Tag: روزگار

  • خواتین کے لیے روزگار حاصل کرنے کا نادر موقع

    خواتین کے لیے روزگار حاصل کرنے کا نادر موقع

    (11 اگست 2025): خواتین کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت حاصل کر کے با عزت روزگار حاصل کریں۔

    خواتین کو یہ موقع فراہم کر رہا ہے بینظیر ہنرمند پروگرام جس میں خواتین کو مختلف ہنر کی مفت تکنیکی اور پیشہ ورانہ تربیت دی جائے گی جس کا دورانیہ تین سے 6 ماہ ہوگا۔

    دوران تربیت ماہانہ وظیفہ، گریجویشن بونس، ٹریننگ کی تکمیل پر سرٹیفکیٹ اور متعلقہ شعبے میں روزگار کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔

    اس پروگرام کے تحت صنعتی ضروریات اور عالمی معیار کے عین مطابق شعبہ جات جیسا کہ ہوٹل منیجمنٹ، آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹل اسکلز، ہیلتھ کنسٹرکشن، بیوٹی سروسز، فیشن اینڈ ٹیکسٹائل جیسے شعبوں میں تربیت فراہم کی جائے گی۔

    تاہم بینظیر ہنرمند پروگرام میں صرف بینظیر انکم سپورٹ پروگرام مستحقین یا ان کے خاندان کے افراد ہی اندراج کرا سکتے ہیں اور ایک خاندان سے ایک ہی فرد اس پروگرام کا حصہ بن سکتا ہے۔

    بینظیر ہنرمند پروگرام میں رجسٹریشن سے بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والوں کی مالی امداد اور دیگر فوائد مستقل جاری رہیں گے۔

  • انڈونیشیا میں نوجوانوں کیلیے روزگار کا حصول چیلنج بن گیا

    انڈونیشیا میں نوجوانوں کیلیے روزگار کا حصول چیلنج بن گیا

    انڈونیشیا میں شہریوں کے لیے روزگار کا حصول چیلنج بن گیا ہے اور 16 فیصد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں۔

    دنیا بھر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم انڈونیشیا میں روزگار کا حصول وہاں کے شہریوں بالخصوص نوجوان طبقہ کے لیے جوئے شیر لانے کے مترادف بن چکا ہے اور 16 فیصد اعلیٰ تعلیم یافتہ طبقہ روزگار سے محروم ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے نے انڈونیشیا کے سرکاری اعداد وشمار کو رپورٹ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انڈونیشیا میں 44 ملین نوجوانوں میں سے 16 فیصد بے روزگار ہیں اور ان کے لیے روزگار کا حصول بڑا چیلنج بن گیا ہے۔ ان میں وہ نوجوان بھی شامل ہیں، جنہوں نے اچھے روزگار اور ملازمت کا خواب سجا کر اعلیٰ تعلیم حاصل کی لیکن اب دکانیں چلا رہے ہیں۔

    الجزیرہ نے رپورٹ کیا ہے کہ انڈونیشیا میں 56 فیصد سے زائد ورک فورس غیر رسمی شعبے میں کام کر رہی ہے اور اکثر نوجوان موزوں ملازمت کی تلاش میں وقت گزار دیتے ہیں۔

    ایسے ہی موزوں روزگار کی تلاش میں ناکامی کے بعد دکان چلانے والا یہ نوجوان آندریس ہوٹاپیا ہے۔ اس نے دو سال قبل قانون کی ڈگری حاصل کی، لیکن قابلیت کے مطابق جاب حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

    جس کے بعد یہ نوجوان مایوس ہو کر اپنے آبائی علاقے چلا گیا اور وہاں وہ والدین کے ہمراہ گروسری فروخت کرنے والی ایک سادہ دکان چلاتا ہے۔

    دوسری جانب انڈونیشیا کے صدر پرابو سبینٹو نے ملک میں ملازمت کے مواقع کی کمی کا اعتراف کیا ہے اور بے روزگاری سے نمٹنے کے لیے ٹاسک فورسز قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    اس کے ساتھ ہی انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ سے تجارت پر کامیاب معاہدہ اور محصولات کی شرح 32 سے 19 فیصد کم ہونے پر معاشی حالات میں بہتری کا امکان ظاہر کیا ہے۔

  • بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا کیا فیصلہ، 10 لاکھ لوگوں کو ملے گا روزگار

    بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا کیا فیصلہ، 10 لاکھ لوگوں کو ملے گا روزگار

