Tag: روحی بانو

  • روحی بانو: شاید کوئی اس پری چہرہ اداکارہ کے لیے کچھ نہیں‌ کرسکتا تھا

    روحی بانو: شاید کوئی اس پری چہرہ اداکارہ کے لیے کچھ نہیں‌ کرسکتا تھا

    شائستہ آداب، مہذّب، نہایت سلجھی ہوئی اور باوقار روحی بانو ایک منجھی ہوئی اداکارہ تھیں‌ جنھوں نے فن کی دنیا پر انمٹ نقوش چھوڑے۔ ٹیلی ویژن ڈراموں میں انھوں نے جو کردار نبھائے وہ لازوال ثابت ہوئے اور پاکستان میں ایک نسل ان کے فن کی معترف اور پرستار ہے۔

    پھر دنیا کے اسٹیج پر اُن کی زندگی کا وہ کھیل شروع ہوا جس کی تکمیل میں روحی بانو کی باقی ماندہ عمر تمام ہو گئی۔ 25 جنوری 2019ء تک جاری رہنے والے اس کھیل کی چند جھلکیاں ہی اتنی درد انگیز اور کرب ناک تھیں‌ کہ دیکھنے والوں کا کلیجہ پھٹ گیا۔

    اداکارہ کی پرستار نسل ہی نہیں، بعد میں ان کے ڈراموں کی ریکارڈنگ دیکھنے والی نسل نے بھی فاؤنٹین ہاؤس میں پڑی ہوئی اور گلبرگ کی سڑکوں پر مجنونانہ انداز میں پھرتی روحی بانو کا دکھ شدّت سے محسوس کیا۔ سبھی افسردہ و ملول رہے۔ وہ نفیسائی الجھنوں کا شکار تھیں اور عدم تحفظ کا شکار بھی۔

    یہ سب ان کی نجی زندگی کے نشیب و فراز اور صدمات کی وجہ سے تھا۔ پہلے ازدواجی زندگی کی ناکامی کے دکھ نے انھیں گھائل کیا اور بعد میں جواں سال بیٹے کی موت نے اندر سے توڑ کر رکھ دیا۔ یوں روحی بانو دماغی مریض بن گئیں۔ انھوں نے ایک پریس کانفرنس میں اپنے حالات اور مشکلات بیان کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی تھی کہ انھیں قبضہ مافیا سے تحفظ فراہم کیا جائے۔ چند سال قبل ان پر نامعلوم افراد کی جانب سے تشدد کی خبر بھی سامنے آئی تھی۔ ایک پری چہرہ، خوش گفتار اور تعلیم یافتہ مہذّب خاتون کو نیم پاگل یا مجنونانہ انداز میں سڑکوں پر پھرتا دیکھنا ان کے ساتھی فن کاروں اور چاہنے والوں‌ کے لیے باعثِ کرب تھا، لیکن شاید کوئی ان کے لیے کچھ نہیں‌ کرسکتا تھا۔

    پاکستان کی نام وَر اداکارہ اور پُرکشش شخصیت کی مالک روحی بانو نے 10 اگست 1951ء کو ممبئی میں آنکھ کھولی تھی۔ اُن کے والد کا نام اللہ رکھا تھا جو ہندوستان کے مانے ہوئے طلبہ نواز تھے۔ والد نے دوسری شادی کی تو والدہ روحی بانو اور دوسرے بچّوں کو لے کر پاکستان چلی آئیں۔ یہاں لاہور میں روحی بانو نے اپنی تعلیم مکمل کی اور نفسیات کے مضمون میں ڈگری حاصل کی۔ ان کی دو شادیاں ہوئیں جو ناکام رہیں۔ ان کا اکلوتا بیٹا ناگہانی موت کا شکار ہوا اور روحی بانو کا کہنا تھا کہ اسے جائیداد کی وجہ سے قتل کیا گیا تھا۔

    روحی بانو کا شمار اُن فن کاروں میں ہوتا تھا جنھوں نے پاکستان میں ٹی وی کا آغاز دیکھا اور پھر اس کے عروج اور مقبولیت میں‌ اپنا حصّہ ڈالا۔ 1970ء اور 1980ء کے عشروں میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی روحی بانو نے ٹیلی ویژن کے ساتھ سلور اسکرین پر بھی شان دار پرفارمنس سے فلم بینوں کے دل جیتے۔ انھوں نے اپنے وقت کے ممتاز ڈرامہ نگاروں اشفاق حسین، منو بھائی، بانو قدسیہ، انور سجاد اور حسینہ معین کی کہانیوں میں اپنے کردار نبھائے۔

