Tag: رپورٹ

  • بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    بارشوں سے 23 افراد جاں بحق، 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں: این ڈی ایم اے

    اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں کے باعث 23 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 26 سو مکانات اور دکانیں زمین بوس ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 68 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کے باعث سب سے زیادہ نقصان فاٹا میں ہوا، فاٹا میں 9 افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوئے۔ بلوچستان میں 6 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق بارشوں سے پختونخواہ میں 3 اور آزاد کشمیر میں 5 افراد جان سے گئے۔ جاں بحق افراد کا تعلق کوٹلی، ٹانک اور چارسدہ سے ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ مختلف علاقوں میں 26 سو سے زائد مکانات اور دکانیں گریں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہیوی مشینری کام میں مصروف ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین تک ٹینٹ، کمبل اور کھانے پینے کے 10 ہزار پیکٹ پہنچا دیے گئے ہیں جبکہ مزید امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ چند دونوں میں موسم سرما کی آخری بارشوں نے خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں تباہی مچا دی ہے، تباہ کن بارشوں سے مکران، مند، تمپ اور کیچ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

    بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریلیف اور ریسکیو آپریشن جاری ہے، مکران ڈویژن میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ہیلی کاپٹروں میں محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

    مکران اور لسبیلہ میں ریلیف کیمپ بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ لسبیلہ اور قلعہ عبداللہ میں 1500 خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

  • ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    ٹرمپ انتظامیہ سعودیہ میں ایٹمی پلانٹ تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، رپورٹ

    واشنگٹن : امریکی کانگریس نے ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب میں جوہری ری ایکٹر تعمیر کرنے کی تیاری کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا شمار امریکا کے خاص اتحادیوں میں ہوتا ہے جو مشرق وسطیٰ میں امریکی ہتھیاروں کا بڑا خریدار بھی ہے اور دونوں اتحادی ممالک کا مشرق وسطیٰ میں مشترکا دشمن ایران ہے۔

    برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی کانگریس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا سعودی عرب میں حساس جوہری توانائی منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایٹمی ری ایکٹر کی سعودی عرب منتقلی کا معاملہ ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی چل رہا ہے.

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹ کے ایک پینل نے جوہری توانائی سعودی عرب منتقل کرنے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے سعودی عرب میں ایٹمی ری ایکٹر تعمیر کیا تو خطے عدم استحکام کا شکار ہوجائے گا اور مشرق وسطیٰ میں ایٹمی ہتھیاروں کی طلب میں اضافہ ہوجائے گا۔

    امریکی ایوان نمایندگان کا کہنا ہے کہ ’مذکورہ معاملے کی تحقیقات بہت ضروری ہے کیونکہ ظاہری طور پر امریکا ایٹمی ٹیکنالوجی سعودیہ لے جارہا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک ہفتے قبل وائٹ ہاؤس میں ایٹمی سائنس دانوں سے ملاقات کی تھی جس میں سعودی عرب میں جوہری توانائی منتقل کرنے کے حوالے گفتگو کی گئی تھی۔

    دوسری جانب سعودی عرب کا کہنا ہے کہ اپنی بقاء کی خاطر ایٹمی ہتھیاروں کی بے حد ضرورت ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر سعودیہ کو جوہری توانائی فراہم کی تو خطے میں ایٹمی ہتھیاروں کی جنگ شروع ہوجائے گی۔

  • سانحہ ساہیوال:عدالت نے جےآئی ٹی سربراہ کورپورٹ سمیت طلب کرلیا

    سانحہ ساہیوال:عدالت نے جےآئی ٹی سربراہ کورپورٹ سمیت طلب کرلیا

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواستوں پرسماعت 4 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران آئی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی نے بتایا کہ تمام اصل ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ فرائض میں غفلت برتنے والے پولیس افسران کوٹرانسفرکردیا گیا۔

    آئی جی پنجاب پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جےآئی ٹی معاملےکی تحقیقات کررہی ہے، تفتیش مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کردیں گے۔ لاہور ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جے آئی ٹی تمام فریقین کو سن کرفیصلہ کرے۔

    بعدازاں عدالت نے جےآئی ٹی سربراہ کو رپورٹ سمیت طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل لاہور ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال پرجوڈیشل انکوائری کی درخواست پرسماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی کو طلب کیا تھا۔

    ساہیوال: مبینہ جعلی مقابلے میں دوخواتین سمیت 4 افراد ہلاک، بچہ زخمی

    یاد رہے کہ 19 جنوری 2018 کو جی ٹی روڈ پر ساہیوال کے قریب سی ٹی ڈی کے مبینہ جعلی مقابلے میں ایک بچی اور خاتون سمیت 4 افراد مارے گئے تھے۔

