Tag: رمضان

  • غزوہ بدر ۔ مسلمانوں کی پہلی فتح عظیم

    غزوہ بدر ۔ مسلمانوں کی پہلی فتح عظیم

    ماہ رمضان کی 17 تاریخ سنہ 2 ہجری تاریخ اسلام کا وہ عظیم الشان یادگار دن ہے جب اسلام اور کفر کے درمیان پہلی فیصلہ کن جنگ لڑی گئی اور مٹھی بھر مسلمانوں کو کفار کے لشکر پر فتح عظیم حاصل ہوئی۔

    غزوہ بدر کو دیگر غزوات پر کئی اعتبار سے فوقیت حاصل ہے۔ اسے کفر و اسلام کا پہلا معرکہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔ خود حضور اکرم ﷺ نے غزوہ بدر کو ایک فیصلہ کن معرکہ قرار دیا اور قرآن مجید نے اسے یوم الفرقان سے تعبیر کر کے اس کی اہمیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔

    قرآن پاک میں فرمایا گیا: ’جو ہم نے اپنے (برگزیدہ) بندے پر (حق و باطل کے درمیان) فیصلے کے دن نازل فرمائی وہ دن (جب بدر میں مومنوں اور کافروں کے) دونوں لشکر باہم متصادم ہوئے تھے‘۔

    سورہ انفال

    اعلان نبوت کے بعد 13 سال تک کفار مکہ نے محمد رسول ﷺ اور آپ ﷺ کے صحابہ کرام پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے مگر مسلمانوں کا جذبہ ایمانی کم نہ ہوا۔ ان کا خیال تھا کہ مٹھی بھر بے سرو سامان ’سر پھرے‘ بھلا ان کی جنگی طاقت کے سامنے کیسے ٹہر سکتے ہیں، لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔

    بالآخر غزوہ بدر کی گھڑی آئی اور صرف 313 مسلمانوں نے کفار کے دگنے لشکر سے مقابلہ کیا اور ایسی فتح پائی کہ اسلام کا بول بالا ہوگیا۔

    غزوہ بدر کفار کے تقریباً 70 آدمی قتل ہوئے اور 70 افراد کو قیدی بنایا گیا۔ کفار کے وہ سردار جو شجاعت و بہادری میں بے مثال سمجھے جاتے تھے اور جن پر کفار مکہ کو بڑا ناز تھا، وہ سب کے سب مسلمان مجاہدوں کے ہاتھوں مقتول ہو کر دوزخ کا ایندھن بن گئے اور جو زندہ رہ گئے، وہ میدان چھوڑ کر ایسے بھاگے کہ پیچھے مڑ کر بھی نہیں دیکھا اور سیدھا مکہ میں اپنے گھروں میں جا کر دم لیا۔

    لشکر اسلام میں سے صرف 14 خوش نصیب سر فروش مجاہدیں نے شہادت کا عظیم منصب حاصل کیا اور جنت الفردوس میں داخل ہوگئے۔ ان میں سے 6 مہاجرین اور 8 انصار تھے۔

    اس دن حضور ﷺ نے دعا فرمائی: ’اے اللہ! میں تجھ سے سوال کرتا ہوں کہ اپنا وعدہ اور اقرار پورا کر، یا اللہ! اگر تیری مرضی یہی ہے (کہ کافر غالب ہوں) تو پھر زمین میں تیری عبادت کرنے والا کوئی نہیں رہے گا‘۔

    اسی لمحے رب کائنات نے فرشتوں کو وحی دے کر بھیجا: ’میں تمہارے ساتھ ہوں، تم اہل ایمان کے قدم جماؤ، میں کافروں کے دل میں رعب ڈال دوں گا۔ سنو! تم گردنوں پر مارو ( قتل) اور ان کی پور پور پر مارو‘۔

    سورہ انفال آیت 12۔

    ایک آیت میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ: ’میں ایک ہزار فرشتوں سے تمہاری مدد کروں گا جو آگے پیچھے آئیں گے‘۔

    مقام بدر میں لڑی جانے والی اس فیصلہ کن جنگ نے یہ ثابت کیا کہ مسلمان نہ صرف ایک قوم بلکہ مضبوط اور طاقتور فوج رکھنے کے ساتھ بہترین نیزہ باز، گھڑ سوار اور دشمن کے وار کو ناکام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    قرآن پاک کی کئی آیات اور احادیث مبارکہ غزوہ بدر میں حصہ لینے والوں کی عظمت پر دلالت کرتی ہیں۔

