھائی چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: ایک چائے کا چمچ

    کٹا ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    چاٹ مصالحہ: آدھا کھانے کا چمچ

    باریک کٹی ہری پیاز: آدھا کپ

    ترکیب

    تمام اجزا یعنی بیسن، بیکنگ پاؤڈر، پسی ہوئی لال مرچ، ہلدی، نمک، پانی، باریک کٹی چکن، کٹی ہری مرچ اور کٹا ہرا دھنیہ ڈال کر ایک پیالے میں مکس کر کے 30 منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    اب پین میں تیل گرم کر کے اس کو پکوڑے کی شکل میں خستہ اور گولڈن ہونے تک فرائی کرلیں۔


    چنے کی دال کے پکوڑے

    اجزا

    چنے کی دال: 1 پاؤ

    پسی ہوئی سرخ مرچ: 1 چائے کا چمچ

    پسا ہوا زیرہ: 2 چائے کے چمچ

    باریک کتری ہوئی پیاز: 1 پاؤ

    نمک: حسب ذائقہ

    ہلدی: آدھا چائے کا چمچ

    کھانے کا سوڈا: آدھا چائے کا چمچ

    ہری مرچیں: 8 عدد، باریک کتر لیں

    ہرا دھنیہ: حسب ضرورت

    تیل: تلنے کے لیے

    ترکیب

    چنے کی دال کو پانی میں بھگو دیں۔

    جب پکوڑے بنانے ہوں تو دال کا پانی نکالیں اور دال کو اچھی طرح پیس لیں۔

    اب اس میں نمک، پسی ہوئی سرخ مرچ، ہلدی، پسا ہوا زیرہ، کھانے کا سوڈا، پیاز، ہرا دھنیہ اور ہری مرچیں شامل کر کے اچھی طرح ملالیں۔

    اس کے بعد تیل گرم کر کے دال کا آمیزہ تھوڑا تھوڑا کر کے پکوڑے کی شکل میں کڑھائی میں ڈالیں اور اچھی طرح تل لیں۔


    آلو کے پکوڑے

    اجزا

    آلو: 2 سے 3

    نمک، مرچ: حسب ذائقہ

    دھنیہ پاؤڈر: 1 کھانے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چمچ

    زیرہ پاؤڈر: حسب پسند

    انار دانہ: حسب ضرورت

    ترکیب

    بیسن میں تمام مصالحے ڈال دیں اور مکس کریں۔

    پھر پانی بہت تھوڑا تھوڑا ڈال کر مکس کرتی جائیں، پھر اس آمیزے میں آلو کے قتلے ڈال کر فرائی کرلیں۔

    مزیدار آلو کے پکوڑے تیار ہیں۔


    پالک کے پکوڑے

    اجزا

    پالک: آدھی گڈی

    بیسن: 1 کپ

    پیاز: 2 عدد درمیانہ سائز کی، کٹی ہوئی

    ہری مرچ: 2 باریک کٹی ہوئی

    ہرا دھنیہ: آدھا کپ

    سفید زیرہ: آدھا چائے کا چمچ

    ہلدی: چوتھائی چائے کا چمچ

    لال مرچ کٹی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    بیکنگ پاؤڈر: آدھا چائے چمچ

    تیل: حسب ضرورت

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    بیسن چھان لیں اور پالک باریک کاٹ لیں۔

    پالک دھو کر بیسن میں شامل کر دیں۔

    بیسن میں ہی تیل کے علاوہ سب کچھ ڈال دیں اور مکس کر کے 15 منٹ رکھ دیں۔

    پھر تیل گرم کریں اور ڈیپ فرائی کرلیں۔

  • ماہ رمضان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے احتیاطی تدابیر

    ماہ رمضان میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے احتیاطی تدابیر

    ماہ رمضان کا آغاز ہوا ہی چاہتا ہے اور ایسے میں ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ روزوں اور عبادتوں کے ذریعے اس ماہ فضیلت کی برکات کو زیادہ سے زیادہ سمیٹ لے۔

