Tag: رونالڈو

  • فراڈ ثابت، رونالڈو کو 2 سال قید اور 1 کروڑ 90 لاکھ جرمانے کی سزا

    فراڈ ثابت، رونالڈو کو 2 سال قید اور 1 کروڑ 90 لاکھ جرمانے کی سزا

    میڈریڈ: اسپین کی عدالت نے ٹیکس چوری کا جرم ثابت ہونے پر معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو دو سال قید اور 1 کروڑ 90 لاکھ یورو جرمانہ عائد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق رونالڈو کے خلاف چار سال سے اسپین کی عدالت میں ٹیکس چوری سے متعلق مقدمہ زیرسماعت تھا، جمعے کے روز ہونے والی سماعت میں نامور فٹبالر کو مجرم قرار دیا گیا۔

    عدالت کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’رونالڈو نے 2011 سے 2014 تک فراڈ کیا اور ٹیکس ادا نہیں کیا، فٹبالر کو چار سال کے دوران صفائی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا مگر وہ نہ کرسکے جس کی بنیاد پر انہیں مجرم قرار دیا گیا۔

    اسپین کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 1کروڑ 90 لاکھ یورو جرمانہ عائد کی جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے (15 کروڑ روپے) بنتے ہیں جبکہ فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر فٹبالر قید کی سزا سے بچنا چاہتے ہیں تو انہیں 32 کروڑ 73 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔

    عدالت نے محکمہ ٹیکس اور حکومت کو ہدایت کی کہ وہ پرتگالی اسٹار سے 2 ارب 54 کروڑ روپے ٹیکس وصول کریں۔ جج نے مزید ریمارکس دیے کہ رونالڈو کے خلاف فیصلہ تحقیقات کے دوران ناقابل تردید ثبوت کی بنا کر سنایا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • وہ واقعہ جس نے رونالڈو کی قسمت بدل دی

    وہ واقعہ جس نے رونالڈو کی قسمت بدل دی

    کرسٹیانو رونالڈو دنیائے فٹبال کے بہترین کھلاڑیوں میں اول نمبر پر فائز ہیں۔ فٹبال کے میدان میں اپنے گولز سے حریف ٹیم کو پریشان کردینے والے رونالڈو کے مداح دنیا بھر میں موجود ہیں۔

    تاہم رونالڈو کی شہرت اور کامیابی ان کے ایک دوست کی مرہون منت ہے جو اگر ان پر احسان نہ کرتا تو رونالڈو کی قسمت کا ستارہ شاید کبھی نہ چمکتا۔

    یہ ان دنوں کی بات ہے جب رونالڈو جونیئر ٹیم کے ساتھ کھیلتے تھے اور ابھی دنیا رونالڈو نامی کھلاڑی سے ناواقف تھی۔ رونالڈو کے بہترین دوست البرٹو فانتراؤ بھی ان کے ساتھ اسی ٹیم کا حصہ تھے۔

    ایک میچ کے دوران پرتگال کے مشہور اسپورٹس کلب سپورٹنگ لزبن سے ایک اسکاؤٹ میچ دیکھنے پہنچے۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے وعدہ کیا کہ جو بھی گول اسکور کرے گا اسے کلب کی اکیڈمی میں داخلہ ملے گا۔

    اس میچ میں رونالڈو اور فانتراؤ دونوں ہی نے ایک ایک گول کیا۔ ایک موقع پر فانتراؤ آگے نکل گئے اور ان کے پاس گول کرنے کا نہایت آسان موقع تھا لیکن انہوں نے فٹبال رونالڈو کی جانب پھینک دیا جنہوں نے باآسانی گول کردیا۔

    اس طرح میچ میں رونالڈو نے 2 گول کیے جس کے بعد انہیں پرتگال کی بہترین فٹبال اکیڈمی میں داخلہ مل گیا۔

    رونالڈو نے بعد میں فانتراؤ سے پوچھا کہ انہوں نے ایسا کیوں کیا، تو فانتراؤ نے جواب دیا، ’تم مجھ سے بہتر ہو‘۔

    اس کے تھوڑے ہی عرصے بعد فانتراؤ کا فٹبال کیریئر ختم ہوگیا اور وہ بے روزگار ہوگئے۔ دوسری جانب رونالڈو کو ایک کے بعد ایک مواقع ملتے گئے اور بہت جلد وہ دنیائے فٹبال کا روشن ستارہ بن کر چمکے۔

    انہی دنوں ایک صحافی فانتراؤ کے بارے میں جاننے نکلا تو اسے علم ہوا کہ وہ ایک بڑے سے گھر میں رہتے ہیں جبکہ ان کے پاس اسپورٹس کار بھی ہے۔

    صحافی نے ان سے سوال کیا کہ بے روزگار ہونے کے باوجود یہ سب آپ کے پاس کیسے آیا، تو فانتراؤ نے جواب دیا، ’یہ سب رونالڈو کی طرف سے تحفہ ہے‘۔

    رونالڈو آج بھی بخوشی اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اپنے اس دوست کے احسان مند ہیں جو  ٹیلنٹ میں ان کے جیسے ہی تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لائنل میسی: ایک منٹ کے تیس ہزار ڈالرز وصول کرنے والا دنیا کا امیر ترین فٹ بالر

    لائنل میسی: ایک منٹ کے تیس ہزار ڈالرز وصول کرنے والا دنیا کا امیر ترین فٹ بالر

    بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی لائنل میسی رواں سیزن میں سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے فٹ بالر بن گئے، انھوں‌ نے اس میدان میں‌ اپنے حریف رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا.

