Tag: روکنے

  • کانگریس کی منظور کردہ غیر ملکی امداد روکنے اور چھان بین کا حکم

    کانگریس کی منظور کردہ غیر ملکی امداد روکنے اور چھان بین کا حکم

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے دو سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ جب تک نظرثانی مکمل نہیں ہوجاتی، اربوں ڈالر مالیت کی غیر ملکی امداد منجمد کردی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ (او ایم بی) نے امریکی محکمہ خارجہ اور بین الاقوامی ترقی کے امریکی ادارے کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ”ذمے نہ لی گئی غیر ملکی امداد کا حساب دیا جائے، اور وہ رقوم خرچ نہ کی جائیں جنھیں سرکاری طور پر خاص مقاصد کے لیے مختص نہیں کیا گیا“۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ ’او ایم بی‘ کی جانب سے جن 10 مدوں کو منجمد کرنے کےلئے کہا گیا ان میں بین الاقوامی صحت، منشیات اور امن کار کام سے متعلق پروجیکٹس اور ترقیاتی اعانت کے پروگرام شامل ہیں،یہ حکم نامہ گذشتہ اختتام ہفتہ ان اداروں کے حوالے کیا گیا۔

    حکم نامے کے ناقدین کے اندازے کے مطابق، اس اقدام کے نتیجے میں دونوں اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ دو سے چار ارب ڈالر مالیت کی فنڈنگ روک دیں،چھان بین کی جانے والی رقم مالی سال 2018اور 2019 کے لیے ہے، اور اگر اسے جاری مالی سال کے اندر اندر خرچ نہ کیا گیا تو ستمبر کی 30 تاریخ کو یہ غیر استعمال شدہ رقم تصور ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ اختتام ہفتہ جاری ہونے والا یہ حکم نامہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کانگریس نو ستمبر تک تعطیلات پر ہے، اس لیے قانون ساز اس اقدام کو روکنے کے حوالے سے کچھ نہیں کر سکتے۔

    ایوان نمائندگان کی کمیٹی برائے امور خارجہ کے سربراہ، ایلیٹ اینگل نے کہا کہ ”انتظامیہ کی کانگریس سے نفرت مثالی ہے“،بقول ان کے جب کانگریس یہ فیصلہ کرتی ہے کہ غیر ملکی امداد کی مد میں کتنے پیسے خرچ کیے جائیں، تو یہ مشورہ نہیں، یہ قانون ہوتا ہے، جس کی آئین پاسداری کرتا ہے۔

    ڈیموکریٹک قانون ساز نے کہا کہ ریپبلکن انتظامیہ کا حکم نامہ ”امریکی اقدار اور قیادت کو عالمگیر سطح پر فروغ دینے کی امریکی استعداد کے لیے تباہ کن امر ہے۔

  • طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    طالبان نے افغان صدارتی انتخابات روکنے کیلئے ’حملوں‘ کی دھمکی دے دی

    کابل :طالبان نے افغانستان میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات روکنے کے لیے ’حملوں‘ کی دھمکی دےدی۔

    تفصیلات کے مطابق طالبان نے صدارتی انتخابات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جنگجو انتخابات روکنے کے لیے کچھ بھی کرسکتے ہیں،طالبان نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں اور ریلیوں سے دور رہیں کیونکہ انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ طالبان نے 28 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ غیرملکی طاقتیں افغان امن عمل پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں۔

    انہوں نے اپنے اعلامیہ میں کہا تھا کہ مذکورہ انتخابات کا عمل عام لوگوں کو دھوکا دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں، انتخابات کا انعقاد محدود مگر بوگس سیاستدانوں کی اّنا کو تسکین دینے کے لیے ہے۔

    طالبان نے حملوں سے خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے، شہری کارنر میٹنگز اور ریلیز سے دور رہیں جن پر ہمارے جنگجو حملہ کرسکتے ہیں۔

    دوسری جانب افغانستان کے صدر اشرف غنی کے دفتر سے اعلامیہ جاری ہوا جس میں طالبان کی دھمکی کے تناظر میں کہا گیا کہ لوگوں کو اپنا لیڈر منتخب کرنے کا پورا حق ہے اور حکومت ملک بھر میں شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے تیار ہے۔

    افغان حکومت نے کہا کہ طالبان کو اپنے عمل سے امن کا اظہار کرنا چاہیے ناکہ لوگوں کو دھکمیاں دی جائیں۔