    غزوہ بدر کو 14 سو سال گزر چکے ہیں لیکن اس کی یاد آج بھی مسلمانوں کے ایمان کو تازہ کر دیتی ہے۔ صدیوں بعد آج بھی مقام بدر کفار مکہ کی شکست فاش اور مسلمانوں کی فتح و کامرانی کی گواہی دیتا ہے۔

  • حیدر آبادی پارچے کھانا چاہیں گے؟

    حیدر آبادی پارچے کھانا چاہیں گے؟

    حیدر آباد دکن کے کھانے اپنے خاص مصالحوں اور منفرد طریقے سے پکانے کے باعث مختلف اور مزیدار ذائقوں کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ کھانے دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔

    آج ہم آپ کو مزیدار حیدر آبادی پارچے بنانے کی ترکیب بتارہے ہیں۔

    اجزا

    چکن بون لیس: آدھا کلو

    لال مرچ: 1 سے آدھا کلو

    ادرک: 1 چائے کا چمچ

    لہسن: 1 چائے کا چمچ

    دہی: 1 پاؤ

    بھنا اور کٹا ہوا دھنیہ: 1 چائے کا چمچ

    بھنا اور کٹا ہوا زیرہ: 1 چائے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تلی ہوئی پیاز: آدھا کپ

    کچا پپیتا: 1 چائے کا چمچ

    ناریل: 1 چائے کا چمچ

    بادام: 12 عدد

    پیاز: 2 عدد

    ہرا دھنیہ: آدھا کپ

    ہری مرچ: 4 سے 5 عدد

    ترکیب

    چکن بون لیس کو پارچوں میں کاٹ لیں۔

    بادام اور ناریل کو بھون کر باریک پیس لیں۔

    دہی میں ادرک لہسن، نمک، لال مرچ، پپیتا، دھنیہ، زیرہ، تلی پیاز، بھنا مصالحہ اور گرم مصالحہ ڈال کر اچھی طرح ملائیں۔

    بارچوں پر اچھی طرح مصالحہ لگا کر لگن دیگچی میں پھیلائیں۔

    ساتھ ہی ایک چوتھائی کپ تیل ڈال کر ہلکی آنچ پر دم لگائیں۔

    پیاز کے رنگز، ہرا دھنیا اور ہری مرچ سے گارنش کر کے سرو کریں۔

  • آج افطار میں بنائیں مزیدار پوٹاٹو کرسپی

    آج افطار میں بنائیں مزیدار پوٹاٹو کرسپی

    آلو کے مزیدار خستہ فرنچ فرائز تو سب ہی شوق سے کھاتے ہیں، آج ہم آپ کو گھر میں مزیدار پوٹاٹو کرسپی بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    آلو کدو کش کیے ہوئے: 4 عدد

    کارن فلور: 1 کپ

    کالی مرچ: 1 کھانے کا چمچ

    چائنیز نمک: آدھا کھانے کا چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    تیل: تلنے کے لیے

    کیچپ: سرونگ کے لیے

    ترکیب

    سب سے پہلے آلوؤں کو پانی میں بھگو لیں۔

    پھر ان آلوؤں کو ایک پیالے میں نکال لیں، اور اس پر کارن فلور، کالی مرچ، چائنیز نمک اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

    پھر اس کو تیل میں ڈال کر فرائی کرلیں۔

    گرما گرم پوٹاٹو کرسپی تیار ہے۔

  • مزیدار ڈرم اسٹک گھر میں تیار کریں

    مزیدار ڈرم اسٹک گھر میں تیار کریں

    ماہ رمضان میں ہر خاتون خانہ چاہتی ہوں گی کہ اس مقدس ماہ میں اہل خانہ کو ایسے پکوان کھلائیں جو ذائقہ دار ہونے کے ساتھ غذائیت بخش بھی ہوں۔

    اسی لیے آج ہم آپ کو ڈرم اسٹک بنانے کی نہایت آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    چکن ڈرم اسٹک: 8 عدد

    شہد: 2 کھانے کے چمچ

    وورچیسٹر ساس: کھانے کے چمچ

    لہسن: دو جوئے پسے ہوئے

    نمک: حسب ذائقہ

    ٹماٹو کیچپ: 4 کھانے کے چمچ

    ترکیب

    سوائے چکن کے تمام اشیا ایک برتن میں ڈال کر مکس کرلیں۔

    ڈرم اسٹک کو زیادہ گوشت والے حصہ سے نچلی طرف چھری سے کاٹیں اور اس میں ساس اور تمام مکس اجزا ڈال دیں۔