    تفصیلات کے مطابق ارجنٹینا کے اسٹار فٹ بالر لائنل میسی نے رواں‌ سیریز میں‌ اپنے روایتی حریف کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، ان کی ایک منٹ کی آمدنی تیس ہزار ڈالرز تک پہنچ گئی ہے.

    یاد رہے کہ لائنل میسی کو میراڈونا ثانی کہا جاتا ہے، وہ ہسپانوی کلب بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہیں‌، ان کا شمار عہد حاضر کے عظیم فٹ بالرز میں‌ ہوتا ہے۔ میسی اور پرتگال سے تعلق رکھنے والے رونالڈو کے درمیان سخت مسابقت پائی جاتی ہے.

    دونوں ہی کھلاڑی کبھی گولز کی تعداد، کبھی آمدنی کی دوڑ میں ایک دوسرے کے مدمقابل نظر آتے ہیں، البتہ رواں سیرن میں ارجنٹینی سپراسٹار نے پرتگالی گولز کی مشین کو شکست دے دی ہے۔

    لائنل میسی کا ایک منٹ کا معاوضہ تیس ہزار ڈالرزہوچکا ہے، بارسلونا کے اسٹار کھلاڑی نے تنخواہ، بونس اور کمرشل ریونیو سے مجموعی طور پر154ملین ڈالرز کمائے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ سیزن میں رونالڈو 87.5 ملین یورو کے ساتھ سرفہرست اور میسی 76.5 ملین یورو کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔


    نامور فٹ بالر لیونل میسی نے 600 گولز کا سنگ میل عبور کر لیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لا لیگا کےاہم میچ میں ریال میڈرڈ کوبارسلونا سےشکست

    لا لیگا کےاہم میچ میں ریال میڈرڈ کوبارسلونا سےشکست

    سینٹیاگو: اسپین کی فٹبال لیگ کے اہم میچ میں بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو 3-0 سے شکست دے کرپوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سینٹیاگو میں کھیلے گئے اسپین فٹبال لیگ کے اہم میچ میں بارسلونا نے ریال میڈرڈ کوشکست دے دی جس کے بعد ریال میڈرڈ کے ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔

    فٹبال لیگ لالیگا کے اہم میچ میں بارسلونا کی جانب سے سواریز نے کھیل کے 54 ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی جبکہ میسی نے دوسرا گول کیا۔

    ریال میڈرڈ کو میچ کے 63 ویں منٹ میں اس وقت بڑا دھچکا لگا جب ڈینی کیرویجال کو ریفری نے ریڈ کارڈ دکھا کر گراؤنڈ سے باہر کردیا۔

    بارسلونا کی جانب سے ویڈال نے تیسراگول کرکے ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا تاہم اسٹار کھلاڑی رونالڈو اور گیراتھ بیل کی موجودگی میں ریال میڈرڈ میچ میں کم بیک کرنے میں ناکام رہی۔

    خیال رہے کہ بارسلونا نے ریال میڈرڈ کے خلاف جیت کے ساتھ 45 پوائنٹس حاصل کرکر پہلی پوزیشن اپنے نام کرلی ہے۔

    یاد رہے کہ بارسلونا کی رواں برس اگست میں اسپینش سپرکپ میں ریال میڈرڈ سے ہونے والی شکست کے بعد یہ مسلسل 25 ویں کامیابی ہے جبکہ ان کے ایک اہم کھلاڑی نیمار کلب چھوڑ کرجاچکے ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • رونالڈو کے لیے معذور ایرانی مداح کا انوکھا تحفہ

    رونالڈو کے لیے معذور ایرانی مداح کا انوکھا تحفہ

    معروف پرتگالی فٹبالر کرسچیانو رونالڈو کی ایک معذور مداح نے پاؤں سے ان کی شاندار تصویر بنا ڈالی۔

    ایران سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت فنکارہ فاطمہ حمامی دماغی کمزوری کا شکار ہے۔ اسے مصوری کا بے حد شوق ہے اور اپنے شوق کی تکمیل کے لیے اس نے اپنی معذوری کو آڑے نہیں آنے دیا۔

    طویل ریاضت کے بعد اب وہ اپنے پاؤں کی انگلیوں سے برش پکڑ کر مصوری کرتی ہے اور اس میں نہایت مہارت حاصل کر چکی ہے۔

    فاطمہ فٹ بال کی بھی بے حد شوقین ہے اور اس نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی رونالڈو کی نہایت خوبصورت تصویر بنائی ہے جسے انٹرنیٹ پر بے حد پسند کیا جارہا ہے۔

    وہ اس سے قبل اپنے ایک اور پسندیدہ ایرانی فٹ بالر علی داعی کی تصویر بھی بنا چکی ہے جسے خود علی داعی نے بے حد پسند کیا اور فاطمہ کے حوصلے کی تعریف کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