Tag: رمیز راجہ

  • کیا رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کے حقیقی راجہ بن پائیں گے؟

    کیا رمیز راجہ پاکستان کرکٹ کے حقیقی راجہ بن پائیں گے؟

     تحریر: بابر خان

    رمیز راجہ جس تیزی سے کام کر رہےہیں لگتا ہے وہ کرکٹ کے حقیقی راجہ بننا چاہتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کو شائد احساس ہوگیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ہی نہیں اس کا اسٹرکچر بھی بہت پیچھے ہے۔پرانا نظام گل سڑ گیا ہے ۔ اگر اب بھی اسے درست نہیں کیا تو پاکستان دنیائے کرکٹ میں اکیلا رہ جائے گا۔

    رمیز راجہ آج کل کراچی کے دورے پر ہیں ۔ پہلے کاروباری برادری کے بڑے بڑے لوگوں سے ملاقات کی۔ پھر پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں لوگوں سے ملے۔ رمیز راجہ کی پہلی ترجیح پاکستان کرکٹ کو مالی طور پر مضبوط کرنا ہے۔ رمیز راجہ متعدد بار کہہ چکے ہیں پاکستان ٹیم کارکردگی اور مالی اعتبار سےمضبوط ہوگی توکوئی ٹیم پاکستان چھوڑ کر نہیں جائے گی۔

    رمیز راجہ نے کاروباری افراد سے ملاقات کرکے انہیں کرکٹ میں پیسہ لگانے پر آمادہ کیا۔ معروف بزنس مین عقیل کریم ڈیڈھی نے نیشنل اسٹیڈیم کے قریب دو سو کمروں کو فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ عقیل کریم ڈیڈھی کہتے ہیں پہلی بار پی سی بی کا کوئی چئیرمین خود چل کر ہمارے پاس آیا ہے اب ہماری ذمہ داری ہے ہم اس کے پاس جائیں گے۔

    یہ سو فیصد سچ ہے کہ پاکستان کرکٹ مالی طور پر مضبوط ہوگا تو تمام ممالک اس سے کھیلنا پسند کریں گے۔ آئی سی سی میں بھی پاکستان کی پوزیشن مضبوط ہوگی۔ پاکستان میں کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط ہوگا تو کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ رمیز راجہ کو چاہیے کہ تمام ریجن میں ہائی پرفارمنس سینٹر بنائیں۔ یہ بہت پہلا ہوجانا چاہیے تھا لیکن شائد ماضی میں آنے والے چئیرمین اس معاملے کی نزاکت کو نہیں سمجھ سکے۔ یہ اچھی بات ہے کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ میں پیسہ لانا چاہتے ہیں ۔ اس سے پاکستان کرکٹ مالی طور پر تو مضبوط ہوجائے گی لیکن کارکردگی میں بہتری کے لئے صرف پیسے کا ہونا ضروری نہیں ہے۔

    کارکردگی بہتر ہوگی میرٹ پر فیصلے کرنے سے۔پسند نا پسند سے ہٹ کر کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر آگے لانے سے۔ کوچز ، کھلاڑیوں ، گراونڈ اسٹاف میںپروفیشنلزم لانے سے۔ صرف کرکٹر کا معیار بہتر کرنے سے کرکٹ میں بہتر ی نہیں آئے گی۔

    کرکٹ کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے افراد کا معیار بہتر کرنا ہوگا تو ہی کرکٹ میں بہتری آئے گی۔ پاکستان میں پیچز اچھی نہیں ہیں گراونڈ سہولیات بہتر نہیں ہیں۔اسکول اور کالج کرکٹ بلکل ختم ہوگئی ہے۔ کرکٹ میں پیسہ صرف نیشنل ٹیم تک محدود کردیا گیا تو نتائج میں بہتر نہیں آئے گی۔

    اس پیسے کو اسکول کرکٹ ، انڈر سکسٹین اور اور انڈر نائنٹین کرکٹ تک منتقل کرنا پڑے گا ۔ جب چھوٹے لیول پر کرکٹرز کو ایکسپوژر ملے گا تو ان کی کرکٹ بھی بہتر ہوگی اور ان کی شخصیت بھی۔ رمیز راجہ کو راجہ بننا ہے تو دل بڑا کرکے کام کرنا ہوگا۔

