Tag: رمضان

  • آمد رمضان: 3 لاکھ سے زائد بھکاری کراچی میں داخل ہو چکے

    آمد رمضان: 3 لاکھ سے زائد بھکاری کراچی میں داخل ہو چکے

    آمد رمضان کے ساتھ ہی ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھکاری مافیا نے انٹری دے دی ہے اور جوق درجوق آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    شہر قائد سخاوت کے حوالے سے پاکستان بھر میں مشہور ہے۔ ملک میں کوئی حادثہ، آفت ہو مدد میں کراچی والے پیش پیش رہتے ہیں۔ سب سے زیادہ فلاحی ادارے بھی شہر قائد میں ہیں۔ فقرا اور مساکین کے لیے روزانہ سب سے زیادہ دستر خوان بھی اسی شہر میں سجائے جاتے ہیں۔

    رمضان میں کیونکہ سخاوت معمول سے زیادہ بڑھ جاتی ہے اس لیے پیشہ ور بھکاریوں کے لیے یہ مہینہ ثواب سے زیادہ پیسہ کمانے کا ہوتا ہے۔ ہر سال کی طرح رمضان المبارک آتے ہی کراچی میں بھی بھکاری مافیا نے انٹری دے دی ہے اور ملک کے مختلف علاقوں سے پیشہ ور گداگروں نے شہر قائد کا رخ کر لیا ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اب تک تقریباً تین لاکھ سے زائد بھکاری شہر قائد میں داخل ہوچکے ہیں جب کہ ٹرینوں، بسوں اور پرائیویٹ گاڑیوں کے ذریعہ مزید بھکاریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

    گداگر مافیا کے کارندے گلیوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قبضے بھی کر رہے ہیں۔ یہاں وہ انسانی ہمدردی کے لیے مختلف بہروپ اختیار کر کے سادہ لوح شہریوں کی جیبوں پر ڈاکا ڈالیں گے اور اصل حقداروں کا حق ماریں گے۔

    واضح رہے کہ گداگاری کیخلاف سپریم کورٹ اور سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکامات ہیں تاہم اس کے باوجود صوبائی حکومت اور مقامی حکام اس مسئلے پر قابو پانے میں ناکام نظر آتے ہیں۔

  • اس رمضان عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں کیا نئی سہولت مل رہی ہے؟

    اس رمضان عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں کیا نئی سہولت مل رہی ہے؟

    ماہ رمضان المبارک شروع ہوچکا ہے اور دنیا بھر سے عمرہ زائرین کی بڑی تعداد مکہ مکرمہ پہنچ رہی ہے جنہیں اس سال نئی سہولت مل رہی ہے۔

    عرب میڈیا کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے اس سال ماہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کو پہلی بار مسجد الحرام کے اندر ہی احرام سے باہر نکلنے کے لیے حلق کرانے (بال ترشوانے یا سر منڈوانے) کی سہولت فراہم کی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ آزمائشی سروس حجاج کرام کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

    اس سلسلے میں مروہ کے علاقے کے بالکل سامنے پانچ مختلف مقامات پر موبائل گاڑیوں کے اندر باربر شاپ قائم کی گئی ہیں جو ہجوم کے دوران آگے پیچھے حرکت کر سکیں گی۔

    ان سروس سینٹرز پر تجربہ کار افراد کو متعین کیا گیا ہے جو سینیٹائزڈ مواد انتہائی مہارت کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔

    زائرین عمرہ مناسب قیمت میں یہ سروس حاصل کر سکتے ہیں اور مکمل طور پر جراثیم سے پاک آلات کے ساتھ تجربہ کار افراد کی زیر نگرانی بال کٹوا کراحرام کی پابندیوں سے نکل سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ زائرین حج وعمرہ کے لیے تمام اراکین مکمل کرنے کے بعد احرام سے نکلنے کے لیے پہلے حلق کرانا لازمی ہے۔

    حلق میں مرد زائرین پورا سر منڈواتے ہیں یا چوتھائی سر کے بالوں کے مساوی بال کٹواتے ہیں جب کہ خواتین اپنے بالوں کی ایک لٹ کا کچھ ترشوا کر احرام سے باہر آسکتی ہیں۔

