Tag: رپورٹ

  • تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    تجارت اور پیداوار بڑھائے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی: ورلڈ بینک

    اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیداواری صلاحیت میں اصلاحات اور لیبر فورس میں خواتین کی شمولیت کے بغیر پاکستانی معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک نے پاکستانی معیشت پر رپورٹ جاری کردی، ورلڈ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت پیداواری صلاحیت میں اصلاحات کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، پاکستان کی معیشت نازک مرحلے پر ہے۔

    عالمی بینک نے اپنی رپورٹ میں مالی وسائل کی تقسیم سے متعلق خرابیاں دور کرنے پر زور دیا ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو سالانہ 6 سے 8 فیصد معاشی ترقی کی ضرورت ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وسائل کے اعتبار سے پیداوار نہ ہونا ملکی ترقی میں رکاوٹ ہے، تمام شعبوں پر ٹیکسوں کو ہم آہنگ کرنے سے معیشت میں بہتری آسکتی ہے۔

    ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کے بجائے مینو فیکچرنگ اور تجارتی شعبے کو بہتر کیا جائے، تجارتی پالیسی سے برآمدی شعبوں میں برآمد مخالف رویوں کو ختم کیا جائے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں 22 فیصد خواتین ملازمت کرتی ہیں اس شرح کو بڑھانا چاہیئے، خواتین کی لیبر فورس میں شمولیت سے ترقی میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔ خواتین کے لیے روزگار کے 73 لاکھ مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

    ورلڈ بینک کے مطابق ملک میں خواتین کو روزگار کی فراہمی سے جی ڈی پی کی شرح 23 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

    عالمی بینک نے پاکستان کا بنیادی مسئلہ نجی حکومتی اخراجات پر انحصار قرار دیا ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جنرل سیلز ٹیکس کو ہم آہنگ کرنا اور بیرونی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا ضروری ہے۔

    رپورٹ کے مطابق گزشتہ 2 دہائیوں میں پاکستان میں فی کس خام قومی پیداوار کی شرح کم رہی، پائیدار ترقی کے لیے دیرینہ عدم توازن کا مسئلہ ہنگامی بنیاد پر حل کرنا ہوگا۔

  • رواں برس ملک میں ڈینگی کے 76 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    رواں برس ملک میں ڈینگی کے 76 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ

    اسلام آباد: رواں برس ملک بھر میں ڈینگی وائرس کے 76 ہزار 210 کیسز رپورٹ ہوئے اور سال بھر میں ڈینگی سے 136 اموات ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق رواں سال ملک بھر میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز اور اموات کی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ قومی ادارہ صحت نے ڈینگی کیسز کی رپورٹ وزارت صحت کو ارسال کر دی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ یکم جنوری سے 5 دسمبر تک ملک میں 76 ہزار 210 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے اور سال بھر میں ڈینگی سے 136 اموات ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال بیشتر ڈینگی کیسز اور اموات صوبہ سندھ سے رپورٹ ہوئیں، رواں سال سندھ میں 22 ہزار 495 ڈینگی کیسز اور 61 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    صوبہ خیبر پختونخواہ میں 22 ہزار 799 ڈینگی کیسز اور 18 اموات، پنجاب میں 18 ہزار 797 کیسز اور 45 اموات اور بلوچستان میں 5 ہزار 283 کیسز اور 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 5 ہزار 392 کیسز اور 11 اموات اور آزاد کشمیر سے 14 سو 44 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

  • ایک روز میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے اضافہ

    ایک روز میں ڈالر کی قیمت میں 6 روپے اضافہ

    کراچی: امریکی ڈالر کی قیمت میں گزشتہ روز 4 روپے اضافے کے بعد آج 6 روپے اضافہ ہوا اور ڈالر 221 روپے پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز 19 جولائی 2022 منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے مہنگا ہو کر 215 روپے پر پہنچ گیا۔

    اس کے بعد بتدریج ڈالر کی قیمت بڑھنا شروع ہوئی، 1 روپے 5 پیسے، 1 روپے 80 پیسے اور پھر 2 روپے 30 پیسے اضافے کے بعد دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں یکمشت 5 روپے 80 پیسے اضافہ ہوگیا اور ڈالر 221 روپے پر پہنچ گیا۔

    اس دوران ڈالر کی قیمت میں 8 روپے اضافہ بھی ہوا۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی مجموعی قیمت 6 روپے 80 پیسے  بڑھی اور ڈالر 221 روپے 99 پیسے پر پہنچ گیا۔

    اوپن مارکیٹ میں ڈالر 225 سے 226 روپے میں فروخت ہورہا ہے، گزشتہ 3 ماہ میں ڈالر 42 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔

    گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 25 پیسے اضافہ ہوا تھا جس کے بعد ڈالر 215 روپے 20 پیسے پر پہنچ گیا تھا۔

    گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ 15 جولائی 2022 کو ڈالر 210 روپے 95 پیسے پر بند ہوا تھا۔

