Tag: رپورٹ

  • اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 100 انڈیکس میں کمی

    اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 100 انڈیکس میں کمی

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج مندی کا رجحان دیکھا گیا، 100 انڈیکس 37 ہزار 839 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہفتے کے دوسرے کاروباری روز یعنی منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ 100 انڈیکس میں 374 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ہفتے کے دوسرے روز انڈیکس میں 38 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد برقرار نہ رہ سکی۔ ایک موقع پر انڈیکس میں 650 پوائنٹس کی کمی ہوئی جس کے بعد انڈیکس 37 ہزار 655 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔

    دن کے اختتام تک 100 انڈیکس میں 374 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 37 ہزار 839 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    منگل کے روز 48 کروڑ 80 لاکھ حصص کا کاروبار ہوا، حصص کی مالیت 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالر رہی۔ آج ہونے والا کاروباری حجم 30 ماہ کی بلند ترین سطح کا حجم ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار میں تیزی دیکھی گئی تھی، ایک ہفتے میں 100 انڈیکس میں 0.9 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ ہفتے 100 انڈیکس میں 342 پوائنٹس کا اضافہ ہوا تھا جس کے بعد 100 انڈیکس 37 ہزار 583 پوائنٹس سے بڑھ کر 37 ہزار 925 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    مارکیٹ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے میں مارکیٹ کپیٹلائزیشن بھی 33 ارب روپے اضافے سے 7 ہزار 247 ارب روپے ہوگئی تھی۔

  • عدالت کا وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم

    عدالت کا وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد: تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے تیزگام ریلوے حادثے کی آزادانہ انکوائری کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔

    ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے دوران سماعت دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تیزگام حادثے میں لوگوں کی جانیں گئی ہیں، حادثے کے شواہد کو ختم کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ شیخ رشید نے کہا تبلیغی جماعت کے سلنڈر سے آگ لگی، ریلوے بوگی میں آگ بزنس کلاس میں لگی، ریلوے تھانے میں ایف آئی آر درج ہوئی، شفاف تحقیقات کیسے ہوگی۔

    ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ نے کہا کہ کوئی ایک دو نہیں بلکہ ہرآئے دن ریلوے حادثات ہو رہے ہیں، تیزگام کے متاثرین کو ابھی تک حادثے کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارت داخلہ کو ٹرین حادثے کی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

    لیاقت پور: تیزگام کی 3 بوگیوں میں آگ لگ گئی، 74 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں پنجاب کے علاقے لیاقت پور کے قریب گیس سلینڈر پھٹنے سے آتشزدگی کے باعث 74 افراد جاں بحق اور متعدد مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

    تیزگام ایکسپریس کو حادثہ صبح چھ بجکر پندرہ منٹ پر پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کی تحصیل لیاقت پور میں چنی گوٹھ کے نزدیک چک نمبر 6 کے تانوری اسٹیشن پر پیش آیا تھا۔

  • امل قتل کیس: سپریم کورٹ نے سندھ ہیلتھ کمیشن کو رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دے دی

    امل قتل کیس: سپریم کورٹ نے سندھ ہیلتھ کمیشن کو رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دے دی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے امل قتل کیس کی سماعت کے دوران سندھ ہیلتھ کمیشن کو رپورٹ جمع کرانے کی مہلت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں امل قتل کیس کی سماعت ہوئی، آئی جی سندھ اور ایڈووکیٹ جنرل سندھ عدالت عظمیٰ میں پیش ہوئے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے 2010 کی پالیسی کے تحت امداد کی منظوری دی، سندھ ہیلتھ کمیشن کی جانب سے رپورٹ کراچی میں جمع کرا دی گئی، دوسری جامع رپورٹ کے لیےعدالت ایک دن کی مہلت دے۔

    عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا کہ جن پولیس اہلکاروں کی وجہ سےامل کی جان گئی ان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟ جس پر آئی جی سندھ نے جواب دیا کہ اہلکاروں کو معطل کر کے ان کے خلاف مقدمات کا اندراج ہوچکا ہے، مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔

    سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ جن کی غفلت سے بچی کی جان گئی کیا انہیں صرف معطل کر دینا کافی ہے؟ جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ پولیس رپورٹ میں یقین دہانی کرائی گئی کہ دوبارہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔

    جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ یہ بھی بتایا گیا اہلکاروں کی تربیت کا عمل بھی شروع کیا گیا ہے، کیا 2 دن کی تربیت کافی ہے، پولیس اہلکار 2 دن میں کتنا سیکھ جائیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ تربیت کا عمل ہر کچھ عرصے بعد جاری رہے گا۔

    جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم کے بعد آپ کے لوگ دباؤ ڈال رہے ہیں، کوئی غیر قانونی دباؤ ثابت ہوا تو پورے محکمے کو ختم کر دیں گے، سنگین الزامات ہیں، ثابت ہوئے تو عدالت رعایت نہیں برتے گی۔

    سپریم کورٹ نے سندھ ہیلتھ کمیشن کورپورٹ جمع کرانےکی مہلت دے دی۔ عدالت عظمیٰ نے امل قتل کیس کی سماعت 1 ماہ کے لیے ملتوی کردی۔

  • نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب ناکافی ہے، یاسمین راشد

    نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب ناکافی ہے، یاسمین راشد

    لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب ناکافی ہے، میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب وزارت داخلہ کو بھیجتے تو مذاق بنتا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرس کرتے ہوئے صوبائی وزیر یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کی بیماری کی تشخیص ہوگئی ہے، ان کی شوگر کنٹرول نہیں ہو پا رہی ہے، نوازشریف کو اسٹیرائیڈزسمیت دیگر دوائیں دی جا رہی ہیں۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف نے بیرون ملک علاج کے لیے وزارت داخلہ کو درخواست دی، وزارت داخلہ کی جانب سے خط آیا میڈیکل بورڈ سے رائے لی جائے، وزارت داخلہ نے صوبائی حکومت سے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ طلب کی ہے، نامکمل رپورٹ پر میڈیکل بورڈ سے سوال جواب پوچھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کہا گیا کچھ ایسی بیماریاں ہیں جن کاعلاج پاکستان میں دستیاب نہیں ہے، میڈیکل بورڈ سے پوچھا بتائیں کون سی ایسی بیماریوں کاعلاج یہاں ممکن نہیں ہے۔

    وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کے سرکاری میڈیکل بورڈ کا آج ایک اور اجلاس ہوگا، میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ آنے پر وزارت داخلہ کو بھجوائیں گے، میڈیکل بورڈ خودمختار ہے کسی بھی ممبر سے پوچھ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہائی پروفائل مریض ہیں، ان کی بیماری سے کبھی انکار نہیں کیا، ان کی بیماری کی ہسٹری بہت لمبی چوڑی ہے، نوازشریف کو لاحق امراض کی تفصیلات سے سب واقف ہیں، نوازشریف بیمار ہیں اس معاملے پر کوئی شک نہیں کیا جاسکتا۔

    یاسمین راشد نے کہا کہ نوازشریف کے میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب ناکافی ہے، میڈیکل بورڈ کا 2 لائنوں کا جواب وزارت داخلہ کو بھیجتے تو مذاق بنتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر کوئی دباؤ نہیں، ہمیشہ حقائق سے آگاہ کیا، میڈیکل بورڈ سے تفصیل مانگنا کوئی غلط بات نہیں ہے۔

    وزیرصحت پنجاب نے کہا کہ نوازشریف کے پیٹ اسکین نہ ہونے کی وجہ شوگر کا کنٹرول نہ ہونا ہے، ڈاکٹرز رسک لینے کو تیار نہیں ہیں، بدقسمتی سے میڈیکل میں بہت ساری چیزوں کا فقدان ہے۔

