Tag: روڈ کٹنگ

  • کراچی میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کا مسئلہ، شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی

    کراچی میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کا مسئلہ، شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی

    کراچی (27 اگست 2025): شہر قائد میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں روڈ کٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس پر کمشنر کراچی نے آج دوپہر 12 بجے اجلاس طلب کر لیا ہے، یہ اجلاس کمشنر ہاؤس میں ہوگا، جس میں روڈ کٹنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات زیر بحث آئیں گی۔

    اجلاس میں ایم ڈی سوئی گیس، سی ای او واٹر کارپوریشن، کے ایم سی اور تمام ٹاؤنز کے میونسپل کمشنرز کو طلب کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس کے بعد یہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کریم آباد انڈر پاس دو سال بعد بھی مکمل تعمیر نہ ہوسکا، وجہ کیا ہے؟

    سوئی گیس کمپنی نے نومبر 2024 سے گیس لائن بچھانے کا کام شروع کیا تھا، ٹاؤن چیئرمینز نے بتایا کہ سوئی گیس کمپنی کو یہ کام ستمبر 2025 تک مکمل کرنا ہے، تاہم گیس کمپنی اب دسمبر تک مہلت مانگ رہی ہے۔

    کمشنر ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں سوئی گیس کمپنی سے کام مکمل کرنے کی حتمی ڈیڈ لائن لی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے زوردار اسپیل کے بعد شہر میں سڑکوں کی حالت بہت زیادہ خراب ہو چکی ہے۔

  • روڈ کٹنگ، کراچی میں ریڈ بس گڑھے میں‌ پھنس گئی (ویڈیو)

    روڈ کٹنگ، کراچی میں ریڈ بس گڑھے میں‌ پھنس گئی (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلشن حدید میں ایک ریڈ بس کے پہیے بھونڈی روڈ کٹنگ کے باعث گڑھے میں پھنس گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں رات کے اندھیرے میں روڈ کٹنگ کر کے سامنے نالے میں گٹر لائن ڈال دی گئی تھی، اور گڑھے کو مٹی ڈال کر بند کیا گیا تھا، جس کے باعث ریڈ بس اس پر سے گزرتے ہوئے پھنس گئی۔

    مبینہ طور پر شہری نے بھونڈے انداز میں روڈ کٹنگ کروائی تھی، اور کام ختم ہونے کے بعد سڑک لیول کیا گیا نہ طریقے سے بھرائی کی گئی۔

    گڑھے پر سے آج بدھ کی صبح جب ریڈ بس گزری تو اگلے ٹائر تو نکل گئے مگر پچھلے پھنس گئے، علاقہ مکینوں نے ویڈیو بنا کر وجہ کی نشان دہی بھی کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹریکٹر کی مدد سے بس کو گڑھے سے نکالا گیا، گڑھے کو بھی ٹریکٹر کی مدد سے بند کر دیا گیا۔