    بابر خان بطور اسپورٹس پروڈیوسر اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں- وہ تیرہ سال سے زائد عرصے سے اسپورٹس رپورٹنگ سے وابستہ ہیں۔ڈریسنگ روم میں ہونے والے تنازعات سے لیکر کھلاڑیوں کی کارکردگی تک ہر خبر پر نظر رکھتے ہیں

  • کرکٹ کی بہتری کے لیے کراچی میں رمیز راجہ کا بڑا قدم

    کرکٹ کی بہتری کے لیے کراچی میں رمیز راجہ کا بڑا قدم

    کراچی: چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے آج بزنس کمیونٹی سے اہم ملاقات کے لیے پہلے دورہ کراچی پہنچے ہیں، جس میں ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر مضبوط بنانے سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئیں‌ گے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج کراچی میں معروف کاروباری شخصیت عقیل کریم ڈھیڈی سے ملاقات کی، چیئرمین رمیز راجہ نے کہا میں عقیل ڈھیڈی بھائی کا بہت شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کے جیسے لوگوں کی ہمیں ضرورت ہے۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ ہم کرکٹ اکانومی کو بہتر بنانا چاہتے ہیں، عقیل کریم نے وعدہ کیا ہے یہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم نے انھیں بتایا کہ کس طرح یہ ہماری مدد کر سکتے ہیں، اور آگے چل کر ہم عقیل بھائی کو 100 فی صد انوالو کریں گے۔

    عقیل کریم ڈھیڈی نے اس موقع پر کہا کہ کرکٹ کی بہتری کے لیے ہمارے پاس آنے پر ہم بھی رمیز راجہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بڑے عرصے بعد چیئرمین صاحب بزنس کمیونٹی سے ملنے آئے ہیں۔

    انھوں نے کہا میں سمجھتا ہوں اب پاکستان کی کرکٹ تبدیل ہو جائے گی، رمیز راجہ ہمارے پاس آئے اب ہم ان کے پاس جائیں گے، اس سلسلے میں بہت سارا کام ہوگا، اور وہ کام آج سے شروع ہوں گے۔

  • ’چائے کم پیئں‘ رمیزراجہ کا بورڈ کے اخراجات کم کرنے کا اعلان

    ’چائے کم پیئں‘ رمیزراجہ کا بورڈ کے اخراجات کم کرنے کا اعلان

    لاہور : چیئرمین رمیز راجہ نے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اخراجات کم کرنے کی ہدایت جاری کردی۔

    بورڈ کے اخراجات کم کرنے کا اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے دو روز قبل عمران خان انکوژر میں ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جیسے بھی ممکن ہو ملازمین فوری طور پر بورڈ کے اخراجات کم کریں، اس موقع پر رمیز راجہ نے بتایا کہ عمران خان نے پرائم منسٹر ہاؤس کے اخراجات کیسے کم کیے؟

    رمیز راجہ کے خطاب کے دوران ڈائریکٹرز سے لیکر لوئر اسٹاف اور گراؤنڈ اسٹاف تک تمام ملازمین موجود تھے۔

    چیئرمین پی سی بی نے اپنے ملازمین کو حکم دیا کہ دفتر سے گھر جاتے ہوئے لائٹس بند کرکے جائیں اور دو کے بجائے ایک کپ چائے پیئں اور اے سی بھی کم استعمال کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو دنیا کی نمبر ون ٹیم بنانا ہے اگر ٹیم نمبر ون نہ ہوئی تو ہم سب کے رہنے کا کوئی جواز نہیں۔

    اپنے خطاب کے دوران رمیز راجہ نے بڑی تنخواہوں والے ملازمین کو بھی دبے الفاظ میں پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں کام کرنا ہے اور اپنی موجودگی کا جواز بتانا ہے۔

    چیئرمین بورڈ کا کہنا تھا کہ میرا فوکس صرف کرکٹ ہے ہمیں کرکٹ کو اوپر لے کر جانا ہے اور کرکٹ کی بہتری کےلیے کام کرنا ہے۔

  • رمیز راجہ ’ریمبو‘ کہنے پر برہم

    رمیز راجہ ’ریمبو‘ کہنے پر برہم

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ مٹینگ کے دوران ریمبو کہنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی صوبائی کوچز کے ساتھ ورچوئل میٹنگ ہوئی، جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

