Tag: رواں برس

  • کراچی میں رواں برس ہیوی ٹریفک 168 افراد کی جانیں نگل چکا

    کراچی میں رواں برس ہیوی ٹریفک 168 افراد کی جانیں نگل چکا

    کراچی (11 اگست 2025): شہر قائد میں ڈمپر ٹینکر ٹریلر رواں برس میں اب تک 168 افراد کی جانیں لے چکے ہیں لیکن حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی انسانی جان اس کے پہیوں تلے روندی جا رہی ہے۔

    دو روز قبل گلشن اقبال راشد منہاس روڈ پر ڈمپر نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں بہن اور بھائی موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ ان کا والد شدید زخمی ہو گیا۔

    جس لڑکی کی اس واقعہ میں موت ہوئی، اس کی ایک ماہ بعد شادی ہونے والی تھی اور گھر والے اس کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھے۔

    تاہم یہ پہلا دلخراش حادثہ نہیں بلکہ کراچی کی سڑکوں پر بے قابو ہیوی ٹریفک حادثے میں روز کوئی نیا سانحہ اور ہولناک داستان رونما ہوتی ہے۔

    چند ماہ قبل گلستان جوہر کے قریب ہیوی ٹریفک نے میاں بیوی کو کچل ڈالا تھا جس میں دونوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ خاتون حاملہ تھی اور چند دن میں اس کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع تھی۔

    یہ جوڑا چیک اپ کے لیے اسپتال جا رہا تھا کہ راستے میں ڈمپر آ گیا۔ اس حادثے کا سب سے ہولناک پہلو یہ تھا کہ ڈمپر کے پہیے نے خاتون کو اس بری طرح کچلا کہ اس کا پیٹ پھٹ گیا اور بچہ باہر آ گیا تھا جو کچھ دیر بعد اپنے ماں باپ کے پاس ہی چلا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ بھی حادثات میں جو جاں بحق ہوئے۔ ان میں کوئی گھر کا واحد کفیل تھا تو کئی والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔

    آئے روز کے حادثات کے بعد کمشنر کراچی نے شہر میں صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی بھی عائد کی، جب کہ سندھ حکومت نے ہیوی ٹریفک کے لیے حد اسپیڈ 30 کلومیٹر مقرر کی، لیکن اکثر حادثات دن کے اوقات میں ہوئے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انتظامیہ پابندی پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہی۔

    آئے روز ہیوی ٹریفک حادثات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر مشتعل افراد متعدد بار ٹینکر اور ڈمپر جلا ڈالے لیکن حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے۔

    ریسکیو حکام نے رواں برس یکم جنوری سے 10 اگست تک شہر قائد میں ہیوی ٹریفک سے ہونے والے جانی نقصان کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں برس کے 7 ماہ 10 دن کے دوران ہیوی ٹریفک نے 168 زندگیوں کے چراغ گل کیے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ اموات ٹریلر کی ٹکر سے ہوئیں اور 62 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ واٹر ٹینکر نے 37 افراد کی جانیں لیں تو ڈمپر نے 34 افراد کو روند کر زندگی سے آزاد کر دیا۔

    اس کے علاوہ بسوں کی ٹکر سے 20 اور منی ٹرک کی وجہ سے 15 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

  • رواں برس دنیا بھر سے کتنے عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی

    رواں برس دنیا بھر سے کتنے عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی

    حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا ہو گیا دنیا بھر سے آئے 16 لاکھ 73 ہزار سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی۔

    حج کا رکن اعظم وقوف عرفات کل ادا ہو گیا۔ حجاج کرام نے آج قربانی کر کے احرام کھول دیے۔ لبیک اَلَّھُم لبیک (حاضر ہوں میں اللہ حاضر ہوں) کی صدائیں بلند کرتے ہوئے دنیا بھر سے آئے 16 لاکھ 73 ہزار 230 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کر لی۔

    سعودی ادارہ شماریات کے مطابق ان میں سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج کرام 171 مختلف ممالک سے آئے، جب کہ سعودی عرب کے اندر سے ایک لاکھ 66 ہزار 654 افراد نے حج ادا کیا۔

    حجاج کرام میں 8 لاکھ 77 ہزار 841 مرد اور 7 لاکھ 95 ہزار 389 خواتین شامل تھیں، جسے تاریخ کا ایک متوازن تناسب قرار دیا جا رہا ہے۔

    رکنِ اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی جمعرات کے روز مکمل ہوئی، جس کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوئے، جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں قصر و جمع کر کے ادا کی گئیں۔