    یاد رہے کہ افغانستان میں 17 سال سے زائد عرصے سے جاری طویل جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کوششوں میں مصروف ہے اور اس سلسلے میں اس کے طالبان سے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں،ان مذاکرات میں افغان حکومت کو شامل نہیں کیا گیا کیونکہ طالبان انہیں کٹھ پتلی حکومت کہتے ہیں اور وہ براہ راست امریکا سے مذاکرات کا مطالبہ کرتے آئے تھے۔

    چند روز قبل امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ غیر ملکی افواج کے انخلا کا نہیں امن کا معاہدہ چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا تھا کہ افغانستان میں امریکا کی موجودگی مشروط ہے اور کوئی بھی انخلا مشروط ہوگا،بعدازاں 3 اگست کو طالبان کا موقف سامنے آیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ امریکا سے 80 فیصد مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں تاہم اس میں امریکی فوج کے انخلا کے ٹائم فریم پر اب بھی بحث ہونا باقی ہے۔

  • قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    قطری عازمین حج کی رجسٹریشن روکنے کی کوششیں کی جارہی ہے، سعودی وزیر حج

    ریاض : سعودی عرب اور قطر تنازعہ کا اثرعازمین حج پر بھی پڑنے لگا، سعودی عرب کے وزیر برائے امور حج نے کہا ہے کہ قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودیہ عرب سمیت 7 عرب ممالک نے قطر پر دہشت گردوں کی معاونت اور سہولت کاری کا الزام لگا کر سفارتی تعلقات منقطع کردئیے تھے جس کے بعد سے دونوں ممالک میں تنازعہ جاری ہے جو حج و عمرہ زائرین پر اثر انداز ہوتا ہے۔

    سعودی وزیر برائے امور حج عمرہ محمد بنتن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری عازمین حج کےلئے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے لیکن قطری شہریوں کی حج کےلئے رجسٹریشن میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    عرب نشریاتی ادارے کے مطابق محمد بنتن کا کہنا تھا کہ آنےوالے دنوں میں سعودی وزارتِ حج اپنے حج پروگرامات کی تفصیل بیان کرے گی۔

    سعودی وزارت حج نے اپنے ایک بیان میں مملکت کے اندر موجود قطری شہریوں کے فریضہ حج کی ادائیگی میں حصہ لینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت حج اور دیگر تمام ادارے حج کے موقع پر حجاج کرام کی خدمت کےلئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر عمل درآمد کرینگے۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب کے وزارت حج کے مطابق اس سے قبل قطری حکومت نے عمرہ رجسٹریشن کے لیے پہلے سے موجود آن لائن رجسٹریشن ویب سائیٹ تک اپنے شہریوں کی رسائی روک دی تھی جس کے نتیجے میں قطری عمرہ زائرین کو رجسٹریشن میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

  • خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    خاتون کو ڈرائیونگ سے روکنے کی ویڈیو وائرل، حکام نے تحقیقات شروع کردیں

    ابوظبی : دبئی میں‌ خاتون ڈرائیور کو گاڑی چلانے سے روکنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، پولیس نے پارکنگ ملازم کو اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں‌ ڈالنے کے جرم میں‌گرفتار کرلیا.

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے سیاحتی اور تجارتی مرکز ریاست دبئی میں ایک کار پارکنگ کے ملازم کی طرف سے ایک خاتون کو گاڑی چلانے سے روکنے کی کوشش کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج میں پارکنگ اسٹینڈ سے باہر نکلنے والی ایک کار کے اگلے حصے پر ایک شخص کو بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے جو خاتون ڈرائیور کو گاڑی نہ چلانے کی تاکید کررہا ہے، خاتون گاڑی چلانے کی کوشش کرتی ہے تووہ نیچے گرجاتا ہے اور پھر کار پر چڑھ دوڑتا ہے۔

    اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد حکام نے اس کی تحقیقات شروع کردیں ہیں۔