    تاہم اس ماہ میں ذیابیطس کے موذی مرض کا شکار افراد نہایت تکلیف میں مبتلا ہوجاتے ہیں کیونکہ روزہ رکھنے کی صورت میں بعض اوقات ان کی طبیعت بھی خراب ہوسکتی ہے۔

    ماہرین اس ماہ میں ذیابیطس کے مریضوں کے لیے چند احتیاطی تدابیر تجویز کرتے ہیں جنہیں اپنا کر وہ بھی اس مقدس ماہ کے فیوض و برکات حاصل کرسکتے ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض رمضان کی آمد سے قبل اپنے معالج سے مشاورت کریں تاکہ معالج اپنے مریض کی بیماری کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں درست رہنمائی فراہم کرسکے۔

    ماہر طب اور جرنل آف ڈایابیٹلوجی کے نگران پروفیسر عبد الباسط کا کہنا ہے، ’ذیابیطس کے مریض اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنے سے پرہیز کرتے ہوئے روزے رکھنے یا نہ رکھنے کا فیصلہ اپنے معالج کی ہدایات کے مطابق کریں‘۔

    انہوں نے پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے ہر مریض کی ذاتی علامات کے مطابق انفرادی منصوبہ بندی اور دیکھ بھال کی ضرورت پر زور دیا۔

    رمضان میں کون سی غذائیں کھائی جائیں؟

    ماہرین کےمطابق برکتوں کے اس مہینے میں روزے دار عموماً لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور غیر صحت بخش کھانے مثلاً تلی ہوئی اشیا، کاربو ہائیڈریٹس، چکنائی سے بھرپور پکوان اور میٹھے مشروبات کا بے تحاشہ استعمال کرتے ہیں۔

    یہ لاپرواہی ذیابیطس کے مریضوں کے لیے سخت نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔

    علاوہ ازیں (ذیابیطس کا شکار) روزے دار افطار کے بعد وقفوں وقفوں میں کھانے کے بجائے بسیار خوری کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ ان عادات سے خون میں گلوکوز پر قابو پانے میں ناکامی ہوجاتی ہے اور شوگر کا لیول خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔

    ماہرین نے مشورہ دیا کہ دوران رمضان غذا میں تازہ پھل، سبزیاں اور دہی کا استعمال کیا جائے جبکہ افطار میں صرف 2 کھجوریں کھائی جائیں۔

    شوگر کی دوائیں

    رمضان سے قبل معالج سے دواؤں کا تعین کروانا ازحد ضروری ہے۔

    دوران رمضان دوا کا وقت سحر اور افطار کردیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں انسولین کی مقدار اور خواراک میں بھی تبدیلی کی جاتی ہے جو کہ معالج مریض کی حالت کےمطابق کرتا ہے۔

    ماہر طب پروفیسر محمد یعقوب کے مطابق، ’مریضوں کو اپنے معالجین سے دوائی کی مقدار اور اوقات کی کمی بیشی، کھانے اور مشروبات کے استعمال، جسمانی سرگرمیوں، خون میں گلوکوز کی از خود نگرانی کے بارے میں پوچھنا چاہیئے۔ مریض کو علم ہونا چاہیئے کہ اسے خون میں شوگر کی مقدار میں کتنی کمی یا بیشی پر روزہ توڑ دینا چاہیئے تاکہ اسے جان کا خطرہ لاحق نہ ہو‘۔

    شوگر کے مریضوں کے لیے ہدایت نامہ

    ڈایابٹیز اینڈ رمضان انٹرنیشنل الائنس کے جاری کردہ رہنما عالمی ہدایت نامے میں شوگر کے مریضوں کو مندرجہ ذیل ہدایات اپنانے پر زور دیا جاتا ہے۔

    رمضان سے قبل مجموعی طور پر بلڈ پریشر، ذیابیطس اور خون میں کولیسٹرول کا لیول معلوم کریں اور تمام رپورٹس اپنے معالج کو دکھائیں۔