  • عید کے بعد پہلا کاروباری دن: ڈالر کی قیمت آسمان چھونے لگی

    عید کے بعد پہلا کاروباری دن: ڈالر کی قیمت آسمان چھونے لگی

    کراچی: عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے بعد پہلے کاروباری روز ڈالر کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ایک روز میں 2 روپے 19 پیسے اضافہ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ کی تعطیلات ختم ہوتے ہی پہلے کاروباری روز 13 جولائی 2022 بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

    دن کے آغاز پر انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر معمولی سا سستا ہوا، 46 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی ٹریڈنگ 207 روپے پر جاری رہی۔

    اس کے بعد بتدریج ڈالر کی قیمت بڑھنا شروع ہوئی، 4 پیسے، 54 پیسے اور 84 پیسے اضافے کے بعد دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں 1 روپے 50 پیسے اضافہ ہوگیا اور ڈالر 207 روپے سے 209 روپے 41 پیسے پر جا پہنچا۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 روپے 19 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 210 روپے 10 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 211 سے 212 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    عید الاضحیٰ کی تعطیلات سے قبل آخری کاروباری روز یعنی 7 جولائی 2022 جمعرات کو ڈالر 207 روپے 91 پیسے پر بند ہوا تھا۔

  • ڈالر 202 روپے پر پہنچ گیا

    ڈالر 202 روپے پر پہنچ گیا

    کراچی: ملک میں ایک بار پھر امریکی ڈالر کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، گزشتہ روز ڈالر کی قیمت میں 2 روپے اضافے کے بعد آج بھی اتنا ہی اضافہ دیکھنے میں آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوسرے کاروباری روز منگل کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا، دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 2 روپے 25 پیسے مہنگا ہو کر 202 روپے 31 پیسے پر ٹریڈ کرنے لگا۔

    دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت میں مزید 46 پیسے اضافہ ہوا اور ڈالر 202 روپے 77 پیسے پر پہنچ گیا۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 روپے 77 پیسے اضافہ ہوا اور انٹر بینک میں ڈالر 202 روپے 83 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 203 سے 207 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

    گزشتہ روز بھی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے سے زائد اضافہ ہوا تھا۔

    سوموار 06 جون 2022 کو ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 روپے 14 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد انٹر بینک میں ڈالر 200 روپے 6 پیسے پر بند ہوا۔

  • ڈالر کی قیمت ایک بار پھر 200 روپے سے تجاوز کر گئی

    ڈالر کی قیمت ایک بار پھر 200 روپے سے تجاوز کر گئی

    کراچی: ملک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافے کے بعد ڈالر کی قیمت ایک بار پھر 200 روپے سے زائد ہوگئی، امریکی ڈالر 200 روپے 06 پیسے پر بند ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کے پہلے کاروباری روز سوموار کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھنے میں آیا، دن کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر 37 پیسے مہنگا ہو کر 198 روپے 29 پیسے پر ٹریڈنگ کرنے لگا۔

    دن کے وسط تک ڈالر کی قیمت 1 روپے 63 پیسے بڑھ گئی جس کے بعد ڈالر 199 روپے 55 پیسے پر پہنچ گیا۔

    اس کے بعد یکایک ڈالر کی قیمت 2 روپے تک بڑھ گئی۔

    دن کے اختتام تک ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 2 روپے 14 پیسے اضافہ ہوا، انٹر بینک میں ڈالر 200 روپے 6 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 201 سے 205 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔

  • ملک میں غیر معمولی بارشوں کا امکان، متعلقہ حکام کو الرٹ جاری

    ملک میں غیر معمولی بارشوں کا امکان، متعلقہ حکام کو الرٹ جاری

    اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی بارشوں کے دورانیے میں اضافے کا خدشہ ہے جس کے پیش نظر متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ملک میں رواں برس غیر معمولی بارشوں کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے کلائمٹ چینج شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ جنوبی ایشیائی موسمیاتی آؤٹ لک فورم نے رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے۔

    شیری رحمان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ، شمالی اور شمال مشرقی بلوچستان میں زیادہ عرصے تک بارشیں ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ اس دوران سندھ میں کم بارشیں ہوں گی اور تھر پارکر اور عمر کوٹ میں قحط کی صورتحال ہوسکتی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکام معمول سے زائد بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیراختیار کریں، تیز بارشوں سے جانوں اور انفراسٹرکچر کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

  • پختونخواہ: صحت کارڈ سے 1 سال میں 75 لاکھ خاندانوں کا مفت علاج

    پختونخواہ: صحت کارڈ سے 1 سال میں 75 لاکھ خاندانوں کا مفت علاج

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے محکمہ صحت نے صحت کارڈ پلس کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، 14 ہزار کینسر کے مریضوں کی کیمو تھراپی پر 271 ملین روپے خرچ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ صحت نے صحت کارڈ پلس کی سالانہ رپورٹ جاری کردی، ایک سال میں 679 اسپتالوں میں صوبے کے 75 لاکھ سے زائد خاندانوں کا مفت علاج ہوا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صحت کارڈ پلس سے 60 ہزار مفت زچگیوں پر 750 ملین روپے خرچ ہوئے، 90 ہزار سے زائد مریضوں کے ڈائلسز پر 276 ملین خرچ کیے گئے۔