  • ٹوپی اور تسبیح کی مانگ میں اضافہ ہو گیا

    ٹوپی اور تسبیح کی مانگ میں اضافہ ہو گیا

    ملتان: ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں لوگ ٹوپی اور تسبیح کی خریداری میں مصروف ہیں، رمضان کی آمد کے ساتھ ٹوپی اور تسبیح کا کاروبار بھی اچھا ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملتان میں رحمتوں اور فضیلتوں والے بابرکت مہینے میں ٹوپی اور تسبیح کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے، بڑی تعداد میں شہری خوب صورت ٹوپی اور تسبیح کی خریداری کر رہے ہیں۔

    رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے، جس میں ہر شخص زیادہ سے زیادہ نیکیاں سمیٹنے کے لیے بھرپور تیاریاں کرتا ہے، مختلف ڈیزائن اور رنگوں کی ٹوپیاں اور تسبیح کی خریداری بھی اسی تیاری کا حصہ ہے۔

    ماہ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی شہریوں کی بڑی تعداد ٹوپیاں اور تسبیح کی خریداری کرتی دکھائی دیتی ہے، اس مہینے میں ٹوپی تسبیح کی ڈیمانڈ میں اضافے پر دکان دار بھی خوش دکھائی دیتے ہیں۔

    دوسری طرف رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کو بھی پر لگ گئے ہیں، اور ملک کے مختلف شہروں میں پھلوں، سبزیوں سمیت تمام اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ ہو گیا ہے۔

    رمضان کیلنڈر 2025: پاکستان میں آج سحری اور افطار کا وقت

  • قوم رمضان میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ  کر حصہ لے، صدر،وزیراعظم کا پیغام

    قوم رمضان میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، صدر،وزیراعظم کا پیغام

    صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان کے آغاز پر قوم کے نام پیغام جاری کیا اور خیرات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کا ماہ صیام کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانی قوم، امت مسلمہ کو رمضان کے بابرکت مہینے کے آغاز پرمبارکباد، قوم سے اپیل ہے اس مبارک مہینے میں خیرات و صدقات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، رمضان کا پیغام یہی ہے کہ ہم اپنی ذات سے بلند ہو کر دوسروں کی مدد کریں،

    صدر نے کہا کہ رمضان المبارک رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے، رمضان تزکیہ نفس، صبر، استقامت، ہمدردی، مساوات اور اتحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔

    آصف علی زرداری نے کہا کہ رمضان المبارک تقویٰ، اخلاص اور قربِ الٰہی حاصل کرنے کا بہترین موقع ہے، رمضان میں غربا و مساکین کی حاجت روائی، ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دیں۔

    صدر نے کہا کہ رمضان مسلمانوں کیلئے انفرادی و اجتماعی سطح پر اصلاح کا ماحول پیدا کرتا ہے، رمضان اپنی زندگیوں کو ازسرنو شروع کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔

    علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ اپیل ہے بابرکت مہینے میں زیادہ سے زیادہ غریبوں اور محتاجوں کی مدد کریں، رمضان کا اصل پیغام صبر، شکر، ہمدردی اور اخوت و ایثار ہے۔

    شہباز شریف نے کہا کہ ماہ رمضان ہمیں دوسروں کے دکھ درد کا احساس دلاتا ہے، ہمیں اپنے آس پاس غریبوں اور محتاجوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمیں ظلم و جبر کے شکار لاکھوں فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا ہے، یہ وقت ہے ہم اُمت مسلمہ کے اتحاد کو مضبوط کریں اور باہمی تعاون کو فروغ دیں۔

    دعا گو ہیں کہ اس مہینے کی برکت سے اللہ پاکستان کو استحکام نصیب فرمائے، اپنی دعاؤں میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں اور اُمت مسلمہ کو یاد رکھیں۔

