Tag: رپورٹر

  • چوری پر رپورٹ دینے والا صحافی کیمرے کے سامنے لٹ گیا

    چوری پر رپورٹ دینے والا صحافی کیمرے کے سامنے لٹ گیا

    ٹیلی ویژن پر براہ راست نشریات کے دوران رپورٹرز یا اینکرز کے ساتھ کوئی دلچسپ یا ناخوشگوار واقعہ پیش آجاتا ہے جو اس نشریات کو یادگار بنا دیتا ہے۔

    ایسا ہی ایک واقعہ چلی کے دارالحکومت سان تیاگو میں پیش آیا جہاں ڈکیتی کی وارداتوں پر رپورٹ کرنے والے رپورٹر کو نشریات کے دوران لوٹ لیا گیا، اور اسے لوٹنے والا کوئی اور نہیں ایک طوطا تھا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رپورٹر مقامی زبان میں علاقے میں ہونے والی چوریوں کے بارے میں معلومات دے رہا ہے۔

    اس دوران ایک طوطا اس کے کندھے پر آ کر بیٹھ جاتا ہے تاہم رپورٹر اپنی گفتگو جاری رکھتا ہے۔

    اس کے بعد شرارتی طوطا رپورٹر کے کان میں لگا ایئر پیس نکال لیتا ہے اور پھر اچانک اڑ جاتا ہے۔

    اس دوران رپورٹر اس چوری سے پریشان تو ہوگیا تاہم اس نے اپنی رپورٹ جاری رکھی اور وہاں موجود افراد کو متوجہ کرنے کے لیے اشارے بھی کرتا رہا۔

    ٹویٹر پر صارفین اس ویڈیو سے بے حد محفوظ ہوئے اور رپورٹر سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

  • براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    براہ راست رپورٹنگ کے دوران بیک گراؤنڈ میں فائرنگ شروع ہوگئی

    امریکا میں ایک رپورٹر کی ٹی وی پر براہ راست رپورٹنگ کے دوران پس منظر میں گولیاں چل پڑیں، رپورٹر زخمی ہونے سے محفوظ رہا۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلی فورنیا میں پیش آیا جہاں سان ڈیاگو کنونشن سینٹر کے باہر فاکس 5 ٹی وی کا رپورٹر جیف مک ایڈم انٹرٹینمنٹ ایونٹ کامک کون کے منسوخ ہونے کی خبر دے رہا تھا۔

    رپورٹنگ کے دوران اچانک گولیاں چلنے کی آواز آتی ہے تاہم رپورٹر اپنی رپورٹنگ جاری رکھتا ہے۔

    چند لمحوں تک جب فائرنگ جاری رہی تو رپورٹر کو مجبوراً کامک کون کو چھوڑ کر اپنے پس منظر پر توجہ دینی پڑی، اس نے کہا کہ یہاں پر کچھ ہو رہا ہے میرا خیال ہے کہ یہاں پولیس افسر شوٹ آؤٹ میں مصروف ہیں۔

    اس دوران کیمرا مین بھی کیمرے کو گھما کر وقوعہ کو فوکس کرتا ہے جس میں ایک شخص اپنے دونوں ہاتھ بلند کیے آگے بڑھتا دکھائی دیا ہے۔

    دراصل اس شاہراہ پر پولیس نے ایک 29 سالہ شخص کو گاڑی سے اترنے کے لیے کہا تھا لیکن اس شخص نے گاڑی سے اترتے ہی گولیاں چلا دیں، جواباً پولیس نے بھی فائرنگ کی۔

    چند لمحے کی فائرنگ کے بعد پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا، خوش قسمتی سے کوئی شخص واقعے میں زخمی نہیں ہوا البتہ وہاں سے گزرتا ایک راہگیر اس طرح گولی کا نشانہ بنا کہ گولی اس کی جیب میں موجود کسی شے میں اٹک گئی اور جسم تک نہ پہنچ سکی۔

    مذکورہ شخص زخمی ہونے سے محفوظ رہا البتہ اسے چیک اپ کے لیے اسپتال روانہ کردیا گیا۔

    پولیس نے واقعے کی وجہ بننے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے اور اس پر اقدام قتل سمیت متعدد دفعات عائد کی جاسکتی ہیں۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران اکثر اوقات رپورٹرز اور نیوز اینکرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آجاتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک رپورٹر اپنے موبائل فون سے محروم ہوگیا۔

    یہ واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر ڈیاگو ڈمکرو براہ راست جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

    ٹی وی پر براہ راست جانے سے چند سیکنڈز قبل رپورٹر اپنا فیس ماسک اور مائیک ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس کے ہاتھ پر جھپٹا مار کر موبائل فون چھینا اور رفو چکر ہوگیا۔

    رپورٹر مائیک سمیت اس شخص کے پیچھے دوڑ پڑتا ہے، اس کے ساتھ سڑک پر موجود اور بھی کئی راہ گیر چور کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے چور کو جا لیا اور رپورٹر کو اس کا موبائل واپس مل گیا۔ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

  • خاتون رپورٹر سے بدتمیزی کرنے والا ملزم گرفتار

    خاتون رپورٹر سے بدتمیزی کرنے والا ملزم گرفتار

    تبلیسی: جارجیا میں براہ راست ٹی وی نشریات کے دوران رپورٹر کے ساتھ غیر اخلاقی حرکت کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھامس کلاوے نامی شخص کو سرعام خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزم نے امریکی ٹی وی کی خاتون رپورٹر کو براہ راست نشریات کے دوران نامناسب طریقے سے چھوا تھا۔