    اداکارہ کے سپر ہٹ ڈراموں میں کرن کہانی، کانچ کا پُل، زیر زبر پیش، ایک محبت سو افسانے، دروازہ، دھند، زرد گلاب، سراب، پکّی حویلی شامل ہیں۔ ان کی قابلِ ذکر فلموں میں پالکی، امنگ، انسان اور فرشتہ، راستے کا پتھر، انوکھی، گونج اٹھی شہنائی، خدا اور محبت، دشمن کی تلاش، ضمیر، آج کا انسان اور دیگر کے نام لیے جاسکتے ہیں۔ روحی بانو نے وحید مراد، محمد علی، آصف رضا میر، غلام محی الدین اور سدھیر کے ساتھ فلموں میں اپنے کردار ادا کیے۔ اسی طرح ٹیلی ویژن پر اپنے وقت کے باکمال فن کاروں کے ساتھ انھوں نے اپنی جان دار اداکاری سے ناظرین کو اپنا مداح بنایا۔

    نئے فن کاروں کے لیے اکیڈمی کا درجہ رکھنے والی روحی بانو کو صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا۔ وہ علاج کی غرض سے ترکی کے شہر استنبول میں‌ مقیم تھیں اور وہاں ایک اسپتال میں دس روز وینٹی لیٹر پر رہنے کے بعد دنیائے فانی سے کوچ کیا۔

  • معروف اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں

    معروف اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں

    لاہور: 70 اور 80 کی دہائی کی مشہور ٹی وی اداکارہ روحی بانو انتقال کر گئیں، وہ گزشتہ 2 ماہ سے شدید علیل تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماضی کی مشہور اداکارہ روحی بانو 2 ماہ کی علالت کے باعث گزشتہ 10 دن سے وینٹی لیٹر پر تھیں جہاں وہ آج انتقال کرگئیں۔

    روحی بانو کی بہن یاسمین کا کہنا ہے کہ روحی بانو کو 3 دسمبر کو استنبول کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

    روحی بانو 10 اگست 1951 کو کراچی میں پیدا ہوئیں تھی۔ وہ نامور طبلہ نواز اللہ رکھا خان کی بیٹی تھیں۔ روحی بانو نے کرن کہانی، زرد گلاب، دروازہ اور دیگر بے شمار سپر ہٹ ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے ہیں۔

    سنہ 1981 میں انہیں حکومت پاکستان نے صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا۔ اس کے علاوہ بھی وہ متعدد ایوارڈز حاصل کرچکی ہیں۔

    سنہ 2005 میں ان کے 20 سالہ اکلوتے بیٹے کو گولی مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد وہ اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھیں۔

    کچھ عرصہ قبل روحی بانو کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ وہ اپنے بھائی کے گھر پر صحیح سلامت موجود ہیں۔

    وزیر اطلاعات کا اظہار افسوس

    وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے روحی بانو کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روحی بانو پاکستان کی انتہائی مقبول اور باکمال فنکارہ تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ روحی بانو نے عوام کو فنکارانہ صلاحیتوں سے بے حد متاثر کیا، روحی بانو پرستاروں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

  • اداکارہ روحی بانو پرحملہ کرنے والا شخص گرفتار

    اداکارہ روحی بانو پرحملہ کرنے والا شخص گرفتار

    لاہور: اداکارہ روحی بانو کو چھری کے وار کرکے زخمی کرنے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ملزم خرم شہزاد نے روحی بانو کو چھری کے وار کرکے زخمی کردیا تھا، ادکارہ کو سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکے کے کان کے پیچھے چار ٹانکے لگائے گئے اور انہیں طبی امداد دیکر اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

     روحی بانو نےواقعہ کے خلاف تھانہ گلبرگ میں درخواست دی جس پرشہزاد نامی شخص کے خلاف دفعہ 506کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

     وزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    واقعہ کی تحققیات کے لیے ڈی ایس پی گلبرگ قادر باجوہ کے سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے کارروائی کرتے ہوئے چند ہی گھنٹوں بعد ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس سے مزید تفتیش جاری ہے۔