Tag: رنگپور

  • کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی

    کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی

    رنگپور: پنجاب میں ضلع خوشاب کے ٹاؤن رنگپور میں سپر بند کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضے میں کسانوں سے رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انہار تریموں کی جانب سے کسانوں کا استحصال جاری ہے، دریائے چناب کے کٹاؤ کے بعد بننے والے ناقص سپر بند کی زد میں آنے والی زمینوں کے معاوضے میں کسانوں سے رشوت لینے کا انکشاف ہوا ہے۔

    کسانوں سے رشوت لینے کی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کی ہے، جس میں محکمہ انہار کے پٹواری کو کسان سے رشوت وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کے کٹاؤ کی وجہ سے موضع بہرام پور، امیر پور کی سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ چکی ہے، 70 کروڑ کی خطیر لاگت سے سپر بندوں کی تعمیر کی گئی، لیکن محکمہ انہار تریموں کے ٹھیکے دار نے سپر بند نقشے کے مطابق نہیں بنائے۔

    سپر بند نقشے کے مطابق نہ بننے کی وجہ سے کٹاؤ ابھی تک جاری ہے، اور اب اس کی زد میں آنے والی زمینوں کے کسانوں سے چیک دیتے وقت رشوت لی جا رہی ہے۔

    کسانوں کا کہنا تھا کہ ایک تو سپر بند کو نقشے کے مطابق نہیں بنایا گیا، اوپر سے رشوت بھی لی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب اس صورت حال کا نوٹس لیں، اور رشوت لینے والے اہل کار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • مریم نواز پر سرکاری فنڈز سے 34 من پھول نچھاور کیے گئے

    مریم نواز پر سرکاری فنڈز سے 34 من پھول نچھاور کیے گئے

    خوشاب: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز پر سرکاری فنڈز سے 34 من پھول نچھاور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے کے مطابق مریم نواز نے 12 جولائی کو انتخابی مہم کے سلسلے میں رنگپور شہر کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر ان پر 4 لاکھ مالیت سے زائد کے 34 من پھول نچھاور کیےگئے تھے۔

    مریم نواز کے استقبال پر محکمہ انہار کے فنڈز کا مبینہ استعمال کیا گیا ہے، محکمہ انہار رنگ پور سرکل کے ایک اہل کار نے اس امر کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

    رنگپور آمد پر شہر کے ایک ہیڈ برج سے مریم نواز پر گل پاشی کی گئی تھی، جس کی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

    محکمہ انہار کے اہل کار نے تفصیلات بتاتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گل پاشی کے لیے پھول ٹوبہ ٹیک سنگھ اور جھنگ سے منگوائے گئے تھے۔

    لاہور کی سڑکوں پر دسمبر 2020 میں مریم نواز کی گاڑی پرکارکن پھولوں کی بارش کرتے ہوئے

    اہل کار نے مزید بتایا کہ مریم نواز پر گل پاشی کے لیے 100 سے زائد ملازم بھی تعینات کیے گئے تھے، اور ان پھولوں کا بل محکمہ انہار تریموں ایکس ای این جھنگ نے ادا کیا ہے۔

    واضح رہے کہ مریم نواز پر اتنی زیادہ گل پاشی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، وہ جب کسی شہر جاتی ہیں تو کارکنان والہانہ استقبال کرتے ہیں، اور مقامی رہنما ان پر پھولوں کی بارش کر دیتے ہیں۔