    ایسے افراد روزہ رکھنے سے اجتناب برتیں:

    اگر کسی شخص کی شوگر کنٹرول میں نہیں رہتی۔

    اگر پچھلے 3 ماہ کے دوران کسی کی شوگر بہت کم یا بہت زیادہ رہی ہو۔

    ذیابیطس کی مریض حاملہ خواتین

    وہ افراد جن کے گردے، آنکھیں یا اعصاب ذیابیطس سے شدید متاثر ہوچکے ہوں۔

    ایسے افراد جو پچھلے دنوں شدید بیمار رہے ہوں۔

    گردوں کا ڈائلاسس کروانے والے مریض۔

    ذیابیطس اول قسم کے مریض معالج کے مشورہ سے روزہ رکھ سکتے ہیں۔

    یاد رکھیں

    روزے کے دوران انسولین لگانے، اور شوگر کا ٹیسٹ کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

    ورزش کے عادی افراد

    ذیابیطس کا شکار ایسے افراد جو ورزش کے عادی ہوں رمضان میں بھی ہلکی پھلکی ورزش کر سکتے ہیں تاہم سخت ورزش سے پرہیز کریں۔

    گو کہ تراویح پڑھنا بھی ورزش کا متبادل ہے تاہم پھر بھی ورزش کرنا چاہیں تو روزہ کھولنے کے 2 گھنٹے بعد ورزش کرنا مناسب ہے۔

    ورزش کرنے سے قبل خون میں گلوکوز کی سطح ضرور چیک کریں۔

    روزہ کب ختم کیا جائے؟

    شوگر کے مریضوں کو ان صورتوں میں فوری طور پر روزہ کھول لینا ضروری ہے۔

    افطار سے کئی گھنٹے قبل اگر خون میں گلوکوز کا لیول 70 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہوجائے۔

    دن کے ابتدائی حصے میں خون میں شوگر کی سطح 80 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہو رہی ہو تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں یا روزہ کھول لیں۔

    خون میں شوگر کی سطح 300 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے بلند ہوجائے تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔

    اگر روزہ کھولنے میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ باقی ہو اور اس دوران خون میں شوگر کی مقدار 80 ملی گرام پر ڈیسی لیٹر سے کم ہوجائے تو فوراً تمام کام چھوڑ کر آرام دہ حالت میں بیٹھ جائیں اور ہر آدھے گھنٹے بعد شوگر چیک کرتے رہیں۔

    مندرجہ بالا ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے ذیابیطس کا شکار افراد بھی رمضان کے فیوض و برکات سے مستفید ہوسکتے ہیں۔

  • سعودی عرب، خلیجی ریاستوں سمیت یورپ اور امریکا میں آج پہلا روزہ

    سعودی عرب، خلیجی ریاستوں سمیت یورپ اور امریکا میں آج پہلا روزہ

    ریاض: سعودی عرب، خلیجی ریاستوں سمیت ترکی، آسٹریلیا، یورپ اور امریکا میں آج پہلا روزہ رکھا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق بابرکت مہینے کے آغاز کے لیے دنیا بھر میں تیاریاں جاری ہیں، خلیجی ریاستوں سمیت آج یورپ اور امریکا میں پہلا روزہ رکھا اور افطار کا اہتمام کیا جائے گا۔

    دنیا بھر میں استقبال رمضان کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارت اور خلیجی ریاستوں میں پیر کو پہلا روزہ ہوگا، مسجد الحرام میں مسلمانوں کی بڑی تعداد آج پہلی تراویح ادا کی۔

    مسجد نبوی میں بھی پہلی تراویح پڑھی گئی، متحدہ عرب امارات توپ کے گولے داغ کر افطار کے وقت کا اعلان کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے دبئی، شارجہ سمیت مختلف شہروں میں توپیں نصب کردی گئیں۔

