Tag: روہت شرما

  • ’’بھارت کا اختتام ہوگیا‘‘ کمنٹیٹر کے الفاظ نے آگ لگادی

    ’’بھارت کا اختتام ہوگیا‘‘ کمنٹیٹر کے الفاظ نے آگ لگادی

    آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں شرمناک پرفارمنس کے بعد کمنٹیٹر کی جانب سے ’بھارت کے اختتام‘ پیشگوئی وائرل ہوگئی۔

    ایـڈیلیڈ میں ہونے والے پنک بال ٹیسٹ میں بھارت کی حالت نہایت خراب ہے اور شکست کے آثار ابھی سے واضح ہوگئے ہیں، پہلا میچ جیتنے والی بھارتی ٹیم آسٹریلین بولرز کے آگے بالکل ہی بھیگی بلی نظر آئی اور کوئی بھی بیٹر میزبان پیسرز کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہا۔

    ویرات کوہلی اور روہت شرما نے ایک بار پھر بھارتی بیٹنگ لائن اور شائقین کا مایوس کیا، ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے دن دونوں بالترتیب اسکاڈ بولینڈ اور پیٹ کمنز کا شکار بنے، آسٹریلوی کپتان نے تو بھارتی کپتان کو کلین بولڈ کیا جس سے ان کی تکنیک کی قلی کھل گئی۔

    دوسری اننگز میں ویرات کوہلی صرف 11 رنز بناپائے جبکہ روہت شرما بھی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بھارتی کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد مارک نکولس جو کمنٹری کررہے تھے انھوں نے بے ساختہ کہا ’یہ بھارت کا اختتام ہے، یہ روہت شرما کا اختتام ہے‘۔

    سینئرپلیئرز کے ناکام ہونے اور دوسرے ٹیسٹ میں بھارت کی درگت بننے کے بعد کمنٹیٹر مارک نکولس کے یہ الفاظ وائرل ہوگئے جسے بھارتی ذرائع ابلاغ نے شہ سرخیوں میں جگہ دی۔

    بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 180 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی تھی، اس اننگز میں مچل اسٹارک نے 6 بھارتی سورماؤں کو چلتا کیا تھا، جواب میں ٹریوس ہیڈ کی تباہ کن بیٹنگ کی باعث آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنا کر 157 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔

    تاہم دوسری اننگز میں بھی بھارتی بیٹر کوئی جادو جگانے میں ناکام رہے اور کوئی بھی کھلاڑی قابل ذکراسکور نہیں کرسکا، روہت، کوہلی، گل اور جیسوال سمیت سب بیٹرز فلاپ رہے۔

    دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنائے تھے جبکہ اسے آسٹریلیا کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 29 رنز درکار تھے۔

    ایڈیلیڈ میں ہونے والے پنک بال ٹیسٹ میں ٹریوس ہیڈ کی سنچری اور مچل اسٹارک کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلیا کمانڈنگ پوزیشن میں آگیا ہے اور امید ہے کہ میچ کا فیصلہ تیسرے دن ہی ہوجائے گا۔

  • روہت شرما کا آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا فیصلہ

    روہت شرما کا آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل بڑا فیصلہ

    بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کل سے ایڈیلیڈ میں کل سے شروع ہو رہا ہے تاہم اس سے قبل بھارت کپتان روہت شرما نے اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

    جمعرات 6 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ میں روہت شرما ٹیم کی قیادت تو کریں گے مگر وہ اننگ اوپن نہیں کریں گے۔

    روہت شرما پریس کانفرنس میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنا بیٹنگ آرڈر تبدیل کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔ میچ میں کے ایل راہول اوپننگ کریں گے جب کہ وہ خود مڈل آرڈر میں بیٹنگ کے لیے آئیں گے۔

    بھارتی کپتان نے کے ایل راہول اوپننگ کریں گے اور میں مڈل آرڈر میں کسی نمبر پر بیٹنگ کروں گا۔ یہ میرے لیے آسان نہیں لیکن یہ ٹیم کے لیے بہترین فیصلہ ہے۔

    بھارتی کپتان تمام فارمیٹس میں اوپننگ کرتے رہے ہیں تاہم کچھ عرصہ سے ان کی ٹیسٹ میں کارکردگی میں تنزلی دکھائی دے رہی ہے اور بڑا اسکور کرنے میں مسلسل ناکام ہو رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو آسٹریلیا پر ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

