Tag: روف صدیقی

  • میئر کراچی وسیم اختر اور رؤف صدیقی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    میئر کراچی وسیم اختر اور رؤف صدیقی کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    کراچی: انسداد دہشت گردی عدالت میں میئر کراچی وسیم اختر اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما رؤف صدیقی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت میں میئر کراچی اور رؤف صدیقی کی بیرون ملک جانے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، عدالت نے وسیم اختر کو دو روز کے لیے دبئی جانے کی اجازت دے دی۔

    انسداد دہشت گردی عدالت کے معزز جج نے رؤف صدیقی کو 14 دن کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دے دی۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ دبئی میں مقیم اہل خانہ سے ملنے کے لیے جانا ہے جبکہ رؤف صدیقی نے موقف اختیار کیا تھا کہ اقامہ کی تجدید کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ بارہ مئی کے دو مقدمات میں میئر کراچی وسیم اختر سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا تھا۔

    یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے تین سال قبل رؤف صدیقی پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ انہوں ںے صحت جرم سے انکار کیا تھا جس پر عدالت نے گواہوں کو طلب کیا تھا۔

  • بلاول بھٹو کی شادی: سیاست دانوں اور عوام کے مشورے

    بلاول بھٹو کی شادی: سیاست دانوں اور عوام کے مشورے

    اسلام آباد : بلاول بھٹو کی جانب سے اپنی شادی کے لیے لڑکی کے انتخاب کی ذمہ داری بہنوں کو تفویض کرنے پر سیاست دانوں اور عوام الناس کی جانب سے ملے جلے مگر دلچسپ ردعمل سامنے آرہے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہتے ہیں کہ شادی سے متعلق بلاول بھٹو کی بات سُن کر خوشی ہوئی وہ جوان ہیں، خوبصورت ہیں،اچھے خانوادے سے تعلق رکھتے ہیں ایک جماعت کے سربراہ ہیں ان کے لئے لڑکیوں کی کمی نہیں ہوگی بلکہ مشکل یہ ہو گی کہ کس سے شادی کریں اور کس سے نہ کریں۔


    اسی سے متعلق : شادی بہنوں کی پسند سے کروں گا،بلاول بھٹو زرداری


    ایاز صادق نے کہا کہ اس کے باوجود بلاول بھٹو کا اپنی شادی کے لیے لڑکی ڈھونڈنے میں بہنوں کی رائے کو فوقیت دینا نہایت اعلیٰ طرفی اور فرمانبرداری کی علامت ہے،میں بلاول کے لیے دعا گو ہوں اللہ انہیں صحت اور لمبی عمر عطا فرمائے اور وہ اپنی ازدواجی زندگی میں بھی کامیاب رہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی نے بلاول بھٹو کی شادی کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کی بات اپنی جگہ درست تاہم انہیں چاہیے کہ ارینج میرج کے بجائے اپنی پسند سے محبت کی شادی کریں جس سے ذہنی ہم آہنگی ہو اور وہ ایک سیاست دان کی مصروف زندگی سے بھی آگاہ ہو ورنہ بلاول کے لیے زندگی گزارنا مشکل ہو جائے گا۔

    مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے وزیر مملکت عابد شیر علی نے بلاول بھٹو کی ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چاہے بلاول ارینج میرج کریں یا پسند کی شادی کریں، یہ ان کی صوابدید پر ہے لیکن میرا بس اتنا مشورہ ہے کہ عمران خان اور شیخ رشید سے دور رہیں ان دونوں کے سائے بلاول کی ازدواجی زندگی پر نہ پڑیں تو خوشگوار زندگی گزاریں گے۔

    سیاست دان تو سیاست دان عوام الناس میں بھی بلاول بھٹو کی شادی کی خبر پر دلچسپ تبصروں اور ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، عوام کی کثیر تعداد نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے بہنوں کی پسند سے شادی کرنے کے فیصلے کو سراہا ہےایک صاحب نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ پہلے شیخ رشید کی شادی کرائیں(دیکھیں ویڈیو)۔

  • سندھ اسمبلی، اسپیکر اور رؤف صدیقی میں دلچسپ گفتگو

    سندھ اسمبلی، اسپیکر اور رؤف صدیقی میں دلچسپ گفتگو

    کراچی : سندھ اسمبلی میں جیل سے آئے خط پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی اور رؤف صدیقی کے درمیان  دلچسپ مکالمہ ہوا، رؤف صدیقی نے اسپیکر سے کہا کہ آپ جیل میں بہت مشہور ہیں آپ کو جیل کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔

