Tag: روس

  • شامی کرنسی سے بھرا کارگو طیارہ روس سے پہنچ گیا

    شامی کرنسی سے بھرا کارگو طیارہ روس سے پہنچ گیا

    دمشق: شامی کرنسی لے کر روس سے آنے والا کارگو طیارہ دمشق پہنچ گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس سے آنے والے ایک کارگو طیارے نے دمشق کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ہے، جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس میں شامی کرنسی موجود تھی۔ رپورٹس کے مطابق رقم سے لدے 7 سے زائد ٹرک شام کے مرکزی بینک میں گئے۔ العربیہ کے مطابق روس سے دمشق پہنچنے والی رقم ماسکو میں لیرا پرنٹ کرنے کے سابقہ معاہدے کا حصہ تھی۔

    روئٹرز کے مطابق شام کو بدھ کے روز روس میں چھپی ہوئی شامی کرنسی کی ایک نئی کھیپ موصول ہوئی ہے، مستقبل میں مزید کھیپوں کی بھی توقع کی جا رہی ہے، شامی حکومت کے ایک اہلکار نے کہا کہ ماسکو اور شام کے نئے حکمرانوں کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے کی یہ ایک نئی علامت ہے۔

    گزشتہ فروری میں شام کے مرکزی بینک نے روس سے شامی پاؤنڈ کی رقم دمشق کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے ذریعے آنے کی تصدیق کی تھی، تاہم یہ نہیں بتایا گیا تھا کہ رقم کتنی ہے۔

    اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ روس نے ایران میں چھپی ہوئی رقم کو تہران سے واپس لے لیا اور اسے ہوائی جہاز کے ذریعے شام پہنچایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بشار الاسد کے دور صدارت میں شامی کرنسی روس میں چھاپنے کا رواج تھا۔

    ویڈیو: سربیا کی پارلیمنٹ یا میدان جنگ؟ اسموگ گرینیڈ اور آنسو گیس کی شیلنگ

    13 سال کی خوں ریز جنگ کے بعد شام کو ریاستی اداروں کی تعمیر نو، انفراسٹرکچر کی بحالی، مسلح افواج کی تشکیل، پناہ گزینوں کی واپسی، خستہ حال معیشت کی بحالی اور بہت سے دوسرے چیلنجز کا سامنا ہے۔

  • ’ٹرمپ اور وینس نے زیلنسکی کو تھپڑ مارنے سے خود کو روکا‘ (ویڈیو)

    ’ٹرمپ اور وینس نے زیلنسکی کو تھپڑ مارنے سے خود کو روکا‘ (ویڈیو)

    ماسکو: روسی وزارت خارجہ نے حیرت انگیز دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اور جے ڈی وینس نے بہت برداشت کیا اور زیلنسکی کو تھپڑ مارنے سے خود کو روکے رکھا۔

    روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے ٹرمپ اور زیلنسکی کی ملاقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ٹرمپ اور وینس نے زیلنسکی کو تھپڑ مارنے سے خود کو روکے رکھا تھا۔

    روسی قومی سلامتی کونسل کے نائب سربراہ نے کہا کہ ٹرمپ نے جوکر کو آئینہ دکھا دیا، یوکرین تیسری عالمی جنگ سے کھیل رہا ہے۔

    واضح رہے کہ یوکرین کے صدر زیلنسکی اور صحافی کے درمیان بھی دل چسپ مکالمہ ہوا۔ رپورٹر نے کہا آپ اس ملک کے اعلیٰ ترین دفتر میں ہیں اور آپ نے سوٹ نہیں پہنا، آپ سوٹ کیوں نہیں پہنتے؟ کیا آپ کے پاس سوٹ ہے؟ یوکرینی صدر نے کہا ’’آپ کو اس سے کیا مسئلہ ہے؟‘‘

    سوٹ کیوں نہیں پہنتے؟ کیا آپ کے پاس سوٹ ہے؟ یوکرین کے صدر سے سوال (ویڈیو)