  • روہت شرما کا دورہ پاکستان سے متعلق اہم بیان

    روہت شرما کا دورہ پاکستان سے متعلق اہم بیان

    بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان جانے یا نہ جانے کا فیصلہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، دونوں بورڈز یہ فیصلہ کریں گے۔

    بھارتی کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہماری توجہ چیمپئنز ٹرافی پر ہے، اگر بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجا جائے گا تو ہمیں کوئی ایشو نہیں ہے۔

    دوسری جانب بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے انکار پر آئی سی سی نے پی سی بی کو باضابطہ آگاہ کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق پی سی بی نے حکومت پاکستان سے رابطہ کر کے بھارت کے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارت کے انکار پر سخت فیصلے لینے کا امکان ہے۔

    پاکستان چیمپئنز ٹرافی کیلئے کسی متبادل ماڈل کو قبول نہیں کرے گا جب کہ پی سی بی بھارت کے خلاف عالمی عدالت سے رجوع کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل پر گیا تو پاکستان چیمپئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کر سکتا ہے۔بھارتی ٹیم پاکستان نہ آئی تو پاکستان آئندہ کبھی بھارت سے میچ نہیں کھیلے گا۔

    ’جاؤ نہیں کرنی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی‘۔۔ بھارتی صحافی کا دبنگ بیان

    حکومت کا موقف ہے کہ پاکستان ٹیم ہمیشہ بھارت بھیج کر اچھا تاثر دیا گیا لیکن بھارت نے ہمیشہ سیاست کو شامل کیا، پاکستان میں اسٹیڈیم بن رہے ہیں اور سیکیورٹی بھی اچھی ہے اس صورتحال میں بھارت کے پاکستان نہ آنے کیلئے کوئی جواز نہیں اگر بھارت نہیں آئے گا تو ریونیو نقصان ہمیں ہوگا بھارت سے ہم میچ نہیں کھیلیں گے تب ان کا نقصان بھی ہو گا۔

  • بھارت کی بدترین شکست کے بعد روہت اور کوہلی ٹیم چھوڑکر چلے گئے

    بھارت کی بدترین شکست کے بعد روہت اور کوہلی ٹیم چھوڑکر چلے گئے

    نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 113 رنز کی شکست کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما اور اسٹار بیٹر ویروت کوہلی اپنی ٹیم کو چھوڑ کر روانہ ہوگئے ہیں۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیویز سے ہوم گراؤنڈ پر سیریز کی تاریخی ہار کے چند لمحوں بعد ہی ہندوستانی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور کے ایل راہول اپنی فیملی کے ہمراہ وقت گزارنے کے لیے ممبئی چلے گئے ہیں۔

    دیگر بھارتی کرکٹرز اور معاون اسٹاف بعد میں ممبئی جائیں گا جہاں اتوار کو یکم نومبر سے شروع ہونے والے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں دنوں ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔

    وانکھیڈے اسٹیڈیم میں فائنل ٹیسٹ میچ سے قبل بھارتی بورڈ نے سیریز کی شکست سے سنبھلنے کے لیے کھلاڑیوں کو دو دن کا وقفہ دیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ممبئی میں دو دن کے وقفے کے اختتام کے بعد بھارتی پلیئرز کو سیریز کے اختتام تک دو پریکٹس سیشنز میں شرکت کرنا ہوگی۔

    میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق ٹیم انتظامیہ نے بھارتی کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ وہ 30 اور 31 اکتوبر کو دو دن کی پریکٹس کے لیے لازمی موجود رہیں اور کوئی بھی پلیئرز اسے نہیں چھوڑ سکتا۔

    خیال رہے کہ بھارتی ٹیم کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر لگاتار 18 ٹیسٹ سیریز جیتنے کے بعد 12 سالوں میں پہلی بار سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے بعد بھارتی میڈیا اور ماہرین روہت شرما، ویرات کوہلی سمیت پوری ٹیم کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

  • روہت شرما نے محمد شامی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی

    روہت شرما نے محمد شامی کو ٹیم میں شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی

    بنگلورو: بھارتی کپتان روہت شرما نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل محمد شامی کی ٹیم میں واپسی سے متعلق صحافیوں کو آگاہ کیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما کا کہنا تھا کہ محمد شامی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔ ٹیم انہیں آسٹریلیا کے دورے پر لینے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتی۔

    بھارتی کپتان نے بتایا کہ شامی نے ہندوستان کے لیے اپنا آخری میچ گزشتہ سال نومبر میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں کھیلا تھا۔ انہیں گھٹنوں میں سوجن کی وجہ سے ٹخنے کے آپریشن سے صحت یاب ہونے میں دشواری کا سامنا ہے۔