    عینی شاہدین کے مطابق کار سواروں نے نہ گولیاں چلائیں، نہ مزاحمت کی، گاڑی سے اسلحہ نہیں بلکہ کپڑوں کے بیگ ملے۔

  • پاکپتن درباراراضی کیس: جےآئی ٹی نے نوازشریف کوذمہ دارقراردے دیا

    پاکپتن درباراراضی کیس: جےآئی ٹی نے نوازشریف کوذمہ دارقراردے دیا

    اسلام آباد : پاکپتن درباراراضی الاٹمنٹ کیس میں جے آئی ٹی نے زمین منتقل کرنے کے احکامات میں سابق وزیراعظم نوازشریف کوذمہ دارقراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں پاکپتن درباراراضی الاٹمنٹ کیس سے متعلق سماعت ہوئی۔

    عدالت عظمیٰ میں جےآئی ٹی نے زمین منتقل کرنے کے احکامات میں نوازشریف کو ذمہ دارقرار دیا، سپریم کورٹ نے جےآئی ٹی رپورٹ پرنوازشریف اور پنجاب حکومت سے 2 ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

    چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ زمین الاٹمنٹ کس نے کی تھی؟ جس پرجے آئی ٹی سربراہ نے جواب دیا کہ زمین الاٹمنٹ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نوازشریف نے کی تھی۔

    جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دربارکی زمین نوازشریف نےغیرقانونی طورپرمنتقل کی، وکیل منور دوگل نے کہا کہ نوازشریف نے جواب دیا تھا انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

    نوازشریف کے خلاف پاکپتن درباراراضی کیس: جےآئی ٹی کےسربراہ تبدیل

    چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ایسا نہ ہوہم اینٹی کرپشن کو پرچہ درج کرنے کے لیے کہہ دیں، آپ شاہ سے زیادہ شاہ کا کردارادا کررہے ہیں۔

    جےآئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ حجرہ شاہ مقیم اوردربارحافظ جمال کی زمین بھی دی گئی، چیف جسٹس نے کہا کہ درباروں کی زمین 1986میں الاٹ کی گئی۔

    چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ تفتیش اورانکوائری ہوئی توکوئی بچ نہیں پائے گا، کیوں یہ زمین غیرقانونی طورپرالاٹ کی گئی، چوروں نے زمین لے کرآگے بیچ دی۔

    جےآئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ یہ ساری زمینیں ایک ہی دورمیں نوازشریف نے دیں، پہلی تفتیشی رپورٹ 2015 میں دی گئی جس میں نوازشریف کو ذمہ دارقراردیا گیا، بعدازاں 2016 میں دوسری رپورٹ بنا کرنوازشریف کا نام نکال دیا گیا۔

    چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ اب وہ دورنہیں رہا، تیسری رپورٹ نہیں بنے گی۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان نے نوازشریف اور پنجاب حکومت سے جے آئی ٹی رپورٹ پر 2 ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

  • سال 2018: رینجرز آپریشنز میں 2 ہزار سے زائد دہشت گرد گرفتار

    سال 2018: رینجرز آپریشنز میں 2 ہزار سے زائد دہشت گرد گرفتار

    کراچی: سندھ رینجرز نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق 4 ہزار 258 آپریشنز میں 2 ہزار 245 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پولیس کو حوالے کیا گیا جبکہ رینجرز کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قیام امن کے لیے سندھ میں رینجرز کی سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رینجرز نے سال 2018 میں 4 ہزار 258 آپریشن کیے۔ 2 ہزار 245 دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو پولیس کو حوالے کیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران 960 مختلف قسم کے ہتھیار برآمد کیے گئے، 10 لاکھ 4 ہزار 963 مختلف اقسام کے ہتھیاروں کی گولیاں برآمد ہوئیں۔

    مختلف آپریشن کے دوران 53 آر پی جی سیون راکٹ لانچر، 139 ہیوی اور لائٹ مشین گنز، 1431 کلاشنکوف اور سب مشین گن، 62 شاٹ گن، 977 ریپیٹر، 1584 رائفل اور 8371 پستول برآمد ہوئے۔

    ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 2107 کریکر اور دستی بم، 58 دھماکہ خیز ڈیوائسز، 918 کلو بارودی مواد، دھماکوں میں استعمال ہونے والے 501 آلات، 16 خودکش جیکٹ، 114 آوان بم، 46 آر پی جی سیون راکٹس اور 10 ٹرپ فلیئرز برآمد کیے گئے۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق مختلف آپریشنز میں 209 دہشت گردوں اور 240 ٹارگٹ کلرز، 228 بھتہ خوروں اور اغوا کے 61 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ رینجرز کی خصوصی ٹیموں نے 12 مغویوں کو بازیاب کروایا۔

