Tag: رمیز راجہ

  • رمیز راجہ نے پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کی پیشگوئی کردی

    رمیز راجہ نے پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کی پیشگوئی کردی

    لاہور: پی سی بی کے سابق چیئرمین اور کمنٹیٹر رمیز راجہ نے پی ایس ایل 10 کی فاتح ٹیم کی پیش گوئی کردی۔

    پی ایس ایل 10 میں کمنٹری پینل میں شامل سابق کرکٹر رمیز راجہ نے کہا کہ لاہور قلندرز مضبوط ٹیم ہے جو ٹائٹل جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

    رمیز راجہ نے ایلی منیٹر 2 میں قلندرز کی کارکردگی کو آؤٹ کلاس قرار دیا اور کہا کہ ٹیم اپنی فیلڈنگ میں نمایاں بہتری لائی ہے اور میچ پر مکمل طور پر غلبہ حاصل کرلیا۔

    انہوں نے لاہور کی پلیئنگ الیون میں کی گئی تبدیلیوں کی بھی تعریف کی اور فائنل کے لیے مزید تبدیلیاں نہ کرنے کا مشورہ دیا۔

    یہ پڑھیں: محمد عامر کا پی ایس ایل کے فائنل سے قبل بڑا بیان

    سابق کرکٹر نے کہا کہ لاہور لائن اپ میں کی گئی دو اہم تبدیلیاں خصوصاً سری لنکن کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم کوبہت فائدہ ہوا ہے دیگر تبدیلیاں بھی کافی اچھی تھیں، میرا لاہور کو مشورہ ہے کہ فائنل میں اسی پلیئنگ الیون کے ساتھ جائیں۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ لاہور کی پچ کو دیکھتے ہوئے انہیں فاسٹ بولرز کے بجائے اسپنرز پر انحصار کرنا چاہیے۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 10 کا فائنل، شاہین آفریدی نے بڑا دعویٰ کردیا

    انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز پی ایس ایل 10 کا ایک اور ٹائٹل جیتنے سے صرف ایک میچ دور ہے، مداح ان کی حمایت کے لیے بڑی تعداد میں میدان کا رخ کریں گے اور تمام کی نظریں قلندرز پر ہی ہوں گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل 10 کے ایلی منیٹر 2 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 95 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، فائنل میں کل قلندرز اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

  • شان مسعود پر طنز کرنا رمیز راجا کو مہنگا پڑ گیا

    شان مسعود پر طنز کرنا رمیز راجا کو مہنگا پڑ گیا

    راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام پر کمنٹیٹر رمیز راجہ کی ٹیسٹ کپتان شان مسعود پر طنزیہ جملے پر پی سی بی نے ایکشن لے لیا۔

    راولپنڈی ٹیسٹ کے اختتام کے بعد کمنٹیٹر رمیز راجہ کے جیت کے باوجود کپتان شان مسعود پر طنزیہ حملہ کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکشن لے لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے پی سی بی نے براڈکاسٹرز کو  خط لکھ کر  رمیز راجہ کے رویے سے آگاہ کیا ہے اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    خیال رہےکہ  رمیز راجہ نے گزشتہ روز جیت کے باجود کپتان شان مسعود سے غیر سنجیدہ گفتگو کی تھی۔ انہوں نے شان مسعود کی بطور کپتان 6 ناکامیوں کا ذکر چھیڑے رکھا اور انگلینڈ کیخلاف بڑے ناموں کو ڈراپ کرنے پر بھی تنقید کی تھی۔

    اس رویے  پر سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا، کرکٹر محمد عامر نے بھی تنقید کی اور کہا کہ کیڑے نکالنے کے  بجائے ٹیم کا جہاں کریڈٹ بنتا ہے وہ دینا چاہیے۔

    واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے اسپنرز کی بہترین بالنگ کی بدولت انگلینڈ کو تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

    پاکستان تقریباً ساڑھے 3 سال بعد اپنی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا، پاکستان نے آخری ہوم ٹیسٹ سیریز جنوری 2021 میں جنوبی افریقا کے خلاف جیتی تھی۔

  • 125 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والے پاکستانی پیسرز کی ساکھ ختم ہوچکی، رمیز راجہ

    125 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار والے پاکستانی پیسرز کی ساکھ ختم ہوچکی، رمیز راجہ

    سابق کرکٹر رمیز راجہ نے پاکستان کی سلیکشن کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولرز کی ساکھ ختم ہوچکی ہے۔

