Tag: روس

  • روس کا یوکرین کی جانب سے 73 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

    روس کا یوکرین کی جانب سے 73 ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ

    کریمیا : روس نے یوکرین کی جانب سے تہتر ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کردیا، ۔روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ڈرون حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق روس نے کریمیا پر یوکرین کا حملہ ناکام بنا دیا اور یوکرین کی جانب سے تہتر ڈرونز مار گرانے کا دعویٰ کردیا۔

    روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ روسی ائیر ڈیفنس نے یوکرین کی جانب سے کریمیا پر مارے جانے والے ستر سے زیادہ ڈرونز کو مار گرایا۔

    روسی حکام نے کہا کہ ہ فی الحال ڈرون حملوں میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ان حملوں سے کوئی تباہی ہوئی ہے۔

    روسی وزارت دفاع کا مزید کہنا تھا کہ 9 ڈرونز کو فضائی دفاعی فورسز نے تباہ کیا جب کہ 33 کو الیکٹرانک وار فیئر کے ذریعے مارا گیا جو اپنے اہداف تک پہنچے سے پہلے ہی کریمیا پر گر کر تباہ ہو گئے۔

  • یوکرین کے صدارتی مشیر نے روس سے صلح کا مشورہ دے دیا

    یوکرین کے صدارتی مشیر نے روس سے صلح کا مشورہ دے دیا

    کیف: سابق یوکرینی صدارتی مشیر اولیگ سوسکن نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ یوکرین روس سے صلح کرلے۔

    غیر ملکی رپورٹ کے مطابق یوکرین کے دو صدر کے سابق معاون نے کہا ہے کہ یوکرین کو روس کے ساتھ لڑائی ختم کرنے میں جلدی کرنی چاہیے، اس سے پہلے کہ ملک میں امریکی فوجی ومالی امداد کا سامان ختم ہوجائے۔

    سوشل میڈیا پر پوسٹ میں سابق یوکرینی صدارتی مشیر اولیگ سوسکن کا کہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ میں امریکا کو اہم ملک قرار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر امریکا کیف کے لیے اپنی فوجی امداد بند کردیتا ہے تو یوکرین ماسکو کے ساتھ ملک کر اندر ہی امن معاہدے پر دستخط کر دے گا۔

    اس حوالے سے سوسکن نے تجویز پیش کی کہ امریکی کانگریس یوکرین کو 24 بلین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کرنے کے لیے امریکی صدر جو بائیڈن کی درخواست کو رد کر سکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق یوکرینی صدارتی مشیر اولیگ سوسکن نے 1990 کی دہائی میں یوکرین کے صدر لیونیڈ کراوچک اور لیونیڈ کچما کے اقتصادی مشیر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

  • چاند پر اترنے سے قبل روسی خلائی مشن ناکامی کے دہانے پر، جہاز کھونے کا خدشہ

    چاند پر اترنے سے قبل روسی خلائی مشن ناکامی کے دہانے پر، جہاز کھونے کا خدشہ

    ماسکو: چاند پر اترنے سے قبل روسی خلائی مشن ناکامی کے دہانے پر ہے، قمری جہاز کے کھو جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق روس کے چاند مشن لونا 25 کو چاند پر لینڈنگ سے قبل ایمرجنسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تھا، قمری جہاز کو پری لینڈنگ کے مدار میں داخل ہونے میں دشواری پیش آئی تھی۔

    روسی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ لونا 25 پر غیر معمولی صورت حال کی اطلاعات ہیں، چاند کی سطح پر اُترنے سے پہلے ایمرجنسی صورت حال کا پتا چلا، ماہرین کا کہنا ہے ایمرجنسی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

    دوسری طرف روئٹرز نے خبر دی ہے کہ 47 برسوں میں پہلی بار روس کا چاند مشن ناکامی کے قریب دکھائی دے رہا ہے، اور روسی میڈیا نے کہا ہے کہ ہو سکتا ہے کہ قمری جہاز کھو گیا ہو۔

