Tag: رپورٹ

  • امریکا نے 2023 کے بعد اسرائیل کو کتنی مالیت کا ہتھیار فراہم کیا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    امریکا نے 2023 کے بعد اسرائیل کو کتنی مالیت کا ہتھیار فراہم کیا؟ رپورٹ میں اہم انکشاف

    واشنگٹن(8 اگست 2025): امریکا 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیل کو چار ارب ڈالر سے زائد کے ہتھیار فراہم کرچکا ہے۔

    سینٹر فار انٹرنیشنل پالیسی رپورٹ کے مطابق امریکا نے اسرائیل کو 4.2 ارب ڈالر کے ہتھیار دیئے ہیں یہ ہتھیار سات اکتوبر 2023  سے مئی 2025 کے درمیان اسرائیل کو بھیجے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس اعداد و شمار میں ہتھیار اور گولہ بارود شامل ہیں جس کی امریکا نے فارن ملٹری فنانسنگ کے ذریعے ادائیگی کی ہے، اور یہ امریکا کی طرف سے صرف اسرائیلی خریداروں کو براہ راست فروخت کی گئی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کو فارن ملٹری فنانسنگ کے زریعے سالانہ 3.3 بلین ڈالر کے ساتھ ساتھ میزائل ڈیفنس کے لیے 500 ملین ڈالر فراہم کرتا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ امداد صرف ایک جزوی جھلک ہے، اصل تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کے فراہم ہتھیار غزہ میں جنگی جرائم میں استعمال ہوئے۔

    سینٹر فار انٹرنیشنل پالیسی رپورٹ کے مطابق امریکی ہتھیاروں سے غزہ میں انسانیت سوز مظالم اور فاقہ کشی میں مدد ملی، غزہ کی مکمل ناکہ بندی اور قحط کے باوجود امریکا اسرائیل کو اسلحہ بھیجتا رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان برآمدات میں وہ ہتھیار شامل ہیں جو بار بار غزہ میں بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہیں، اسرائیل نے فلسطینی شہریوں کے بنیادی ڈھانچے، اسکولوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں اور اسپتالوں کو نشانہ بنانے کے لیے امریکی ساختہ بم استعمال کیے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کو انسانی حقوق کے ماہرین نے جنگی جرائم یا انسانیت کے خلاف جرائم، بشمول نسل کشی قرار دیا ہے جبکہ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اکتوبر 2023 سے، امریکا نے 416 ملین ڈالر سے زیادہ کے آتشیں اسلحہ برآمد کیا ہے۔

  • آئی ایم ایف نے جولائی 2025 کی ورلڈ اکنامک آوٹ لک رپورٹ جاری کردی

    آئی ایم ایف نے جولائی 2025 کی ورلڈ اکنامک آوٹ لک رپورٹ جاری کردی

    اسلام آباد(30 جولائی 2025): عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی اقتصادی شرح نمو حکومتی تخمینوں سے کم رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف نے جولائی 2025 کی ورلڈ اکنامک آوٹ لک رپورٹ جاری کردی جس میں گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 2.6 سے بڑھا کر 2.7 فیصد کردی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 2026 میں پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح  3.6 فیصد ہوسکتی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے نئے مالی سال میں معاشی ترقی کی شرح 4.2 تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    آئی ایم ایف رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی شرح نمو عالمی معاشی ترقی کی رفتار سے بہتر رہنے کا امکان ہے، 2025 میں پاکستان میں ترقی کی شرح 2.7 فیصد رہے گی اور سال 2026 میں 3.1 فیصد شرح سے ترقی کرے گی۔

    آئی ایم ایف کی رپورٹ کے مطابق 2025 میں عالمی معیشت کی ترقی کی شرح 3 فیصد رہے گی، امریکا کی جانب سے ٹیرف  ریٹ میں کمی عالمی معیشت کے لیے بہتر ہے، 2025 میں عالمی سطح پر مہنگائی کے بڑھنے کی شرح  4.2 فیصد رہے گی جبکہ 2026 میں یہ شرح  3.6 فیصد ہوسکتی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عالمی سطح پر مہنگائی میں کمی اور مالی حالات میں بہتری آرہی ہے لیکن جیو پولیٹیکل کشیدگی اب بھی عالمی معاشی استحکام کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔

    آئی ایم ایف نے خبردار کیا ہے کہ ممکنہ بلند ٹیرف اور غیر یقینی صورتحال پاکستان سمیت عالمی معیشت کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ رپورٹ میں اعتماد کی بحالی اور سازگار مالی و پالیسی حالات کو مستقبل کی ترجیحات قرار دیا گیا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر دل دہلا دینے والی رپورٹ

    مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر دل دہلا دینے والی رپورٹ

    کشمیر میڈیا سروس  نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دل دہلا دینے والی رپورٹ جاری کر دی۔