    بھارتی کپتان نے صحافیوں کو بتایا کہ سچ پوچھیں تو ہمارے لیے ان کے بارے میں ابھی فیصلہ کرنا بہت مشکل ہے کہ آیا وہ موجودہ سیریز یا آسٹریلیا کے دورے کے لیے پوری طرح فٹ نہیں ہوسکے ہیں، ان کے گھٹنے میں حال ہی میں سوجن آئی تھی جو کہ کافی غیر معمولی ہے۔

    بھارتی کپتان نے کہا کہ محمد شامی اس وقت وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہیں جہاں فزیوز اور ڈاکٹر اس کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

    روہت کا کہنا تھا کہ ٹیم انتظانیہ کی خواہش ہے کہ شامی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی سے قبل مکمل فٹنس حاصل کریں۔ انہوں نے کہا، ‘ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ شامی 100 فیصد فٹ ہوں۔

    ویمن ورلڈ ٹی ٹوینٹی : بدترین کارکردگی کے بعد خواتین کرکٹ ٹیم کی وطن واپسی

    بھارتی کپتان نے کہا کہ این سی اے میں ان کی ترقی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور انہیں قومی ٹیم میں واپسی سے پہلے چند میچز کھیلنے ہوں گے۔

  • روہت شرما کی سڑک پر گاڑی روک کر مداح لڑکی کو سالگرہ کی مبارکباد، ویڈیو

    روہت شرما کی سڑک پر گاڑی روک کر مداح لڑکی کو سالگرہ کی مبارکباد، ویڈیو

    بھارتی کپتان روہت شرما نے ممبئی کی مصروف سڑک پر گاڑی روک کر مداح لڑکی کو جنم دن کی مبارکباد دی، جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما اس وقت اپنی چھٹیوں سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہورہے ہیں اور کئی پبلک مقامات پر بھی نظر آرہے ہیں، سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو زیرگردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روہت ممبئی کی سڑک پر اپنی لمبورگنی کار میں گھوم رہے ہیں۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک مصروف ترین شاہرہ پر روہت اپنی کار میں بیٹھے ہیں، ایسے میں ایک لڑکی ان کی طرف آتی ہے جسے بھارتی کپتان سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہیں۔

    لڑکی روہت کی مبارکباد پا کر نہایت خوش ہوجاتی ہے جبکہ اس کے چہرے پر مسکراہٹ بھی رقصاں ہیں، پھر بھارتی کپتان اپنی لیمبورگنی میں وہاں سے چلے جاتے ہیں۔

    بعدازاں ایک اور منظر میں روہت کی گاڑی کے گرد مداحوں کا ہجوم بھی نظر آرہا ہے جو ان کی ویڈیو بنارہے ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکار روہت کی گاڑی کو وہاں سے نکالنے میں مدد کررہے ہیں۔

    حال ہی میں ان کی شاندار کپتانی میں بھارتی ٹیم نے اپنی سرزمین پر بنگلہ دیش کو ٹیسٹ سیریز میں 2-0 سے شکست دی ہے، آخر ٹیسٹ تو ڈرا کی جانب گامزن تھا تاہم روہت نے اپنی نڈر کپتانی کے سبب اس میں بھارت کو فتح سے ہمکنار کیا۔

  • ایک سیلفی کا سوال ہے! مداحوں کا ہجوم روہت شرما کی طرف دوڑ پڑا

    ایک سیلفی کا سوال ہے! مداحوں کا ہجوم روہت شرما کی طرف دوڑ پڑا

    بھارت کپتان روہت شرما کو اس وقت سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے ہمراہ سیلفی لینے کے لیے مداحوں کا ہجوم ان کی طرف دوڑ پڑا۔

    روہت شرما نے نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہونے والی تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کےلیے ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے، ابو ظہبی کے مختصر ٹرپ سے واپسی کے بعد بھارتی کپتان نے وقت ضائع کرنا مناسب نہیں سمجھا اور فوراً بعد ہی گراؤنڈ میں پریکٹس کرتے نظر آئے۔

    جارح مزاج اوپنر ممبئی کے رئیلائنس کارپوریٹ پارک کرکٹ گراؤنڈ میں ٹریننگ سیشن میں مصروف تھے، اس دوران انھیں دیکھنے کے لیے مداحوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ روت شرما ٹریننگ سیشن کے لیے اسٹریچنگ اور ورام اپ کررہے ہیں، تھوڑی دیر بعد ہی مداح ان کی طرف سیلفی لینے کے لیے دوڑ کر آتے ہیں اور روہت ہجوم کے گھیرے میں آجاتے ہیں۔