    اب اسے فریج میں رکھ دیں۔

    اوون گرم کریں اور اس کا درجہ حرارت تقریباً 200 ڈگری رکھیں۔

    اب چکن کو ایلومینیم فوائل سے ڈھانپ کر اسے اوون میں 15 منٹ تک پکائیں اور چکن کو الٹ کر مزید 30 منٹ تک پکائیں۔

    مزیدار ڈرم اسٹک تیار ہیں۔

  • 12 رمضان: حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل نازل ہونے کا دن

    12 رمضان: حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل نازل ہونے کا دن

    اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت و رہنمائی کے لیے جو 4 آسمانی کتب نازل فرمائیں، وہ سب رمضان المبارک کے مہینے میں ہی نازل ہوئیں۔

    اس ماہ کی 12 تاریخ کو حضرت عیسیٰ علیہ السلام پر انجیل نازل فرمائی گئی۔ انجیل کے آغاز میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش، ان کی رسالت، تبلیغ، معجزات، اسرائیلیوں کے ہاتھوں قتل اور 3 دن بعد دوبارہ زندہ ہونے کی کہانی ہے۔

    حضرت عیسیٰ علیہ السلام

    قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام حضرت مریم علیہ السلام کے بیٹے تھے جو اللہ کی قدرت سے شادی کے بغیر ہی ماں کے رتبے پر فائز ہوئیں۔

    حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی پیدائش کے بعد بی بی مریم کی پاک دامنی پر سوال اٹھایا گیا جس کا جواب انہیں یوں ملا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پیدائش کے چند گھنٹوں بعد ہی اپنی زبان سے گفتگو کر کے اپنی والدہ کے پاک دامن ہونے کی گواہی دی۔

    یہ ان کا ایک معجزہ تھا کہ بچہ اپنی پیدائش کے چند گھنٹے بعد جب رونے کے علاوہ اور کچھ نہیں کرسکتا حضرت عیسیٰ نے گفتگو فرمائی۔

    بعد ازاں حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے بنی اسرائیل کے سامنے اپنی نبوت اور معجزات کا اعلان کرتے ہوئے فرمایا۔

    ترجمہ کنز الایمان: ’اور رسول ہوگا بنی اسرائیل کی طرف یہ فرماتا ہوا کہ میں تمہارے پاس ایک نشانی لایا ہوں تمہارے رب کی طرف سے کہ میں تمہارے لیے مٹی سے پرند کی سی مورت بناتا ہوں پھر اس میں پھونک مارتا ہوں تو وہ فوراً پرند ہوجاتی ہے اللہ کے حکم سے، اور میں شفا دیتا ہوں مادر زاد اندھے اور سپید داغ والے کو، اور میں مردے جلاتا ہوں اللہ کے حکم سے، اور تمہیں بتاتا ہوں جو تم کھاتے اور جو اپنے گھروں میں جمع کر رکھتے ہو۔ بے شک ان باتوں میں تمہارے لیے بڑی نشانی ہے اگر تم ایمان رکھتے ہو‘۔

    القرآن، پارہ 3، سورہ آل عمران: 49

  • خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    خوبصورت فن پارے جیسی رنگوں بھری مسجد جسے 2 خواتین نے تعمیر کروایا

    دنیا بھر میں مساجد و دیگر مذہبی مقامات کو نہایت خوبصورت انداز میں تعمیر کیا جاتا ہے، لیکن آج ہم آپ کو جس مسجد کی سیر کروانے جارہے ہیں وہ اپنی نوعیت کی منفرد ترین مسجد ہے۔

    جزائر بلقان میں واقع ملک مقدونیہ کی سرینا مسجد تاریخی لحاظ سے تو اہم ہے ہی، تاہم اس کا شمار آرٹ کے معروف شاہکاروں میں ہوتا ہے۔

    اس مسجد کی چھت اور در و دیوار پر نہایت خوبصورت نقش و نگار بنائے گئے ہیں۔ دیگر مساجد کی طرح سادگی میں پروقار دکھائی دینے کے بجائے یہ مسجد نہایت رنگوں بھری ہے تاہم اس کی جاہ و حشمت میں کوئی کمی نہیں آتی۔