  • کھجلہ پھینی کی فروخت میں اضافہ

    کھجلہ پھینی کی فروخت میں اضافہ

    رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ رمضان آتے ہی سحری میں شوق سے کھائے جانے والی کھجلہ پھینی کی مانگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ رمضان کی آمد کے ساتھ ہی کراچی میں کھجلہ پھینی کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

    لچھے دار لذیذ پھینی کی تیاری عام طور پر کارخانوں میں ہوتی ہے، جہاں ایک ہی وقت میں کئی افراد اس کی تیاری میں مصروف عمل دکھائی دیتے ہیں۔ پھینی میدے سے تیار کی جاتی ہے، پہلے میدے کو آٹے کی طرح خوب گوندھا جاتا ہے، پھر گھی کا استعمال کر کے اس کے پیڑھے بنائے جاتے ہیں اور پھر اسے ہاتھوں سے بیل کر گھی میں تلا جاتا ہے۔

    پھینی کے ساتھ کھجلہ بھی رمضان کی خاص سوغات ہے اور یہ بھی میدے سے ہی تیار کیا جاتا ہے، شہری کہتے ہیں بڑے ہوں یا بچے کھجلہ پھینی کے سب ہی شوقین ہیں۔

    ماہ رمضان میں جہاں بہت سے کاروباروں میں رونقیں لگ جاتی ہیں، وہی کھجلہ پھینی بھی رمضان المبارک میں کئی افراد کے لیے روزگار کا سبب بنتی ہے۔

    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں

  • مسجد الحرام کے اطراف زائرین کے لیے 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہمی

    مسجد الحرام کے اطراف زائرین کے لیے 24 گھنٹے طبی سہولیات کی فراہمی

    سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے رمضان المبارک کے ایام کے دوران زائرین کے لیے میڈیکل ایمرجنسی سینٹرز میں 24 گھنٹے کی بنیاد پر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام کے اطراف اور مختلف مقامات پر مکہ مکرمہ میڈیکل سینٹر کے اشتراک سے ہنگامی طبی امدادی سینٹرز بنائے گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک میں سعودی ہلال الاحمر کے یونٹس بھی مختلف جگہوں اپنی خدمات انجام دیں گے۔

    مسجد الحرام کے مختلف اطراف میں 7 امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جبکہ فوری اور ہنگامی امداد کے لیے ریپیڈ سروس یونٹس بھی موجود ہوں گے جوعمرہ زائرین اور مسجد الحرام میں نماز ادا کرنے والوں کو فوری طبی امداد فراہم کریں گے۔

    مسجد الحرام کے صحن مطاف کے جنوبی سمت میں باب السلام کے ساتھ ہی طبی سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں سے کسی بھی ہنگامی حالت میں طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر ہنگامی امدادی سینٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ زائرین اور ماہ رمضان میں مسجد الحرام آنے والوں کو بہترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین کی جانب سے مسجد الحرام میں افطاری دسترخوان کے ضوابط جاری کردیئے گئے ہیں۔ خواہش مند افراد پرمٹ کے حصول کے لئے ویب سائٹ پر درخواست اپ لوڈ کی جاسکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مسجد الحرام میں فلاحی تنظیموں اور انفرادی طور پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پرمٹ حاصل کرنے کے لیے درخواستوں کی وصول کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

    مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران پرمٹ کے بغیر افطاری دسترخوان نہیں لگایا جاسکتا۔

    افطاری دسترخوان لگانے والوں کو ادارہ امورحرمین نے ہدایت کی ہے کہ وہ مطلوبہ معیار کے مطابق افطاری فراہم کریں۔ منظور شدہ کیٹرنگ سے افطاری تیار کرائی جائے روزہ داروں کو غیرمعیاری اشیا فراہم نہ کریں۔

    پرمٹ کی درخواست میں جگہ کا بھی تعین کیا جاسکتا ہے۔ افراد کو ایک جبکہ فلاحی تنظیم کو 10 دسترخوان لگانے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی عرب: رمضان المبارک میں بجلی صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    افطاری ضوابط میں ہدایت کی گئی ہے کہ افطاری کے لیے فراہم کیا جانے والا کھانا معیار کے مطابق محکم انداز میں پیک کیا گیا ہو۔ ذیابیطس اور مہلک امراض میں مبتلا افراد کے لیے مخصوص اشیا فراہم کی جائیں جو کم کیلوریز پر مشتمل ہوں۔