    باسط علی نے مٹینگ کے دوران رمیز راجہ کو ریمبو کہہ کر مخاطب کیا تو چیئرمین پی سی بی نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ڈانٹ پلا دی۔

    ذرائع کے مطابق رمیز راجہ نے باسط علی کو سخت جواب دیتے ہوئے کہا، کیا ہو گیا مسٹر باسط، میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین ہوں، زرا سنبھل کر بات کریں۔

    باسط علی پر رمیز راجہ کا غصہ دیکھ کر دیگر ٹیموں کے کوچز سنجیدہ ہوئے اور انہوں نے موضوع سے متعلق ہی گفتگو کی۔

    ذرائع کے مطابق شاہد اسلم کی کوچنگ پر بھی چیئرمین پی سی بی نے برہمی کا اظہار کیا اور کوچز کو پیغام دیا کہ وہ دوستیاں نہ نبھائیں بلکہ کوچنگ کا حق ادا کریں۔

  • وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا: رمیز راجہ

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ اپنے دور میں وسیم خان نے پی سی بی میں بہترین قیادت کا مظاہرہ کیا۔

    رمیز راجہ نے چیف ایگزیکٹو پی سی بی کے عہدے سے وسیم خان کے مستعفی ہونے پر کہا کہ بہترین قیادت پر پی سی بی وسیم خان کا مشکور ہے، عالمی وبا کے دوران وسیم خان نے ایسے فیصلے کیے جس سے کرکٹ متاثر نہیں ہوئی۔

    رمیز راجہ نے کہا وسیم خان کے کیریئر اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔

    وسیم خان نے مستعفی ہونے کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سے وابستگی پر انھیں فخر ہے، چارج سنبھالا تو اولین ذمہ داری بورڈ کا مثبت تشخص اجاگر کرنا تھا، جس کے لیے ہم نے جامع اور منظم حکمت عملی کے تحت فیصلے کیے، جس سے امیج بہترا ہوا۔

    سی ای او پی سی بی وسیم خان عہدے سے مستعفی ہوگئے

    انھوں نے کہا ہم نے جو اقدامات اٹھائے، ہمیں امید ہے کہ ان سے بین الاقوامی کرکٹ کے انعقاد پر مفید اثرات ہوں گے، میری اور ٹیم کی 5 سالہ حکمت عملی کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں انعقاد پر بھی بہت مطمئن ہوں۔

    وسیم خان نے کہا میرے لیے آگے بڑھنے اور اپنی فیملی سے دوبارہ ملنے کا یہی بہترین وقت ہے، پی سی بی کے اسٹاف اور کمرشل پارٹنرز کے ساتھ کام پر بہت خوش ہوں، تمام ملازمین، پاکستان مینز، ویمنز کرکٹرز اور تمام فینز کا شکر گزار ہوں۔

    واضح رہے کہ آج وسیم خان نے بطور چیف ایگزیکٹو پی سی بی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے پی سی بی نے منظور کر لیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے وسیم خان کا استعفیٰ منظور کیا۔ خیال رہے کہ

    وسیم خان نے یہ عہدہ یکم فروری 2019 کو 3 سال کے لیے سنبھالا تھا۔

  • نیوزی لینڈ کے ساتھ اب آئی سی سی میں بات کریں گے: چیئرمین پی سی بی

    نیوزی لینڈ کے ساتھ اب آئی سی سی میں بات کریں گے: چیئرمین پی سی بی

    لاہور: نیوزی لینڈ ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے پر چیئرمین پی سی بی نے مایوسی کا اظہار کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کو جواز بنا کر ٹور ختم کرنا بہت افسوس ناک ہے، نیوزی لینڈ سے اب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں بات کریں گے۔

    رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے اچانک دورہ منسوخی پاکستانی فینز اور کھلاڑیوں کے لیے افسوس ناک خبر ہے۔

    پی سی بی کے سی ای او وسیم خان نے وزارت داخلہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کل خصوصی چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے واپس جائے گی، یہ افسوس ناک امر ہے، جو ہوا بہت غلط ہوا۔

    واضح رہے کہ آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ ہونے جا رہا تھا، اچانک کیوی کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی کو جواز بنا کر سیریز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔

    بعد ازاں، پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے کیوی ہم منصب سے فون پر بات کی، جس میں جیسنڈا آرڈرن نے سیریز کی منسوخی کی استدعا کی۔

