سعودی عرب میں کنگ عبداللہ میڈیکل سٹی کی جانب سے مکہ مکرمہ میں طبی خدمات میں جدت پیدا کرتے ہوئے پہلی بار روبوٹک سرجری کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مکہ مکرمہ ہیلتھ کمپلیکس کی جانب سے سینے کے پیچیدہ آپریشنز کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ کمپلیکس میں پہلی مرتبہ روبوٹک سرجری کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے مختلف بیماریوں کے آپریشنز کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق ان آپریشنز میں مختلف اقسام کے ٹیومرز، یورولوجیکل آپریشنز اور اعضا کی پیوند کاری وغیرہ شامل ہیں۔
سرجری کے لیے روبوٹک ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جدید ترین سسٹم کو اپنایا گیا ہے جس سے آپریشن آسان اور مزید محفوظ ہوں گے۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی حساس اورمحفوظ ترین ’تھری ڈی‘ کیمروں کے ذریعے سرجری کی جاتی ہے جس سے آپریشن انتہائی محفوظ ہوتا ہے اور وقت بھی روایتی سرجری سے کم لگتا ہے۔
سینے کی روایتی سرجری کے لیے 10 سینٹی میٹر تک کا سوراخ کیا جاتا ہے جبکہ روبوٹک سرجری میں ہونے والا سوراخ ایک سینٹی میٹر سے زیادہ نہیں ہوتا۔
خاص بات یہ ہے کہ اس آپریشن کے بعد صحت یات ہونے کا دورانیہ بھی بہت کم ہو جاتا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب میں وزارت حج عمرہ نے کہا ہے کہ اب تک مختلف ممالک سے 42 فیصد عازمین حج مملکت پہنچ چکے ہیں جن کی تعداد 6 لاکھ 70 ہزار سے زائد ہے۔
رپورٹس کے مطابق زمینی راستے سے 17 ہزار جبکہ فضائی ذریعے سے 5 لاکھ 89 ہزار 200 اور بحری ذریعے سے ایک لاکھ 4 ہزارعازمین مکہ مکرمہ پہنچ چکے ہیں۔
سعودی عرب: عازمین حج کی سہولت کے لیے ’اثرا المشاعر‘ پروجیکٹ لانچ
جوازات کے مطابق عازمین کے استقبال اور انہیں بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اہلکاروں کو مختلف زبانوں کی ٹریننگ دی گئی ہے، تاکہ عازمین کو بہتر انداز میں رہنمائی فراہم کی جاسکے۔