  • سعودی عرب رمضان میں 45 ممالک میں قرآنِ پاک کے 12 لاکھ نسخے تقسیم کرے گا

    سعودی عرب رمضان میں 45 ممالک میں قرآنِ پاک کے 12 لاکھ نسخے تقسیم کرے گا

    سعودی عرب کی جانب سے ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر کے 45 ممالک میں قرآن پاک کے 12 لاکھ نسخے تقسیم کیے جائیں گے۔

    دنیا بھر میں مسلمانوں کا ماہ مقدس رمضان المبارک شروع ہونے میں ایک یا دو دن باقی رہ گئے ہیں۔ سعودی عرب کی حکومت نے اس ماہ مقدس میں جہاں زائرین عمرہ کی سہولت کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں وہیں ماہ رمضان المبارک میں دنیا بھر کے 45 ممالک میں قرآن پاک کے 12 لاکھ نسخے بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

    عرب میڈیا کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے قرآن مجید کے 12 لاکھ نسخے 45 ممالک میں تقسیم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

    اس کے علاوہ قرآن مجید کے 79 زبانوں میں تراجم بھی مختلف ممالک میں تقسیم کیے جائیں گے۔

    ان نسخوں کی تقسیم مختلف ممالک میں سعودی سفارتخانوں کے اسلامی اور ثقافتی مراکز اور مذہبی اتاشیوں کے ذریعہ کی جائے گی۔

    قرآن پاک یہ دیدہ زیب نسخے ایک خاص ایڈیشن ہیں جو شاہ سلمان کی جانب سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے تحفہ ہیں۔ ان نسخوں کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے نہایت مہارت اور کاریگری کے ساتھ طباعت کی گئی ہے۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ قرآن پاک کے ان نسخوں کی دنیا بھر کے ممالک میں ترسیل کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/guidelines-issued-for-pilgrims-visiting-the-two-holy-mosques-during-ramadan/

  • مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    مکہ اور مدینہ میں رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    سعودی عرب میں محکمہ موسمیات کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جو موسمیاتی اعتبار سے موسم بہار کا آغاز ہے۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مکہ اور مدینہ منورہ میں درجہ حرارت معمول سے ایک ڈگری زیادہ رہے گا۔ مدینہ منورہ میں 24.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور مکہ مکرمہ میں درجہ حرارت 27.8 رہنے کی توقع ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ میں متوقع بارش کی اوسط 4.9 ملی میٹر اور مدینہ منورہ میں 5.3 ملی میٹر ہے۔ مکہ اور مدینہ منورہ میں بارش معمول کے اوسط سے زیادہ ہوں گی۔

    رپورٹس کے مطابق 1991 سے 2020 کے دوران موسمی حالات کا جائزہ بھی دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا کہ مکہ مکرمہ کا موسم دن کے وقت گرم اور رات کے وقت معتدل جبکہ مدینہ منورہ میں موسم گرم رہتا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے تجزیہ کارعقیل العقیل کے مطابق رمصان المبارک کے اختتام سے قبل درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوجائے گا۔

    موسمیات کے ماہر ڈاکٹر خالد الزعاق کے مطابق عید کے پہلے دن سے موسم گرما کا آغاز ہوگا جس میں دن کے وقت موسم گرم اور رات کے وقت متعدل رہنے کی توقع ہے۔

    دوسری جانب اگر پاکستان کی بات کی جائے تو محکمہ موسمیات نے کراچی میں رمضان المبارک کے دوران موسم کے حوالے سے خبردار کردیا۔

    میڈیا فوکل پرسن محکمہ موسمیات انجم نذیر نے رمضان المبارک کے دوران کراچی میں موسم کے حوالے سے کہا کہ رمضان کا آغاز معتدل موسم سے ہوگا جبکہ آخری عشرے میں شدید گرمی پڑے گی اور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    انجیر : موسم سرما میں یہ پھل سوچ سمجھ کر کھائیں ورنہ !!