    ادھر انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان کے دورے سے متعلق اہم بیان جاری کر دیا ہے، بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دورے سے متعلق فیصلہ 24 سے 48 گھنٹے میں کریں گے۔

  • چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ کا پہلا بڑا فیصلہ

    چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ کا پہلا بڑا فیصلہ

    لاہور: چیئرمین پی سی بی منتخب ہوتے ہی رمیز راجہ نے پہلا بڑا فیصلہ کیا ہے، انھوں نے میتھیوہیڈن اور ورنن فلینڈر کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا۔

    لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرا وژن بہت واضح ہے کہ چیزوں کو ری سیٹ ہونے کی ضرورت ہے، کوچنگ سسٹم پر نظرثانی ہوگی، میتھیو ہیڈن اور ورنان فلینڈر کو ورلڈ کپ کی کوچنگ کے لیے چنا ہے، بینک الفلاح دونوں کوچز کا معاوضہ ادا کرے گا، اور ان سے اسٹرٹیجک پارٹنر شپ ہوئی ہے، دونوں غیر ملکی کوچز کے ساتھ ایک پاکستانی کوچ لگے گا۔

    پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ انھوں نے کمنٹری باکس کی آسان پوزیشن چھوڑ کر ایک چیلنج والی پوزیشن قبول کی، پی سی بی کی تاریخ میں گنے چنے کرکٹر ہی چیئرمین رہے، شاید ایک تاثر بن گیا ہے کہ کرکٹر انتظام نہیں سنبھال سکتے، لیکن اب شاید راستہ بنے گا کہ وہ آ کر پی سی بی کا انتظام سنبھال سکیں۔

    رمیز راجہ نے کہا پچز کا بہت برا حال ہے، ہم نے پہلے ان پر کام نہیں کیا، سلیکشن کے معاملے پر ہمیں تسلسل لانا ہوگا، 192 فرسٹ کلاس کرکٹر کا ماہانہ معاوضہ ایک ایک لاکھ بڑھا دیا گیا ہے، اسکولز کرکٹ کو کلبز کے ساتھ منسلک کریں گے، میری کوشش ہوگی کہ میری بجائے ٹیم اور کپتان کی پروجیکشن زیادہ ہو، ہر کھلاڑی اپنی ذمے داری سمجھے، قومی کرکٹ ٹیم اپنے ڈر سے باہر نکل آئے، ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، پاکستان کی ٹیم میں اب بھی 4 سے 5 میچ ونر موجود ہیں، اس لیے قومی ٹیم کو بیک کریں، 10 سے پندرہ دن میں اچھی خبر ملے گی۔

    پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس ٹاپ ٹیم تھی جو انھوں نے بنائی تھی، یہ کھیل 100 سال میں بدلا نہیں کپتان اب بھی مالک ہے، کرکٹر بطور چیئرمین پی سی بی آئے تو اس سے امیدیں الگ ہوتی ہیں، بھول جائیں کہ کوئی تھرڈ اور سیکنڈ پارٹی آ کر معاملات میں مداخلت کرے۔

    انھوں نے کہا میری کوشش ہے کہ اندرون سندھ اور بلوچستان میں ہائی پرفارمنس سینٹر کھولیں، میں چاہتا ہوں کہ ڈومیسٹک کوچز کی راہ ہموار ہونی چاہیے۔

  • رمیز راجہ  بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب

    رمیز راجہ بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب

    لاہور : رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 35ویں چیئرمین منتخب ہوگئے ، وہ پی سی بی کے چیئرمین بننے والے چوتھےسابق کرکٹر ہیں ۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ کا اجلاس نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں ہوا، الیکشن کمیشن جسٹس(ر) شیخ عظمت سعید نے اجلاس کی، اجلاس میں عاصم واجدجواد،عالیہ ظفر، اسد علی خان ، عارف سعید ،جاوید قریشی ، رمیز راجہ اور وسیم خان اجلاس میں شریک ہوئے۔

    گورننگ بورڈ میں 4آزاد اراکین ، پیٹرن کے 2نمائندے ، 3منتخب صوبائی نمائندے اور چیف ایگزیکٹو شامل ہیں تاہم صوبائی ایسوسی ایشن کاانتخابی عمل مکمل نہ ہونے کے باعث کوئی رکن شریک نہیں۔