    ترکی، آسٹریلیا، یورپ، برطانیہ اور امریکا کے مختلف شہروں میں بھی پیر سے ماہ رمضان کا آغاز ہوگا۔

    ترکی میں رمضان بازار سج گئے ہیں، ماہ صیام کے اہتمام کیلئے لوگ خریداری میں مصروف ہیں، نیوزی لینڈ میں ماہ رمضان کے آغاز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

    دوسری جانب پاکستان میں آج ماہ صیام کا چاند نظر نہیں آیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے باقاعدہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چاند نہ نظر آنے کی تصدیق کی۔

    قبل ازیں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اعلان کیا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی جو آئندہ 10 قمری سالوں کا کلینڈر جاری کرے گی۔

    پاکستان بھر میں‌ رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں‌ آیا، پہلا روزہ 7 مئی کو ہوگا

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی، جس میں اسپارکو، محکمہ موسمیات اور ٹیکنالوجی ماہرین شامل ہیں۔

  • برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا آغاز رمضان پر خیر سگالی کا تحریری پیغام

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے کا آغاز رمضان پر خیر سگالی کا تحریری پیغام

    لندن: برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے آغاز رمضان پر مسلمانوں کو خیر سگالی کا تحریری پیغام جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عالم اسلام میں رمضان کے آغاز پر برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے مسلمانوں کو خیر سگالی کا تحریری پیغام جاری کیا۔

    وزیر اعظم تھریسامے نے برطانوی مسلمانوں کو برٹش معاشرے کا اہم حصہ قرار دیا، اپنے پیغام میں کہا ’برٹش مسلمان ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں۔‘

    انھوں نے ماہِ رمضان سے متعلق کہا کہ رمضان صبر، ایثار اور برداشت کا مہینہ ہے، رمضان کے روحانی اثرات مثبت معاشرتی تبدیلیاں لاتے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  ماہ رمضان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو ہوگا

    دریں اثنا، برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے مسلمانوں اور عیسائیوں پر ہونے والے حملوں کو بھی مذکور کیا، کہا کرائسٹ چرچ مسجد اور کولمبو چرچ حملہ آور امن و محبت کے دشمن ہیں۔

    واضح رہے کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار 5 مئی کو ہوگا، مفتی منیب الرحمان اجلاس کی صدارت کریں گے۔

    26 اپریل کو محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ رمضان کا چاند 30 شعبان یعنی 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے اور پہلا روزہ 7 مئی بروز منگل ہوگا۔

  • اسلام آباد میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر، دودھ 70، دہی 80 روپے فی کلو

    اسلام آباد میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر، دودھ 70، دہی 80 روپے فی کلو

    اسلام آباد: رمضان میں سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رمضان کے لیے سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، ملک بھر سو روپے تک فی کلو ملنے والا دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ملے گا۔

    وفاقی دارالحکومت میں سستے بازاروں کے لیے قیمتوں سے متعلق نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلہ 720 روپے میں دستیاب ہوگا، باسمتی چاول 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگا۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نان 10 روپے، سموسہ 15 روپے، پکوڑے 240 روپے فی کلو اور جلیبی 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی۔

    یہ بھی پڑھیں:  پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے کرنے کی منظوری

    ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مقرر قیمتوں سے زائد پر اشیائے خورد و نوش بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کا گراف بہت زیادہ بلند ہو چکا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

    آج ای سی سی نے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر پڑے گا اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔

  • وفاقی حکومت نے رمضان میں سرکاری دفاترکےاوقات کا نیا شیڈول جاری کر دیا

    وفاقی حکومت نے رمضان میں سرکاری دفاترکےاوقات کا نیا شیڈول جاری کر دیا

    اسلام آباد: رمضان میں سرکاری دفاتر صبح 9 بجے سے سہ پہر ساڑھے3 بجے جبکہ جمعہ کے روز دورانیہ صبح 9بجے سے دوپہر ایک بجے تک ہو گا، اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نےرمضان میں سرکاری دفاترکےاوقات کانیاشیڈول جاری کر دیا، جس کے مطابق ہفتے میں 5 روز کام کرنیوالے دفاتر صبح 9 بجے سے سہ پہر ساڑھے 3 بجے جبکہ ہفتے میں 6 روز کام کرنے والے دفاتر صبح 9 سے دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔

    شیڈول کے مطابق جمعہ کے روز دورانیہ صبح 9 بجے سےدوپہر ایک بجے تک ہوگا۔

    کابینہ ڈویژن نے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے اور نوٹیفکیشن کی کاپی متعلقہ وفاقی اداروں کو بھجوا دی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : رمضان المبارک میں دفتری اوقات کا شیڈول تبدیل کرنے کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول

    واضح رہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نجی اداروں نے بھی روزانہ اوقات کار میں دو گھنٹے کمی کردی ہے۔

    خیال رہےمحکمہ موسمیات نےپیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند  تیس شعبان یعنی 6 مئی کو نظر آنے کا امکان ہے  اور پہلا روزہ سات مئی بروز منگل ہوگا جبکہ  رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلاک کمیٹی نے 5 مئی بروز اتوار اجلاس طلب کیا گیا ہے۔

  • بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

    بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں

    غزہ: ماہ صیام کی آمد آمد ہے اور بالعموم پورے فلسطین اور بالخصوص مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں رمضان المبارک کی تیاریاں پورے مذہبی جوش وجذبے کے ساتھ جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق مرکز اطلاعات فلسطین کا کہنا ہے کہ ‘القدس یوتھ کمیٹی’ کے زیر اہتمام بیت المقدس میں ماہ صیام سے قبل انتظامات حتمی مراحل میں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے دوران ضیوف الرحمان کے استقبال کے لیے تزئین و آرائش کی جا رہی ہے۔

    مسجد اقصیٰ کے مرکزی مقامات، گزرگاہوں، گیلریوں اور راہ داریوں پر جشن ماہ صیام اور استقبال رمضان کے حوالے سے خصوصی بینرز لگائے گئے۔

    پرانے بیت المقدس، حارات، باب حطی، السعیدیہ، والواد، حاریالنصاریٰ اور دیگر مقامات پر تزئین وآرائش کی گئی ہے۔

    القدس یوتھ کمیٹی کے چیئرمین ناصر قوس کی قیادت میں عمادالشلودی، عاھد الرشق، ریاض الشھابی، فرید الباسطی، علاءالحداد، باسم جابر، الیاس کارمی، ھیثم حجازی، یاسر نجیب اور انڈریہ بحبح استقبال رمضان کی تیاریوں کے لیے سرگرم ہیں۔

    انتظامی کمیٹی نے ماہ صیام کے دوران مسجد اقصیٰ میں صفائی، نمازیوں اور روزہ داروں کی سہولیات کے لیے مختلف سرگرمیوں، افطاری اور سحری کے اوقات میں روزہ داروں کی خدمت بجا لانے کے لیے رضاکاروں کا تعین کیا گیا ہے۔

  • ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز، وفاقی مذہبی امور متحرک، صوبوں سے حمایت مانگ لی

    ملک بھر میں ایک ساتھ رمضان کا آغاز، وفاقی مذہبی امور متحرک، صوبوں سے حمایت مانگ لی

    اسلام آباد: ملک بھر میں رمضان المبارک  اور عید ایک ہی دن کروانے کے لیے وفاقی مذہبی امور  نے صوبائی سطح پر رابطے شروع کردیے تاکہ مسودے کے حق میں قراردادیں صوبائی سطح پر منظور کروائی جائیں اور پھر تیار کردہ مسودے کو  وفاقی کابینہ سے منظور کروا کے اسے قانونی شکل دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ مذہبی امور رواں سال بھی رمضان المبارک اور عید ملک بھر میں ایک ساتھ منانے کے لیے سرگرم ہوگئے اور انہوں نے صوبوں سے قانونی حمایت مانگ لی۔

