Tag: روندو

  • اسکردو حادثے میں 28 افراد جاں بحق ہوئے: ڈپٹی کمشنر

    اسکردو حادثے میں 28 افراد جاں بحق ہوئے: ڈپٹی کمشنر

    اسکردو: ڈپٹی کمشنر اسکردو کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز دریائے سندھ میں گرنے والی کوچ میں 28 افراد سوار تھے، حادثے میں تمام 28 افراد جاں بحق ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسکردو خرم پرویز کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی کوچ میں اٹھائیس افراد سوار تھے، جن میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر کے علاوہ 3 کم سن بچے اور 23 بڑی عمر کے مسافر شامل تھے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ سفری چالان میں 3 کم سن بچوں کے نام درج نہیں کیے گئے تھے جن کا لواحقین کے ذریعے پتا چلا ہے۔

    اسکردو حادثہ ، جاں بحق ہونے والوں میں معروف کوہ پیما شبیرحسین سدپارہ  بھی شامل

    ڈپٹی کمشنر اسکردو کے مطابق آج صبح دریا برد ہونے والے مزید 2 مسافروں کی لاشیں نکالی گئی ہیں، اب تک 15 افراد کی لاشیں دریا سے نکالی جا چکی ہیں جب کہ 13 لا پتا مسافروں کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 13 مسافروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں میں روانہ کر دی گئیں ہیں۔

    خیال رہے کہ ریسکیو آپریشن میں ریسکیو 1122، سول انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے جوان شریک ہیں۔

    اس حادثے میں جہاں ایک طرف 28 قیمتی جانیں ضایع ہوئیں وہاں معروف کوہ پیما شبیر حسین سدپارہ بھی جاں بحق ہوئے ہیں، وہ اس بد قسمت کوچ میں اپنے ایک دوست کے ساتھ راولپنڈی سے اسکردو جا رہے تھے، اسسٹنٹ کمشنر روندو غلام مرتضٰی نے ان کی موت کی تصدیق کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کا حادثے سے متعلق کہنا تھا کہ کوچ یولبو کے مقام پر موڑ کاٹتے ہوئے بلندی سے دریا میں جا گری تھی۔

  • گلگت: وین دریا میں گر گئی، 25 افراد جاں بحق

    گلگت: وین دریا میں گر گئی، 25 افراد جاں بحق

    اسکردو: راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر وین دریا میں بہہ گئی، حادثے میں 25 افراد جاں بحق ہو گئے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وین دریا میں گرنے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے اسکردو جانے والی مسافر وین روندو کے قریب دریا میں گر گئی، جس سے پچیس افراد جاں بحق ہو گئے، ترجمان جی بی حکومت کا کہنا ہے کہ پاک آرمی کے ہیلی کاپٹر میں نکالی گئی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کا شکار ہونے والی وین میں 25 افراد سوار تھے، پولیس کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں گری وین کا کچھ حصہ نظر آ رہا ہے، ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ پاک فوج کے تعاون سے ریسکیو آپریشن کیا گیا، روندو سول اسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کی گئی۔

    پولیس اور ریسکیو ذرایع کے مطابق اسکردو کے لیے پچیس مسافروں کو لے کر جانے والی مسافر کوسٹر بلتستان میں داخل ہوتے ہی حادثے کا شکار ہوئی، کوسٹر روندو میں موڑ کاٹتے ہوئے دریا میں گری، حادثے میں ڈرائیور بھی جاں بحق ہوا۔ ایس ایس پی اسکردو اسحاق حسین کے مطابق مسافروں کی لاشیں دریا سے نکالنے کے لئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم حادثے کے مقام پر دریا میں پانی کا بہاؤ تیز اور دریا کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ٹریفک حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ریسکیو عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی راولپنڈی سے آزاد کشمیر جاتے ہوئے ارجا کے مقام پر ایک مسافر بس نالے میں گر گئی تھی جس میں 10 افراد جاں بحق ہوئے اور 11 افراد زخمی ہوئے۔