    ترجمان کے مطابق 2018 میں رینجرز کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، دہشت گردوں سے مقابلوں میں رینجرز کے 9 جوان زخمی ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 5 سال کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی، 2018 میں دہشت گردی کے 2 واقعات رونما ہوئے۔ ٹارگٹ کلنگ کے 9، بھتہ خوری کے 51 اور اغوا کے 13 واقعات ہوئے۔

  • خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی

    پشاور: خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ میں بتایا کہ صوبے بھر میں آپریشنز کے دوران کیے جانے والے جرمانوں کی مد میں 8 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ فود سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے سال 2018 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

    کارکردگی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں مختلف آپریشنز کے دوران جعلسازوں اور ملاوٹ کا گھنونا کاروبار کرنے والوں پر کیے جانے والے جرمانوں کی مد میں 8 کروڑ روپے وصول کیے گئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہزاروں لیٹر مضر صحت دودھ ضائع کیا گیا، مردان میں کارروائی کرکے 2 لاکھ گندے انڈے تلف کیے گئے۔

    خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی کے مطابق 7لاکھ کلو سے زائد غیر معیاری خوراک کوتلف کیا گیا، ہوٹلز، ریسٹورنٹ اوربیکریزکی وقتا ًفوقتاً چیکنگ کی گئی جبکہ فوڈ لائسنس کےعوض 54 ملین روپے وصول کیے گئے۔

    خیبرپختونخواہ فود سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عوام کومعیاری اور صاف خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

    پشاور میں فوڈ اتھارتی کی کارروائی ‘ 10 ہزار کلو گرام غیرمعیاری مصالحہ جات تلف

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ خیبرپختونخواہ فوڈ اتھارٹی نے پشاور میں کارروائی کرتے ہوئے دس ہزار کلو گرام غیرمعیاری مصالحہ جات کو تلف کیا تھا۔

  • پائلٹس جعلی ڈگری کیس:عدالت کا ڈگریوں کی تصدیق کاعمل مکمل کرکے رپورٹ آج جمع کرانے کا حکم

    پائلٹس جعلی ڈگری کیس:عدالت کا ڈگریوں کی تصدیق کاعمل مکمل کرکے رپورٹ آج جمع کرانے کا حکم

    لاہور: سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں پی آئی اے اوردیگرایئرلائنزمیں پائلٹس کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجازالحسن نے ریمارکس دیے کہ میٹرک سے کم توبس نہیں چلا سکتا یہاں جہازاڑائے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں بینچ نے پی آئی اے اوردیگرایئرلائنزمیں پائلٹس کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے دوران سول ایوی ایشن کی جانب سےعبوری رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ7پائلٹس کی ڈگریاں جعلی پائی گئیں، 5 میٹرک انڈرمیٹرک ہیں۔

    سی اے اے نےعدالت کو بتایا کہ پائلٹس، کیبن کریو کی 4321 ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا گیا، 438 ڈگریوں کی تصدیق کاعمل جاری ہے۔

    پائلٹس جعلی ڈگری کیس: چیف جسٹس کا 28 دسمبرتک تمام افراد کی اسناد کی تصدیق کا حکم

    نمائندہ پی آئی اے نے بتایا کہ ریکارڈ فراہم نہ کرنے والے 50 افسروں کومعطل کردیا، جسٹس اعجازالحسن نے ریمارکس دیے کہ میٹرک سے کم توبس نہیں چلا سکتا یہاں جہازاڑائے جا رہے ہیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ لوگوں کی زندگیوں کوداؤپرلگا دیا گیا۔

    سپریم کورٹ نے پی آئی اے کوکنٹریکٹ پائلٹس بھرتی کرنے کی اجازت دیتے ہوئے ئلٹس کے لائسنسوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کرلیں۔

    سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے ڈگریوں کی تصدیق کا عمل مکمل کرکے رپورٹ آج جمع کرانے کا حکم بھی دے دیا۔

    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں پائلٹس کی جعلی ڈگری کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ جو واضح اور صاف ڈگریاں فراہم نہ کرے اسے فارغ کر دیں۔

  • رواں سال ترسیلات زر21 ارب ڈالرتک بڑھ جانے کی امید ہے، عالمی بینک کی پیشگوئی

    رواں سال ترسیلات زر21 ارب ڈالرتک بڑھ جانے کی امید ہے، عالمی بینک کی پیشگوئی

    نیویارک : عالمی بینک نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال ترسیلات زر کا حجم بیس ارب نوے کروڑ ڈالر تک جاپہنچے گا اور اضافے کی شرح چھ اعشاریہ نو فیصد رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی بینک نے ترسیلارت زر سے متعلق رپورٹ جاری کردی ، جس میں پیش گوئی کی ہے رواں سال ترسیلات زر اکیس ارب ڈالرتک بڑھ جانے کی امید ہے.