    روس کی ریاستی خلائی کارپوریشن ’روسکوسموس‘ نے کہا کہ جب مشن کنٹرول نے ہفتے کے روز سوا گیارہ بجے پر جہاز کو لینڈنگ سے پہلے کے مدار میں منتقل کرنے کی کوشش کی تو غیر معمولی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، اس مشن نے پیر کو چاند کے قطب جنوبی کی سطح پر اترنا تھا۔

    ’روز محشر‘ نامی گلیشیئر خطرے میں گرفتار، سائنس دانوں نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    روسکوسموس کا کہنا تھا کہ ماہرین اس صورت حال کا تجزیہ کر رہے ہیں، تاہم ہفتے کے بعد سے لونا پچیس کے بارے میں کوئی اپ ڈیٹ نہیں دی گئی ہے، جب کہ غیر تصدیق شدہ روسی زبان کے ٹیلیگرام چینلز نے اطلاع دی ہے کہ کرافٹ کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا تھا اور روس کے ایک اخبار نے ایک نامعلوم ماہر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے کہ کرافٹ کھو گیا ہو۔

    واضح رہے کہ اس روسی خلائی مشن نے چاند پر پانی کی موجودگی سے متعلق شواہد اکھٹے کرنا ہے۔

  • کونسا ملک اسکول کے بچوں کو ہتھیار چلانا، بم استعمال کرنا سِکھارہا ہے!

    کونسا ملک اسکول کے بچوں کو ہتھیار چلانا، بم استعمال کرنا سِکھارہا ہے!

    روس نے انوکھا اقدام کرتے ہوئے اسکول کے بچوں کو ہتھیار چلانے اور ہینڈ گرینیڈ کا استعمال سکھانے کا فیصلہ کیا ہے، جنگ کے دوران ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا طریقہ بھی بتایا جائے گا۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی حکومت اسکول کے طالب علموں کو کلاشنکوف اور رائفلز چلانا سکھائے گی جب کہ انھیں جوڑنے اور صاف کرنے کا گر بھی سکھایا جائے گا، بچوں کو ہینڈ گرینیڈ کا استعمال کرنے کی واقفیت فراہم کی جائے گی۔

    یوکرین سے جنگ میں برسرپیکار ملک میں اگلے ماہ سے نیا تعلیمی سال شروع ہونے والے ہے، جس میں بچوں کو جنگ کے دوران ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کا طریقہ بھی بتایا جائے گا۔

    سیکنڈری اسکول کے 16 سال یا اس سے زیادہ عمر کے طلبا جو کہ آخری سال میں ہونگے انھیں فوجی ٹریننگ دی جائے گی جس کا مقصد انھیں زندگی کی حفاظت کے بنیادی اصولوں کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔

    روس کے اسکولوں میں اس قبل 1980 کی دہائی میں بھی طلبا کو فوجی ٹریننگ دی گئی تھی، ماضی میں بچوں کو دہشت گرد حملوں میں محفوظ رہنے کا طریقہ، چرنوبل جوہری تباہی کے بعد تابکاری سے نمٹنے کے بنیادی طریقے سکھائے گئے تھے۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن چاہتے ہیں کہ ڈرون کی ٹریننگ بھی اسکول کے نصاب میں شامل کی جائے، حکام نے ان کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے 16 سال یا اس سے بڑی عمر کے طلبا کو ڈرون چلانے اور انھیں جوڑنے کا طریقہ سکھانے کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔

  • روس: گیس اسٹیشن میں ہولناک دھماکے میں 35 افراد جل کر ہلاک

    روس: گیس اسٹیشن میں ہولناک دھماکے میں 35 افراد جل کر ہلاک

    ماسکو: روسی شہر مخچکالا میں ایک گیس اسٹیشن میں آگ اور دھماکے سے 35 افراد جل کر ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی روس کے علاقے داغستان میں ایک گیس اسٹیشن میں آگ اور دھماکے کے نتیجے میں تین بچوں سمیت کم از کم 35 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔

    مقامی حکام نے منگل کو بتایا کہ آگ پیر کی رات بحیرہ کیسپین کے کنارے واقع داغستانی دارالحکومت مخچکالا میں ایک شاہراہ کے کنارے واقع آٹو مرمت کی دکان میں شروع ہوئی، اور قریبی فِلنگ اسٹیشن تک پھیل گئی۔

    فائر بریگیڈ کے عملے نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    ادھر روس کی ہنگامی وزارت نے منگل کو اطلاع دی کہ کل 105 افراد زخمی ہوئے ہیں، داغستان کے گورنر سرگئی میلیکوف نے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں، جب کہ زخمی ہونے والے افراد میں 13 بچے شامل ہیں۔

    میلیکوف کے مطابق دھماکا پیر کی رات 9:40 پر ہوا، انھوں نے کہا کہ دھماکے کی وجوہات اور نوعیت کا پتا لگایا جا رہا ہے، جب کہ شدید زخمیوں کو ماسکو لے جانے کے لیے ایک طیارہ روانہ کیا گیا ہے۔

  • روس  کا  یوکرینی صدر کے آبائی شہر پر انتہائی مہلک میزائل حملہ

    روس کا یوکرینی صدر کے آبائی شہر پر انتہائی مہلک میزائل حملہ

    یوکرینی صدر زیلنسکی کے بیان کے بعد روس نے ان کا آبائی شہر کریوی ریح پر میزائل برسادیئے جنوبی اور مشرقی یوکرین پر میزائل داغے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین پر روس کے حملے جاری ہیں، روسی طیاروں کی تازہ بمباری میں دس افراد ہلاک اور نوے زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں ماں اوراس کی دس سال کی بیٹی بھی شامل ہے۔

    یوکرینی صدر کے بیان کے بعد روس نے ان کے آبائی شہرکریوی ریح پر حملہ کیا، روسی فورسز نے جنوبی شہر ڈونسٹیک کو بھی نشانہ بنایا۔

    یوکرینی صدر نے بیان دیا تھا کہ جنگ اب روس کے اندر پہنچ چکی ہے، روس نے صدر  زیلنسکی کے بیان پر جنوبی اور مشرقی یوکرین پر میزائل داغے۔

    یوکرینی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے یوکرینی صدر کے آبائی شہر کے قریب انتہائی مہلک میزائل حملہ کیا۔

    دوسری جانب اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس سے یوکرین سے فوج فوری نکالنے کا مطالبہ کردیا، یوکرینی نمائندہ نے کہا کہ روسی اقدام خطے کے لیے خطرہ ہیں جبکہ روسی نمائندے کا کہنا تھا کہ روسی سرحدی علاقوں میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے کا کیا جواز پیش کیا جاسکتا ہے؟

    چین نے دونوں فریقین سے بین القولااقوامی انسانی قوانین کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔

  • دریا دلی یا موقع کی نزاکت! روس نے افریقی ممالک کا بہت بڑا قرضہ معاف کردیا

    دریا دلی یا موقع کی نزاکت! روس نے افریقی ممالک کا بہت بڑا قرضہ معاف کردیا

    روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی ممالک کا اربوں ڈالر کا قرضہ معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سینٹ پیٹرزبرگ میں روس افریقہ فورم کے تحت ایک اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب میں روسی صدر نے افریقی ممالک پر واجب الادا 20 ارب ڈالر سے زیادہ کے تاریخی قرضے کو معاف کر دیا ہے۔

    اس موقع پر ولادیمیر پوتن کا کہنا تھا کہ براعظم افریقہ کو ترقی کی جانب گامزن کرنے کے لیے مزید فنڈز بھی مہیا کیے جائیں گے۔