    حجاج کرام مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گزارنے کے بعد صبح سویرے رمی کے لیے جمرات پہنچے اور بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں۔ بعد ازاں جانور کی قربانی کرکے احرام کھول دیے۔ سعودی حکومت کی جانب سے حجاج کرام کی سہولت کے لیے خصوصی قربان گاہیں قائم کی گئی تھیں

    حجاج کرام 11 ذی الحج (ہفتہ) اور 12 ذی الحج (اتوار) کو بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور منیٰ میں قیام کریں گے۔

    پاکستانی حجاج کی وطن واپسی کا آپریشن 10 جون سے شروع ہوگا۔

  • بزرگ انڈونیشین اہل خانہ سمیت رواں برس شاہی خرچ پر حج کرے گا

    بزرگ انڈونیشین اہل خانہ سمیت رواں برس شاہی خرچ پر حج کرے گا

    ریاض:سعودی عرب کے حاکم سلمان بن عبدالعزیزکی ہدایت پر انڈونیشیا میں سعودی سفارت نے چورانوے برس کے انڈونیشین بزرگ اور اس کے اہل خانہ کو اس سال شاہی مہمان کے طور پر حج ادائی کی دعوت دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جکارتہ میں سعودی عرب کے سفیر عاصم القرشی نے انڈونیشی بزرگ سے سفارتخانے میں ملاقات کی اور انہیں شاہ سلمان کی جانب سے ملنے والی ہدایات سے متعلق بتایا کہ ہمیں ہدایت کی گئی ہے آپ کی ہمراہ عیال حج کے لئے سفری انتظامات مکمل کئے جائیں۔

    سعودی سفیر نے بتایا کہ معمر انڈونیشین شہری اور اس کے اہل خانہ کی اس سال حج کی خواہش پر مبنی ویڈیو کلپ وائرل ہوتے ہی خادم الحرمین الشریفین کے جکارتہ میں سفارتخانے نے اگلے ہی روز بزرگ شہری کو سفارتخانے آنے کی دعوت دی تاکہ ان سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔

    تحقیق کے بعد معلوم ہوا کہ برزگ شہری نے اس سے پہلے حج نہیں کیا ہے، ہماری ملاقات کے فیڈ بیک کے فوری بعد ہمیں ہدایت کی گئی کہ بزرگ انڈونیشین شہری کے سفر حج سے متعلق ضروری اقدامات کئے جائیں، اس ضمن میں حج سے واپسی تک کے تمام اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری شاہ سلمان حکومت کی ہو گی۔

    یاد رہے کہ انڈونیشیا میں اکثر شہری بیس سالوں سے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے ترس رہے ہیں۔

  • رواں برس ٹیکس وصولی کا ہدف 5600 ارب رکھا ہے، فواد چوہدری

    رواں برس ٹیکس وصولی کا ہدف 5600 ارب رکھا ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت 9.8 ارب ڈالر قرضوں کی مد میں واپس کرچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی جانب سے بیان دیا گیا ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے 9 ارب روپے ڈالر سے زائد کی رقم قرضوں کی مد میں واپس کی گئی ہے جس میں 7 ارب قرض اور 2.8 ارب ڈالر سود کی مد میں ادا کیے گئے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا اصل چیلنج ٹیکس وصولی ہے، اس سال ٹیکس وصولی کا ہدف 5ہزار 6سو ارب رکھا گیا ہے۔

    وفاقی وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے خارجہ امور میں تبدیلی آرہی ہے، برطانوی شہزادہ اور اہلیہ بھی پاکستان آرہے ہیں جبکہ یورپی یونین اور دیگر ممالک پاکستان کیے لیے ایڈوائزری تبدیل کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ نے برسلز میں جو معاہدہ کیا ان میں بڑا حصّہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ہمیں بھارت سے بھی اچھا جواب ملے گا، ایک شروعات کی ہے، قندھار میں کامسیٹ کا ایک کیمپس کھولیں گے۔

    وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پاک امریکا تعلقات سے متعلق بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہت اچھی تبدیلی آئی ہے، پاکستان کے لیے اچھی خبریں اپوزیشن کےلیے بری خبریں ہیں۔

    فواد چوہدری نے شہباز شریف سے متعلق کہا کہ شہبازشریف تمام کمیٹیوں سےمستعفی ہوچکےہیں، شہبازشریف اپنی کشتی سےبوجھ ہٹارہےہیں جبکہ مریم نوازنےشہبازشریف کی قیادت پرشب خون مارا۔