    کشمیری آج 77 واں’یوم الحاق پاکستان‘ منارہے ہیں اس موقع پر کشمیر میڈیا سروس نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر رپورٹ جاری کردی۔

    کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق الحاق پاکستان کیلئے اب تک 4 لاکھ سے زائد کشمیریوں نے جانیں قربان کیں، بھارتی فورسز نے جنوری 1989 سے اب تک 96 ہزار 329 کشمیری شہید کیے۔

    رپورٹ کے مطابق 7 ہزار 344 کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور زیر حراست شہید کیا گیا، بھارتی فورسز نے 8 ہزار کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری 1989 سے اب تک 11 ہزار 264 خواتین کی بے حرمتی کی گئی، 1 لاکھ 10 ہزار 518 گھر، دکانیں اور دیگر عمارتیں تباہ کیں، بھارتی فورسز کے تمام ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔

  • خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق رپورٹ جاری

    خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق رپورٹ جاری

    پشاور میں خواتین اور کم عمر بچوں کی جبری شادیوں سے متعلق پولیس نے رپورٹ جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں 2023 میں خواتین اور بچوں کی جبری شادیوں کی 53 ایف آئی آرز درج کرائی گئی 50 کیسز میں ملزمان کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق خواتین اور بچیوں کی جبری شادی میں ملوث 53 افراد گرفتار کئے، 2023 میں 35 خواتین اور 18 کم عمر بچوں کی جبری شادیاں کی گئیں۔

     پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جبری شادی کی متاثرہ 16خواتین اور 11 بچیوں کو شیلٹر ہومز منتقل کیا گیا، خواتین اور بچیوں کو اغواء کر کے ان کی جبری شادیاں کی گئیں۔

  • ٹک ٹاک کی 2023 کی دوسری سہ ماہی کی ’کمیونٹی گائیڈ لائنز‘ رپورٹ جاری

    ٹک ٹاک کی 2023 کی دوسری سہ ماہی کی ’کمیونٹی گائیڈ لائنز‘ رپورٹ جاری

    مختصر دورانیے کی ویڈیوز کے ممتاز پلاٹ فارم ٹک ٹاک نے سنہ 2023 کی دوسری سہ ماہی کے لیے کمیونٹی گائیڈ لائنز کے نفاذ کی رپورٹ جاری کردی ہے۔

    مختصر دورانیے کی ویڈیوز کی ممتاز پلاٹ فارم ٹک ٹاک  نے سنہ2023ء کی دوسری سہ ماہی (اپریل تا جون، 2023ء)کے لیے اپنی تازہ ترین کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ رپورٹ جاری کردی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ  غلط معلومات سے نمٹنے اور ایک محفوظ اور جامع مقام بنانے کے عزم کو مزید تقویت ملتی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران دنیا بھر میں مجموعی طور پر 106,476,032  وڈیوز حذف کیں گئیں جو ٹک ٹاک  پراپ لوڈ کیں گئیں تمام ویڈیوز کا تقریباً 0.7 فیصد ہیں۔ ان ویڈیوز میں سے 66,440,775 خود کار نظام  کے ذریعے حذف کیں گئیں جبکہ 6,750,002 ویڈیوز کو ریویو کے بعد حذف کیا گیا۔

    پاکستان میں سنہ 2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران،کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے پر14,141,581 ویڈیوز حذف کیں گئیں۔ کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے علاوہ ٹک ٹاک  نے فعال طور پر اسپیم (spam) اکاؤنٹس اور متعلقہ کانٹینٹ کو بھی ہدف بنایا اور خودکار طریقے سے اسپیم اکاؤنٹس(spam accounts)کی تخلیق روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے۔

    سنہ 2023 کی دوسری سہ ماہی کے دوران، پاکستان میں، خلاف ورزی کرنے والی 83.6 فیصد ویڈیوز کو کسی کے دیکھنے سے پہلے ہی حذف کر دیا گیا اور ایک دن کے عرصے میں تقریباً 92.5 فیصد ایسی ویڈیوز کو مکمل طور پر حذف کیا گیا۔

     سنہ 2023ء کی دوسری سہ ماہی کے دوران، فعال طریقے سے ویڈیوز کو حذف کرنے کی شرح 98.6 فیصد رہی۔  عالمی سطح پر  ٹک ٹاک نے نو جوان صارفین کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے 13 سال سے کم عمر افراد کے 18,823,040  اکاؤنٹس کو حذف کیا۔

    ٹک ٹاک کے مطابق کمیونٹی گائیڈ لائنزکو تمام صارفین کے لیے ایک محفوظ، جامع اور مستند تجربے کو فروغ دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے، ان پالیسیوں کا اطلاق ہر ایک اور ہر قسم کے کانٹینٹ پر ہوتا ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ ٹک ٹاک اْن کے نفاذ میں مستقل مزاجی دکھا رہا ہے اور مساوات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    ٹک ٹاک  جدیدٹیکنالوجی اور انسانی جائزے کا مجموعہ استعمال کرتا ہے تاکہ اس کی کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والے کانٹینٹ کی نشاندہی اور تشخیص کی جاسکے اور اس کے خلاف کارروائی بھی کی جا سکے۔

  • پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    پی ڈی ایم اے نے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی

    لاہور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب میں زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز سے زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ طلب کرلی۔

    پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع زلزلے سے نقصانات کی رپورٹ بجھوائیں،

    ترجمان اتھارٹی کے مطابق پی ڈی ایم اے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ سے رابطے میں ہے، رپورٹس کے مطابق کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، شہری نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دے سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج صبح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبہ خیبر پختونخواہ و پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

    زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان تاجکستان بارڈر تھا اور زلزلے کی گہرائی 223 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

  • گزشتہ ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    گزشتہ ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ

    اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 16 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کردی، گزشتہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح 46.31 فیصد کی سطح تک ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ یک ہفتے میں 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

    ایک ہفتے میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 141 روپے 61 پیسے مہنگا ہوا۔

    چکن 8 روپے 29 پیسے فی کلو، بیف 5 روپے 76 پیسے، مٹن 9 روپے 95 پیسے، آلو 5 روپے 28 پیسے فی کلو، انڈے 6 روپے 89 پیسے فی درجن، دال ماش 6 روپے 12 پیسے فی کلو اور کیلے 4 روپے فی درجن مہنگے ہوئے۔

    دال مسور، دہی، دودھ، چاول، چینی اور گھی بھی مہنگا ہوا۔

    ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے میں 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ٹماٹر 17 روپے 14 پیسے اور پیاز 15 روپے 37 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

    ایک ہفتے میں آٹے کا تھیلا 74 روپے 70 پیسے سستا ہوا، علاوہ ازیں 16 اشیا کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔

  • ہنڈن برگ کا نئی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان، اب کونسا ارب پتی نشانے پر ہوگا؟

    ہنڈن برگ کا نئی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان، اب کونسا ارب پتی نشانے پر ہوگا؟

    ممبئی: ہنڈن برگ ریسرچ فرم نے جلد ہی نئی رپورٹ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم رپورٹ کس سے متعلق ہے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے۔

    ہنڈن برگ کی ایک نئی ٹوئٹ میں بھارت میں پھر ہلچل پیدا کر دی ہے، ہنڈن برگ نے ٹوئٹ میں اعلان کیا ہے کہ جلد ہی نئی شخصیت کے حوالہ سے بڑی رپورٹ جاری کی جائے گی۔

    تاہم  اپنے ٹوئٹ میں ریسرچ فرم نے اگلی رپورٹ کے اجراء کے وقت یا رپورٹ کس سے متعلق ہے اس بارے میں کوئی معلومات نہیں دی ہے، تاہم اس ٹوئٹ کے بعد دنیا کے بڑے صنعت کاروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

    یاد  رہے کہ ہنڈن برگ کی 24 جنوری کو سامنے آنے والی ایک تحقیقی رپورٹ نے اڈانی گروپ کے چیئرمین گوتم اڈانی کی ساکھ کو تباہکرکے دیا تھا، گوتم دنیا کے امیر ترین لوگوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر تھے ہندن برگ کی رپورٹ کے بعد گوتم اڈانی کو 3000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔

    ہنڈن برگ نے اپنی رپورٹ میں اڈانی گروپ پر شیئرز میں بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا، اگرچہ گروپ نے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا تھا لیکن اس کی وجہ سے گروپ کمپنیوں کے حصص میں زبردست گراوٹ آئی۔

  • ایرانی خواتین اپنے ہی ملک میں دوسرے درجے کے شہریوں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور

    ایرانی خواتین اپنے ہی ملک میں دوسرے درجے کے شہریوں جیسی زندگی گزارنے پر مجبور

    تہران: ایران میں خواتین اپنے حقوق کی پامالی کے ساتھ زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران میں خواتین کی حیثیت دوسرے درجے کے شہریوں جیسی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں خواتین اور لڑکیوں کے ساتھ دوسرے درجے کے شہریوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے۔

    یہ رپورٹ 8 مارچ کو خواتین کے عالمی دن کے موقع پر شائع کی گئی ہے جس میں ایرانی حکومت کی جانب سے ملک میں مختلف گروپوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں تفصیل دی گئی ہے۔

    مصنف جاوید رحمٰن کی تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ انسانی حقوق کی حامی خواتین، لڑکیاں، اقلیتیں، مصنفین، صحافی اور دہری شہریت کے حامل افراد حکومت کے نشانے پر ہیں۔

