Tag: رویت حلال کمیٹی

  • شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    شعبان کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا

    کراچی : شعبان کا چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن چاند نظر آنے یا ناں آنے کا اعلان کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں منعقد ہوگا۔

    مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر کراچی میں ہوگا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ مقامات پر ہوں گے اور چیرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن چاند نظر آنے یا ناں آنے کا اعلان کریں گے۔

    خیال رہے اسلامی، ہجری یا قمری کلینڈرز میں شعبان آٹھواں مہینہ ہے، جسے شعبان المعظم بھی کہا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کے بعد سب سے زیادہ روزے اسی ماہ میں رکھے جاتے ہیں۔

    بعض احادیث کے مطابق حضور نبی کریم پورے شعبان روزے رکھا کرتے تھے اور انہیں رمضان المبارک کے روزوں سے ملادیا کرتے تھے، اس ماہ کی پندرہویں رات کو شب برات آتی ہے جو بہت بابرکت رات ہے، جس میں فرزندان توحید رات بھر جاگ کر اپنے اللہ کو راضی کرنے کیلئے گناہوں سے توبہ کرتے ہیں۔

    اس رات جس میں نئے سال کے لیے رزق، موت، پیدائش اور دیگر اہم معاملات سے متعلق حکم خداوندی سے فیصلے لکھے اور تبدیل کیے جاتے ہیں۔

  • حکومت اور مفتی پوپلزئی کے درمیان چاند دیکھنے کے معاملات طے پاگئے

    حکومت اور مفتی پوپلزئی کے درمیان چاند دیکھنے کے معاملات طے پاگئے

    اسلام آباد : حکومت پاکستان اورجامع مسجد قاسم علی کی انتظامیہ  میں رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے حوالے سے مشاورت کے بعد اتفاق ہوگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے جامع مسجد قاسم علی کے مفتی شہاب الدین سے پوپلزئی سے ہونے والی ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مسجد قاسم علی کا ایک نمائندہ موجود ہوگا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس مسجد میں چاند دیکھنے کی روایت 200 سال سے قائم ہے، اس بار ایک ہی دن روزہ اور عید کے حوالے سے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اجلاس میں مسجد قاسم علی کی جانب سے موصول ہونے والی چاند کی شہادتوں کی بھی تصدیق کی جائے گی۔

    وفاقی مذہبی امور نے بتایا کہ آج کی ملاقات میں مفتی صاحب نے چاند دیکھنے کے حوالے سے تجاویز دی ہیں، آج کی ملاقات کا اصل مقصد ملک میں ایک ہی دن عید اور رمضان کے مسئلے کو حل کرنا تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اس بار رویت ہلال کی جانب سے چاند نظر آنے یا آنے کے اعلان سے قبل مفتی پوپلزئی کی جانب سے دی گئی شہادتوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، کیونکہ حکومت پاکستان اس تنازعے کو ختم کرنے کے لیے نہایت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔

    واضح رہے کہ مفتی شہاب الدین کی سربراہی میں مسجد قاسم علی  کی جانب سے ہرسال رمضان اور عید کے حوالے سے ایک روز قبل چاند دیکھنے کا دعویٰ کرکے ایک روز قبل عید اور روزے کا اعلان کیا جاتا ہے۔

    خیبرپختونخواہ کے علاقے پشاور اور اس کے گردونواح میں رہنے والے افراد اس اعلان کی پیروی کرتے ہیں، اسی وجہ  سے عرصہ دراز سے ملک میں دو عیدیں اورایک دن قبل روزہ رکھا جاتاہے۔