Tag: رمضان

  • رمضان میں عمرے کے لیے پرمٹ کے حوالے سے اہم خبر

    رمضان میں عمرے کے لیے پرمٹ کے حوالے سے اہم خبر

    ریاض: رمضان میں عمرے کے لیے پرمٹ کا اجرا شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے رمضان میں عمرے کے لیے پرمٹ کااجرا شروع کر دیا ہے، وزارت کا کہنا ہے کہ نسک ایپ کے ذریعے پرمٹ جاری کرائے جا سکتے ہیں۔

    وزارت کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ جو لوگ عمرہ ادا کرنا چاہتے ہیں وہ فوری طور پر نسک ایپ کے ذریعے بکنگ کرا لیں، وزارت کے مطابق نسک ایپ کا اجرا عمرہ خدمات کو بہتر بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • رمضان سے پہلے عوام کے لیے مزید مہنگائی کا طوفان

    رمضان سے پہلے عوام کے لیے مزید مہنگائی کا طوفان

    اسلام آباد: ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا۔

    یوٹیلیٹی اسٹورز پر قمیتوں میں اضافے کا اطلاق فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز  پر دودھ، چائے، کریم اور جوسز کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، ایک لیٹر  دودھ کی قیمت میں 30 روپے اضافے کے بعد فی لیٹر دودھ کا پیک 217 سے بڑھ کر 247 روپے تک ہو گیا۔

    900 گرام چائے کی قیمت میں 250 روپے تک کا اضافہ ہوا، جس کے بعد چائے کا پیک 1490 روپے سے بڑھ کر 1740 روپے تک ہو گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 200 گرام کریم کی قیمت میں 20 روپے مہنگی کر دی گئی جبکہ ایک ہزار ایم ایل جوس کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

  • رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    رمضان کے دوران موسم کیسا رہے گا؟

    ریاض: سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے میں ملک کا موسم معتدل رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کے ماہر عقیل العقیل نے کہا ہے کہ مملکت میں موسم سرما ایک ماہ سے بھی کم وقت میں ختم ہو جائے گا۔

    ماہر موسمیات نے مزید کہا کہ اس سال ماہ رمضان کے دوران موسم درمیانہ رہنے کا امکان ہے، جب کہ آنے والے برسوں میں رمضان سردی سے قریب ہوتا جائے گا۔

    سبق نیوز کے مطابق عقیل العقیل نے مزید کہا کہ تبدیل ہونے والے موسم کا اثر بتدریج ہوگا، درجہ حرارت میں کمی بیشی کا سلسلہ جاری رہے گا۔

    انھوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے میں بعض علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا بھی امکان ہے۔

    سعودی ماہر موسمیات کے مطابق ہواؤں کا رخ شمال سے جنوب کی جانب ہونے کا بھی امکان ہے، جس سے صحرائی علاقوں میں ریتیلی آندھیوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

  • خلائی اسٹیشن میں روزے کیسے رکھیں؟

    ابوظبی: یو اے ای کے ایک خلا باز کے رمضان کے دوران مشن پر جانے کے ساتھ ہی یہ سوال سامنے آیا ہے کہ کیا خلائی اسٹیشن پر وہ روزے رکھیں گے؟

    اس کے ساتھ ہی عام لوگوں کے ذہن میں بھی یہ سوال ابھرا ہے کہ خلائی اسٹیشن پر روزے کیسے رکھیں جائیں گے، تاہم خلاباز سلطان النیادی کا جواب اس سلسلے میں معاملے کی بہ خوبی وضاحت کر دیتا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق متحدہ عرب امارات کے 41 سالہ خلاباز سلطان النیادی متحدہ عرب امارات کے پہلے خلاباز ہوں گے جو 6 ماہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن میں گزاریں گے، وہ اگلے ماہ اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کے ذریعے خلائی اسٹیشن کو روانہ ہوں گے۔

    خلاباز سلطان النیادی سے جب پریس کانفرنس میں پوچھا گیا کہ وہ آنے والے رمضان میں روزے کیسے رکھیں گے تو انھوں جواب دیا کہ چوں کہ روزہ طلوع آفتاب سے پہلے سے لے کر غروبِ آفتاب تک ہوتا ہے تو اُن کے حالات استثنائی ہوں گے، یعنی وہ اپنے خلائی مشن کے دوران رمضان کے روزے رکھنے کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    انھوں نے کہا کہ ’’میں حالت سفر میں ہوں گا، سفر کے دوران روزے چھوڑنے کی سہولت دی گئی ہے، مسافروں پر روزے کی پابندی لازم نہیں ہوتی۔‘‘