    ایسے میں روہت شرما نے گھبرانے کے بجائے اپنے حواس بحال رکھے اور مداحوں سے صبر کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لوگ تھوڑا صبر کا مظاہرہ کریں اور ایک جگہ پر کھڑے ہو کر تھوڑا انتظار کریں۔

    اس کے باوجود کچھ مداح روہت کے ساتھ سیلفیل لیتے نظر آئے جبکہ روہت نے انھیں سمجھا بجھا کر تھوڑا انتظار کرنے کے لیے راضی کیا، بھارتی کپتان کے اس رویے کی تعریف کی جارہی ہے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں بھارت نے روہت کی قیادت میں بنگلہ دیشی ٹیم کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا ہے جبکہ اس سیریز میں روہت کی قائدان صلاحیتیں بھی عروج پر نظر آئیں۔

    روہت شرما نے جارحانہ طرز عمل اپناتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں کافی بہترین کپتانی کی اور جو میچ ڈرا کی جانب گامزن تھا اسے جیت کر سریز 2-0 سے اپنے نام کی۔

  • پوری بھارتی ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہو تو ہو بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ ڈرا نہیں کرنا

    پوری بھارتی ٹیم 100 رنز پر آؤٹ ہو تو ہو بنگلہ دیش سے ٹیسٹ میچ ڈرا نہیں کرنا

    بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کو 100 رنز پر پوری ٹیم کا آؤٹ ہونا منظور تھا مگر وہ بنگلہ دیش سے ٹیسٹ کسی قیمت پر بھی ڈرا نہیں کرنا چاہتے تھے۔

    دوسرے ٹیسٹ میں بارش کے باعث تقریباً ڈھائی دن کا کھیل نہ ہوسکا اور پہلے تین دنوں میں صرف 35 اوورز ہی پھینکے جاسکے تھے، اس کے باوجود روہت شرما اپنے ذہن میں اس ٹیسٹ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کا پلان کیے بیٹھے تھے جس کے لیے انھوں نے نہایت جارحانہ طرز عمل بھی اپنایا۔

    میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے روہت شرما نے کہا کہ میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے ہم تیزی سے رنز اسکور کرنا چاہتے تھے تاکہ اوورز بچیں، میں اس بات کے لیے بھی تیار تھا کہ پہلی اننگز میں پوری ٹیم 100 اور 120 رنز پر آؤٹ ہوجائے۔

    روہت شرما کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک رسک تھا جو ہم نے لیا جبکہ اس ٹیسٹ میچ میں بھارت کے نوجوان کھلاڑیوں نے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

    روی چندرن ایشون کا کہنا تھا کہ روہت شرما ہر صورت میں یہ ٹیسٹ میچ نتیجہ خیز بنانا چاہتے تھے اس کے لیے انھوں نے ہمیں کچھ ٹاسک دیے تھے، کپتان جب گراؤن میں بیٹنگ کے لیے اترے تو انھوں نے چھکے سے شروعات کی جس سے ان کی ذہنیت کا اندازہ ہوگیا تھا۔

    بنگلہ دیش نے اپنی پہلی اننگز میں 233 رنز اسکور کیے تھے، جس کے جواب میں بھارتی بیٹرز نے نہایت تیز بیٹنگ کی اور محض 10.1 اوورز میں ٹیم کی سنچری اسکور کرکے ورلڈ ریکارڈ بنا ڈالا۔

    بھارت نے 34.4 اوورز میں 8.22 فی اوور کی اوسط سے رنز بنائے اور 285 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈیکلیئر کردی، بعدازاں بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 146 پر محض 47 اوورز میں ڈھیر ہوگئی۔

    بھارت کو میچ جیتنے کے لیے 97 رنز کا معمولی ہدف ملا جو اس نے محض 3 وکٹوں کے نقصان پر پور کیا اور تاریخی جیت اپنے نام کی۔

    واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل سے مزید ایک قدم قریب ہوگیا ہے اور یہ مسلسل تیسری بار ہوگا کہ بھارتی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلے گی۔

