Tag: روسی پارلیمنٹ

  • روسی پارلیمنٹ میں افغان طالبان کو دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا قانون منظور

    روسی پارلیمنٹ میں افغان طالبان کو دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا قانون منظور

    ماسکو: روسی پارلیمنٹ نے افغان طالبان کا نام دہشتگردوں کی فہرست سے نکالنے کا قانون بل منظور کرلیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق روسی پارلیمنٹ کی جانب سے نئے قانون کی منظوری کے بعد روس کی عدالت طالبان پر لگی پابندی ہٹانے کی مجاز ہوگی۔

    رپورٹ کے مطابق روسی پارلیمنٹ نے کالعدم تنظیموں پر پابندی پر عمل درآمد روکنے کاقانون منظور کر لیا ہے، قانون کی منظوری سے روس کے افغانستان کی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

    روس نے سال 2003 میں افغان طالبان کو دہشت گرد تنطیم کی فہرست میں شامل کیا تھا، پابندی کے باوجود روس نے مختلف مواقعوں پر طالبان سے براہِ راست رابطے کیے۔

    رپورٹ کے مطابق یہ بل روس کے لیے نہ صرف طالبان کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ ہموار کر سکتا ہے بلکہ ممکنہ طور پر شام کی حیات تحریر الشام جیسے دیگر گروپس سے رابطے بحال ہو سکتے ہیں۔

    بل کو حتمی منظوری کے لیے صدر پوٹن کو بھیجے جانے سے پہلے جمعہ کو پارلیمنٹ میں مزید نظرثانی کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    واضح رہے صدر پیوٹن پہلے ہی طالبان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتحادی قرار دے چکے ہیں۔

  • یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے: روسی اسپیکر پارلیمنٹ

    یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے: روسی اسپیکر پارلیمنٹ

    ماسکو: روسی پارلیمنٹ ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن کا کہنا ہے کہ یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس نے اپنی آزادی کھو دی ہے۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق روسی پارلیمنٹ ریاستی دوما کے اسپیکر ویاچسلاو ولوڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کو اب ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیئے کیونکہ کیف نے روسی صحافیوں کو قتل کرنے کی سازش شروع کر دی ہے۔

    اسپیکر کا کہنا تھا کہ صدر ولادی میر زیلنسکی کا احتساب ہونا چاہیئے۔

    روسی سیاست دان نے اسے نو نازی نظریے کی حمایت کے نتیجے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہی لوگوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کے بعد، کیف اب دوسرے ممالک کے شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرین کو ایک دہشت گرد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیئے اور زیلنسکی کو ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیئے۔

    روسی اسپیکر نے زور دے کر کہا کہ روسی صحافیوں کو قتل کرنے کی سازش کرنے والوں کو سزا ملنی چاہیئے، یوکرین ایک دہشت گرد ریاست میں تبدیل ہو گیا ہے اور اس نے اپنی آزادی کھو دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب یقیناً عالمی برادری مداخلت کرنے کی پابند ہے، یوکرین کو سب سے پہلے ہتھیاروں کی فراہمی کو روکنا اور وہاں گولہ بارود کو ختم کرنا ہوگا۔

    انہوں نے زور دے کر کہا کہ ناکام دہشت گردی کی سازش کی ذمہ داری پوری طرح سے یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی پر عائد ہوتی ہے۔