    رپورٹر بوزارجین اپنی پیشہ وارانہ امور کی انجام دہی کے سلسلے میں ایک میراتھن کی کوریج کررہی تھیں اور وہ براہ راست ٹی وی پر ناظرین کو صورتحال سے آگاہ کرنے میں مصروف تھیں کہ اس دوران واک میں حصہ لینے والے شخص نے انہیں چھو لیا۔

    اچانک ہونے والی اس غیر معمولی حرکت پر رپورٹر چونک گئی اور وہ ایک لمحے کے لیے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر سکتے میں آگئیں، بعدازاں رپورٹر نے واقعے کی فوٹیج کے ساتھ سوشل میڈیا پر اپنے سے پیش آنے والے واقعے کی تفصیل لکھی اور شہری کی جانب سے نامناسب رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین اپنے اپنے انداز میں اس پر ردعمل دینے لگے جب کہ ٹی وی نے بھی اپنی رپورٹر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو سنجیدگی سے لیا اور باقاعدہ شکایت درج کرائی جس پر پولیس نے ملزم کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا۔

    تھامس کلاوے نے مذکورہ ٹی وی سے بات چیت میں اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے وضاحت پیش کی اور نامناسب حرکت پر آن ایئر معافی بھی مانگی۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کی جمائیاں

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کی جمائیاں

    امریکی ریاست کنساس میں ایک مقامی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر کی براہ راست نشریات کے دوران جمائیوں نے سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ ٹی وی چینل موسم کی خبریں نشر کر رہا تھا اور اسٹوڈیو میں موجود اینکر موسم کا احوال سنا رہا تھا۔

    لیکن اسی دوران خبروں کی نشریات کی ذمہ دار پروڈکشن ٹیم نے غلطی سے اس رپورٹر کو آن ایئر لے لیا جو باہر سے موسم کی صورتحال بتانے کے لیے منتظر کھڑی تھی۔

    یہ کوئی بڑی غلطی نہیں تھی اور ایسی غلطیاں عموماً پیش آتی رہتی ہیں، لیکن صورتحال اس وقت نہایت دلچسپ ہوگئی جب عین اسی موقع پر خاتون رپورٹر نے جمائی لی جو ٹی وی پر براہ راست نشر ہوگئی۔

    اسٹوڈیو میں موجود اینکر نے ہنستے ہوئے بات کو سنبھالنے کی کوشش کی کہ غالباً ہماری رپورٹر بہت تھکی ہوئی ہیں اسی لیے وہ جمائیاں لے رہی ہیں۔

    بعد ازاں اس رپورٹر نے اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اس ویڈیو کو خود ہی پوسٹ کیا جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس غلطی نے انہیں بہت لطف اندوز کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کو گھونسا پڑ گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر کو گھونسا پڑ گیا

    ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک رپورٹر کو ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران ایک شخص نے گھونسا دے مارا جسے لاکھوں لوگوں نے ٹی وی پر دیکھا۔

    روس میں سالانہ ایئربورن ٹروپس ڈے کے موقع پر ایک ٹی وی چینل کا رپورٹر ایک پارک سے براہ راست رپورٹنگ کر رہا تھا جہاں کئی سابق پیراٹروپرز اپنی فرصت کے لمحات گزار رہے تھے۔

    اسی دوران ایک فربہ شخص رپورٹر کے قریب آیا۔ رپورٹر نے اس شخص کو دور رہنے کا کہا تاکہ وہ کیمرے کے فریم سے باہر نکل جائے۔

    لیکن اس شخص نے رپورٹر کی بات ماننے کے بجائے اس کے منہ پر گھونسا دے مارا جو ٹی وی پر بھی براہ راست نشر ہوگیا۔

    روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ پولیس نے تھوڑی دیر بعد ہی حملہ آور کو گرفتار کرلیا جو نشے میں تھا اور اپنے حواسوں میں نہیں تھا۔

    گھونسے کی ویڈیو نشر ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر لوگوں نے ان پیراٹروپرز کو مورد الزام ٹھہرایا جو سر عام شراب پی کر وہاں سے گزرنے والے افراد کو ہراساں کر رہے تھے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبد الرزاق سپرد خاک

    ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبد الرزاق سپرد خاک

    پتوکی: ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اے آر وائی نیوز چونیاں کے نمائندے عبد الرزاق کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ اہل خانہ، محلے دار اور صحافی برادری غم کی تصویر بنے رہے۔

    اے آر وائی نیوز کے شہید نمائندے عبد الرزاق کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ نماز جنازہ میں اے آر وائی نیوز کے نمائندگان، صحافی برادری، پولیس، وکلا تنظیموں کے نمائندوں سمیت سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    مزید پڑھیں: ڈکیتی میں مزاحمت پر اے آر وائی نیوز کے نمائندے عبدالرزاق جاں بحق

    عبدالرزاق کی شہادت پر مقامی صحافیوں نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔

    اے آر وائی فیملی بھی غم کی اس گھڑی میں شہید عبد الرزاق کے اہلخانہ کے ساتھ ہے۔

    یاد رہے کہ اے آر وائی نیوز چونیاں کے نمائندے عبد الرزاق گزشتہ روز پتوکی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ ان کے ساتھ موجود پتوکی کے نمائندے مقدر حسین شدید زخمی ہوئے تھے۔

    عبدالرزاق کی شہادت پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ نے گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں صحافیوں کی جان محفوظ نہیں تو عام آدمی کے لیے صورتحال کتنی خراب ہوگی۔

    پی ایف یو جے نے بھی آج یوم سوگ اور علاقے میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