    رپورٹر نے کہا بہت سارے امریکیوں کو آپ کے اس دفتر کا احترام نہ کرنے سے مسئلہ ہے۔ اس پر زیلنسکی نے جواب دیا کہ میں سوٹ اس وقت پہنوں گا جب جنگ ختم ہو جائے گی، اور آپ کے جیسا یا پھر شاید آپ سے بہتر سوٹ پہنوں گا۔

    رپورٹر کے سوال پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس مسکراتے رہے، وائٹ ہاؤس میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے وقت ولودیمیر زیلنسکی نے سیاہ ٹی شرٹ اور پینٹ پہن رکھی تھی۔

  • ٹرمپ روس کا دورہ کب کریں گے؟ اہم خبر

    ٹرمپ روس کا دورہ کب کریں گے؟ اہم خبر

    ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد روس اور امریکا میں برف پگھلتی نظر آ رہی ہے امریکی صدر روس کا کب دورہ کریں گے وہ انہوں نے بتا دیا۔

    امریکا اور روس کئی دہائیوں سے سخت سیاسی حریف رہے ہیں۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری مدت کے لیے صدر کا منصب سنبھالنے کے بعد حالیہ بیانات، روسی ہم منصب کو فون کرنے سے ان ممالک کے درمیان برف پگھلتی نظر آ رہی ہے۔ امریکی صدر کب روس کا دورہ کریں گے، یہ ٹرمپ نے خود ہی بتا دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے طمابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ 9 مئی کی تاریخ ان کے دورہ روس کے لیے شاید بہت جلد ہوگا تاہم وہ مناسب وقت پر ماسکو جانے کے لیے تیار ہوں گے۔

    یوکرین میں روس کی فوجی مہم کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی اہم ملاقات ہوئی۔

    اس ملاقات میں ایمائوئل میکرون نے واشگاف الفاظ میں روس کو ڈکٹیٹر کہتے ہوئے کہا کہ روس جارحیت کرنے والا ملک ہے، تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو ڈکٹیٹر کہنے سے انکار کر دیا۔

    رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان روس یوکرین جنگ کے اسباب، تنازع میں ہر فریق کے کردار اور اس کے ممکنہ حل کے حوالے سے نمایاں طور مختلف رائے پائی گئی۔

    ملاقات کے بعد اوول آفس میں صحافیوں کے ان کے ممکنہ دورہ روس سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ وہ مناسب وقت پر ضرور ماسکو جائیں گے۔

    واضح رہے کہ دوسری مدت کے لیے منصب صدارت کا حلف اٹھانے سے قبل ٹرمپ کا یہ بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات طے ہو رہی ہے لیکن انہوں نے اس ملاقات کی کوئی ٹائم لائن پیش نہیں کی تھی۔

    حلف اٹھانے کے فوری بعد ٹرمپ نے دو روایتی حریفوں چینی اور روسی صدور سے ویڈیو لنک پر رابطہ بھی کیا تھا۔ جب کہ پیوٹن نے امریکی ہم منصب کو روس کے دورے کی دعوت بھی دی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/putin-invited-trump-to-moscow-to-discuss-ukraine-kremlin-says/

  • ایٹمی تنازع پر امریکا سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

    ایٹمی تنازع پر امریکا سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوں گے، ایرانی وزیر خارجہ

    تہران: روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایران کے ہم منصب عباس عراقچی سے تہران میں ملاقات کی ہے۔

    روئٹرز کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلیٰ سفارت کار نے منگل کو اپنے روسی ہم منصب سے ملاقات کے بعد کہا کہ ایران واشنگٹن کی طرف سے عائد دباؤ اور پابندیوں کے سامنے نہیں جھکے گا۔

    ایرانی وزیر خارجہ نے کہا روسی وزیر خارجہ سے ایٹمی پروگرام پر بات ہوئی ہے، ایٹمی مذاکرات پر ایران کا مؤقف بالکل واضح ہے، امریکا سے براہ راست بات چیت نہیں ہوگی، ہم دباؤ، دھمکی یا پابندیوں میں مذاکرات نہیں کریں گے۔

    اپنے ایک روزہ دورہ ایران کے موقع پر روسی وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ساتھ علاقائی اور دو طرفہ موضوعات پر تبادلہ خیال کیا، یہ دورہ امریکا کی جانب سے ایرانی تیل کی صنعت پر پابندیوں کے ایک نئے دور کے نفاذ کے ایک دن بعد ہوا ہے۔

    روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا کہ دھمکی یا طاقت کی بجائے سفارتی ذرائع استعمال کیے جائیں، ایرانی ایٹمی پروگرام کا سفارتی حل اب بھی موجود ہے، جس کے لیے روس بھرپور کوشش کرے گا، اور ہم ایران کو پابندیوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے کی کوشش کریں گے۔

    حملے کا خدشہ، ایران کی جوہری تنصیبات کے حوالے سے برطانوی اخبار کا اہم انکشاف

    واضح رہے کہ ایک طرف ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس واپسی کے صرف ایک ماہ بعد ماسکو نے امریکا کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے بات چیت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، اور دوسری طرف ٹرمپ نے اس ماہ کے شروع میں ایران پر دباؤ بڑھا دیا ہے، جس میں ملک کی تیل کی برآمدات کو صفر تک پہنچانے کی کوششیں شامل ہیں۔

    عراقچی نے لاوروف کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا جب تک اس طرح زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جائے گا، امریکا کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا کوئی امکان نہیں ہے، یاد رہے کہ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ ایران کے مذہبی حکمرانوں کے ساتھ معاہدہ کرنا پسند کریں گے۔

  • روس کے یوکرین پر فضائی حملے

    روس کے یوکرین پر فضائی حملے

    یوکرینی فوج نے کہا ہے کہ روس کی فوج کے یوکرین پر تازہ فضائی حملے کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک جبکہ خواتین سمیت 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کراماٹوسک شہر میں روسی فضائی حملے سے ایک شہری ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ دارالحکومت کیف ریجن سمیت دیگر علاقوں میں روسی فضائی حملوں سے 2 خواتین سمیت 4 شہری زخمی ہوئے۔

    یوکرینی فوج نے روس کی جانب سے یوکرین پر 7 میزائل اور 213 ڈرون داغنے کا الزام بھی عائد کیا ہے، روس کے 6 میزائل اور 133 ڈرون مار گرائے دیگر میزائل اور ڈرون ٹارگٹ تک نہیں پہنچ پائے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ یوکرین کے صدر واشنگٹن آکر معدنیات کے معاہدے پر دستخط کرنا چاہتے ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یوکرین کے لیے امن دستوں کی ضرورت پیش آئے گی۔

    ایلون مسک کو جان سے مارنے کی دھمکی

    امریکی صدر نے کہا کہ یورپ امریکی کاروباری اداروں کو سزا دینے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکس استعمال کرتا ہے، ٹرمپ نے امریکا میں تانبے کی درآمدات پر نئے ٹیکس کی تحقیقات کا حکم بھی جاری کردیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ نے ہیلتھ کیئر اخراجات میں شفافیت کے حکم نامے سمیت کئی دیگر پر دستخط کردیے ہیں۔

  • پاکستان اور روس میں طلبہ کے وفود کے تبادلے تعلیم کے ذریعے سفارت کاری کا ذریعہ

    پاکستان اور روس میں طلبہ کے وفود کے تبادلے تعلیم کے ذریعے سفارت کاری کا ذریعہ

    کراچی: پاکستان اور روس کی 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس ختم ہو گئی، جس میں ملکی اور غیر ملکی ماہرین تعلیم نے شرکت کی، کانفرنس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنا تھا۔

    پاکستان اور روس کے ماہرین تعلیم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ تبدیل ہوتے ہوئے عالمی حالات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبوں میں‌ شراکت داری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

    وفاقی اردو یونیورسٹی اور قازان فیڈرل یونیورسٹی کے تحت 2 روزہ بین الاقوامی کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں ایک دوسرے کو تعاون فراہم کرنا ہے۔

    تعلیم پاکستان روس

    ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ طلبہ کے وفود کے تبادلے پاکستان اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ روسی مصنف نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے سفارت کاری بہترین انتخاب ہے، اردو یونیورسٹی کے اساتذہ نے کہا کہ بین الااقوامی کانفرنس تعلقات کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔

    روسی پروفیسر یوجینا وی میکہموتوف اور ویرونیکا یوسچیو نے کہا کہ ادب، تاریخ اور ثقافتی لحاظ سے منعقد ہونے والی یہ کانفرنس بہت اہمیت کی حامل ہے، پاکستان کے لوگ بہت عمدہ اور قابل تعریف ہیں، تعلیم کے ذریعے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، دو طرفہ تعلیمی تبادلے سے دنیا میں ایک مثبت پیغام اجاگر ہوگا، اس کانفرنس کے ذریعے زبانوں کا تبادلہ بھی ہوگا اور تعلقات کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔

    کانفرنس کے آخری دن پاکستان اور روس کے اقتصادی تعلقات سمیت ثقافت، تعلیم، تاریخ اور دیگر موضوعات پر سیشن منعقد ہوئے، کانفرنس کے ملکی اور غیر ملکی ماہرین تعلیم اس بات پر متفق تھے کہ طالب علموں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔

  • روس پر یوکرینی ڈرونز کا بڑا حملہ، تیل پمپنگ اسٹیشن متاثر، 90 تباہ

    روس پر یوکرینی ڈرونز کا بڑا حملہ، تیل پمپنگ اسٹیشن متاثر، 90 تباہ

    ماسکو: روس پر یوکرین کی جانب سے بڑا ڈرون حملہ ہوا ہے، جس میں ایک تیل پمپنگ اسٹیشن متاثر ہو گیا ہے، جب کہ روس نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے 90 ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔

    روسی وزارتِ دفاع نے پیر کے روز کہا کہ روس کے فضائی دفاعی یونٹوں نے راتوں رات 90 یوکرینی ڈرونز روک کر تباہ کر دیے، جب کہ ماسکو ٹائمز نے تازہ ترین خبر دی ہے کہ رات کو ڈرون حملے میں جنوبی روس میں ایک بڑی بین الاقوامی پائپ لائن پر ایک اہم پمپنگ اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا، جس سے قازقستان سے تیل کی سپلائی متاثر ہوئی۔

    وزارت دفاع نے ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ 38 ڈرون بحیرۂ ازوف پر، 24 جنوبی روس کے علاقے کراسنودار پر اور باقی کو ملک کے جنوب اور مغرب کے ساتھ ساتھ جزیرہ نما کریمیا پر مار گرائے گئے۔ وزارت نے کہا کہ اس کے دفاعی یونٹس نے بحیرۂ ازوف کے اوپر ایک گائیڈڈ میزائل بھی تباہ کر دیا۔

    دوسری طرف جنوبی روس میں پائپ لائن آپریٹر نے آج پیر کو بتایا کہ راتوں رات تازہ ترین حملے میں دھماکا خیز مواد سے لدے 7 یوکرینی ڈرونز نے کیسپین پائپ لائن کنسورشیم (CPC) کے ایک پمپنگ اسٹیشن کو نشانہ بنایا۔

    پیوٹن امن کے لیے سنجیدہ ہیں یا نہیں، اگلے چند دن میں طے ہوگا، امریکا

    یہ 1,500 کلومیٹر طویل پائپ لائن ایک کنسورشیم کے ذریعے چلائی جاتی ہے، جس میں روسی اور قازقستانی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مغربی توانائی کی بڑی کمپنیاں شیورون، ایکسن موبل اور شیل شامل ہیں۔ کمپنی کے مطابق 2024 میں اس پائپ لائن نے 63 ملین ٹن سے زیادہ تیل ٹینکروں پر لوڈ کیا تھا۔

  • روسی قونصل خانے کا ویزا درخواست گزاروں کے لیے اہم پیغام

    روسی قونصل خانے کا ویزا درخواست گزاروں کے لیے اہم پیغام

    کراچی: روسی قونصل خانے کی جانب سے ویزا درخواست گزاروں کے لیے اہم پیغام جاری کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رشیئن فیڈریشن قونصلیٹ نے ویزا درخواست گزاروں کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تکنیکی وجوہ پر قونصلیٹ جنرل کے ویزا سیکشن کی سروسز معطل رہیں گی۔

