Tag: رنچھوڑ لائن

  • مسکا لگایا ہی نہیں جاتا، کھایا بھی جاتا ہے، رنچھوڑ لائن کا مشہور ذائقہ (ویڈیو رپورٹ)

    مسکا لگایا ہی نہیں جاتا، کھایا بھی جاتا ہے، رنچھوڑ لائن کا مشہور ذائقہ (ویڈیو رپورٹ)

    لوگ اپنی بات منوانے کے لیے دوسرے کی خوش آمد کرتے ہیں جس کو مسکا لگانا کہا جاتا ہے لیکن مسکا صرف لگایا ہی نہیں بلکہ کھایا بھی جاتا ہے۔

    ہر ایک کو مسکا لگانے کا تجربہ ہوگا کیونکہ بہنیں اپنی فرمائشیں پوری کرنے کے لیے بھائیوں کو مسکا لگاتی ہیں، بیوی شوہر کی خوش آمد کرتی ہیں، لیکن آج ہم آپ کو کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن لے جا رہے ہیں جہاں مسکا لگایا نہیں جاتا بلکہ کھایا جاتا ہے۔

    جی ہاں رنچھوڑ لائن میں شہاب الدین چاچا کے نام سے مشہو ر بزرگ 73 سال سے مسکا بن بیچ رہے ہیں اور اس کو کھانےکے لیے دور دور سے ہر عمر کے لوگ شوق سے یہاں آتے ہیں۔

    بن پر مکھن، جیلی، انڈا اور دیگر لوازمات لگا کر پیش کیا جاتا ہے۔ اس کا ذائقہ منفرد ہے کہ جس نے نصف صدی پہلے بچپن میں کھایا تھا۔ وہ اب بڑھاپے میں بھی اس مسکا بن کا رسیا ہے اور نہ صرف خود شوق سے کھاتا بلکہ اپنے بچوں کو بھی کھلاتا ہے۔

    مسکا بن بنانے والے شہاب الدین چاچا کا کہنا ہے کہ انڈیا سے پاکستان آئے تھے، تب سے یہ کام کر رہے ہیں۔ ہمارا بن پورے پاکستان میں مشہور ہے۔ ہم یہ دکان صبح 7 بجے کھولتے ہیں اور رات 3 بجے بند کرتے ہیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ وہ لوگ اپنے جو بیرون ملک جا بسے ہیں۔ وہ بھی اب تک مسکا بن کا ذائقہ نہیں بھولے ہیں اور کوئی آنے جانے والا ہو تو ان سے مسکا بن لانے کی فرمائش ضرور کرتے ہیں۔

    اس دکان پر مسکا بن کھانے والوں میں بچوں سے لے کر 80 سال تک کے بزرگ سمیت ہر عمر کے لوگ موجود تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ہمارے والد ہمیں لاکر کھلاتے تھے، اب ہم اپنے بچوں کو کھلاتے ہیں۔ ایک بزرگ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن کی یادیں تازہ کرنے یہاں آتے ہیں۔

     

  • رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    رنچھوڑ لائن واقعہ: آباد نے ایس بی سی اے کو ذمہ دار قرار دے دیا

    کراچی: ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے رنچھوڑ لائن میں عمارت گرنے کے واقعے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو ذمہ دار قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلڈرز کی تنظیم آباد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم رنچھوڑ لائن میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی عمارت گرنے کے لیے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ذمہ دار قرار دیتے ہیں۔

    آباد نے الزام لگایا ہے کہ ایس بی سی اے کی ناک کے نیچے طویل عرصے سے شہر میں غیر قانونی اور غیر معیاری کنسٹرکشن جاری ہے، جو شہر میں کسی بھی بڑے سانحے کی وجہ بن سکتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق آباد کے چیئرمین محسن شیخانی کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی اور ناقص مٹیریل والی عمارتوں کی دھڑا دھڑ تعمیرات کے خلاف باقاعدہ مہم جاری ہے، اس سلسلے میں آباد نے وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سندھ، چیف سیکریٹری سندھ، سیکریٹری بلدیات اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو باقاعدہ خطوط ارسال کر کے اس جانب توجہ دلائی ہے-