    14 ہزار کینسر مریضوں کی کیمو تھراپی پر 271 ملین روپے اور امراض قلب کے 11 ہزار سے زائد مریضوں کی انجیو پلاسٹی پر 217 ملین روپے خرچ ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 22 ہزار مریضوں کے مفت اپنڈکس آپریشنز پر 294 ملین روپے کے اخراجات ہوئے۔

  • افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے اثرات خطرناک ہوں گے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے۔

    اقوام متحدہ نے افغانستان میں بینکاری اور مالیاتی نظام پر رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان کے مالیاتی اور بینکنگ ادائیگی کا نظام درہم برہم ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ افغان عوام کی جانب سے قرض ادائیگی میں ناکامی سے مالیاتی نظام تباہ ہوا۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغان بینکنگ سسٹم بچانے کے لیے مختصر مدت کے لیے ضروری لیکیوڈٹی یقینی بنائی جائے۔ افغان بینکنگ سسٹم ناکارہ ہو جائے تو کئی دہائیاں ٹھیک ہونے میں لگیں گی۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ افغانستان میں مالیاتی نظام کی تباہی کے معاشی اور سماجی اثرات خطرناک ہوں گے، افغانستان کے بینکوں کو سہارا دینے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

  • خاشقجی قتل پر امریکی رپورٹ، سعودی عرب کا ردعمل آگیا

    خاشقجی قتل پر امریکی رپورٹ، سعودی عرب کا ردعمل آگیا

    ریاض: سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر امریکی کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ پر سعودی عرب نے ردعمل دے دیا، سعودی دفتر خارجہ نے رپورٹ کے مندرجات کو سختی سے مسترد کیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے سعودی شہری اور صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق امریکی کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

    سعودی وزارت خارجہ نے جمعے کو اپنے بیان میں کہا کہ سعودی حکومت اپنے شہری جمال خاشقجی کے قتل کے جرم سے متعلق کانگریس کو پیش کی جانے والی رپورٹ کے مندرجات کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت مبینہ رپورٹ میں سعودی قیادت سے متعلق منفی، غلط اور ناقابل قبول نتائج کو قطعی طور پر مسترد کرتی ہے، یہ نتائج کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہیں، رپورٹ بہت ساری غلط معلومات اور نتائج پر مشتمل ہے۔

    بیان میں دفتر خارجہ نے اس حوالے سے مملکت کے متعلقہ اداروں کے سابقہ بیانات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جمال خاشقجی کا قتل سنگین جرم ہے، یہ سعودی قوانین اور اس کی اقدار کی کھلی خلاف ورزی پر مشتمل ہے، اس جرم کا ارتکاب جس گروہ نے کیا اس نے نہ صرف یہ کہ مملکت کے تمام قوانین کو پس پشت ڈالا بلکہ اس نے متعلقہ اداروں کو حاصل اختیارات کی بھی خلاف ورزیاں کی ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ گروپ کے افراد کے ساتھ پوچھ گچھ کے حوالے سے تمام ضروری عدالتی اقدامات کیے گئے اور انہیں عدالت کے حوالے کیا گیا، سعودی عدالت نے ان کے خلاف حتمی سزاؤں کے فیصلے سنائے جن پر جمال خاشقجی کے اہل خانہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔

    وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ اس جیسی رپورٹ جو غلط اور ناقابل قبول نتائج پر مشتمل ہے ایسے وقت میں جاری کی گئی جب سعودی عرب اس گھناؤنے جرم کی مذمت کر چکا ہے اور اس کی قیادت اس قسم کے افسوسناک واقعات کو روکنے کے لیے ضروری اقدامات کر چکی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا کہ سعودی عرب اپنی قیادت، ریاستی بالا دستی اور عدالتی خود مختاری کو زک پہنچانے والی ہر بات کو مسترد کرتا ہے۔

    وزارت خارجہ کے مطابق سعودی عرب اور امریکا کے درمیان شراکت مضبوط اور مستحکم ہے، دونوں ملکوں کے ریاستی ادارے مختلف شعبوں میں شراکت کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں، خطے اور عالمی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون اور زبردست یکجہتی پیدا کیے ہوئے ہیں۔

    خیال رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کو 2 اکتوبر سنہ 2018 کو ترکی کے شہر استنبول میں واقع قونصلیٹ میں اس وقت قتل کیا گیا تھا جب وہ اپنی طلاق سے متعلق کاغذی کارروائی مکمل کروانے وہاں گئے تھے۔

    انٹرنیشنل نیوز نیٹ ورکس کے رپورٹرز کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق رپورٹ شواہد اور معتبر معلومات سے خالی ہے۔ رپورٹ کے اجرا کے بعد امریکی دفتر خارجہ نے بیان جاری کر کے کہا کہ امریکا سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات برقرار رکھنے کے سلسلے میں پرعزم ہے۔