    نئی دہلی: بھارت نے 12 انڈسٹریل اسمارٹ سٹی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس سے 10 لاکھ لوگوں کو براہ راست روزگار ملے گا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز کابینہ نے ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ایک درجن اسمارٹ صنعتی شہر بنانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

    قومی صنعتی گلیارا ترقیاتی پروگرام (این آئی سی ڈی پی) کے تحت یہ صنعتی شہر 9 ریاستوں میں بنائے جائیں گے، جن میں گھریلو صنعتوں کو فروغ دیا جائے گا۔

    مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو کے مطابق اس پروجیکٹ پر 28 ہزار 602 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، مجوزہ منصوبے میں 1.52 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

    یہ انڈسٹریل سٹی اتراکھنڈ کے کھرپیا، پنجاب کے راجپورہ-پٹیالہ، مہاراشٹر کے دِگھی، کیرالہ کے پلکڑ، اتر پردیش کے آگرہ و پریاگ راج، بہار کے گیا، تلنگانہ کے ظہیر آباد، آندھرا پردیش کے اورواکل اور کوپّرتھی، راجستھان کے جودھپور-پالی میں تعمیر کیے جائیں گے۔

    وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت ہونے والی کابینہ اجلاس میں ریلوے کے 3 انفرا پروجیکٹس کو بھی منظوری دی گئی ہے، جمشید پور سے 121 کلومیٹر کی تیسری لائن، ضلع سندر گڑھ اور رائے گڑھ کے درمیان 37 کلومیٹر کی نئی ڈبل لائن اور اڈیشہ میں برگڑھ روڈ سے 138 کلومیٹر کی نئی لائنیں بچھائی جائیں گی۔

  • گزشتہ سال کتنے لاکھ پاکستانی روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک گئے؟

    گزشتہ سال کتنے لاکھ پاکستانی روزگار کے سلسلے میں بیرون ملک گئے؟

    سال 2023 کے دوران لاکھوں کی تعداد میں پاکستانی روزگار حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئے، اس سلسلے میں رپورٹ سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقتصادی سروے رپورٹ بتایا گیا ہے کہ سال 2023 میں پنجاب سے سب سے زیادہ شہری روزگار کیلئے بیرون ملک گئے، اس صوبے سے 4 لاکھ 89 ہزار 301 افراد بیرون ملک گئے۔

    رپورٹ میں سے ظاہر ہوتا ہے کہ خیبر پختونخوا سے 2 لاکھ 10 ہزار 150 افراد بیرون ملک گئے، سندھ سے 72 ہزار 382 افراد روزگار کمانے کےلیے بیرون ملک سدھارے۔

    اقتصادی سروے رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سال 2023 میں قبائلی علاقوں سے 36 ہزار 609 افراد بیرون ملک گئے۔

    اس کے علاوہ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملک میں 38.82 فیصد آبادی شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے، ملک کی 61.18 فیصد آبادی دیہات میں رہائش پذیر ہے۔

    اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق پنجاب کی 40.70 فیصد آبادی شہروں اور 59.30 فیصد دیہات میں رہائش پذیر ہے، سندھ کی 53.73 فیصد آبادی شہری علاقوں اور 46.27 فیصد دیہات میں رہتی ہے۔

    بلوچستان میں 30.96 فیصد آبادی شہروں اور 69.04 فیصد دیہات میں رہائش پذیر ہے، خیبر پختونخوا کی 15.01 فیصد آبادی شہری علاقوں پر مشتمل ہے جبکہ 85 فیصد آبادی دیہات میں رہا ئش پذیر ہے۔

  • سعودی عرب: غیر قانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے پر کیا سزا ہوگی؟

    ریاض: سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں نجی اداروں اور کمپنیوں کو ایک بار پھر انتباہ جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے غیر قانونی تارکین کو روزگار فراہم کرنے والے نجی ادارے اور کمپنوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ملازمت قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی جو کمپنی یا ادارہ ملازمت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو روزگار فراہم کریں گے، اپنی زیر کفالت ملازمین کو نجی کاروبار کا موقع دیں گے، کسی اور کے یہاں ملازمت کی اجازت دیں گے یا کسی اور کے ملازمین کو اپنے یہاں روزگار فراہم کریں گے ان پر فی کس ایک لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔

    سعودی عرب: گاڑی چوری ہونے پر کیا کریں؟

    عکاظ اخبار کے مطابق ان کمپنیوں کو 5 برس تک افرادی قوت کی درآمد کی اجازت نہیں ہوگی، اور ادارے کے ڈائریکٹر کو ایک برس تک قید کی سزا دی جائے گی، اگر ڈائریکٹر غیر ملکی ہوگا تو سزا کاٹنے کے بعد اسے مملکت سے بے دخل کر دیا جائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ نے تمام شہریوں اور قانون کی پابندی کرنے والے تارکین وطن سے اپیل کی کہ اگر اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے یا درانداز ان کے علم میں آئیں تو پہلی فرصت میں ان کے خلاف رپورٹ کریں۔

  • ہمارے دور میں روزگار میں 62 فیصد اضافہ ہوا: اسد عمر

    ہمارے دور میں روزگار میں 62 فیصد اضافہ ہوا: اسد عمر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں مجموعی طور پر روزگار میں اضافے کی شرح 62 فیصد بہتر ہوئی، ہماری پالیسیز 5 سال چلتی رہیں تو یقین ہے 1 کروڑ نوکریوں کے قریب پہنچ جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 سال میں 55 لاکھ 50 ہزار کے قریب روزگار میں اضافہ ہوا، مسلم لیگ ن کے 5 سالہ دور میں 57 لاکھ کا اضافہ ہوا تھا، مسلم لیگ ن کی حکومت میں جتنا اضافہ ہوا اتنا ہی 3 سالوں میں ہم نے کیا۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ روزگار شعبہ زراعت میں ہے، مسلم لیگ ن کے دور میں 7 لاکھ 20 ہزار افراد کے روزگار کی کمی ہوئی، ہمارے 3 سالہ دور میں زراعت کے شعبے میں 14 لاکھ 20 ہزار افراد کے روزگار کا اضافہ ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ صنعت میں ن لیگ دور میں جتنا اضافہ ہوا اس سے زیادہ ہمارے دور میں ہوا، مجموعی طور پر روزگار میں اضافے کی شرح 62 فیصد بہتر ہے، ہمارے دور میں 11 لاکھ لوگوں کو بیرون ملک ملازمت ملی۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی تمام پالیسی کو پیداواری شعبے پر مرکوز کیا، گندم، چاول، گنا اور مکئی کی فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوئیں۔ مسلم لیگ ن نے 5 سال میں گندم میں 5 روپے فی من اضافہ کیا، ہم نے 3 سالہ دور میں گندم کی فی من قیمت میں 900 روپے کا اضافہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں سریے کے دام پر ٹیکسٹائل مشینری بک رہی تھی، ہمارے دور میں اربوں ڈالر کی نئی مشینری لائی جا رہی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پہلی بار جی ڈی پی مسلسل 2 سال گروتھ کر رہی تھی، ہماری پالیسیز 5 سال چلتی رہیں تو یقین ہے 1 کروڑ نوکریوں کے قریب پہنچ جائیں گے۔

  • امریکی معیشت کے لیے اچھی خبریں آنا شروع، مارکیٹ میں لاکھوں نوکریاں

    امریکی معیشت کے لیے اچھی خبریں آنا شروع، مارکیٹ میں لاکھوں نوکریاں

    واشنگٹن: امریکی معیشت کے لیے اچھی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں، امریکا میں بے روز گاری میں بڑی حد تک کمی آ گئی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مارکیٹ میں لاکھوں نوکریاں پیدا ہو گئی ہیں، جس سے بے روزگاری کی شرح حیرت انگیز طور پر کم ہو کر 13.3 فی صد ہو گئی۔

    مارکیٹ رپورٹس کے مطابق مئی کے مہینے میں امریکا میں 30 لاکھ کے قریب نوکریاں پیدا ہوئیں، جس سے معیشت سنبھلنے لگی ہے۔

    ادھر معیشت کی بہتری کی خبروں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا ہم ملک کو دوبارہ کھولنے جا رہے ہیں، اب ملک کو مزید بند نہیں رکھا جا سکتا، نوجوان اور صحت مند افراد فوری نوکریوں پر واپس آئیں۔

    دریں اثنا، رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں تفریحی، مہمان نوازی کی صنعت میں 12 لاکھ نوکریاں سامنے آئیں، تعمیراتی شعبوں میں 4 لاکھ 64 ہزار نوکریاں سامنے آئیں، تعلیم اور صحت کے شعبے میں 4 لاکھ 24 ہزار نوکریاں آئیں، ریٹیل ٹریڈ میں 3 لاکھ 68 ہزار نوکریوں کا اضافہ ہوا، پیداوار اور کارخانوں کی صنعت میں 2 لاکھ 25 ہزار نوکریاں سامنے آئیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے معیشت کی نئی صورت حال پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمارے ملک کے لیے بہت بڑا دن ہے، بے روز گاری کی شرح میں زبردست کمی آئی ہے، سماجی فاصلوں اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔

  • وزیراعظم کا دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑا اعلان

    وزیراعظم کا دیہاڑی دار طبقے کو روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دیہاڑی دار طبقے کو بلین ٹری منصوبے کا حصہ بنا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ کرونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں دیہاڑی دار افراد اجرت سے محروم ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے دیہاڑی دار طبقے کو بلین ٹری منصوبے میں روزگار دینے کا فیصلہ کیا ہے، اقدام سے زندگیوں اور زمین دونوں پر مثبت اثرات بیک وقت پڑےگا،موجودہ صورت حال میں ہر تخلیقی اقدام اہمیت رکھتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کا کاروباری طبقے کے لیے مراعات کا اعلان

    اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری طبقے کے لیے اسٹیٹ بینک کی جانب سے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن کے دوران عوام کا تحفظ کرنا ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا اقدام معیشت کو رواں رکھنےمیں مدد دےگا،اسٹیٹ بینک کا اقدام بڑے پیمانے پر بیروزگاری سے بچنےمیں بھی مددگار ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ زرعی شعبے اور تعمیراتی سیکٹر کو کھول رہے ہیں۔

  • کرونا وائرس: معاشی سرگرمیوں کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

    کرونا وائرس: معاشی سرگرمیوں کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کی بلاتعطل روانی کو یقینی بنایا جائے، عام آدمی کے لیے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کروناوائرس کے ملکی معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں منفی اثرات سے بچاؤ سے متعلق پیشگی حفاظتی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

    وزیراعظم نے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی سربراہی میں بین الوزارتی کمیٹی قائم کردی، کمیٹی وائرس کے تناظرمیں معیشت پر روزانہ کی بنیاد پرنظر رکھےگی، کمیٹی پیشگی اقدامات بھی تجویز کرسکےگی۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا کے منفی اثرات سے معیشت کو ممکنہ حد تک محفوظ رکھنا ہے، معاشی سرگرمیوں کی بلا تعطل روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ عام آدمی کے لیے روزگار کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے، ممکنہ صورتحال کے پیش نظر جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنایا جائے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کی شکایت برداشت نہی کروں گا۔ وزیراعظم نے ورلڈبینک ودیگرعالمی اداروں سے رابطے کی بھی ہدایت کر دی۔

  • 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا،وزیراعظم

    2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے بلا سود قرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

    عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو خیراتی اداروں پر اعتماد ہوناچاہیے، اعتماد ہی خیراتی ادارے کی کامیابی کا راز ہے، خیراتی اداروں کو خیرات دینا آخرت کے لیے سرمایہ کاری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عوام کا آپ پر اعتماد ہو جائے تو ادارے کو کبھی پیسے کی کمی نہیں ہوتی، خیراتی ادارےکی طرف سے کم لاگت گھروں کی تعمیر بڑا اقدام ہے، شوکت خانم اسپتال کی تعمیر پر70کروڑ روپےلاگت آئی تھی، شوکت خانم اسپتال کے لیے عوام ہر سال بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کمزور طبقے کی دیکھ بحال ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، حکومت کا سب سے بڑا کام پیچھے رہ جانے والوں کی مدد کرنی چاہیے، ترقی یافتہ معاشرہ کمزور طبقے کو اوپر اٹھاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کم تنخواہ دار طبقے کو چھت کی فراہمی ترجیح ہے، کمزور طبقے کو سہارا دینے کا تصور مدینہ کی ریاست سے لیا گیا ہے،
    حکومت کی آمدنی بڑھ جائے تو ہاؤسنگ،تعلیم،صحت پر خرچ کیا جائےگا، اگلے مرحلے میں عوام کوصحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ کے 3 بڑے پروجیکٹ شروع کر دیے ہیں،گھروں کی تعمیرکے منصوبوں سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جیسے پیسہ آئےگا غریب طبقےکو اٹھانےکی کوشش کریں گے۔

    وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ بڑے شہروں میں کچی بستیوں والوں کے لیے فیلٹس بنائیں گے، کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کو جلد اوپر اٹھانا ہے، 2020 لوگوں کو روزگار اور نوکریاں دینے کا سال ہوگا۔