    ورلڈ بینک کی ترسیلارت زر سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئندہ چند برسوں تک یہ شرح برقرار رہنے کا امکان ہے، رواں سال ترسیلات زر میں چھ اعشاریہ نو فیصد کا اضافہ متوقع ہے۔

    رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر ترسیلات زر میں ساڑھے تیرہ فیصد کا اضافہ متوقع ہے، ترسیلات زر کا حجم پانچ سو اٹھائس ارب ڈالر تک ہوجانے کا امکان ہے۔ سب سے زیادہ ترسیلات زر امریکہ اور خلیجی ممالک سے ملیں گی۔

    دوسری جانب ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اکتالیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں :  اکتوبر میں ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی: اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ

    یاد رہے گذشتہ ماہ اکنامسٹ انٹیلی جنس یونٹ کا کہنا تھا کہ اکتوبر میں پاکستان کی ترسیلات زر 2 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ دوست ممالک سے ملنے والے قرض سے ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوجائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق گلف ممالک سے ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، سعودی عرب سے ترسیلات زر میں 7.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری کھاتوں کے خسارے میں ترسیلات زر سے کمی متوقع نہیں، جاری کھاتے کا خسارہ 18 ارب 30 کروڑ ڈالر رہنے کا امکان ہے۔ مالیاتی خسارہ 5.8 فیصد تک ہو جائے گا۔

  • وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر شامل کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ہدایت پر وزارت خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ میں وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ کے بیرون ملک دوروں اور حاصل شدہ کامیابیوں کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ میں پاکستان کا دورہ کرنے والی اہم شخصیات اور وفود کی تفصیلات بھی شامل کی گئی ہیں۔ 11 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں علاقائی اور عالمی معاملات پر ترجیحات درج ہیں۔

    وزرات خارجہ کی رپورٹ میں وزیر خارجہ کے صیربنی یاس فورم، یورپی یونین، جرمنی، جاپان، کوریا اور لیتھونیا کے اعلیٰ سطح کے وفود کے ساتھ مذاکرات کا تذکرہ بھی شامل کیا گیا ہے۔

    وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب اور شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)، آسم سمٹ اور ڈی ایٹ کونسل میں پاکستان کی شرکت کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔

    رپورٹ میں سعودی عرب کی طرف سے ملی معاشی مدد، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات سے معاہدے، کرتار پور راہداری اور دیگر اہم کامیابیوں کا ذکر بھی شامل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے 100 روز مکمل ہوچکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان 100 روزہ حکومتی کارکردگی اور حاصل کیے گئے اہداف کے بارے میں قوم کو آگاہ کریں گے۔

  • اعظم سواتی کیس: جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی

    اعظم سواتی کیس: جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرادی

    اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں جے آئی ٹی نے اعظم سواتی کے معاملے پر رپورٹ جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں سماعت کے دوران جے آئی ٹی کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی جس میں کہا گیا کہ غریب خاندان پرجو الزامات عائد کیے گئے ان میں صداقت نہیں۔

    سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق اثرو رسوخ استعمال کرکے فیملی کے خلاف ایف آئی آردرج کرائی گئی، غریب خاندان پرزمین پرقبضے کی کوشش کے الزامات درست نہیں۔

    جے آئی ٹی رپورٹ میں واقعے کا ذمہ دار اعظم سواتی کو قراردیا گیا، چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اس رپورٹ کا جواب 4 بجےعدالت میں جمع کرائیں۔

    وکیل صفائی نے عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ اعظم سواتی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کانفرنس میں ویانا گئے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ یکطرفہ رپورٹ ہے، اعظم سواتی 3 دسمبرکوواپس آئیں گے مہلت دی جائے۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ اعظم سواتی پر62 ون ایف کے تحت چارج شیٹ کرتے ہیں دفاع پیش کریں۔

    بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان نے آئی جی اسلام آباد ازخود نوٹس کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی۔

    اعظم سواتی کیس: جے آئی ٹی کو 14 دن میں تحقیقات مکمل کرنے کا حکم


    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 نومبر کو اعظم سواتی کے غریب خاندان سے جھگڑے کے معاملے پر سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو تحقیقات کے لیے دس ٹی او آرز دیتے ہوئے دو ہفتے میں رپورٹ طلب کی تھی۔