Tag: رپورٹ طلب

  • وزیراعظم عمران خان نے روہڑی ‌ٹرین حادثے کی رپورٹ طلب کر لی

    وزیراعظم عمران خان نے روہڑی ‌ٹرین حادثے کی رپورٹ طلب کر لی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے روہڑی حادثےکی رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کوبہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نےروہڑی حادثےکی رپورٹ طلب کر لی، انھوں نے افسوسناک حادثےمیں قیمتی جانوں کےضیاع پردکھ اورغم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے حادثے کے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : روہڑی ٹرین حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور کے خلاف درج

    واضح رہے گذشتہ رات کراچی سے پنجاب جانے والی پاکستان ایکسپریس جو روہڑی ریلوے اسٹیشن سے تقریباً تین کلومیٹر پہلے اچھیوں قبیوں کے مقام پر پہنچی تو ریلوے لائن پر قائم بغیر پھاٹک والے کے ریلوے کراسنگ پر سے پنجاب جانے والی مسافر کوچ کراس کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آگئی تھی۔

    حادثے کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 27 افراد زخمی ہوئے تھے ، جن میں سے 21 سکھر سول اسپتال میں زیر علاج ہیں اور 6 زخمیوں کو تشویش ناک حال میں سی ایم ایچ پنو عاقل منتقل کیا گیا جبکہ حادثے میں مسافر ٹرین کے انجن کو نقصان پہنچنے کے علاوہ اسسٹنٹ ڈرائیور زخمی ہوا تھا۔

    بعد ازاں روہڑی ٹرین حادثے کا مقدمہ بس ڈرائیور کے خلاف درج کرلیا گیا تھا  ، جس میں کہا گیا تھا بس ڈرائیورنے لا پرواہی کے نتیجے میں ہولناک حادثہ پیش آیا۔

  • وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران کا نوٹس لے لیا، 3 دن میں رپورٹ طلب

    وزیر اعظم عمران خان نے گیس کے بحران کا نوٹس لے لیا، 3 دن میں رپورٹ طلب

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں گیس کے  بحران کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا،72گھنٹے میں رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں گیس بحران سے متعلق اجلاس ہوا، وزیر پٹرولیم کی جانب سے گیس کےحالیہ بحران پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ گیس بحران کی ذمہ داری ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی پرعائد ہوتی ہے، وزیراعظم نے کمپریسرز سے متعلق معلومات پوشیدہ رکھنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس این جی پی ایل، ایس ایس جی سی میں نااہلی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

    وزیراعظم نے وزیرپٹرولیم کو دونوں اداروں کے مینجنگ ڈائریکٹرزکے خلاف فوری انکوائری کر کے72گھنٹےمیں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

    اس کے علاوہ وزیر اعظم نے صارفین کی سہولت کے لئے گیس کی طلب اور رسد کیلئےمنصوبہ بندی مربوط بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مربوط منصوبہ بندی کریں تاکہ عوام کو آئندہ ایسی صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

    گیس بحران کی تحقیقات، وزیراعظم نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے گیس بحران کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، مذکورہ کمیٹی سوئی ناردرن اور سوئی سدرن کے ایم ڈیز کے خلاف تحقیقات کرے گی۔

    چیئر پرسن اوگرا عظمیٰ عادل تحقیقاتی کمیٹی کی چیئر پرسن مقرر کی گئی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر پٹرولیم ڈویژن نے تحقیقاتی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    قاضی سلیم صدیقی، شاہد یوسف اور عمران احمد کمیٹی ممبران ہوں گے، کمیٹی 72گھنٹے میں اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی، کمیٹی کو تحقیقات کے دوران ماہرین کو بلانے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں گیس کا بحران مصنوعی نکلا

    واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ تین روز سے جاری گیس کا بحران مبینہ طور پر مصنوعی نکلا، سندھ کی گیس پنجاب کو فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پی پی ایل کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ گمبٹ گیس فیلڈ میں کوئی خرابی نہیں ہے بلکہ گیس بحران کی اصل وجہ آر ایل این جی ٹرمینل میں خرابی ہے۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ٹرمینل ایف ایس آریومیں کام جاری ہےجس سےگیس فراہمی رکی اور ایس ایس جی سی گیس پنجاب کو فراہم کررہی ہے۔ گیس دوسرےصوبےکوفراہم کرنےکی وجہ سےکراچی میں مصنوعی بحران پیدا ہوا ہے ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ گمبٹ اور کنر پساکھی فیلڈ سو فیصد پیداوار کررہی ہیں۔

  • چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں

    چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں طلب کرلیں

    لاہور : چیف جسٹس نے لاہور کے پٹوارخانوں کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی، ان کا کہنا ہے کہ بتایا جائے اب پٹواری کس طرح زمینوں کی منتقلی کرسکتے ہیں؟

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے پٹوارخانوں سے متعلق کیس کی سماعت سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاہور کے پٹوارخانوں میں تعینات پٹواری اب بھی زمینوں کا انتقال کررہے ہیں۔

    بتایا جائے اب وہ کس طرح زمینوں کی منتقلی کرسکتے ہیں اور کس قانون کےتحت کام کررہے ہیں ؟ چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ پٹواری قبرستانوں کی زمینوں کی بھی منتقلی کررہے ہیں، معصوم لوگوں کے ساتھ فراڈ کیا جاتا ہے۔

    لینڈ ریونیو اتھارٹی کی بجائے پٹواری کیوں اور کیسے زمینوں کی منتقلی کررہے ہیں، اگر قانونی جواز پیش نہ کرسکے تو پٹواریوں کو نکال دوں گا۔

    چیف جسٹس نے پنجاب حکومت اورسینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے جواب طلب کرتے ہوئےلاہور بھر میں لگے پٹواریوں کی تفصیلات ایک ہفتے میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • چیف جسٹس  نے 3ہفتوں میں ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی

    چیف جسٹس نے 3ہفتوں میں ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی

    لاہور : چیف جسٹس ثاقب نثار نے تین ہفتوں میں ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر ہوئی تو چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ذمہ دار ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں جلالپور جٹاں میں ایڈز کے مریضوں میں اضافے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایڈز کے زیادہ تر مریض منشیات کا استعمال کرتے ہیں۔ ایڈز کا مرض، متاثرہ افراد کے ایک دوسرے کو انجکشن لگانے کی وجہ سے بڑھا ہے۔

    چیف جسٹس نے قرار دیا کہ ایڈز کا مسئلہ صرف پنجاب کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ہے۔

    جسٹس ثاقب نثار نے تین ہفتوں میں ملک بھر میں ایڈز کے مریضوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر ہوئی تو چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز ذمہ دار ہوں گے۔

    یاد رہے فروری میں   چک عمرانہ میں ہیپاٹائٹس کے لیے لگائے جانے والے فری کیمپ میں ٹیسٹ کے دوران 21 افراد میں ایڈز کے موذی مرض کی تصدیق ہوئی تھی۔

    گزشتہ برس ستمبر میں پنجاب کے علاقے چینوٹ میں ایڈز کے 57 کیسز سامنے آئے تھے، جن میں سے 17 افراد موذی مرض کی وجہ سے ہلاک بھی ہوئے تھے، چینوٹ میں بھی محکمہ صحت کی جانب سے ہیپاٹائٹس کا کیمپ لگایا گیا تھا تو وہاں 70 افراد کے ٹیسٹ میں سے 42 میں ایچ آئی وی کا رزلٹ مثبت آیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پیٹرولیم مصنوعات پرٹیکس، چیف جسٹس نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

    پیٹرولیم مصنوعات پرٹیکس، چیف جسٹس نے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد : پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس کے حوالے سے سپریم کورٹ نے آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی۔ عدالت کا کہنا ہے کہ جب عوام کو ریلیف دینے کی باری آتی ہے تو ٹیکس لگ جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پیٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس کے اطلاق کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سپریم کورٹ نے حکومت سے عائد ٹیکس پر وضاحت طلب کرلی۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی کم قیمت ہوتی ہے تو آپ کم نہیں کرتے، بلکہ سیلز ٹیکس بڑھا دیتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات پر سیلزٹیکس پچیس فیصد تک کردیا گیا، چارٹ بنا کر ہمیں تفصیلات دیں۔

    چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کتنا سیلز ٹیکس وصول کر رہے ہیں؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ گیارہ اعشاریہ چار فیصد سیلز ٹیکس لیا جاتا ہے، پورےخطے میں ہمارے ہاں پیٹرول کی قیمت سب سے کم ہے، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیا بھارت کے ساتھ آئی ٹی کے شعبے میں ہمارا کوئی موازنہ ہے؟ آپ اپنے ٹیکس سے متعلق ہمیں بتائیں۔

    ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر تین طرح کے ٹیکس نافذ ہیں، کسٹم ڈیوٹی، پیٹرولیم لیوی اور سیلزٹیکس لاگو ہے۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا پیٹرولیم مصنوعات کا کیا کوئی مارجن بھی ہے؟ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ آئل کمپنیز، مارکیٹنگ اور پیٹرول پمپ ڈیلرز مارجن ہیں، حکومت خام تیل کی قیمتوں کاتعین نہیں کرتی۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ قیمت 100 ڈالرسے 50 ڈالرپرآجائے حکومت کم نہیں کرتی، چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ میراخیال ہے کہ پٹرولیم پرڈھاکہ ریلیف فنڈزلگا ہے، ہم مصنوعات کی قیمتوں کافرانزک آڈٹ کرائیں گے۔

    مزید پڑھیں : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیرقانونی ٹیکس پر چیف جسٹس کا ازخود نوٹس

    بعد ازاں چیف جسٹس نے قیمتوں کے مکمل آڈٹ کا حکم دیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں جمع کرا نے کی ہدایت کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

    وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ نے شہر قائد کی سڑکوں پر ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا، شوروم کے باہر سڑکوں پر کار پارکنگ کے خاتمے اور رپورٹ آئی جی سندھ سے طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے بالآخر ٹریفک جام سے پریشان مظلوم شہریوں کی پکار سن ہی لی، کراچی میں شو روم  مالکان کی ہٹ دھرمی کا وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا اور آئی جی سندھ کوشاہراہوں سے گاڑیاں ہٹانے اوررپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کر دی ہے۔

     مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ کو نیو ایم اے جناح روڈ، خالد بن ولید روڈ اور شاہراہ قائدین سمیت دیگر مرکزی شاہراہوں پر کھڑی شو روم کی گاڑیاں ہٹانے اوررپورٹ پیش کرنےکی ہدایت کی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے اپنی ہی حکومت کے زیر کنٹرول اداروں سے سخت بازپرس کرتے ہوئے کہا ہے کہ واضح ہدایت کے باوجود انتظامیہ اس معاملے پر چادر تان کر کیوں سو رہی ہے؟

    وزیراعلیٰ سندھ نے برہمی کا اظہار کیا کہ شہر میں کار شوروم مالکان اپنی گاڑیاں فٹ پاتھ پر کھڑی کردیتے ہیں، عوام کو فٹ پاتھ پر چلنا نصیب نہیں ہوتا۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے دکانداروں کو وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات اورگاڑیاں خود ہٹالیں ورنہ ان کےخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے غیرقانونی پارکنگ میں ملوث عناصرکے خلاف سخت قانونی اقدامات اٹھائے فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے انتظامیہ کو مکمل معاونت فراہم کرنے کی یقین دھانی بھی کرائی ہے۔


    مزید پڑھیں : کراچی، شوروم مالکان کو فٹ پاتھوں سے گاڑیاں‌ ہٹانے کا حکم


    یاد رہے کہ رواں سال ماہ جنوری میں بھی وزیر اعلیٰ سندھ نے شوروم مالکان کو سڑکوں پر موجود گاڑیاں ہٹانے کا حکم دیا تھا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر سے یہ گاڑیاں ہٹ بھی گئیں تو یہی انتظامیہ رشوت لے کر دوبارہ سے گاڑیاں پارک کرنے کی اجازت دے گی کیوں کہ یہاں پورا مافیا کام کررہا ہے جو بھتہ کی رقم وصول کرتا ہے۔

    صدر ایمپریس مارکیٹ اس کی واضح مثال ہے جہاں انکروچمنٹ کے خلاف بارہا آپریشن کے باوجود آج بھی پتھارے موجود ہیں۔

  • چیف الیکشن کمشنر کا تین ٹریبونل ججز کی ملازمت میں توسیع کرنے سے انکار

    چیف الیکشن کمشنر کا تین ٹریبونل ججز کی ملازمت میں توسیع کرنے سے انکار

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر نے تین ٹریبونلجز کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے سے انکار کر دیا ہے ۔

    چیف الیکشن کمشنر نے پنجاب کے تین ٹربیونل کے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع سے انکار کردیا،اس سلسلہ میں انہوں نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو مراسلہ بھجوا دیا ہے ۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ٹربیونلز میں مزید توسیع نہیں چاہتا، زیر سماعت مقدمات ہائیکورٹ بھجوا دئے جائیں ۔

    اکتیس اگست کو ریٹائر ہونے والے ججوں میں جسٹس کاظم علی ملک، جسٹس جاوید رشید محبوبی اور جسٹس زاہدمحمود شمل ہیں ۔