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ شہر میں رواں ہفتے مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر اثر انداز ہوگا لیکن کراچی میں بارش کا کوئی امکان نہیں۔

  • مسجد نبویؐ میں رمضان کے دوران زائرین کو بڑی سہولت دینے کی تیاری

    مسجد نبویؐ میں رمضان کے دوران زائرین کو بڑی سہولت دینے کی تیاری

    سعودی عرب میں مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں دینی امور کے ادارے نے رمضان المبارک کے دوران زائرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

    سعودی خبررساں ادارے کے مطابق رمضان المبارک میں آپریشنل پلان کے مطابق انتظامیہ نے تحفیظ قرآن کریم کے 220 حلقوں کا انتظام کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق دس سے زائد زبانوں میں دروس کا خصوصی بندوبست کیا جائے گا، تلاوت قرآن کی درستگی کے لیے خصوص کلاسوں کا بھی اہتمام کیا گیا جو 20 ہزار گھنٹوں پر محیط ہوں گی۔

    علاوہ ازیں 30 مفتیان اور علما کرام کو مسجد نبویؐ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اندر اور بیرونی صحنوں میں متعین کیا جائے گا جو لوگوں کو مسائل کے شرعی حل سے آگاہ کریں گے۔

    قبل ازیں سعودی عرب میں حرمین شریفین کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ مسجد نبوی مدینہ منورہ میں گزشتہ ہفتے کے دوران 50 لاکھ 32 ہزار169 زائرین نے حاضری دی۔

    جنرل اتھارٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 5 لاکھ 49 ہزار388 زائرین نے مسجد نبوی روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی جبکہ 2 لاکھ 69 ہزار 238 زائرین نے ریاض الجنہ (روضہ شریفہ) میں نماز ادا کی۔

    مسجد نبویﷺ میں اس بار افطار کےلیے ملائی اور پراٹھے کا بھی آپشن

    اتھارٹی کے مطابق مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 10 ہزار302 سے زیادہ زائرین نے ترجمے کی خدمات سے استفادہ حاصل کیا۔ مسجد نبوی کے مخصوص حصوں میں ایک لاکھ 34 ہزار 85 روزہ داروں میں افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے۔

  • رمضان میں دودھ کتنے روپے فی لیٹر ملے گا؟ عوام کے لئے اہم خبر

    رمضان میں دودھ کتنے روپے فی لیٹر ملے گا؟ عوام کے لئے اہم خبر

    پشاور : رمضان کیلئے عوام کی سہولت کے پیش دودھ اور دہی کی قیمتیں مقرر کردی گئیں اور دکانداروں کو نرخ نامے واضح جگہ پر آویزاں کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کیلئے دودھ اور دہی کی قیمتیں مقرر کردی گئیں ، ضلعی انتظامیہ نے بتایا بھینس کے دودھ کی قیمت6 فیصد فیٹ کے ساتھ 220 روپے فی لیٹر اور 5 فیصد فیٹ کے ساتھ 190 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گائے کے دودھ کی قیمت 4 فیصد فیٹ کے ساتھ 190روپے مقرر ہوئی ہے۔

    انتظامیہ نے کہا کہ اے پلس کیٹیگری کی دہی کی فی کلو قیمت 240 روپے اور اے کیٹیگری کی دہی کی فی کلو قیمت 210 روپے ہوگی۔

    انتظامیہ کے مطابق دودھ اوردہی کی قیمتوں کا اطلاق یکم رمضان سے ہوگا، دکاندار نرخ نامے واضح جگہ پر آویزاں کریں۔

    خیال رہے منافع خوروں نے رمضان المبارک سے پہلے اپنے ہی ریٹ مقرر کرلئے ہیں، پھلوں، دالوں، بیسن، مشروبات سمیت کئی اشیا کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کردیا گیا ہے۔

    بازاروں میں سبزیوں ، پھلوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