    اس مسجد کی تعمیر 500 سال قبل کی گئی تھی، اس دور میں مساجد کی تعمیر سلطان یا ترک حکمرانوں کی جانب سے کروائی جاتی تھی تاہم اس مسجد کی ایک اور انفرادیت یہ ہے کہ اس کی تعمیر کے وسائل 2 خواتین کی جانب سے مہیا کیے گئے۔

    ہرشیدہ اور مینسور نامی ان دونوں خواتین کی قبریں بھی اسی مسجد کے اندر موجود ہیں۔

    مسجد میں بنائی گئی پینٹنگز کو قدیم طریقہ کار کے مطابق بنایا گیا ہے جب رنگوں میں انڈے کی آمیزش کی جاتی تھی۔ تمام رنگ و روغن کے لیے اس وقت 30 ہزار انڈے استعمال کیے گئے تھے۔

    سترہویں صدی میں اس قصبے میں ایک بڑی آتشزدگی کا واقعہ بھی پیش آیا جس نے اس قصبے کو بے حد نقصان پہنچایا تاہم خوش قسمتی سے یہ مسجد محفوظ رہی۔

    کیا آپ اس رنگوں بھری خوبصورت مسجد میں جانا چاہیں گے؟

  • افطار کے بعد سگریٹ نوشی سے اچانک موت کا خطرہ

    افطار کے بعد سگریٹ نوشی سے اچانک موت کا خطرہ

    رمضان المبارک کا روح پرور مہینہ جاری ہے اور اس ماہ میں مسلمان اس کی رحمتوں اور برکتوں سے فیضیاب ہونے میں مشغول ہیں۔ تاہم ایسے افراد جو روزہ کھولتے ہی سگریٹ پینے کے عادی ہیں وہ اپنے آپ کو جسمانی طور پر سخت خطرات میں مبتلا کردیتے ہیں۔

    ترکی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ افطار کرنے کے بعد سگریٹ پینے سے زیادہ خطرناک عمل کوئی نہیں۔

    تحقیق کے مطابق افطار کے وقت جسم کو پانی، گلوکوز اور آکسیجن کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں سگریٹ کے ایک کش سے شریانیں سکڑ جاتی ہیں اور خون میں آکسیجن مناسب مقدار میں جذب نہیں ہوتی۔

    اس کے نتیجے میں خون گاڑھا ہو جاتا ہے جس سے اس کے جمنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، دل کی دھڑکن بے ربط ہو جاتی ہے، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی مقدار بڑھ جاتی ہے اور ان سب عوامل سے دل کی بیماریاں لاحق ہونے کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔

    تحقیق میں شامل ایک ماہر طب کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں افطار کے فوری بعد سگریٹ نوشی نہ صرف امراض قلب میں مبتلا کر سکتی ہے بلکہ اس کے ساتھ یہ جسمانی جھٹکوں اور ہاتھ پاؤں میں کپکپاہٹ کا باعث بھی بننے لگتی ہے۔

    تحقیق کے مطابق آسان لفظوں میں افطار کے فوراً بعد سگریٹ پینا آپ کی اچانک موت کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ رمضان میں سگریٹ نوشی سے خون کی شریانوں کی دیواروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے جو باقی سال بھر پہنچنے والے نقصان سے کہیں زیادہ ہوتا ہے۔ طویل وقفے کے بعد سگریٹ پینے سے جسم کا تمام مدافعتی نظام درہم برہم ہوجاتا ہے جو سخت نقصان دہ ہے۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ یوں تو سگریٹ نوشی کے خطرات کو دیکھتے ہوئے اس کا استعمال کم کردینے میں ہی عافیت ہے، تاہم اگر سگریٹ کی شدید طلب ہو تو افطار کے 30 سے 40 منٹ بعد سگریٹ نوشی کی جاسکتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک سگریٹ نوشی ترک کرنے کا اچھا موقع ہے کیونکہ جب انسان روزے کی حالت میں دن بھر میں تقریباً 13 سے 14 گھنٹے تک سگریٹ نہیں پیتا، تو یہ عمل سال بھر بھی کرسکتا ہے۔

    اسی طرح روزے دار کی طبیعت میں نظم و ضبط بھی پیدا ہوجاتا ہے جس سے وہ سگریٹ نوشی سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر سکتا ہے۔