    اپنے یوٹیوب چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے کہا کہ سب سے پہلے، ٹیم کے انتخاب میں غلطی ہوئی تھی، آپ اسپنر کے بغیر میدان میں اترے تھے، دوسری بات یہ کہ جس ساکھ کی بنیاد پر ہم اپنے فاسٹ باؤلرز پر انحصار کرتے ہیں وہ ختم ہو چکی ہے۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس ٹریک پر کوئی آؤٹ اینڈ آؤٹ فاسٹ باؤلر موجود ہی نہیں تھا، ہمارے فاسٹ بولرز جن کی رفتار 125 سے 135 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے ان کے سامنے بنگلہ دیشی لائن اپ بھی طویل اننگز کھیلنے میں کامیاب رہی۔

    سابق چیئرمین بورڈ رمیز کا کہنا تھا کہ یہ شکست ظاہر کرتی ہے کہ ٹیم میں اعتماد کا بحران، جو ایشیا کپ کے دوران اس وقت شروع ہوا جب بھارت نے ہمارے فاسٹ بولرز کو سیمنگ کنڈیشنز میں مارا تھا اور پھر دنیا کے سامنے یہ راز کھل گیا کہ اس لائن اپ کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ اٹیکنگ کھیل ہے۔

    پاکستان کے سابق کرکٹر نے کہا کہ فاسٹ بولرز کی رفتار کم ہو گئی ہے اور اسی طرح ان کی مہارت بھی کم ہو گئی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے پیسرز زیادہ مہلک نظر آئے اور ان کی گیندیں نظر آرہی تھیں جبکہ ہمارے فاسٹ بولرز وکٹیں حاصل کرنے کے بعد زیادہ تر ڈرامے بازی کرتے رہے۔

    واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے تاریخ میں پہلی بار قومی ٹیم کے خلاف فتح حاصل کرتے ہوئے اسے 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

  • تینوں فارمیٹس میں جسپریت بمراہ سے بڑا کوئی بولر نہیں، رمیز راجہ

    تینوں فارمیٹس میں جسپریت بمراہ سے بڑا کوئی بولر نہیں، رمیز راجہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کو کرکٹ کے تینوں فارمیٹس کا بڑا بولر قرار دیدیا۔

    رمیز راجہ نے کہا کہ میری کتاب میں جسپریت بمراہ تینوں فارمیٹس میں لیجنڈ ہیں، ان سے بڑا بولر کوئی نہیں ہے جس نے تینوں فارمیٹ کھیلے ہوں، آپ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ لڑکا کہاں سے آیا اور کہاں پہنچ گیا۔

    پاکستان ٹیم کے سابق اوپنر نے کہا کہ پہلے ان میں اعتماد کی کمی تھی اور بمراہ کا بولنگ ایکشن عجیب تھا، وہ ان فٹ تھے لیکن وہ واپس ٹیم میں آئے اور اب انھوں نے بھارت کو ورلڈ کپ جتوایا ہے۔

    خیال رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی فتح میں اہم کردار ادا کرنے والے جسپریت بمراہ کو ان کی کارکردگی کا صلہ مل گیا ہے۔

    فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے بھارتی کپتان روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

    بمراہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں اپنی شاندار بولنگ کے بعد جون کے مہینے کے لیے بہترین مرد کرکٹر کا ایوارڈ جیتا، اس سے قبل انھیں عالمی ایونٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

  • ’ٹیم میں ریٹائرڈ پلیئرز کو شامل کرکے آپ کو کیا ملا؟‘

    ’ٹیم میں ریٹائرڈ پلیئرز کو شامل کرکے آپ کو کیا ملا؟‘

    سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کےلیے ریٹائرڈ پلیئرز کو ٹیم میں شامل کرنے پر کرکٹ بورڈ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کے ہاتھوں افسوسناک شکست کے بعد سابق پاکستانی کپتان رمیض اس بات پر برہم نظر آئے کہ پی سی بی اور سیلکٹرز نے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینے کے بجائے ان پلیئرز کو میگا ایونٹ کے لیے ٹیم میں شامل کیا جو ریٹائر ہوچکے تھے۔

    رمیز راجہ نے کرک بز کرکٹ ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستانی ٹیم ایسے کھلاڑیوں کو تیار کرے جو دباؤ میں کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو ورلڈ کپ کے بعد دوبارہ سے تعمیرنو شروع کرنا ہوگی، ٹیم میں ایسے کھلاڑیوں کو منتخب کرنا ہوگا جو دباؤ کو برداشت کرسکیں اور ان کی ذہنیت واضح ہو۔