    واضح رہے کہ سلطان النیادی متحدہ عرب امارات کے دوسرے شہری ہوں گے جو خلا کا سفر کریں گے، ستمبر 2019 میں امارات کے خلاباز حزا المنصوری نے بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں آٹھ دن گزارے تھے۔

    النیادی ناسا کے اسٹیفن بوئن، وارن ہوبرگ اور روس کے آندرے فیدیو 26 فروری کو مشن پر جائیں گے، جس کو ’اسپیس ایکس ڈریگن کریو سکس‘ کا نام دیا گیا ہے۔

  • پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ، عوام پریشان

    کراچی: ماہ رمضان کے دوسرے عشر ے کا آغاز ہو گیا ہے لیکن پھلوں کی قیمتیں بدستور آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان کے دوران پھلوں کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہو چکا ہے جس سے عوام پریشانی میں مبتلا ہیں، کیلے کی فی درجن قیمت 120 روپے سے 200 روپے ہوگئی، تربوز کی فی کلو قیمت 80 روپے سے 120 روپے پر پہنچ گئی، جب کہ منڈی میں 80 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔

    سیب کی فی کلو قیمت 150 سے بڑھ کر 400 روپے اور خربوزہ 60 روپے اضافے کے ساتھ 100 روپے فی کلو، چیکو 150 روپے، اسٹرابیری 400 روپے کلو اور کیوی 500 روپے کلو ہوگئی ہے۔

    کولڈ اسٹور میں محفوظ کیے گئے امرود 200 روپے کلو اور کینو 400 روپے درجن کر دیے گے ہیں۔

    سبزی اور پھل منڈی ایکشن کمیٹی رہنما حاجی شائستہ خان کا کہنا ہے کہ رمضان میں پھلوں کی طلب میں اضافے کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

    عوام کا کہنا ہے کہ مہنگائی میں اضافہ اب ایک عام سی بات بنتی جا رہی ہے، جس سے متوسط اور غریب طبقے کو براہ راست نقصان ہو رہا ہے۔

    ماہ رمضان میں پھلوں کی قیمتوں میں دوگنے سے بھی زیادہ کا اضافہ کیا گیا ہے، عوام کے مطابق انتظامیہ اپنی نااہلی اور کرپشن کا بوجھ عوام پر ڈال دیتے ہیں، انتظامیہ ایک بازار میں کارروائی کرتی ہے تو دوسرے بازاروں میں صورت حال جوں کی توں برقرار رہتی ہے، اس صورت حال میں پھلوں کی قیمتیں عوام کی دسترس سے باہر ہو گئی ہیں۔

  • کراچی: سموسے، پکوڑے اور جلیبی کی قیمتیں مقرر

    کراچی: سموسے، پکوڑے اور جلیبی کی قیمتیں مقرر

    کراچی: شہر قائد میں سموسے، پکوڑے اور جلیبی کی سرکاری قیمتیں مقرر کر دی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت اجلاس میں سموسے، پکوڑے اور جلیبی کے نرخ مقرر کیے گئے ہیں۔

    اے کیٹیگری فی سموسہ (قیمہ 35 گرام) کی قیمت 22 روپے، بی کیٹیگری 18 روپے مقرر کر دی گئی۔ اے کیٹیگری سموسہ (آلو 60 گرام) 22 روپے اور بی کیٹیگری 18 روپے مقرر کی گئی ہے۔

    اے کیٹیگری مکس پکوڑے 360 روپے فی کلو گرام اور بی کیٹیگری 320 روپے فی کلو ہوں گے۔

    کجلہ اور پھینی 500 روپے فی کلو گرام فروخت کیے جائیں گے، جلیبی اے کیٹیگری 320 روپے اور بی کیٹیگری 280 روپے فی کلو گرام مقرر کی گئی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف پرائسز، کنزیومر ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کوکب اقبال، عمر غوری، شکیل بیگ، صدر سوئیٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن شیخ محمد تحسین، دلپسند بیکری آصف احمد، یونائیٹڈ بیکری مقصود ناصر، رحمت شریں گلزار احمد، صدر کراچی ہولسیل گروسز ایسوسی ایشن عبدالرؤف موجود تھے۔