  • بھارتی ٹیم میں کونسا پلیئر ’گجنی‘ ہے؟ روہت شرما نے بتادیا

    بھارتی ٹیم میں کونسا پلیئر ’گجنی‘ ہے؟ روہت شرما نے بتادیا

    بھارت کی کرکٹ ٹیم میں کونسا کھلاڑی اپنی عادتوں کی وجہ سے ’گجنی‘ ہے، کپتان روہت شرما نے سب کے سامنے اس پلیئرز کے نام سے پردہ اٹھا دیا۔

    دی گریڈ انڈین کپل شرما شو میں ٹیسٹ کپتان روہت شرما اور کئی بھارتی کرکٹر مہمان بنے جو کہ اگلے ہفتے آن ایئر ہوگا، تاہم اس کی کچھ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں جس میں میزبان کپل شرما روہت اور دیگر کھلاڑیوں سے دلچسپ سوالات کرتے نظر آرہے ہیں۔

    وائرل ہونے والی ایک کلپ میں ارچنا پورن سنگھ نے روہت شرما سے سوال کیا کہ بھارتی ٹیم میں گجنی کون ہے، ان کا اشارہ عامر خان کی مشہور فلم گجنی کی طرف تھا، جس میں عامر نے ایسے شخص کا کردار ادا کیا تھا جو باتوں کو بھول جاتا ہے۔

    یہ سوال سنتے ہیں روہت شرما قہقہ لگا کر ہنسنسے لگے اور کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ’یہ میرا اصلی ٹائٹل ہے‘، اس موقع پر بھارتی کرکٹرز نے بھی روہت شرما کے بھولنے کے کئی واقعات سنائے۔

    بھارتی کرکٹرز نے بتایا کہ جب سیریز یا ایونٹس کے دوران بھارتی ٹیم سفر کرتی ہے تو اکثر روہت شرما کچھ نہ کچھ بھول جاتے ہیں یہاں تک کہ وہ اپنا فون اور پاسپورٹ تک بھول چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ یہ نیٹ فلیکس پر کپل شرما شو کا دوسرا سیزن ہے، اس سے قبل آن ایئر ہونے والے پہلے سیزن میں بھی روہت شرما شریاس آئیر کے ساتھ شریک ہوئے تھے۔

  • روہت اور کوہلی کو بے جا فیور دینے پر بی سی سی آئی پر کڑی تنقید

    روہت اور کوہلی کو بے جا فیور دینے پر بی سی سی آئی پر کڑی تنقید

    سابق بھارتی کرکٹر نے روہت شرما اور ویرات کوہلی کو بے جا فیور دینے پر بھارتی کرکٹ بورڈ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

    ٹیسٹ میچز میں ان دنوں ویرات کوہلی اور روہت شرما بری فارم کا شکار ہیں، انگلینڈ کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں بھی دونوں سینئر کرکٹر کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام ہیں، ایسے میں سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے بی سی سی آئی پر انھیں زیادہ فیور دینے کا الزام عائد کیا ہے۔

    سنجے منجریکر کا کرک انفو کے ساتھ بات چیت میں کہنا تھا کہ کوہلی اور روہت کے لیے اس وقت حالات مختلف ہوتے اگر وہ دلیپ ٹرافی میں حصہ لیتے۔

    موجودہ کمنٹیٹر نے کہا کہ یہ بھارتی کرکٹ کے ساتھ ایک مسئلہ ہے، کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ ان کی حیثیت کی وجہ سے خصوصی سلوک کیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے دوسرے پلیئرز کو تکلیف ہوتی ہے انھیں برا لگتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ میں پریشان نہیں ہوں، لیکن مجھے یقین ہے کہ وہ ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ کھیلتے تو ان کی کارکردگی بہتر ہوتی، ان کے پاس دلیپ ٹرافی میں حصہ لینے کا آپشن تھا۔

    حکام کو کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ مختلف سلوک روا رکھنے کے بارے میں محتاط رہنا ہوگا اور وہ کرنا ہوگا جو بھارتی کرکٹ اور کھلاڑی کے لئے بہترین ہے، ویرات اور روہت کا دلیپ ٹرافی نہ کھیلنا بھارتی کرکٹ کے لیے اچھا نہیں تھا اور نہ ہی یہ دونوں کھلاڑیوں کے لیے اچھا تھا۔

    سنجے نے کہا کہ اگر کوہلی اور روہت نے دلیپ ٹرافی کھیلی ہوتی اور ریڈ بال کرکٹ میں کچھ وقت گزارا ہوتا تو حالات مختلف ہوتے لیکن وہ اپنی کلاس اور تجربے سے سیریز میں پرفارم کرسکتے ہیں۔