    اجلاس میں رمیزراجہ بلامقابلہ چیئرمین پی سی بی منتخب ہوئے ، رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 35 ویں چیئرمین ہیں اور پی سی بی کے چیئرمین بننے والےچوتھےسابق کرکٹر ہیں، اس سے قبل عبدالحفیظ کاردار،جاوید برکی اور اعجاز بٹ بورڈکے چیئرمین رہ چکے ہیں

    نو منتخب چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ سوا 2بجے پریس کانفرنس کریں گے۔

  • بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    بورڈ کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ملاقات کیسی رہی؟ کپتان نے بتا دیا

    کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ پی سی بی کے نئے متوقع چیئرمین رمیز راجہ سے ان کی ملاقات مثبت رہی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ رمیز راجہ سے ملاقات خاصی مثبت رہی، انھوں نے اپنی سوچ اور حکمت عملی سے ہمیں آگاہ کیا۔

    نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستان آتی تو بہت اچھی تیاری ہوتی، اب جو بھی ٹیم یہاں آ رہی ہے اس کے ساتھ بھرپور کرکٹ کھیلیں گے، امید ہے آئندہ برس نیوزی لینڈ کی مکمل ٹیم پاکستان آئے گی۔

    قومی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے اعلان پر انھوں نے کہا کہ ابھی ون ڈے ٹیم کا اعلان ہوا ہے، ٹی 20 کے لیے بیٹھیں گے تو معاملات کا جائزہ لیں گے، مڈل آرڈر میں مسائل ہیں اور ان کے حل کے لیے سوچ بچار رہے ہیں، جو لڑکے ٹیم میں واپس آئے ہیں ان کے پاس خود کو منوانے کا موقع ہے۔

    نیوزی لینڈ کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان

    بابر اعظم نے کہا اچھی کارکردگی کے باوجود تنقید کو انجوائے کرتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ تنقید کو سنیں ہی نہیں، بلکہ اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔

    سرفراز احمد کو ڈراپ کرنے سے متعلق ایک سوال پر کپتان قومی ٹیم نے کہا کہ اس سلسلے میں چیف سلیکٹر محمد وسیم وضاحت دے چکے ہیں۔

    ورلڈ ٹی 20 سے متعلق بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے خلاف اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پُر عزم ہیں، بھارتی ٹیم کافی عرصے سے ٹی 20 کرکٹ سے دور ہے، کوشش ہوگی کہ ورلڈ ٹی 20 میں بھارت کے خلاف کامیابی حاصل کریں۔

  • کرکٹ: پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم حسن راجہ کی برسی

    کرکٹ: پاکستان کے مایہ ناز آل راؤنڈر وسیم حسن راجہ کی برسی

    آج وسیم حسن راجہ کا یومِ‌ وفات ہے جو کرکٹ کے مایہ ناز آل راؤنڈر تھے۔ وسیم حسن راجہ لندن میں ایک کلب میچ میں دورانِ فیلڈنگ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔

    23 اگست 2006ء کو میچ کے دوران انھوں نے اپنے ساتھی فیلڈروں کو بتایا کہ انھیں چکر آ رہے ہیں جس کے بعد انھیں میدان سے باہر لے جایا جارہا تھا کہ باؤنڈری لائن پر ان کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی۔

    وسیم راجہ پاکستان ٹیم کے کوچ بھی رہے اور آئی سی سی کے ریفری بھی۔ وہ 3 جولائی 1952ء کو ملتان میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے بھائی رمیز راجہ بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصّہ رہے ہیں اور بین الاقوامی سطح پر بہترین کھلاڑی اور ماہر کی حیثیت سے نام و مقام رکھتے ہیں۔

    وسیم راجہ نے 1973ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور مجموعی طور 57 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انھوں نے مجموعی طور پر2821 رنز اسکور کیے جن میں 4 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 35.80 کی اوسط سے 51 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 54 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ انھوں نے مجموعی طور پر 728 رنز اسکور کیے۔

    وسیم راجہ دائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے لیگ سپن بالر تھے۔ وہ گگلی بھی پھینکتے تھے اور بائیں ہاتھ سے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے مڈل آڈر بلے باز تھے۔

    انھوں نے پاکستان کی طرف سے آخری ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 1985ء میں کھیلا تھا۔