Tag: رومانیہ

  • یورپی ملک کی پارلیمنٹ نے 500 بھورے ریچھ مارنے کی منظوری دے دی

    یورپی ملک کی پارلیمنٹ نے 500 بھورے ریچھ مارنے کی منظوری دے دی

    بخارسٹ: رومانیہ میں پارلیمنٹ نے ایک کم عمر ہائیکر کی موت کے بعد 500 ریچھ ہلاک کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق رومانیہ کی پارلیمنٹ نے پیر کو اس سال تقریباً 500 بھورے ریچھوں کو مارنے کی منظوری دے دی ہے تاکہ ان کی ’’زیادہ آبادی‘‘ کو کنٹرول کیا جا سکے۔

    گزشتہ ہفتے مقامی میڈیا نے اطلاع دی تھی کہ ایک 19 سالہ خاتون سیاح – جس کی شناخت ڈیلی میل نے ماریا ڈیانا کے نام سے کی ہے – کو ریچھ نے اس وقت حملہ کر کے ہلاک کر دیا تھا جب وہ اپنے دوست کے ساتھ ہائیکنگ پر نکلی تھی، اس واقعے کے بعد ملک بھر میں شور مچ گیا کہ ریچھوں کا کوئی بندوبست کیا جائے۔

    پیر کو پارلیمنٹ کے ایک ہنگامی اجلاس میں کہا گیا کہ ملکی قانون ان محفوظ پرجاتیوں میں ’’زیادہ آبادی‘‘ پر قابو پانے کی اجازت دیتا ہے اس لیے 481 ریچھوں کو مارنے کی منظوری دی جاتی ہے، خیال رہے کہ گزشتہ برس 220 ریچھ مارے گئے تھے۔ رومانیہ کے وزیر اعظم مارسل سیولاکو نے پارلیمنٹ کے اس ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے قانون سازوں کو موسم گرما کی چھٹیوں سے واپس بلایا تھا۔

    اراکین پارلیمان کا کہنا تھا کہ ریچھوں کی حد سے بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے انسانوں پر حملوں کے واقعات پیش آ رہے ہیں، چناں چہ ان کی تعداد میں کمی ناگزیر ہے۔ رومانیہ کی وزارت ماحولیات کے مطابق ریچھوں کی تعداد کو کنٹرول میں لانے کا فیصلہ اس جانور کے انسانوں پر بڑھتے ہوئے حملوں کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    رومانی میں گزشتہ 20 برسوں کے دوران ریچھوں کے حملوں میں 26 افراد ہلاک اور 274 شدید زخمی ہوئے ہیں۔ وزارت ماحولیات کے مطابق رومانیہ میں 8000 بھورے ریچھ موجود ہیں جو یورپ میں بھورے ریچھوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

  • کون سے ممالک یورپ کے ویزہ فری زون میں شامل ہوگئے؟

    کون سے ممالک یورپ کے ویزہ فری زون میں شامل ہوگئے؟

    بوکاریسٹ: 13 برس کے انتظار کے بعد مشرقی یورپ کے ممالک بلغاریہ اور رومانیہ اتوار کو ’شینگن ایریا‘ میں شامل ہو گئے ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بلغاریہ اور رومانیہ کے شہری اب بغیر کسی جانچ پڑتال کے آزادانہ طور پر فضائی اور سمندری سفر کر سکتے ہیں۔

    آسٹریا کے ویٹو کی وجہ سے یہ نیا سٹیٹس زمینی راستوں پر لاگو نہیں ہوتا، کیونکہ آسٹریا کو پناہ کی تلاش میں آنے والوں کی ممکنہ آمد پر تشویش ہے۔

    اس جزوی رکنیت کے باوجود دونوں ممالک کی فضائی اور سمندری سرحدوں پر سے کنٹرول ہٹانا اہم علامتی اہمیت کا حامل ہے۔

    خارجہ امور کے تجزیہ کار سٹیفن پوپیسکو کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شینگن میں داخلہ بلغاریہ اور رومانیہ کے لیے ایک ’اہم سنگ میل‘ ہے۔

    شمالی کوریا کا نئے سولڈ فیول ہائپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ

    یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین کے مطابق شینگن ایریا کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، یہ دونوں ممالک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے، اور دنیا میں آزادانہ نقل و حرکت کا سب سے بڑا علاقہ ہے۔

  • جادوئی پانی کے ذریعے درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والی پراسرار سیریل کلر