    سابق چیئرمین نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ٹیم میں کھلاڑیوں کو باہر سے لانے کی ضرورت نہیں ہے، ان ریٹائر پلیئرز کو واپس لاکر آپ درحقیقت پہلے کیے گئے اچھے کاموں کی نفی کر رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے کئی سابق کرکٹرز نے ریٹائر ہونے والے محمد عامر اور عماد وسیم کو ٹیم میں شامل لانے کے بورڈ کے فیصلے کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا جبکہ رمیز راجہ ان سب میں پیش پیش تھے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم میں عامر اور عماد کی شمولیت کے باوجود گرین شرٹس بری طرح ناکام ثابت ہوئے۔ ٹیم امریکا اور بھارت کے خلاف میچز بری طرح ہار گئی، اب اس کے اگلے مرحلے میں جانے کے لالے پڑے ہیں۔

  • کوریج کی وجہ سے پاک آئرلینڈ سیریز انگلینڈ میں نشر ہی نہیں ہورہی، رمیز راجہ

    کوریج کی وجہ سے پاک آئرلینڈ سیریز انگلینڈ میں نشر ہی نہیں ہورہی، رمیز راجہ

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے پاک آئرلینڈ ٹی ٹوئنی سیریز کی کوریج پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم کوئی افریقی ٹیم نہیں ہے کہ اسکے میچز کی ایسی کوریج کی جائے، اس طرح کی کوریج کی وجہ سے یہ سیریز انگلینڈ میں نشر نہیں ہورہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اگر بھارتی ٹیم کے ساتھ یہ صورتحال ہوتی تو بی سی سی آئی کبھی ایسی کوریج کی اجازت نہ دیتا۔

    سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کوریج سے ہماری کرکٹ بے کار نظر آرہی ہے جو کہ ناانصافی ہے۔ آپ کی عزت آپ کے اپنے ہاتھ میں ہوتی ہے۔

    سیریز کی کوریج کے حوالے سے انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان جیسی ٹیم کے میچز میں ڈی آر ایس اور ری پلے کا نہ ہونا ٹھیک نہیں ہے جس کی وجہ سے وہ ایکشن کو درست طریقے سے فالو نہیں کر پا رہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے جیسے کوئی کلب کا میچ ٹیلی کاسٹ ہو رہا ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ میچ کے دوران آپ اچھے شاٹس یا اچھی گیندوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے کیوں کہ وہاں صرف دو کیمرے ہیں۔

    رمیز راجا کے مطابق یہ پاکستان کرکٹ پکے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس معاملے کو دیکھنا چاہیے تھا۔

    انھوں نے کہا کہ ایسی کوریج پر براڈ کاسٹنگ کمپنی سے نشریاتی حقوق واپس لے لینے چاہیے تھے جبکہ اس سیریز کے لیے کوریج کو بہت بہتر ہونا چاہیے تھا۔

    واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم آئرلینڈ کے دورے پر ہے جہاں تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ آئرلینڈ نے اسے شکست دی تھی جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔

  • کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر کیوں نہیں لے جانا چاہیے؟ رمیز نے بتادیا

    کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر کیوں نہیں لے جانا چاہیے؟ رمیز نے بتادیا

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر نہیں لے جانا چاہیے۔

    موجودہ کمنٹیٹر اور سابق پاکستانی کرکٹر رمیز راجا نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری رائے ہے کہ کرکٹرز کو بیگمات کو اپنے ساتھ ٹور پر نہیں لے کر جانا چاہیے۔

    میزبان نے ان سے دلچسپ سوال کیا کہ شادی کے بعد کرکٹرز کو مس فٹ دیکھا گیا ایسا کیوں ہے؟ اس کے جواب میں رمیز کا کہنا تھا کہ بیویاں بیچاری یونہی زد میں آجاتی ہیں، یہ سب میرے ساتھ بھی ہو چکا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ایک ٹور میں بھی اپنی بیگم کو ساتھ لے کر نہیں گیا کیونکہ مجھے اندازہ تھا کہ اہلیہ کی وجہ سے میرا فوکس کرکٹ سے ہٹ جائے گا۔

    سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میں اب کرکٹ نہیں کھیلتا کمنٹری کرتا ہوں تاہم اگر میں اب بھی اہلیہ کو لے جاؤں تو ہو سکتا ہے کہ جو 8 گھنٹے میں کمنٹری کے دوران ہنستا مسکراتا نظر آتا ہوں، بیوی کے سامنے پہنچ کر میرا منہ اکڑ جائے۔

    انھوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں کے ساتھ سفر مشکل ہے، اگر کوئی پلیئر اسٹیڈیم میں اچھی پرفارمنس نہ دے سکے تو اس کا موڈ کیسے ٹھیک رہے گا بیوی ساتھ ہو تو اسے شاپنگ پر لے کر بھی جانا ہوتا ہے۔