    دبئی پولیس کے سیکیورٹی اطلاعات کے ترجمان کرنل فیصل القاسم نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی فوٹیج دبئی میں بَر کے مقام پر بنائی گئی جہاں ایک کار پارکنگ ملازم نے خاتون کار ڈرائیور کو کار چلانے سے روکنے کی کوشش کی اور کار کے آگے کھڑا ہوگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کار روکنے والے شخص نے خود کو اور دوسرے شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی کوشش کی۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ کار پارکنگ کے ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ دوسری جانب گرفتار شخص کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں اس کا کہنا تھا کہ خاتون نے پارکنگ اسٹینڈ سے جو کار باہر نکالی اس کا انٹری ٹکٹ اسے نہیں دیا گیا بلکہ خاتون نے ایک غلط ٹکٹ اسے تھما دیا تھا۔

    اس نے خاتون کو ایک غلط ٹکٹ دینے پر گاڑی پارکنگ سے باہر نکالنے سے روکنے کی کوشش کی تاہم خاتون کار ڈرائیور نے پارکنگ ملازم کا دعویٰ مسترد کردیا اور کہا کہ اس نے اسے اسی گاڑی کا ٹکٹ دیا۔

  • برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعات کو روکنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا، ساجد جاوید

    برطانیہ میں چاقو زنی کے واقعات کو روکنے کیلئے سب کو متحد ہونا پڑے گا، ساجد جاوید

    لندن : برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ چاقوزنی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’مذکورہ واقعات کو روکنے کےلیے ہمیں متحد ہونا پڑے گا‘۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے برطانیہ میں باالخصوص دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے چاقو زنی اور پُر تشدد واقعات میں نوجوانوں کی موت پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بہت سے محازوں پر چاقو زنی کے خلاف کارروائی کررہے ہیں‘۔

    برطانوی وزیر داخلہ نے لندن پولیس چیف سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’پورے ملک میں نوجوانوں کا قتل عام کیا جارہا ہے، اسے جاری نہیں رہنا چاہیے‘۔

    ساجد جاوید نے لندن پولیس چیف سے ہفتے کے روز دو نوجوانوں کی چاقو زنی کے واقعات میں بہیمانہ ہلاکت کے بعد ملاقات کی تھی۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نامعلوم افراد ایک روز قبل دارالحکومت لندن کے مشرقی حصّے میں 17 سالہ دوشیزہ جوڈی چیزنی کو پے در پے وار کرکے قتل کردیا تھا جبکہ گریٹ مانچسٹر میں 17 سالہ نوجوان یوسف غالب مکّی کو چاقو کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔

    پولیس نے یوسف مکی کے قتل میں ملوث کے ہونے کے شبے میں دو نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے جو تاحال پولیس کی گرفت میں ہے۔

    برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ جوڈی کو سیاہ فام شخص نے قتل کیا تھا تاہم قتل کی مزید تحقیق ابھی جاری ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جوڈی کے اہلخانہ اپنے بیٹی کے قتل کی خبر سن پر صدمے میں مبتلا ہوگئے جبکہ والد کا کہنا تھا کہ ’چاقو زنی کی یہ واردات انتہائی اشتعال انگیز ہے۔

    مزید پڑھیں : مانچسٹر میں چاقو بردار شخص کا حملہ، تین افراد زخمی

    یاد رہے کہ رواں برس کے آغاز پر برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں واقع وکٹوریہ ریلوے اسٹیشن پر مسلح شخص نے شہریوں کو چاقو کے وار سے زخمی کردیا تھا، چاقو زنی کی واردات میں زخمی ہونے والے متاثرین کو اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

    برطانیہ کی ٹرانسپورٹ پولیس کا کہنا تھا کہ چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک خاتون اور مرد سمیت پولیس افسر زخمی ہوا ہے، پولیس افسر کو کندھے پر زخم آئے تھے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاقو زنی کی واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا تھا جس کی دماغی حالت ٹھیک نہیں تھی۔

    مزید پڑھیں : لندن : تین لاکھ سے زائد بچے جرائم پیشہ گروہوں سے منسلک ہیں، چلڈرن کمشنر

    برطانیہ میں بچوں کے حقوق کے کام کرنے والے کمشنر کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10 برس سے 17 برس کی عمر کے ایسے 27ہزار بچوں کی شناخت ہوئی جو صرف انگلینڈ میں جرائم پیشہ گروہوں سے وابستہ ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں 3 لاکھ 13 ہزار کم عمر بچے گینگ ممبر ہیں اور 34 ہزار بچے ایسے ہیں جو پُرتشدد جرائم کا تجربہ کرچکے ہیں۔