Tag: روزگار کی فراہمی

  • کامیاب جوان پروگرام کا دوسرا مرحلہ، نوجوانوں کیلئے روزگار کی فراہمی کے حوالے سے بڑی خبر

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کامیاب جوان پروگرام کے جائزہ کیلئے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا، عثمان ڈار نے کہا پروگرام کے تحت 5 ارب روپے کی تقسیم اسی ماہ مکمل ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کامیاب جوان پروگرام پر کام جاری ہے ، اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے جائزہ کیلئے اہم مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار، مشیرخزانہ حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں کامیاب جوان پروگرام میں شامل21 بینکوں کےنمائندگان کوبھی بلالیا گیا ہے اور وزیراعظم کو پروگرام میں اب تک کی پیش رفت رپورٹ پیش کی جائے گی، مشیر خزانہ حفیظ شیخ قرض کی تقسیم کیلئے فنڈز کی فراہمی پر بریفنگ دیں گے جبکہ عثمان ڈار اب تک شروع کاروبار،روزگار کی فراہمی پر مشتمل رپورٹ پیش کریں گے۔

    معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا پروگرام کے تحت 3 ہزار نوجوانوں کا ذاتی کاروبار شروع ہو چکا ہے، کاروباری سرگرمیوں سے 20 ہزار افراد کو براہ راست ملازمتیں ملیں، پروگرام کے تحت 5 ارب روپے کی تقسیم اسی ماہ مکمل ہوگی۔

    عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ مزید 7سے 10 ہزار نوجوانوں کو ذاتی کاروبار کیلئے قرض دے رہے ہیں، نومبر تک مزید 50ہزار افراد کیلئے ملازمت اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ مزید بینکوں کو شامل کرنے سے منصوبے میں تیزی آئی ہے، نوجوانوں میں قرض کی تقسیم کا مرحلہ مزید تیزی سے مکمل ہوسکے گا۔

  • مضبوط معیشت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے، چھ ماہ میں مزید بہتری آئے گی، عمران خان

    مضبوط معیشت اور روزگار کی فراہمی ترجیح ہے، چھ ماہ میں مزید بہتری آئے گی، عمران خان

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، آئندہ چھ ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کے پی سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے ملاقات کے موقع پر کیا، اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر،پرویز خٹک، علی محمد خان اورمعاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔

    اراکین اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

    وزیر اعظم نے اراکین کو حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    پی ٹی آئی نے مشکل مالی حالات میں حکومتی باگ دوڑ سنبھالی۔ اس وقت ملک مشکل صورت حال سے گزررہا ہے لیکن آئندہ چھ ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں آئے گی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ دوست ملکوں کی مدد سے ملکی معیشت کو سہارا دینا ہماری ترجیح تھی، عوام کو مشکلات سے ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنا چاہتے ہیں، حکومت ایکسپورٹ انڈسٹری کو سہولتیں دینے کیلئے کام کررہی ہے، شہریوں کیلئے صحت، تعلیم اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کی کوششیں جاری ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ50لاکھ گھروں کے منصوبوں سے لوگوں کو سہولت میسر آئے گی، معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا، بے سہارا لوگوں کو شیلٹر اور دو وقت کھانا دینے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور کو عملی جامہ پہنانے اور عوام سے کیے وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے، حکومتی وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت اس ملک میں نہیں ہے، حکومتی وزراء اپنی کارکردگی کے حوالے سے جواب دہ ہیں، حکومتی وزراء کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، احتساب سے خائف عناصر شور کر رہےہیں۔