    روسی صدر نے ماسکو اور افریقہ کے درمیان تاریخی تجارتی اور مالیاتی روابط کو مد نظر رکھتے ہوئے کہا کہ افریقی ملکوں کو جو قرضہ معاف کیا گیا ہے اس کی مالیت 23 ارب ڈالر ہے جب کہ اس مقصد کے لیے 90 ملین ڈالر مزید مختص کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    پوتن نے خطاب میں افریقی ممالک کو مزشی خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ براعظم افریقہ کے پسماندہ ممالک کو مفت اناج بھی فراہم کیا جائے گا۔

    ماسکو اناج بھیجنے کے اخراجات بھی خود اٹھائے گا جب کہ برکینا فاسو، زمبابوے، مالی، صومالی، وسطی افریقی جمہوریہ، اور اریٹیریا کو 25 سے 50 ہزار ٹن کے درمیان اناج مہیا کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کچھ مہینوں قبل پوتن نے کہا تھا کہ روس افریقی کانٹینینٹل فری ٹریڈ ایریا (AfCFTA) کے قیام کے عمل میں دلچسپی رکھتا ہے، انھوں نے روس اور افریقی ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر بھی زود دیا تھا۔

  • ماسکو کے شاپنگ مال میں گرم پانی کا پائپ پھٹنے سے 4 افراد ہلاک

    ماسکو کے شاپنگ مال میں گرم پانی کا پائپ پھٹنے سے 4 افراد ہلاک

    ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو کے شاپنگ مال میں گرم پانی کا پائپ پھٹنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہفتے کے روز مغربی ماسکو میں ایک شاپنگ مال میں گرم پانی کا پائپ پھٹنے سے چار افراد ہلاک اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔

    شہر کے میئر سرگئی سوبیانین نے واقعے کو المیہ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں سے کچھ جھلس گئے ہیں، جنھیں اسپتال منتقل کر کے طبی امداد دی جا رہی ہے، روسی خبر رساں ایجنسیوں نے تفتیش کاروں کے حوالے سے بتایا کہ اس جگہ پر امونیا کا کوئی اخراج نہیں ہوا، ابتدائی طور پر جس کا شبہ کیا جا رہا تھا۔

    سامنے آنے والی ویڈیو فوٹیج میں پوری عمارت میں پانی بہتا اور دروازے سے بھاپ نکلتے ہوئے دیکھا گیا، وریمینا گوڈا نامی یہ شاپنگ مال 2007 میں کھولا گیا تھا اور اس میں 150 سے زیادہ اسٹورز ہیں۔

  • روس نے یوکرین گرین ڈیل میں واپس آنے کے لیے 7 شرائط رکھ دیں

    روس نے یوکرین گرین ڈیل میں واپس آنے کے لیے 7 شرائط رکھ دیں

    ماسکو: روس نے یوکرین گرین ڈیل میں واپس آنے کے لیے 7 شرائط رکھ دی ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس نے یوکرین گرین ڈیل کے حوالے سے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اجناس ڈیل کرنی ہے تو روس کی شرائط ماننی ہوں گی، روس نے اس سلسلے میں سات شرائط رکھی ہیں۔

    اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا گیا ہے کہ روسی اجناس اور کھاد پر سے پابندیاں ختم کی جائیں، غذا اور کھاد کی ڈیلنگ کرنے والے روسی بینکوں پر پابندیاں اٹھا لی جائیں۔

    مزید روسی شرائط کے مطابق روسی مالیاتی اداروں کو عالمی بینکاری نظام سوئفٹ سے جوڑا جائے، زرعی مشینری کے پُرزوں کی روس کو درآمد بحال کی جائے، اور روس کے غذائی اجناس سے لدے جہازوں کو انشورنس اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے۔

    روس نے یوکرین کی اہم بندرگاہوں پر میزائل برسا دئیے، 60 ہزار ٹن گندم تباہ

    روس نے مزید شرائط رکھتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی صنعت کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں اور اجناس ڈیل کو امیر ممالک نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر صرف ضرورت مند ممالک کے لیے استعمال کیا جائے۔

    واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بدھ کے روز کہا تھا اناج سے متعلق یہ معاہدہ اپنی موجودہ شکل میں تمام معنی کھو چکا ہے، ماسکو اسی صورت میں اب اناج کے معاہدے میں واپس آنے پر غور کرے گا اگر اس کے مطالبات مکمل طور پر مانے جائیں۔ یاد رہے کہ روس نے بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے مال بردار جہازوں کو محفوظ طور پر گزرنے کی اجازت دی تھی، لیکن رواں ہفتے وہ اس معاہدے سے نکل گیا۔

  • روس نے یوکرین کی اہم بندرگاہوں پر میزائل برسا دئیے،  60 ہزار ٹن گندم تباہ

    روس نے یوکرین کی اہم بندرگاہوں پر میزائل برسا دئیے، 60 ہزار ٹن گندم تباہ

    ماسکو : روس نے 60 ہزار ٹن گندم پر میزائل برسا دئیے،یوکرینی حکام کا کہنا ہے روس نے یوکرین کی بندگاہوں کے قریب اناج کے زخیرے پر ڈرون برسائے۔

    تفصیلات کے مطابق ماسکو کی جانب سے بلیک سی ہاس کے ذریعے یوکرائنی اناج کے محفوظ گزرنے کی اجازت دینے والے معاہدے کی تجدید سے انکار نے عالمی غذائی تحفظ کے لیے خدشات کو جنم دے دیا ہے۔

    اناج کی بر آمد کا معاہدے سے دستر برادرا ہونے کے بعد روس نے ساٹھ ہزار ٹن گندم پر میزائل برسادئیے، یوکرینی حکام کا کہنا ہے روس نے یوکرین کی بندگاہوں کے قریب اناج کے زخیرے پر ڈرون برسائے۔

    یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ "روسی دہشت گردوں نے اناج کے معاہدے کے بنیادی ڈھانچے کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔” "ہر روسی میزائل نہ صرف یوکرین پر بلکہ دنیا کے ہر اس شخص پر حملہ ہے جو ایک عام اور محفوظ زندگی چاہتا ہے۔”

    یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ روس نے اوڈیسا کے علاقے میں بنیادی ڈھانچے اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے 63 میزائل اور ڈرون داغے، ان میں سے 37 کو مار گرایا۔

    وزیر زراعت میکولا سولسکی نے بتایا کہ اوڈیسا کے جنوب مغرب میں چورنومورسک بندرگاہ پر اناج کی برآمد کے بنیادی ڈھانچے کے ایک بڑے حصے کو نقصان پہنچا ہے اور 60,000 ٹن اناج تباہ ہو گیا ہے۔

    روسی حکام نے پہلے ہی خبردار کیا تھا بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے اناج کی ترسیل خطرناک ہوسکتی ہے جبکہ روسی صدر نے کہا مغرب اناج کی ڈیل کو بطور بلیک میلنگ استعمال کر رہا تھا۔

    روس اور یوکرین کے درمیان اناج کی برآمد کا معاہدہ ٹوٹنے سے گندم مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔

    یاد رہے روس کے دستبردار ہونے کے بعد یوکرین کو بحیرہ اسود کے راستے محفوظ طریقے سے اناج برآمد کرنے کی اجازت دینے والا معاہدہ باضابطہ طور پر ختم ہوگیا تھا۔

    کریملن کا یہ اعلان کریمیا میں ایک پُل پر حملے کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا تھا ، جس میں دو شہری ہلاک ہوگئے تھے، یوکرین نے باضابطہ طور پر اس کی ذمےداری قبول نہیں کی لیکن روسی سیکیورٹی سروس کے مطابق اس حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ تھا۔

    روسی صدرنے کریمیا کے پُل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا سخت جواب دیا جائے گا، کریمیا پُل ایندھن اور خوارک کی فراہمی کی اہم گزرگاہ ہے۔