    جادوئی پانی کے ذریعے درجنوں افراد کو موت کے گھاٹ اتارنے والی پراسرار سیریل کلر

    تاریخ میں مختلف سیریل کلرز گزرے ہیں جو اپنی ذہانت سے پکڑے جانے سے باز رہتے تھے، لیکن ایک خاتون سیریل کلر ایسی بھی رہی جس کا طریقہ واردات اس دور کے لحاظ سے نہایت جدید تھا لہٰذا طویل عرصے تک کوئی اسے پکڑ نہ سکا۔

    موجودہ مشرقی یورپی ملک رومانیہ سے تعلق رکھنے والی انا دی پسٹونا، بابا انوجکا یا بنات کی چڑیل کے نام سے بھی جانی جاتی ہے۔

    وہ ایک شوقیہ کیمسٹ تھی، اپنی اس مہارت سے اس نے انیسویں صدی کے اواخر اور بیسویں صدی کے اوائل کے دوران لگ بھگ ڈیڑھ سو لوگوں کی جان لی، اسی وجہ سے اسے تاریخ انسانی کی بدنام زمانہ سیریل کلر کہا جاتا ہے۔

    اس کی اصلیت ہمیشہ پراسرار انداز میں پوشیدہ رہی، کچھ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ 1838 میں بنات ریجن میں ایک دولت مند مویشی پالنے والے شخص کے گھر پیدا ہوئی جو موجودہ دور کے مشرقی یورپی ملک رومانیہ میں واقع ہے۔

    تاہم اس کی زندگی پڑوسی ملک سابق یوگوسلاویہ (موجودہ سربیا) کے گاؤں ولادیمیرکووچ میں گزری۔ اس کا بچپن خاصا آرام دہ اور اچھا گزرا، لیکن نوجوانی میں ایک آسٹرین افسر کے ساتھ ناکام عشق کے بعد وہ آدم بیزار ہوگئی اور لوگوں سے نفرت کرنے لگی۔

    بعد ازاں اس نے کیمسٹری کے شعبے میں قدم رکھا اور مقامی لوگوں میں جن بھوت اتارنے کے حوالے سے مشہور ہوگئی۔

    اس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہ مناسب رقم کے عوض کسی کو بھی غائب کرسکتی ہے، کچھ عرصے دنیا سے خود کو الگ رکھنے کے بعد اس نے ایک زمیندار سے شادی کرلی جس سے اس کے 5 بچے پیدا ہوئے، لیکن ان میں سوائے ایک کے کوئی بھی زندہ نہ رہا۔

    شوہر کے مرنے کے بعد اس نے جن بھوت اتارنے کا دھندہ شروع کیا اور اپنے گھر کے ایک حصے کو کیمسٹری لیب میں تبدیل کر لیا، جہاں وہ مختلف کیمیائی اجزا کو ملانے کے تجربات کرتی رہی اور لوگوں میں جڑی بوٹیوں سے علاج کرنے والی ماہرہ بن کر سامنے آئی۔

    لیکن یہ جڑی بوٹی نہیں بلکہ متنازع زہریلے اجزا ہوتے تھے جن کے استعمال سے لوگ مرجاتے تھے، وہ فوجیوں کو ملٹری سروس سے ریٹائر کروانے کے لیے بھی زہریلی دوا دیتی جس سے وہ بیمار ہو کر اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتے۔

    وہ خواتین کو شوہروں سے نجات دلانے کے لیے جادوئی پانی دیتی جس سے کچھ عرصے میں شوہر مرجاتے، یہ سب کرنے کے دوران لوگوں کو پتہ نہیں چلتا تھا کہ وہ کیا چیز انہیں دے رہی ہے۔ اس کی زیادہ تر گاہک خواتیں تھیں۔

    1920 کے عشرے تک اس کے جادوئی پانی کا کاروبار اس قدر منفعت بخش بن چکا تھا اور اس نے اتنی دولت جمع کرلی تھی کہ اس نے کلائنٹس لانے کے لیے سیلز ایجنٹس رکھ لیے تھے۔

    گو کہ کچھ لوگوں کو اس کے کیمیائی معاملات کا اندازہ تھا لیکن زیادہ تر لوگ اسے مافوق الفطرت طاقت کا حامل سمجھتے تھے۔

    سنہ 1924 میں ایک خاتون کلائنٹ کے شوہر کی موت کے بعد حکام کی توجہ اس کی جانب ہوئی اور اسے پکڑلیا گیا۔