    انہیں بدسلوکی، تشدد، نظر بندی، ہراسگی، جبری اعتراف جرم سمیت سزائے موت جیسی مصیبتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    اس رپورٹ میں لڑکیوں کی شادی کے مسئلے پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال صرف 6 ماہ کے دوران ایران میں 16 ہزار سے زائد ایسی شادیاں ہوئیں جن میں لڑکیوں کی عمر 10 سے 14 سال کے درمیان ہے۔

    اس حوالے سے بات کرتے ہوئے جاوید رحمٰن کا کہنا تھا کہ آج ایران میں جب خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے تو ان میں سب سے سنگین مسئلہ بچیوں کی شادی کا ہے، شادی کے لیے قانون کے مطابق موجودہ عمر ناقابل قبول ہے۔

    جاوید رحمٰن نے ایرانی صحافیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایرانی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے بارے میں رپورٹ کرنے والے صحافیوں اور مصنفین کے مسلسل نشانہ بنائے جانے کے حوالے سے پریشان ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جو ماہرین، صحت سے متعلق انتظامات کے بارے میں سوالات کرتے ہیں انہیں بھی اکثر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا یا ملازمت سے محروم ہونا پڑتا ہے۔

    ایران جانے کے لیے جاوید رحمٰن کی درخواستیں کئی مرتبہ مسترد ہونے کے بعد انہوں نے سرکاری اور غیر سرکاری میڈیا سے جمع کردہ تمام ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے یہ رپورٹ مرتب کی ہے۔

    اس رپورٹ میں انہوں نے زیادتیوں کا نشانہ بننے والےافراد کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ اور وکیلوں کے انٹرویوز بھی شامل کیے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لیے ایرانی کوششوں کی راہ میں بین الاقوامی پابندیاں رکاوٹ تھیں، تاہم ایرانی حکومت پر تنقید بھی کی گئی کہ ناکافی اقدامات کی وجہ سے اموات میں اضافہ ہوا۔

    بعض عہدیداروں نے ان قوانین کی پابندی نہ کرنے والی خواتین کے خلاف حملوں کی حوصلہ افزائی کی اور دیگر طریقوں سے ان کے تحفظ کو خطرہ قرار دیا۔

    انہوں نے کہا کہ یہاں پولیس، باسج ملیشیا اور چوکس اخلاقیات پولیس پردے کے قوانین کا نفاذ ممکن بناتی ہے، اکثر خواتین پر تشدد بھی ہوتا ہے، اس میں تیزاب سے حملہ اور قتل بھی شامل ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایران میں کس طرح صنفی امتیاز برتا جاتا ہے، شادی، طلاق، روزگار اور ثقافت سمیت قانون اور روزمرہ زندگی میں خواتین کو دوسرے درجے کی شہری سمجھا جاتا ہے۔

    انہوں نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایران امتیازی قوانین کو منسوخ کرے اور خواتین کے خلاف ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے کے کنونشن کی توثیق کرے، واضح رہے کہ ایران ان چند ریاستوں میں سے ایک ہے جنہوں نے اس کنونشن پر دستخط نہیں کیے۔

  • کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی پولیس آفس حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس آفس پر ہونے والے حملے کی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں پیش کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کراچی پولیس آفس میں حملے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشت گردی کی عدالت (اے ٹی سی) میں جمع کروا دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشت گردوں کے 2 سہولت کار موجود ہیں جن کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق کراچی پولیس آفس میں 17 فروری کو دہشت گردوں نے حملہ کیا، شام 7 بج کر 15 منٹ پر وائر لیس کے ذریعے حملے کی اطلاع ملی، ڈی آئی جی جنوبی عرفان بلوچ کی سربراہی میں آپریشن ترتیب دیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، 2 دہشت گرد جوابی کارروائی میں مارے گئے، مقدمہ 18 فروری کو شام 4 بج کر 30 منٹ پر درج کیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق حملے میں رینجرز اور پولیس کے 5 افراد شہید اور 18 زخمی ہوئے۔

    ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، 3 دہشت گرد گاڑی میں سوار ہو کر پولیس صدر لائن پہنچے تھے، صدر پولیس لائن کے قریب کھڑی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا۔

    کار سوار دہشت گردوں کے ساتھ مزید 2 دہشت گرد موٹر سائیکل پر بھی آئے تھے، موٹر سائیکل پر 2 دہشت گرد ان تینوں سے گلے مل کر فرار ہوگئے تھے، موٹر سائیکل پر آئے دہشت گردوں نے آفس کی نشاندہی کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں سے 5 دستی بم اور 2 خودکش جیکٹس ملی جنہیں ناکارہ بنایا گیا۔

    حملے کا مقدمہ صدر تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے میں دہشت گردی، قتل اور اقدام قتل سمیت دیگر دفعات شامل ہیں، مقدمے میں دھماکہ خیز مواد 3 اور 4 کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں، پولیس آفس میں موجود تمام افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