    قونصل خانے کے مطابق ویزا سیکشن کی سرگرمیاں 20 سے 26 فروری تک معطل رہیں گی، اس لیے ویزے کے حصول کے لیے شہری 27 فروری سے روسی قونصل خانے کراچی میں رابطہ کر سکتے ہیں۔

    یواےای نے بلیو ویزے کا آغاز کر دیا

  • روس اور امریکا میں دو طرفہ بات چیت شروع ہو گئی

    روس اور امریکا میں دو طرفہ بات چیت شروع ہو گئی

    روس اور امریکا میں دو طرفہ بات چیت شروع ہو گئی ہے، دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان فون پر بات ہوئی ہے، جس میں انھوں نے دوطرفہ بات چیت شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

    امریکی اور روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق روس اور امریکا کے وزرائے خارجہ نے فون پر بات چیت کی ہے، جس میں سرگئی لاوروف اور مارکو روبیو نے دوطرفہ بات چیت شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

    فون پر گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات کی تیاری کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کی راہ میں موجود مشکلات دور کرنے کے لیے رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق ہوا۔

    بارک اوباما دور سے عائد روسی سفارت کاروں پر پابندیاں ختم کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی گئی، یوکرین اور مشرق وسطیٰ کے مسائل پر تعاون کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کی اعلیٰ سطح کی میٹنگ میونخ کانفرنس میں اور اگلے ہفتے سعودی عرب میں ہونی چاہیے۔

    ٹرمپ اور پیوٹن ملاقات کی میزبانی، سعودی عرب کا اظہار مسرت

    جس پر سعودی عرب کے ولئ عہد محمد بن سلمان نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ روس امریکا ملاقات کی میزبانی کے لیے تیار ہیں، انھوں نے امریکی صدر کے بیان کا خیر مقدم کیا۔

  • حماس نے روسی شہری کو ماسکو کی درخواست پر رہا کیا

    حماس نے روسی شہری کو ماسکو کی درخواست پر رہا کیا

    دوحہ: روس کے سفیر نے کہا ہے کہ حماس نے تین یرغمالیوں میں روسی شہری کو ماسکو کی درخواست پر رہا کیا ہے۔

    الجزیرہ کے مطابق قطر میں روس کے سفیر دمتری ڈوگاڈکن نے تصدیق کی ہے کہ دہری شہریت کے حامل اسرائیلی روسی یرغمالی الیگزینڈر تروفانوف کو ماسکو کی درخواست پر جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے میں رہا کیا گیا۔

    روسی سفیر نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ ہمارا مؤقف رہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کا تنازعہ منصفانہ طور پر حل کیا جائے، حماس کی قیادت نے ہمارے اسی مؤقف کے احترام کی علامت کے طور پر روسی شہری کو پہلے مرحلے میں رہا کیا۔

    اسرائیلی یرغمالی
    آج رہا ہونے والے تین اسرائیلی شہری، جن میں ایک دہری شہریت کا حامل ہے جسے ماسکو کی درخواست پر رہا کیا گیا

    انھوں نے یہ نشان دہی بھی کی کہ یہ روسی سفارتکاری کے لیے کوئی ’’پہلی کامیابی‘‘ نہیں ہے، نومبر 2023 میں بھی 3 روسی شہریوں کو ایک اسرائیلی شہری کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے دوران رہا کیا گیا تھا۔ روس کے سفیر نے کہا کہ حماس نے یہ اقدام بغیر کسی پیشگی شرط اور جذبہ خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔

    حماس نے چھٹے تبادلے میں مزید 3 اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے

    واضح رہے کہ آج چھٹے تبادلے میں حماس کی جانب سے 3 مزید اسرائیلی یرغمالی رہا کیے گئے ہیں، یرغمالی اچھی جسمانی حالت میں تھے، جن میں الیگزینڈر تروفانوف، ساگوئی ڈیکل چن اور یائر ہارن شامل ہیں۔ دوسری طرف آج تبادلے کے نتیجے میں اسرائیل کی قید سے 369 فلسطینیوں کو رہا ہونا ہے، جس کا آغاز ہو گیا ہے۔

    حماس کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر اسرائیل کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات اگلے ہفتے شروع ہوں گے۔