  • میاں افتخارکی گرفتاری پر وزیراعظم اوروزیرداخلہ کااظہارتشویش

    میاں افتخارکی گرفتاری پر وزیراعظم اوروزیرداخلہ کااظہارتشویش

    اسلام آباد : وزیراعظم نوازشریف اوروزیرداخلہ چوہدری نثار نے اے این پی کے رہنما میاں افتخارحسین کی گرفتاری پراظہارتشویش کردیا۔ پولیس اورخفیہ اداروں سےرپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نےکہا کہ سیاسی شخصیات سےقانون کےدائرےمیں رہتےہوئےاحترام سےپیش آیا جائے،انہوں نے میاں افتخار کی گرفتاری پر آئی جی پولیس،آئی بی اورخفیہ اداروں سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔

    دوسری جانب وزیرداخلہ چوہدری نثار احمد خان نے بھی وفاقی سیکٹریری داخلہ کو خیبرپختونخوا کےآئی جی سے رپورٹ لینے کی ہدایت کی ہے،چوہدری نثارنےامیدظاہرکی کہ تفتیش میرٹ پر کی جائےگی۔

    واضح رہے کہ اے این پی کے جنرل سیکریٹری اورسابق صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخارکومحافظ سمیت پی ٹی آئی کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتارکرلیا گیا ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے بعد پولیس نے مزید کارروائی کے لئے میاں افتخار کو پولیس اہلکاروں کی تحویل میں نوشہرہ کی کچہری میں پیش کیا جہاں ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

    مقدمہ تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے شیر خان نامی شخص نے درج کرایا ہے۔

  • میرا کا این اے 246 میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ

    میرا کا این اے 246 میں پی ٹی آئی کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ

    کراچی: متنازعہ اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ وہ این اے 246 میں پی ٹی آئی کے اُمیدوار کو سپورٹ کریںگی۔

    پی ٹی آئی کے اُمیدوار عمران اسماعیل اپنی الیکشن مہم میں جہاں مصروف دیکھائی دے رہے ہیں وہیں پی ٹی آئی کے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی اہلیہ ریحام خان کے الیکشن مہم میں پُرجوش دیکھائی دیئے ۔

    مزید اب لالی ووڈ کی اداکارہ میرا نے نا صرف عمران اسماعیل کو سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا بلکہ ان کی الیکشن مہم میں بھی ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خوبرو اداکارہ میرا نے ریحام خان کے جذبے کو سراتے ہوئے خود بھی تحریک انصاف کی حمایت میں نکلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اور اس حوالے سے پہلے مرحلے میں وہ کراچی میں عمران خان کے امیدوار قومی اسمبلی کے لئے خواتین سے گھر گھر جا کر ووٹ مانگیں گی۔

    واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے الیکشن عام انتخابات 2013 میں پی ٹی آئی کے مخالف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم اب انہوں نے پی ٹی آئی سپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • این اے 246 : الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں کی رپورٹ طلب کر لی

    این اے 246 : الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں کی رپورٹ طلب کر لی

    کراچی : این اے 246 میں انتخابی سرگرمیاں عروج پرہیں، الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا، پولنگ اسٹیشنوں کی رپورٹ طلب کر لی ۔

     تفصیلات کے مطابق نارمل ،حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں کی نشاندہی کی ہدایت کی ہے۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق این اے 246میں 213پولنگ اسٹیشن ہیں۔

    حلقے کے تمام پولنگ اسٹیشن حساس قرار دیئے جا سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطا بق الیکشن کمیشن کے صوبائی حکام سے برابر رابطے ہیں۔

    الیکشن کمیشن سندھ جلد تمام پولنگ اسٹیشنوں کے بارے میں رپورٹ دے گا۔ ضمنی انتخابات کے لئے بیلٹ پیپرز کی ترسیل کے لئے حکمت عملی طے کر لی ہے ۔

    بیلٹ پیپرز کی ترسیل فوج کی نگرانی میں ہو گی۔ کراچی ضمنی انتخابات کیلئے تین ستانوے ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ کراچی سینٹرل میں این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب کا دنگل تیئس اپریل کو ہوگا۔

    ایم کیوایم ، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں کارکنوں کے آمنے سامنے آنےکے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

    تمام تر صورتحال پر الیکشن کمیشن حرکت میں آ گیا ہے۔ این اے دو سو چھیالیس کے تمام پندرہ امیدواروں کو ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی ہدایت کی گئی ہے۔

    این اے246کے لئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی بھی سخت حفاظتی انتظامات میں کرائی گئی ہے۔ ایسا کاغذ اور رنگ استعمال کیا گیا ہے جو عام مارکیٹ میں دستیاب نہیں۔ الیکشن کمیشن نے نینشل بینک اور ایف بی آر سے پولنگ کا عملہ مانگ لیا ہے۔