  • افطار کے لیے ماش کی دال کے مزیدار میٹھے دہی بڑے بنائیں

    افطار کے لیے ماش کی دال کے مزیدار میٹھے دہی بڑے بنائیں

    افطار میں دہی بڑے پیش کیے جانا تو عام سی بات ہے جو نمکین اور میٹھے دونوں طرح کے بنائے جاسکتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ماش کی دال کے میٹھے دہی بڑے بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں۔

    اجزا

    ماش کی دال دھلی ہوئی: ایک پاؤ

    دہی: آدھا کلو

    ادرکـ ذرا سا ٹکڑا

    دہی بڑوں کا مصالحہ

    تیل: فرائی کے لیے حسب ضرورت

    ترکیب

    ماش کی دال رات بھر بھگونے کے بعد اس میں ادرک کا ٹکڑا ڈال کر گرینڈ کرلیں اور گاڑھا پیسٹ تیار کر لیں۔

    تیل گرم کر کے ہاتھ سے یا چمچے سے چھوٹی چھوٹی بوندیاں بنا لیں اورفرائی کر کے انہیں پانی میں ڈالتے رہیں۔

    دو سے تین منٹ بعد بوندیوں کو نکالتے رہیں کہ ان کا پانی نکل جائے۔

    ماش کی دال کے ساتھ کشمش کی چٹنی

    اجزا

    کشمش: 50 گرام

    املی: 5 سے 6 دانے

    کالی مرچ کٹی ہوئی: آدھا چمچ

    چینی: کھانے کے تین چمچ

    نمک: حسب ذائقہ

    ترکیب

    کشمش کی چٹنی کے لیے ایک کپ پانی لیں۔ اس میں کشمش، املی کے دانے، کالی مرچ اور چینی ملا کر اچھی طرح گرینڈ کرلیں۔

    آخر میں معمولی سا نمک ڈال لیں۔

    اب دہی میں 6 سے 7 کھانے کے چمچ چینی ڈال کر اچھی طرح پھینٹ لیں اور اس میں تیار کی گئیں بوندیوں کو ملا لیں۔

    اس کے بعد اوپر سے کشمش کی چٹنی ڈالیں اور دہی بڑوں کے مصالحے کے ساتھ افطار میں پیش کریں۔

  • رمضان آرڈیننس آخرہے کیا؟؟

    رمضان آرڈیننس آخرہے کیا؟؟

    پاکستان میں احترامِ رمضان آرڈیننس کے تحت عوامی مقامات پر کھانا پینا ممنوع ہے، آئیے جانتے ہیں کہ یہ آرڈیننس ہے کیا اور اس کے تحت قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو کیاسزا ہوسکتی ہے۔

    احترام رمضان آرڈیننس 1981 کل دس دفعات پر مبنی ہے! اس قانون میں سب سے پہلے یہ وضاحت کی گئی ہے کہ آیا پبلک پلیس کیا ہے! قانون کی دفعہ 2 کے مطابق کوئی بھی ہوٹل، ریسٹورنٹ، کینٹین، گھر، کمرہ، خیمہ، یا سڑک، پُل یا کوئی اور ایسی جگہ جہاں عام آدمی کو با آسانی رسائی ہو پبلک پلیس میں آتا ہے۔

    اور آرڈینس کی دفعہ 3 کے تحت کوئی بھی ایسا فرد جس پر اسلامی قوانین کے تحت روزہ رکھنا لازم ہے اُسے روزے کے وقت کے دوران پبلک پلیس پر کھانا، پینا اور سگریٹ نوشی کی ممانعت ہوگی! اور اگر کوئی ایسا کرتا پکڑا گیا تو اُسے تین ماہ کی قید یا پانچ سو روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

    آرڈینس کی دفعہ 4 کے تحت روزے کے وقت کے دوران کسی ریسٹورنٹ، کینٹین یا ہوٹل کے مالک، نوکر، منیجر یا کسی اور پبلک پلیس پر کسی فرد کو جانتے بوجھتے رمضان میں کھانے کی سہولت دینا یا دینے کی آفر کرنا منع ہے جبکہ اُس فرد پر روزہ لازم ہو اور جو کوئی ایسا کرے گا وہ تین ماہ کی قید، یا پانچ سو روپے جرمانہ یا دونوں سزاؤں کا حقدار ہو گا۔