    کمشنر کراچی نے ہول سیل ایسوسی ایشن اور ریٹیلرز کی مشاورت سے دال اور چاول کے نرخ بھی مقرر کر دیے، دال اور چاول کی قیمتیں خصوصی طور پر رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے مقرر کی گئی ہیں۔

    کمشنر کراچی کے مطابق دالیں 90 فی صد امپورٹ ہوتی ہیں، ڈالر کی قیمت کے حساب سے ایک ماہ کے بعد قیمتوں پر نظر ثانی کر سکتے ہیں، دال اور چاول پر ریٹیلر کا منافع 5 روپے فی کلو گرام مقرر کیا گیا ہے۔

  • انہیلر اور آنکھوں کے ڈراپس استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

    انہیلر اور آنکھوں کے ڈراپس استعمال کرنے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے؟

    کراچی: طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سحر و افطار میں تلی ہوئی، مصالحے دار، چٹپٹی اشیا کھانے اور سافٹ ڈرنکس کے استعمال سے گریز کریں، انہیلر اور آنکھوں کے ڈراپس استعمال کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے زیر اہتمام روزہ اور صحت کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرین نے روزے کے ٹوٹنے اور نہ ٹوٹنے اور سحر و افطار میں کھانے پینے سے متعلق طبی ماہرین کی اہم ہدایات دیں۔

    طبی ماہرین نے کہا کہ سحر و افطار میں تلی ہوئی، مصالحے دار، چٹپٹی اشیا کھانے اور سافٹ ڈرنکس کے استعمال سے گریز کریں، شوگر، دل اور گردے کے امراض میں مبتلا مریض اپنے معالج کے مشورے پر روزہ رکھیں۔

    ماہرین کا کہنا تھا روزے کے دوران سانس کے مریض تکلیف کی صورت میں انہیلر استعمال کر سکتے ہیں، اسی طرح آنکھوں میں ڈراپس ڈالنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، البتہ روزے کے دوران کان اور ناک میں ڈراپس ڈالنے سے گریز کریں۔

    پروگرام کے مہمان خصوصی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وی سی ڈاکٹر امجد سراج میمن تھے، ماہر امراض قلب ڈاکٹر فواد فاروق، ماہر امراض گردہ پروفیسر عبدالمنان، ماہر امراض سانس ڈاکٹر مصور انصاری، ماہر امراض ذیابطیس پروفیسر عبدالباسط نے سیمینار سے خطاب کیا۔

    انھوں نے کہا کہ شوگر کے مریض اگر صرف دواؤں پر ہیں تو دواؤں کی خوراک معالج کے مشورے سے لیں اور روزہ رکھیں، گردے کے مریض ڈاکٹر سے مشورہ کریں اور اگر شدید بیماری نہیں ہے تو روزہ ضرور رکھیں، سانس کے مریض سخت تکلیف کی صورت میں روزے کی حالت میں انہیلر لے سکتے ہیں اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔

    ماہرین کا کہنا تھا کہ آنکھوں کی دوا یعنی قطرے آنکھوں میں ڈالے جا سکتے ہیں اس سے بھی روزہ نہیں ٹوٹتا، لیکن کان اور ناک میں قطرے ڈالنے سے گریز کریں، یہ حلق میں جاتے ہیں اور اس سے روزہ ٹوٹ سکتا ہے۔

    ماہرین نے مشورہ دیا کہ کاربوہائیڈریٹس کی بجائے پروٹین لینا بہتر ہے، افطاری کے فوراً بعد ایک ساتھ بہت زیادہ پانی پینے سے گریز کریں، تھوڑا تھوڑا وقفے وقفے سے پانی پئیں، ماہرین کا کہنا تھا کہ تراویح ایک بہترین جسمانی عمل ہے، کوشش کریں سوائے مجبوری کے تراویح کھڑے ہو کر پڑھی جائے۔

  • ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ

    لاہور: ملک بھر میں سحر و افطار اور تراویح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاور ڈویژن نے رمضان المبارک کی آمد پر سحر و افطار اور تراویح کے خصوصی اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پاور ڈویژن نے تمام پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں سے طلب و رسد کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

    واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کا امکان ہے، پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔

    پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟

    محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ماہ شعبان 29 روز کا ہوگا اور 29 شعبان بمطابق 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے واضح امکانات ہیں، اور 2 اپریل کو ملک کے بیش تر حصوں میں مطلع صاف اور کہیں کہیں بادل چھائے رہنے کا امکان ہے۔

  • عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان

    عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان

    لاہور: صوبہ پنجاب میں عوام کے ریلیف کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، رمضان بازاروں میں اشیا 2021 کی قیمتوں کے مطابق دستیاب ہوں گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر عوام کے لیے رمضان پیکج کا اعلان کردیا گیا، پنجاب کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے 8 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ رمضان بازاروں میں اشیا 2021 کی قیمتوں کے مطابق دستیاب ہوں گی، 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے کا ملے گا، آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت 13 اشیا مارکیٹ سے کم نرخوں پر ملیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ سستے داموں فراہمی پر 1 ارب 25 کروڑ روپے کی سبسڈی دی جائے گی، صوبے میں 317 رمضان بازار 25 شعبان سے فنکشنل ہوجائیں گے۔ بازاروں کے اوقات کار صبح 9 بجے سے افطار تک ہوں گے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کمزور طبقات کو ریلیف کی فراہمی کے لیے خصوصی ریلیف پیکج دیا ہے، پیکج کی خود نگرانی کروں گا۔

  • رمضان سے قبل کیا کریں؟ طبی ماہرین کا اہم مشورہ

    رمضان سے قبل کیا کریں؟ طبی ماہرین کا اہم مشورہ

    کراچی: ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ماہرین نے کہا ہے کہ رمضان سے قبل اپنے فزیشن کے پاس جا کر رمضان پری اسسمنٹ لازمی کروائیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی کے ذیلی ادارے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ڈایابیٹیس اینڈو کرائنالوجی (نائیڈ) کے زیر اہتمام واک اور سیمینار کے شرکا سے خطاب میں ماہرین نے رمضان اور شوگر سے متعلق اہم ہدایات دیں۔

    ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا کہ رمضان سے پہلے اپنے فزیشن کے پاس جا کر رمضان پری اسیسمنٹ لازمی کروائیں، ڈاکٹر فرید نے کہا روزے کے بہت سے فوائد ہیں جو رکھ سکتے ہیں وہ ضرور رکھیں، روزے ہرگز نہ چھوڑیں کیوں کہ اس سے ایچ بی اے ون سی اور صحت سے جڑے باقی معاملات درست رہتے ہیں۔

    پرو وائس چانسلر پروفیسر نصرت شاہ نے کہا کہ دنیا میں 15 کروڑ مسلمان شوگر کے مرض میں مبتلا ہیں، جن میں 5 کروڑ کے لگ بھگ ماہ رمضان کے روزے رکھتے ہیں، روزے میں شوگر کی کمی یا زیادتی کو قابو رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے رمضان سے قبل ہی شوگر کے مریضوں اور ان کے قریبی افراد کوآگہی کی ضرورت ہے۔

    ڈاکٹر عمر فاروق نے کہا شوگر میں ٹائپ ون اور ٹائپ ٹو، دو اقسام ہوتی ہیں، ٹائپ ون کے مریضوں کو ہم رمضان میں روزہ رکھنے سے منع کر دیتے ہیں، جب کہ ان کی نسبت ٹائپ ٹو مریضوں کو روزہ رکھنے کی اجازت دیتے ہیں، ٹائپ ون مریضوں میں حاملہ یا وہ بچے شامل ہیں جن کو شوگر ہو جاتی ہے۔

    پروفیسر اختر علی بلوچ نے کہا کہ دنیا کی مسلم آبادی میں ایسے افراد جو شوگر میں مبتلا ہیں اور روزہ رکھنا چاہتے ہیں، ان کی رہنمائی کے لیے مختلف پروگرام ترتیب دیے جاتے ہیں، اپنے قیام سے اب تک نائیڈ پورے ملک سے آنے والے ذیابطیس کے مریضوں کی خدمت کر رہا ہے، اور سالانہ 50 ہزار سے زائد مریض اس ادارے سے استفادہ کر رہے ہیں، یہاں مستحق مریضوں کو 2 ہفتے کی دوا، انسولین اور فٹ ویئر سمیت دیگر ضروری اشیا مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

    پروفیسر فوزیہ پروین کہا کہ نائیڈ میں جسمانی علاج کے ساتھ روحانی تسکین کا سامان بھی کیا جاتا ہے، یہ ادارہ شوگر کے مرض میں مبتلا افراد کو دیگر سہولتوں کے ساتھ انھیں روحانی طور پر مضبوط بنانے کے لیے رمضان کی آمد سے ڈیڑھ ماہ پہلے ہی ایسے طریقے بتاتا ہے کہ وہ اسلام کے اس بنیادی رکن کی ادائیگی بخوبی کر سکیں۔