    اب بیانیہ شہبازشریف نہیں مریم نوازکاچل رہاہے،شہبازشریف کی حیثیت اب رفیق تارڑکی سی ہوگئی ہے جبکہ خواجہ آصف بالکل پلٹ گئے اورمریم نوازکی حمایت کردی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جولوگ رات کوگئےہیں وہ توپہلی قسط ہےاور جولوگ جارہےہیں ان کومریم نوازکی اہلیت کاپتہ ہے، مریم نوازاتنی جہاندیدہ ہیں کہ پہلےوالدکونااہل کرایااب جیل کرادی۔

    اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مریم نوازکی سیاست پراب لوگوں کواعتمادنہیں ہے،ن لیگ میں اب قیادت کےلیےلڑائی ہورہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نےپاکستان کےلیےجوپلان بنایاہےاس کولےآگےچل رہےہیں، خارجہ پالیسی کےہمارےبڑےہدف حاصل ہونےجارہےہیں۔ آج سے6ماہ بعدہماری معیشت کی حالت کچھ اورہوگی، ہم اس طرح سےاوپرجائیں گےکہ 60کی دہائی کولوگ بھول جائیں گے۔

  • رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    رواں برس اکتوبر کے اختتام پر برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے، بورس جانسن

    لندن : بورس جانسن کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر اندیشہ ہے ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں شہریوں کے اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی وزارت عظمی کے لیے مضبوط ترین امیدوار اور سابق وزیر خارجہ بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ 31 اکتوبر تک برطانیہ کو یورپی یونین سے نکال لیں گے۔

    بورس جانسن نے باور کرایا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت المناک طور پر اعتماد سے محروم ہو جائے گی۔

    برطانوی وزارت عظمی کے منصب کی دوڑ میں شامل دیگر چار امیدواروں کے ساتھ ٹی وی پر مناظرے کے دوران جانسن کا کہنا تھا کہ ہمیں 31 اکتوبر تک نکلنا ہو گا کیوں کہ اگر ایسا نہ ہوا تو پھر مجھے اندیشہ ہے کہ ہمیں ایک المیے کی صورت میں سیاست میں (شہریوں کے) اعتماد سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔

    خیال رہے کہ برطانیہ کی یورپین یونین سے علیحدگی (بریگزٹ) کے حامی بورس جانسن نے تھریسامے کے بعد ملک کے اگلے وزیراعظم کے امیدوار کے لیے ہونے والی ووٹنگ کے دوسرے مرحلے میں 40 فیصد ووٹ حاصل کرکے اپنی برتری قائم رکھی ہے۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ بورس جانسن نے 313 میں سے 126 ووٹ حاصل کرکے تیسرے مرحلے کے لیے جگہ بنائی ہے جبکہ دیگر 4 امیدواروں نے 33 یا اس سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔

  • رواں برس بھی قطر کا بائیکاٹ جاری رہے گا، انور قرقاش

    رواں برس بھی قطر کا بائیکاٹ جاری رہے گا، انور قرقاش

    ابوظبی : اماراتی وزیر برائے خارجہ امور انور قرقاش نے عرب اتحاد کے قطر سے تعلقات سے متعلق کہا ہے کہ رواں سال بھی قطر کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ امور انور محمود قرقاش نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ میرے اندازے کے مطابق 2018 میں دوحہ کیے رویے کے باعث رواں بسر بھی قطر کا بائیکاٹ جاری رہے گا۔

    انور محمود قرقاش کا کہنا تھا کہ قطری حکومت اپنے خلاف کیے گئے اقدامات کا توڑ کرنے میں ناکام رہی ہے، اور بھاری لاگت کے باوجود قطر کے خلاف اقدامات جاری رہیں گے۔

    اماراتی وزیر کا یمن سے متعلق بیان میں کہنا تھا کہ خانہ جنگی کا شکار یمن میں عرب اتحاد کی پوزیشن اب بہتر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ2019 میں یمن بحران حل کی طرف جائے گا اور حوثی جنگجوؤں سیاسی طور پر کمزور مزید کمزور ہوں گے۔

    مزید پڑھیں : امن مذاکرات کی خلاف ورزی نے حوثیوں کو بے نقاب کردیا، انور قرقاس

    خیال رہے کہ گذشتہ روز متحدہ عرب امارت کے وزیر برائے امور خارجہ انور محمود قرقاش نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر پیغام دیا تھا کہ سویڈن میں حوثی جنگجوؤں اور یمن کی آئینی حکومت کے درمیان ہونے والے امن مذاکرات نے حوثیوں کی معصوم شہریوں کے خلاف کاررئیوں کا پول کھول دیا ہے۔

    اماراتی وزیر برائے امور خارجہ کا کہنا تھا کہ الحدیدہ بندرگاہ سے متعلق معاہدے کی متعدد خلاف ورزیاں حوثیوں کے مؤقف کو کمزور بنارہا ہے۔