    تحقیقات سے پتہ چلا کہ وہ آرسینک (زہریلا پانی) لوگوں کو دیا کرتی تھی، جس پر اسے 90 برس کی عمر میں 15 سال قید کی سزا دی گئی لیکن 8 برس بعد بڑھاپے کی وجہ سے اسے رہائی مل گئی۔ اس کے دو برس بعد 1938 میں اس کی موت واقع ہوگئی۔

  • پراسرار دھاتی ستون ایک کے بعد ایک مقام پر نمودار ہونا شروع

    پراسرار دھاتی ستون ایک کے بعد ایک مقام پر نمودار ہونا شروع

    امریکا کے ایک صحرا میں پراسرار دھاتی ستون کے اچانک نمودار ہو کر غائب ہوجانے کا معمہ ابھی حل ہونے بھی نہ پایا تھا کہ ایسا ہی ستون رومانیہ میں بھی دکھائی دے گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ کے صحرا میں اچانک ایک آہنی ستون نمودار ہونے کے بعد غائب ہوگیا اور اب ایسا ہی ستون رومانیہ میں بھی دکھائی دیا ہے۔

    یوٹاہ کے صحرا میں یہ دھاتی ٹکڑا چند روز قبل دکھائی دیا تھا جس نے دنیا بھر میں لوگوں کو حیران اور کسی حد تک خوفزدہ کردیا تھا، یہ چمکدار آہنی ستون جس طرح نمودار ہوا، اسی طرح غائب بھی ہوگیا تھا۔

    اب رومانیہ میں بھی ویسا ہی ستون نظر آیا اور پھر اچانک غائب بھی ہوگیا۔ اکثر افراد یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ یہ خلائی مخلوق یہاں نصب کر گئی ہے اور اب ان کی موجودگی کا خیال انہیں خوفزدہ کیے ہوئے ہے۔

    شمالی رومانیہ کے قصبے پیاترا نیامٹ کے میئر اینڈرے کارابیل نے میڈیا کو بتایا کہ اتوار کی سہ پہر وہ ستون وہاں تھا اور اب غائب ہوچکا ہے۔

    امریکا اور رومانیہ میں نظر آنے والی یہ انوکھی چیز 1968 کی مشہور سائنس فکشن فلم 2001 اے اسپیس اوڈیسے کی یاد دلاتی ہے۔ اس فلم میں بھی اسی طرح کا خلائی ستون دکھایا گیا تھا۔

    رومانیہ کے میئر کا کہنا ہے کہ مجھے یہ خیال پسند آیا کہ کچھ خلائی نوجوان ان مونولیتھس کو دنیا بھر میں لگارہے ہیں۔

    اس سے قبل فیس بک پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ اس بات پر اعزاز محسوس کرتے ہیں کہ خلائی مخلوق نے ہمارے شہر کا انتخاب کیا، مگر یہ بہتر ہوتا ہے کہ وہ مقامی پرمٹ کو پہلے حاصل کرلیتے۔

    ادھر امریکا میں اس ستون کے غائب ہونے سے متعلق ایک فوٹوگرافر نے ایک تصویر جاری کی ہے، تصویر میں 2 افراد اس ستون کو نکال کر اپنے ساتھ لے جاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

  • موت کے بعد میئر بھاری اکثریت سے منتخب ہو گیا

    موت کے بعد میئر بھاری اکثریت سے منتخب ہو گیا

    بخارسٹ: رومانیہ کے میئر نے موت کے دو ہفتوں بعد بھاری اکثریت سے دوبارہ انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی یورپی ملک رومانیہ کے ایک گاؤں کے میئر اپنی انتخابی مہم میں ایک بڑے دھچکے کے باوجود بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ منتخب ہو گئے، وہ انتخابات سے تقریباً دو ہفتے قبل ہی فوت ہوگئے تھے۔

    دیوسیلو کے سوشل ڈیموکریٹ میئر عیان علیمان اتوار کو منعقد ہونے والے انتخابات میں 64 فی صد ووٹ کے ساتھ تیسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے، وہ 17 ستمبر کو کرونا وائرس کے انفیکشن کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔

    آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد علیمان کے درجنوں حامیوں نے علیمان کی قبر پر حاضر ہو کر موم بتیاں روشن کر کے شب بیداری کی۔

    الیکشن حکام کا کہنا تھا کہ علیمان کا نام بیلٹ پر پہلے ہی چھاپا جا چکا تھا اور ووٹنگ شروع ہونے سے قبل اسے درست کرنے کے لیے بہت دیر ہو چکی تھی۔