    یہ بھی پڑھیں:  رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا

    انھوں نے خبردار کیا کہ شہر میں غیر قانونی عمارتوں کی کھلے عام تعمیرات کسی بھی ناگہانی آفت کی صورت میں شہر کے 10 لاکھ افراد کو لقمہ اجل بنا سکتی ہیں۔ ہمارے بھیجے گئے خطوط کے باوجود متعلقہ اداروں اور ذمہ داروں نے تاحال اس ضمن میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز شہرقائد کے علاقے رنچھوڑ لائن سومرا گلی میں 6 منزلہ مخدوش اور ایک طرف جھکنے والی عمارت زمین بوس ہو گئی تھی، خوش قسمتی سے عمارت سے تمام افراد کو نکال لیا گیا تھا۔ مخدوش عمارت کا ایک حصہ بیٹھنے کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے چند گھنٹے بعد ہی پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    عمارت کے منظور شدہ نقشے کے مطابق پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون کی منظوری دی گئی تھی، پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 6 بنا دیا گیا تھا، بلڈر نے متعلقہ عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا تھا۔

  • رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا

    رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ سامنے آگیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ اے آروائی نیوز سامنے لے آیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں گرنے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ اے آروائی نیوز سامنے لے آیا، پلاٹ پر گراؤنڈ پلس ون کی منظوری دی گئی تھی۔ پلاٹ پر گراؤنڈ پلس 6 بنا دیا گیا تھا، بلڈر نے متعلقہ عدالت سے حکم امتناع لیا ہوا تھا۔

    کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ رہائشی عمارت زمین بوس ہوگئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ رنچھوڑ لائن میں مخدوش عمارت کا ایک حصہ بیٹھنے کے باعث اس میں دراڑیں پڑ گئی تھیں جس کے چند گھنٹے بعد ہی پوری عمارت زمین بوس ہوگئی۔

    کراچی: رنچھوڑ لائن میں 6 منزلہ عمارت گرگئی

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی اور ایس بی سی اے حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایسی عمارتوں کی تعمیراتوں کا اجازت کون دیتا ہے جو گر جاتی ہیں؟ مراد علی شاہ نے غیرقانوی طور پر عمارتوں کی تعمیر میں ملوث عملے کو سزا دینے کا حکم دے دیا۔

    ڈائریکٹر ایس بی سی اے صدر ٹاؤن کا کہنا تھا کہ مخدوش عمارت کو کئی بار خالی کرانے کے احکامات دیے جا چکے تھے، گودام بنانے کے لیے عمارت کے نیچے پلرز کم دیے گئے تھے، بلڈنگ 23 سال پرانی ہے، تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

  • رینجرز کی کراچی میں کامیاب کارروائی، چھ ٹارگٹ کلرز گرفتار

    رینجرز کی کراچی میں کامیاب کارروائی، چھ ٹارگٹ کلرز گرفتار

    کراچی : رینجرز نے کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن سے چھ ٹارگٹ کلر گرفتار کرلئے، ملزمان سے بڑی تعداد میں جدید اسلحہ بھی برآمد ہوا، پانچ ٹارگٹ کلرز کا تعلق ایم کیوایم سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں قیام امن کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں تیزی آگئی، رینجرز نے کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن سے چھ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار  کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

    رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ خرم الیاس ٹارگٹ کلنگ،بھتہ خوری اور اسلحہ چھپانے میں ملوث ہے۔

    ملزم محمود ایم کیوایم کے یونٹ بیس کا سرگرم رکن ہے جس نے تفتیش کے دوران سینتالیس افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے،ملزم شاہد عرف کالا یونٹ انتیس کا کارکن ہے اور اس نے چھ افراد کے قتل کا اعتراف کیا۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم مبین ایم کیوایم یونٹ بیس کی کمیٹی کا ممبر ہے ،ملزم نے بھی متعدد قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔کاشف عرف ماچھا ایم کیوایم کے یونٹ تیس کا کارکن ہے ۔ملزم ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ملزم زبیر نے لیاری گینگ وار ،سنی تحریک کے خلاف مقابلوں میں اہم کردار ادا کیا ۔ملزمان سےمشین گن، ریپیٹر، پستول، پانچ کلودھماکاخیزمواداور دو دستی بم بھی ملے۔

    پولیس نے ابراہیم حیدری میں کارروائی کرکے سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا ملزم ساجد عرف بکرا نے پانچ افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