    رمیز راجہ نے پلیئرز کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹور ختم ہونے کے بعد ایک ہفتے فیملی کے ساتھ وہیں رک جائیں، پھر آپ نے جتنے سیر سپاٹے کرنے ہیں کریں۔

  • محمد حارث کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر رمیز راجہ سلیکٹرز پر برس پڑے

    محمد حارث کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر رمیز راجہ سلیکٹرز پر برس پڑے

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نوجوان وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کی حمایت میں سامنے آگئے۔

    رمیز راجا نے کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد حارث کو پاکستان ٹیم میں منتخب نہ کرنے پر سلیکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ 2023 میں محمد حارث کی کارکردگی شاندار رہی لیکن اس کے بعد انھیں مواقعے نہیں دیے گئے۔

    انھوں نے سوال کیا کہ اگر آپ کے پلان میں صائم ایوب شامل ہیں تو سلیکٹرز نے محمد حارث کو کیوں چھوڑ دیا ہے۔

    سابق چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ محمد حارث کا اسٹرائیک ریٹ 200 سے زائد کا رہا ہے، کوئی بھی بیٹر اتنے زیادہ اسٹرائیک ریٹ کیساتھ متواتر رنز اسکور نہیں کرپائے گا کیوں کہ اس طرح کھیلنے میں رسک ہوتا ہے۔

    انھوں نے نوجوان بیٹر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ایک کرکٹر کو 180 کے اسٹرائیک ریٹ تک پہنچایا گیا اب وہ پلان کا حصہ نہیں تو اس سے کھلاڑی کا بھی نقصان ہوتا ہے۔

    موجودہ کمنٹیٹر نے اعتراف کیا کہ حارث 20 یا 30 رنز کی اننگز کھیلتے ہیں لیکن وہ اسکو طویل اننگز میں نہیں بدل پاتے۔ ان کا اسٹرائیک ریٹ زیادہ ہوتا ہے۔

  • پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ دوبارہ کمنٹیٹر بن گئے

    پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ دوبارہ کمنٹیٹر بن گئے

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ دوبارہ  کمنٹیٹر بن گئے۔

    پی سی بی کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کامینٹری میں واپسی کا اعلان کر دیا۔

    رمیز راجہ نے ٹوئٹ میں لکھا ’ کیمرہ، ساوئنڈ اور  ایکشن، پاکستان اور سری لنکا کی سیریز کے لیے کامینٹری بوکس میں واپس آ گیا ہوں۔

    واضح رہے کہ چیئر مین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد رمیز راجہ نے کامینٹری چھوڑ دی تھی۔

    پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز گال اور کولمبو میں کھیلی جائے گی جبکہ ٹیم دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

    پہلا ٹیسٹ گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں 16 سے 20 جولائی تک کھیلا جائے گا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم 9 جولائی کو کولمبو پہنچے گی، ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستانی ٹیم 11اور 12 جولائی کو دو روزہ وارم اپ میچ بھی کھیلے گی۔

  • رمیز راجہ کیلئے قیمتی گاڑی خرید کر بلٹ پروف بنائے جانے کا انکشاف

    رمیز راجہ کیلئے قیمتی گاڑی خرید کر بلٹ پروف بنائے جانے کا انکشاف

    دستاویزات کے مطابق پی سی بی نے فروری 2022 میں قیمتی گاڑی خریدی جسے بعد میں بلٹ پروف گاڑی میں تبدیل کیا گیا۔

    ذرائع وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کی دستاویزات کے مطابق گاڑی کی خریداری اور گاڑی کو بلٹ پروف بنانے پر ایک کروڑ 65 لاکھ 42 ہزار روپے خرچ ہوئے، اس کے علاوہ گاڑی کی رجسٹریشن پر 4 لاکھ37 ہزار جبکہ ٹرانسپورٹ چارجز پر 43 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

    ذرائع وزارت بین الصوبائی رابطہ کمیٹی نے بتایا کہ سابق پی سی بی چیئر مین رمیز راجہ کو اس وقت جان کا خطرہ تھا، مشورے پر ان کی حفاظت کے لئے گاڑی خریدنا ضروری تھا۔

    وزارت بین الصوبائی کا مزید کہنا  تھا کہ ایسی گاڑیاں آئی سی سی اور دیگر کرکٹ بورڈ کے حکام کیلئے استعمال ہوتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے بھی انکشاف کیا تھا کہ انہین آسٹریلوی ٹیم کے دورے کے دوران جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں ۔