    انھوں نے کہا کہ اب اس شہر میں نئے میئر کا انتخاب کرنے کے لیے خصوصی انتخابات منعقد کیے جائیں گے، اس دوران علیمان کے نائب عبوری میئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔

    واضح رہے کہ رومانیہ میں کرونا وائرس سے اب تک 4,748 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ایک لاکھ 24 ہزار کیسز سامنے آئے، جن میں سے 99 ہزار سے زائد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

  • رومانیہ: لائیو اسٹریمنگ کے دوران گلوکار ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک

    رومانیہ: لائیو اسٹریمنگ کے دوران گلوکار ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک

    رومانیہ: رومانیہ کے ابھرتے ہوئے گلوکار ٹیوے پستیو لائیو اسٹریمنگ کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق رومانیہ میں 29 سالہ گلوکار ٹیوے پستیو کار میں اپنی اہلیہ کے ساتھ لائیو اسٹریمنگ کر رہے تھے اس دوران ان کی کار ٹرین کی زد میں آکر حادثے کا شکار ہوگئی۔حادثے میں نوجوان گلوکار ہلاک جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہوگئیں۔

    مقامی میڈیا کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے گلوکار کی اہلیہ ڈرائیونگ کرتے ہوئے ریلوے کراسنگ پر تیز رفتار ٹرین کو آتے نہ دیکھ سکیں جس کے باعث کار حادثے کا شکار ہوگئی۔

    حادثے کے لمحے کی فوٹیج میں نوجوان گلوکار کے چہرے پر گھبراہٹ کے واضح آثار نظر آ رہے ہیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ 29 سالہ گلوکار جو کار کی فرنٹ سیٹ پر موجود تھے، حادثے میں ہلاک ہوگئے جبکہ ان کی 24 سالہ بیوی شدید زخمی ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ ایک ماہ قبل گلوکار نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک پر مداحوں کے نام پیغام میں کہا تھا کہ ایک دن غلط ٹرین آپ کو صحیح منزل تک لے جائے گی۔

  • رومانیہ میں 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں

    رومانیہ میں 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں

    بخاراسٹ: رومانیہ سے سعودی عرب جانے والے بحری جہاز کے الٹنے سے 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں، ریسکیو اہلکار کوششوں کے باوجود صرف 33 بھیروں کو ہی بچاسکے۔

    تفصیلات کے مطابق رومانیہ کی بندرگاہ کے قریب بحیرہ اسود میں کارگو جہاز الٹنے سے 14 ہزار سے زائد بھیڑیں ڈوب گئیں۔ ریسکیو اہلکار جہاز کے عملے کو بچانے میں کامیاب رہے لیکن بھیڑوں کو نہ بچاسکے۔

    حکام کے مطابق جہاز میں 14 ہزار سے زائد بھیڑیں تھیں جنہیں سعودی بندرگاہ جدہ لے کر جایا جا رہا تھا۔ روانگی سے کچھ ہی دیر بعد جہاز بحیرہ اسود میں الٹ گیا۔

    جانوروں کی حقوق کی تنظیموں نے الزام عائد کیا ہے کہ جہاز پر گنجائش سے زیادہ بوجھ لادا گیا تھا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ تنظیم نے جانوروں کی بحری جہاز سے نقل وحرکت پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 2007ء میں یورپی یونین کا حصہ بننے والے ملک رومانیہ کا شمار یونین کے غریب ترین ممالک میں ہوتا ہے اور اس کی برآمدات کا بڑا حصہ لائیو اسٹاک پر مشتمل ہے جو کہ زیادہ تر مشرق وسطیٰ کے ممالک کو برآمد کی جاتی ہے۔

    رومانیہ کو اس سے قبل بھی جانوروں کی بحری نقل وحمل کی ناقص انتظامات پر خبردار کیا جا چکا ہے۔

  • نیول چیف کا رومانیہ کا سرکاری دورہ، عسکری حکام سے ملاقاتیں

    نیول چیف کا رومانیہ کا سرکاری دورہ، عسکری حکام سے ملاقاتیں

    کراچی: سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے رومانیہ کے عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی رومانیہ کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ نیول چیف کی رومانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور کمانڈر رومانین نیوی سے الگ الگ خصوصی ملاقاتیں ہوئیں۔

    ترجمان کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر رومانین نیوی نے سربراہ پاک بحریہ کا پرتپاک استقبال کیا۔ نیول چیف کو چاک و چوبند دستے نے روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

    ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں سمندری تحفظ اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کیا۔