    سندھ اسمبلی میں آج اسپیکر سندھ اسمبلی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسپیکر اور رؤف صدیقی کے درمیان دلچسپ مکالمہ دیکھنے میں آیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے اسیر رہنما رؤف صدیقی نے جیل میں قیدیوں کے مسائل کے حوالے سے خط اسپیکر سندھ اسمبلی کو جمع کرادیا۔

    خط موصول ہونے پر اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا کہ رؤف صاحب آپ کا جیل سے متعلق لکھا گیا خط مل گیا ہے، مجھے اندازہ ہے جیل میں کیا ہوتا ہے ، میں خود بھی جیل میں رہ کر آیا ہوں۔

    اس جملے کے جواب میں رؤف صدیقی نے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ اپنے حلقے میں بلکہ پاکستان میں بہت مشہور معروف ہیں۔

    آغا سراج درانی کہا کہ میں جیل میں مشہور نہیں ہوں، رؤف صدیقی نے کہا آپ جیل میں بھی مشہور ہیں۔

    رؤف صدیقی نے مزید مزاحیہ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیل میں قیدی آپ کا خطاب سن کے تالیاں بجاتے ہیں، آپ کبھی ہمارے گھر آئیں آپ کو جیل میں آنے کی دعوت دیتا ہوں، دورہ کرنے آئیں اللہ نہ کرے آپ قید ی ہو کر آئیں۔


    Sindh Assembly session, addressing Rauf Siddiqui by arynews

  • رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

    کراچی : انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے صوبائی اسمبلی کے ممبر رؤف صدیقی اور پاک سرزمین پارٹی کے رہنماء انیس احمد قائم خانی کی درخواستِ ضمانت کے حوالے سے سماعت، جج نے  درخواست پر فیصلہ تین اگست تک محفوظ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی کی جانب سے دائر درخواست ضمانت پر انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی، دورانِ سماعت انیس قائم خانی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ’’میرے موکل نے دہشتگردوں کے علاج کے لیے کبھی سفارش نہیں کی اور نہ ہی کبھی گرفتار ملزمان سے دہشت گردوں کے علاج کے لیے مدد طلب کی۔

    انہوں نے مزیدعدالت کو دلائل دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ’’انیس قائم خانی کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے پرانے مقدمات کھولے ہیں جبکہ انیس قائم خانی کے خلاف کوئی ثبوت موجود نہیں ہے، وکیل ایم الیاس خان نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے اب تک جرح نہیں کی گئی ، جس پر جج نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’’کیا کوئی ملزم پکڑا جائے تو اُس سے جرح ہوگی‘‘۔

    پڑھیں :     نامزد میئر وسیم اختر جوڈیشل ریمانڈ پر جیل روانہ

    رینجرز کے وکیل نے عدالت میں موقف پیش کرتے ہوئے اصرار کیا کہ ’’عدالتی فیصلے کے مطابق ملزمان ضمانت کے مستحق نہیں ہیں، رؤف صدیقی کی درخواست ضمانت کی نقول موصول نہیں ہوئے ہیں۔

    عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد درخواست ضمانت پر تین اگست تک فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

    یاد رہے ڈاکٹر عاصم کے نجی اسپتال میں  دہشت گردوں کو علاج و معالجے کے کیس میں نامزد میئر کراچی وسیم اختر، رؤف صدیقی، انیس قائم خانی اور قادر پٹیل کی ضمانت منسوخی کے بعد انہیں جیل بھیجنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا تھا، تینوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈاکٹر عاصم سے روابط کی بناء پر دہشت گردوں کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کروائی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں :   ڈاکٹر عاصم کا ویڈیو بیان چوہدری نثارکی نااہلی کا ثبوت ہے، مولا بخش چانڈیو

    کیس کے مرکزی ملزم ڈاکٹر عاصم اور عثمان معظم پہلے ہی پولیس کی حراست میں موجود ہیں، جبکہ میئرکراچی کو اشتعال انگیز تقاریر اور دیگر مقدمات میں نامزد ہونے پر تحقیقات کے لیے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے حوالے کیا گیا ہے، ایس ایس پی کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش سانحہ 12 مئی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں اور اس واقعے میں ملوث ملزمان کو وسیم اختر کی نشاندہی پر گرفتار کیا جائے گا۔

    مئیر کراچی وسیم اختر کو عدالتی احکامات کی روشنی میں گزشتہ روز 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل منتقل کردیا گیا ہے جہاں اُن سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    دوسری جانب وسیم اختر کے وکلا کی جانب سے تین اشتعال انگیز تقاریر مقدمات میں دائر کی گئی درخواست عدالت کو موصول ہوگئی ہے، جس پر عدالت نے تمام فریقین کو نوٹسس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