    دفعہ 5 میں وضاحت کہ گئی ہے کہ کھانے پینے کی اشیاء کی تیاری اسپتال کے باورچی خانے میں کی جاسکتی ہے اور مریضوں کو کھانے کا بندوبست کرنا کی ممانعت نہیں ہے، نیز ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ، بحری اڈہ، ٹرین، جہاز یا بس اسٹینڈ پر پابندی نہیں ہے مزید یہ کہ پرائمری اسکول کے احاطے میں موجود کچن بھی اس پابندی سے آزاد ہے۔

    دفعہ 6 کے تحت تمام سینما ہال، تھیٹر، یااس قسم کے دیگر ادارے سورج غروب ہونے کے بعد سے لے کر دن چڑھنے کے تین گھنٹے بعدتک بند رہیں گے اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو ادارے کے مالک، منیجر، نوکر یا دوسرے ذمہ دار شخص کو چھ ماہ کی قید یا پانچ ہزار روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

    دفعہ 7 کے تحت تمام مجسٹریٹ، ضلعی کونسل کا چیئرمین، زکوۃ و عشر کمیٹی کا ممبر، میونسپل کارپوریشن کا میئر جب یہ خیال کریں کہ اس آرڈیننس (احترام رمضان آرڈینس 1981) کے تحت کو جرم سرزدد ہو رہا ہے تو انہیں اختیار کے کہ وہ ایسی جگہ داخل ہو کر ملزمان کو گرفتار کر لیں کسی اور کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے۔

    دفعہ 9 کے تحت بنائے گئے قواعد کی رو سےاسپتال کی کینٹن سے وہ افراد کھانا لے کر کھا سکتے ہیں جو خود مریض ہوں اور ہوئی اڈہ، ریلوے اسٹیشن ، بحری اڈہ اور بس اسٹینڈ پر سے وہ افراد کھانا کھا سکتے ہیں جن کے پاس ٹکٹ یا ایسا واؤچر ہو جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہو کہ وہ فرد یا افراد 75 کلومیٹر سے زیادہ کا سفر کر رہے ہیں بمعہ اُس سفر کے جو وہ طے کر کے آچکے ہیں نیز پرائمری اسکول میں موجود کینٹن سے صرف وہ طالب علم کھانا لے کر کھا سکتے ہیں جو ابھی بالغ نہیں ہوئے۔

    آرڈیننس میں ترمیم


    سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے کچھ عرصہ قبل احترام رمضان آرڈیننس 1981 میں ترمیم کا بل متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ ترمیمی بل کے تحت آرڈیننس کی خلاف ورزی کرنے والے ہوٹل مالکان پر جرمانے کی رقم 500 روپے سے بڑھا کر 25 ہزار روپے کردی گئی ہے۔

    بل کے مطابق رمضان میں روزہ کے اوقات کے دوران کھلے عام کھانے پینے اور سگریٹ نوشی کرنے والے افراد کو 500 روپے جرمانہ اور 3 ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔اس ضمن میں آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مرتکب ٹی وی چینلز اور سینما ہاؤسز پر بھی 50 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔

  • گرمیوں میں افطار کو پینا کولاڈا سے فرحت بخش بنائیں

    گرمیوں میں افطار کو پینا کولاڈا سے فرحت بخش بنائیں

    پینا کولاڈا مختلف اشیا کو بلینڈ کر کے بنایا جانے والا مشروب ہے جو گرمیوں میں نہایت فرحت بخشتا ہے۔ آئیں آج اس کے بنانے کی ترکیب جانتے ہیں۔

    اجزا

    دودھ: 50 ملی لیٹر

    انناس کا رس: 35 ملی لیٹر

    انناس سلائس: 40 گرام

    چینی: 7 کھانے کے چمچ

    کریم: 4 کھانے کے چمچ

    کھوپرا: 4 کھانے کے چمچ

    لیموں کا رس: ڈھائی کھانے کے چمچ

    سپرائٹ: 40 ملی لیٹر

    آئسکریم: 4 کھانے کے چمچ

    برف: حسب ضرورت

    ترکیب

    دودھ، انناس کا رس، چینی، انناس سلائس، کھوپرا اور کریم کو بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔

    اب اس میں آئسکریم ڈال کر بلینڈ کریں۔

    لیموں کا رس، سپرائٹ اور برف کے ٹکڑے ڈال کر دوبارہ بلینڈ کر لیں۔

    مزیدار پینا کولاڈا تیار ہے۔