    وزارتِ مذہبی امور برائے مذہبی بین ہم آہنگی نے رویت ہلال سے متعلق قانون سازی کا مسودہ تیار کرلیا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت چاند کے لیے صوبائی اسمبلیوں سے قرارداد کی منظوری ضروری ہے۔

    مسودے میں کہا گیا ہے کہ ’سندھ اسمبلی قانون سازی کے حق میں قرارداد منظور کرچکی ہے جبکہ دیگر صوبائی اسمبلیوں کو اب اس پر عمل درآمد کرنا ہوگا‘۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حمایت کے لیے باقی صوبوں کے وزرائے اعلی کو خطوط جاری کر دئیے،صوبوں کی حمایت کے بعد رویت ہلال سے متعلق بل منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو بھیجا جائے گا۔ رویت ہلال پر موثر قانون سازی سے مذہبی تہواروں پر قومی ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔

    یاد رہے کہ رمضان المبارک 1440 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلاک کمیٹی نے 5 مئی بروز اتوار اجلاس طلب کیا ہے، اگر چاند نظر آگیا تو پہلا روزہ 6 مئی ورنہ 7 مئی کو ہوگا۔

  • حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    حرم شریف کی تیسری توسیع کا افتتاح رمضان میں ہو گا‘ ڈپٹی گورنر

    مکہ مکرمہ : ڈپٹی گورنر مکہ مکرمہ ریجن شہزادہ بدر بن سلطان نے حرم الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کا جائزہ لیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈپٹی گورنر کو بتایا گیا کہ جاری ترقیاتی کام رمضان المبارک کے آغاز تک مکمل ہو جائے گا جبکہ مسجد نبوی الشریف میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے استقبال رمضان کے حوالے سے جاری تیاریوں کے ضمن میں اسمارٹ قالین بچھانے کا آغاز کر دیا گیا-

    حرم مکی شریف کے تیسرے توسیعی منصوبے کی تکمیل کے بعد یہاں بیک وقت 2 لاکھ 80 ہزار افراد نماز ادا کرسکیں گے۔ ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر سے معتمرین کی آمد جاری رہتی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اس ماہ مبارک میں عمرہ کی سعاد ت حاصل کرتے ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حرم مکی الشریف کے تیسرے توسیعی مرحلے کی تکمیل سے معتمرین اور زائرین کو کافی سہولت ہو گی۔

    حرم مکی شریف کی تیسری توسیع کا سب سے بڑا مرحلہ شاہ عبد العزیز گیٹ اور اسکے سامنے بس اسٹینڈ کا ہے جہاں رمضان المبارک کے دروان سب سے زیادہ اژدھام رہتا ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بس اسٹینڈ سے فی گھنٹہ 50 ہزار افراد مستفیض ہوتے ہیں جو حرم شریف سے تقریبا 10 سے 15 کلو میٹر دور کدی کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کر کے شٹل بس سروس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    واضح رہے رمضان المبارک اور حج سیزن میںدیگر شہروں سے اپنی گاڑیوں میں مکہ مکرمہ آنے والوں کیلئے کدی کے علاقے میں وسیع و عریض پارکنگ لاٹس مخصوص ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں پارک کرکے بس کے ذریعے حرم شریف آتے ہیں۔

    ادارہ امور مسجد نبوی الشریف کے ڈائریکٹر بندر الحسینی نے سعودی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ نئے قالین مکمل طور پر سعودی عرب میں تیار کئے گئے ہیں جن میں اسمارٹ چپ لگائی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نئے تیار کئے گئے خصوصی قالینوں کو مخصوص انداز میں بنایا گیا ہے جو موسمی اثرات سے محفوظ رہیں گے اور انکے استعمال کی مدت بھی زیادہ ہو گی۔ نئے بچھائے جانے والے قالینوں کی تعداد 20ہزار 700 ہو گی۔