Tag: روسی ہیکرز

  • روسی ہیکرز نے یورپی سرحدوں پر نصب 10 ہزار کیمرے ہیک کرلیے

    روسی ہیکرز نے یورپی سرحدوں پر نصب 10 ہزار کیمرے ہیک کرلیے

    روسی ہیکرز نے یوکرین کو پہنچائی جانے والی امداد کی نگرانی کیلئے لگائے گئے 10 ہزار سرحدی کیمرے ہیک کرلیے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین، رومانیہ، پولینڈ، ہنگری اور سلوواکیہ میں کیمرے روسی ہیکرز گروپ کی ہیکنگ کانشانہ بنے۔

    رپورٹس کے مطابق مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے سائبرحملوں سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے سائبرسیکیورٹی ماہرین کی امدادی تنظیموں کوحفاظتی اقدامات بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے روس، یوکرین کے درمیان استنبول میں 3 برس بعد براہ راست مذاکرات ہوئے جو 2 گھنٹے تک جاری رہے تاہم اس دوران مذاکرات میں جنگ بندی پر کوئی معاہدہ نہ ہو سکا۔

    ترکیہ کی میزبانی میں 2022 کے بعد روس اور یوکرینی حکام کے درمیان پہلی بار براہ راست مذاکرات کا انعقاد ہوا، جس میں ترک وزیر خارجہ اور انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ بھی شریک ہوئے۔

    ترک وزیر خارجہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ روس، یوکرین کے درمیان مذاکرات کا یہ دور مکمل ہوگیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان 2 گھنٹے گفتگو ہوئی۔

    روس کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ تنازع کی بنیادی وجوہات کو حل کرنا چاہتا ہے جبکہ یوکرین 4 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے غیر مشروط جنگ بندی چاہتا ہے۔

    یوکرینی عہدیدار کے مطابق روس، یوکرین مذاکرات کا مزید کوئی دور طے نہیں لیکن امکان موجود ہے اگر روسی وفد کو ماسکو سے مزید ہدایات ملتی ہیں تو ممکن ہے کوئی نتیجہ نکل سکے۔

    امریکی گولڈن ڈوم منصوبے پر چین کا سخت ردعمل

    یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ اگر مذاکرات ناکام ہو جاتے ہیں تو روس کے خلاف سخت اقدامات اٹھانے چاہیے۔ روس یوکرین جنگ کے باعث ہزاروں افراد کی ہلاکت اور اربوں ڈالرز کا انفراسٹرکچر بھی ملیا میٹ ہوچکا ہے۔

  • روس کرونا ویکسین ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے: برطانیہ

    روس کرونا ویکسین ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے: برطانیہ

    لندن: برطانیہ کا کہنا ہے کہ روس COVID-19 ویکسین کا ڈیٹا ہیک کرنے اور چوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکورٹی سینٹر (این سی ایس سی) نے جمعرات کو کہا کہ روسی ریاست کے حمایت یافتہ ہیکرز دنیا بھر کے تعلیمی اور دوا ساز اداروں سے کرونا وائرس ویکسینز اور علاج معالجے کا ڈیٹا چوری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    برطانیہ، امریکا اور کینیڈا کے ایک مشترکہ بیان میں ان سائبر حملوں کی ذمہ داری APT29 گروپ ڈالی گئی ہے، جسو ’کوزی بیئر‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ روسی انٹیلی جنس سروسز کے ایک حصے کے طور پر آپریٹ ہوتا ہے۔

    این سی ایس سی کے آپریشن ڈائریکٹر پال چِچسٹر کا کہنا تھا کہ ہم کرونا وائرس کی عالمگیر وبا کے خلاف جنگ لڑنے والے اس اہم کام پر ہونے والے حقیر حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ روسی انٹیلی جنس سروسز کا وبا پر ہونے والے کام کو ہدف بنانا کلی طور پر ناقابل قبول ہے، جہاں باقی مفاد پرستی میں مبتلا نظر آتے ہیں وہاں برطانیہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ عالمی صحت کے تحفظ کے لیے ایک ویکسین کی تلاش میں جُتا ہوا ہے۔

    این سی ایس سی کا کہنا تھا کہ مذکورہ ہیکرز گروپ نے حملوں کے لیے متعدد تیکنیکس اور اوزار اختیار کیے، ان میں اسپیئر پِشنگ اور کسٹم میلویئر بھی شامل ہیں۔

    ادھر برطانوی وزارت خارجہ نے الزام لگایا ہے کہ 2019 میں روس نے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی دستاویزات کے ذریعے برطانوی انتخابات میں مداخلت کی، برطانوی انتخابات میں روس کی مداخلت کی کوشش ناقابل قبول ہے۔

    برطانوی وزیر خارجہ ڈومینک راب نے کہا کہ برطانیہ میں مداخلت کرنے کی کوششیں مکمل طور پر ناقابل قبول ہے، برطانوی حکومت نے وثوق کے ساتھ روس کی جانب سے برطانوی جمہوری نظام میں مداخلت کا الزام عائد کیا ہے۔

  • نجی بینک پر سائبر حملے کی تفتیش میں بڑا انکشاف، صارفین کے82کروڑ روپے غائب

    نجی بینک پر سائبر حملے کی تفتیش میں بڑا انکشاف، صارفین کے82کروڑ روپے غائب

    کراچی : نجی بینک پر سائبر حملے کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستانی بینک پر روسی ہیکرز نے حملہ کیا تھا، اس دوران   میں82کروڑ روپے غائب کردیئے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ہیکرز نے ایک نجی بینک کا ڈیٹا ہیک کرکے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈز کی معلومات حاصل کرلی تھیں جس کے نتیجے میں بینک صارفین کو کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

    اس حوالے سے تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیکرز اتنے ماہر تھے کہ وہ بینک اسلامی کے سسٹم میں پانچ گھنٹے تک موجود رہے، اس دوران انہوں نے صارفین کے82کروڑ روپے اڑالیے، بینک کے1732کارڈز کا ڈیٹا چوری کیا گیا،جس سے3232 کسٹمرز متاثر ہوئے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے کامل عارف کے مطابق ہیکرز نے اسی فیصد ڈیٹا روس سے حاصل کیا اور 41ممالک کے سسٹم کو آپریٹ کیاگیا، قابل ذکر بات یہ ہے کہ کہ بینک اسلامی کی جانب اپنے سسٹم کو بند کیے جانے کے باوجود ہیکرز بینک کے سسٹم کو باآّسانی آپریٹ کرتے رہے۔

    ذرائع کے مطابق بینک اسلامی کے سسٹم پر بڑا حملہ روس سے کیا گیا، یورپ، مشرق وسطیٰ کے ہیکرز بھی بینک اسلامی کے سسٹم میں داخل ہوئے۔

    مزید پڑھیں: اے ٹی ایم استعمال کرنے والے ہوشیار، انیس ہزار سے زائد افراد کا بینک ڈیٹا چوری

    واضح رہے کہ دس روز قبل ایف آئی اے کی جانب سے انیس ہزار سے زائد پاکستانیوں کا بینک ڈیٹا چوری ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا کہ ہیک شدہ کارڈز ڈارک ویب پر فروخت کیے جارہے ہیں۔

    مذکورہ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ ڈارک ویب پر 100 سے 160 ڈالرز میں بیچا گیا، 22 پاکستانی بینکوں کے مجموعی طور پر 19864کارڈز کا ڈیٹا چوری ہوا، پاکستانی اے ٹی ایم استعمال کرنے والے غیر ملکیوں کا ڈیٹا بھی چرایا گیا۔