    بعد ازاں نیول چیف نے ڈیمن شپ یارڈ کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے مینیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی۔ نیول چیف کو ڈیمن شپ یارڈ میں پاک بحریہ کے لیے جاری منصوبوں پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق نیول چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل نیول چیف نے قطر کا دورہ کیا تھا، اپنے دورے کے دوران نیول چیف نے قطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصیر سے بھی خصوصی ملاقات کی تھی۔ اس دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیول چیف نے قطری چیف آف اسٹاف سمیت کمانڈر قطر امیری نیول فورسز سے بھی ملاقات کی تھی۔ انہوں نے قطر کی مختلف بحری تنصیبات سمیت میری ٹائم وار فیئر اینڈ ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا تھا۔

    سربراہ پاک بحریہ نے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بھی اجاگر کیا۔

    اپنے دورہ قطر کے آخری روز کمانڈر قطر ایئر فورس اور کمانڈنٹ جوائنٹ کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول دو طرفہ فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  • رومانیہ کے نفسیاتی ہسپتال میں مریض کا حملہ، 4 افراد ہلاک 9 زخمی

    رومانیہ کے نفسیاتی ہسپتال میں مریض کا حملہ، 4 افراد ہلاک 9 زخمی

    بخارسٹ :حادثے میں زخمی ہونے والے دو افراد کومے میں ہیں ، رومانوی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں مریضوں کے سر پر وار کیے گئے ۔

    بخارسٹ (این این آئی)رومانیہ کے حکام نے بتایا ہے کہ ایک ذہنی امراض کے ہسپتال میں داخل ہونے والے مریض نے سیال ادویات کی منتقلی کے اسٹینڈ سے وار کر کے کم از کم چار مریضوں کو ہلاک اور دیگر نو کو زخمی کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں سے دو کومے میں ہیں،ہلاک ہونے والے چاروں مریضوں کے سر پر وار کیے گئے تھے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں رومانیہ کے حکام نے بتایا کہ ایک ذہنی امراض کے ہسپتال میں داخل ہونے والے مریض نے سیال ادویات کی منتقلی کے اسٹینڈ سے وار کر کے کم از کم چار مریضوں کو ہلاک اور دیگر نو کو زخمی کر دیا ہے۔

    اسپتال اتنظامیہ کا کہنا تھا کہ مبینہ حملہ آور کی عمر اڑتیس برس ہے اور اس نے خود کو ذہنی بیمار قرار دے کر ہسپتال داخل کروایا تھا۔

  • زلفی بخاری سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    زلفی بخاری سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے پاکستان میں رومانیہ کے سفیر نے ملاقات کی، سفیر نے رومانیہ میں حالیہ پیش رفت سے متعلق معاون خصوصی کو آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے رومانیہ کے سفیر نے ملاقات کی، رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ رومانیہ 5 لاکھ سے زائد افرادی قوت درآمد کرنے کا خواہش مند ہے۔

    [bs-quote quote=”رومانیہ کو کم از کم 40 ہزار ڈرائیوروں کی ضرورت ہے” style=”style-8″ align=”left” author_name=”سفیر رومانیہ”][/bs-quote]

    زلفی بخاری نے کہا کہ ہم پاکستانی لیبر کی مہارت پر توجہ دے رہے ہیں، عالمی ڈونر ایجنسیاں تربیتی اداروں میں سرمایہ کے لیے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں قانونی تقاضوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے پاس بے انتہا ٹیلنٹ ہے، یقینی بنائیں گے زیادہ لوگوں کو رومانیہ بھیجیں۔

    رومانیہ کے سفیر کا کہنا تھا کہ رومانیہ کو 10 لاکھ سے زائد افرادی قوت کی سخت ضرورت ہے، رومانیہ کو کم از کم 40 ہزار ڈرائیوروں کی ضرورت ہے، ڈاکٹرز، انجینئرز، تعمیراتی کارکنوں اور ماہرین کی ضرورت ہوگی۔

    رومانیہ کے سفیر نے کہا کہ رومانیہ پاکستان کے لیے بے مثال مواقع پیش کررہا ہے۔

    مزید پڑھیں: دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم ہو گئی: زلفی بخاری

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دبئی میں پاکستانیوں کی مدد کے لیے لیگل ایڈ کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کی وزارت کا ہر ادارہ تباہ حال ہے، وزارت کی حالت ٹھیک کرنے کے لیے ہمیں کچھ وقت درکار ہے، ہم ان اداروں کو ٹھیک کر رہے ہیں۔