  • بنی گالہ کیس: سپریم کورٹ کا ایم سی آئی، سی ڈی اے کی رپورٹ پر اظہار اطمینان

    بنی گالہ کیس: سپریم کورٹ کا ایم سی آئی، سی ڈی اے کی رپورٹ پر اظہار اطمینان

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایم سی آئی، سی ڈی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایم سی آئی، سی ڈی اے کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی جس پر عدالت عظمیٰ نے اطمینا کا اظہار کیا۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ ادارے رپورٹ پرعملدرآمد یقینی بنائیں، ماسٹرپلان کی کابینہ سے منظوری مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ ویسٹ مینجمنٹ پروٹوکول سے متعلق لوگوں کو آگاہ کریں۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ طالب علم، پرنٹ، الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے پروٹوکولز کی تشہیر کی جائے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بیس ٹن سولڈ ویسٹ سے بائیوگیس پلانٹ یومیہ چلے گا، پلانٹ سبزی منڈی کے علاقے میں بجلی فراہم کرے گا۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ لوگوں کو فراہم کی جانے والی بجلی کی قیمت کم رکھیں، عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ قیمت کم ہوگی تو یہی ماڈل ملک بھر کی سبزی منڈیوں میں نافذ ہوسکے گا۔

    ایڈیشنل اے جی نے بتایا کہ ویٹ لینڈ کے2 منصوبے مکمل ہوچکے، ایک پر کام جاری ہے، سیورج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی ماسٹر پلان کمیشن سے منظوری ہوچکی، پلانٹ کی پلاننگ کمیشن، سی ڈی ڈبلیو پی سے منظوری باقی ہے۔

    جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی جلد تمام منظوریاں یقینی بنائے، اسمارٹ سولڈ ویسٹ کا نظام تشکیل دیا جائے، رولزکی خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانہ کیا جائے۔

    بعدازاں سپریم کورٹ نے بنی گالہ میں غیرقانونی تعمیرات سے متعلق کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔

  • امریکی جریدہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے مستقبل سے پرامید

    امریکی جریدہ پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر کے مستقبل سے پرامید

    کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں حکومت پاکستان کی معاونت سے پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی نمائش ہوئی، نمائش کے بعد امریکی جریدے فوربز کا کہنا ہے کہ پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر سے امیدیں بڑھ رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے فوربز میں شائع شدہ امریکی صحافی ڈیوڈ بلوم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیکٹر سے امیدیں بڑھ رہی ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پر امن پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ کشش کا سامان پیدا کر سکتا ہے، پاکستان نے آئی ٹی شعبے کو امریکی کمپنیز اور سرمایہ کاروں میں بھی متعارف کروانا شروع کردیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ آئی ٹی سیکٹر میں عالمی سودے پاکستان کی معیشت کو سہارا دے سکتے ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ سان ہوز، کیلی فورنیا میں پاکستانی آئی ٹی مصنوعات کی ایک روزہ نمائش ہوئی، نمائش میں حکومت پاکستان کی معاونت شامل تھی۔

    نمائش میں پاکستانی سفیر اسد مجید خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کا شعبہ بہترین کارکردگی دکھا رہا ہے، سلیکون ویلی کو بتانا چاہتے ہیں پاکستان آئی ٹی شعبے میں کیا کچھ کر سکتا ہے۔

    اسد مجید نے کہا کہ پاکستانی اسٹالز میں شرکا کو مائیکرو الیکٹرانکس، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور مصنوعی ذہانت سے آگاہ کیا گیا۔ میڈیکل شعبے میں جدت اور کیپٹل وینچر پر بھی شرکا کو معلومات دی گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت وزیر اعظم عمران خان کی پہلی ترجیح ہے، پاکستان اس وقت آئی ٹی ایکسپورٹس کے ذریعے 4 ارب ڈالر کما رہا ہے۔

  • پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے 3377 مریض سامنے آئے

    پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے 3377 مریض سامنے آئے

    لاہور: پنجاب میں ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردی گئیں، پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3 ہزار 377 مریض سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب نے ڈینگی سے متعلق ایک سال کی تفصیلات جاری کردیں۔ سالانہ ڈینگی تفصیلات میں اسلام آباد کا ڈیٹا شامل نہیں۔ اسلام آباد کو پنجاب کے روز کی ڈینگی تفصیل سے علیحدہ کر دیا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے کل 3377 مریض سامنے آئے، گزشتہ 24 گھنٹے میں پنجاب میں ڈینگی کے 199 کیس رپورٹ ہوئے۔ 24 گھنٹے میں پنجاب کے مختلف اسپتالوں سے 119 مریض ڈسچارج کیے گئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈینگی کے 6 مریض انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 27 ستمبر تک ڈینگی سے 8 اموات ہوئیں، وفات پانے والے 8 افراد کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔

    گزشتہ روز ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت پر 76 مقدمات بھی درج کیے گئے، 17 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 740 افراد کو انتباہ کیا گیا۔ 9 مقامات کو سیل بھی کیا گیا۔

  • پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل

    پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل

    پشاور: صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل ہوئے، سب سے زیادہ خواجہ سرا پشاور میں قتل ہوئے جن کی تعداد 6 تھی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ صوبے میں گزشتہ 6 سال کے دوران 13 خواجہ سرا قتل ہوئے، 6 سال میں 12 واقعات میں 19 ملزمان گرفتار ہوئے۔

    محکمہ داخلہ کے مطابق سب سے زیادہ 6 خواجہ سرا پشاور میں قتل ہوئے، نوشہرہ اور صوابی میں 2، 2 جبکہ کوہاٹ اور بنوں میں ایک ایک خواجہ سرا کو قتل کیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ میں خواجہ سراؤں پر قاتلانہ حملوں کے بے شمار واقعات سامنے آئے تھے۔

    سنہ 2016 میں ایک خواجہ سرا کے قتل نے اس وقت پورے ملک میں طوفان برپا کردیا تھا جب پشاور میں علیشاہ نامی خواجہ سرا کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا اور اسے کئی گولیاں ماری گئیں۔

    علیشاہ کو اسپتال میں طبی امداد دینے سے بھی انکار کردیا گیا تھا جبکہ اسپتال کے عملے کی جانب سے اسے تضحیک کا نشانہ بنایا گیا۔ علیشاہ بعد ازاں انتقال کر گئی تھی۔ واقعے کے بعد مشتعل خواجہ سراؤں نے علیشاہ کا جنازہ تھانے کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا تھا۔

    اس وقت خواجہ سراؤں کی ایک تنظیم نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک سال میں 45 خواجہ سراؤں کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا ہے۔

  • پنجاب میں 7 ماہ کے دوران 156 بچوں سے زیادتی کے واقعات

    پنجاب میں 7 ماہ کے دوران 156 بچوں سے زیادتی کے واقعات

    لاہور: صوبہ پنجاب میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، 7 ماہ کے دوران 156 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، سزا صرف چند ملزمان کو دی جاسکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 ماہ کے دوران 156 بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    رپورٹ کے مطابق مختلف تھانوں میں 126 مقدمات درج کیے گئے، درج مقدمات میں 129 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزمان نے زیادتی کے بعد 3 بچوں کو قتل بھی کیا گیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ناقص تفتیش کے باعث بیشتر گرفتار ملزمان نے ضمانتیں کروالیں۔

    پنجاب میں زیادتی کے یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب ایک روز قبل ہی ضلع قصور کی تحصیل پتوکی میں چونیاں بائی پاس کے قریب سے 3 لاپتہ بچوں کی مسخ لاشیں اور انسانی اعضا برآمد ہوئے۔

    پولیس کے مطابق ایک بچے کی لاش مکمل حالت میں، جبکہ 2 بچوں کے سر اور ہڈیاں برآمد ہوئیں۔ قتل ہونے والا 8 سال کا فیضان پیر کو لاپتہ ہوا تھا، سلیمان دس اگست اور علی حسنین ایک ماہ سے لاپتہ تھے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق بچوں کے لاپتہ ہونے کا سلسلہ 2 ماہ سے جاری ہے، مگر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    رواں برس کے شروع میں وفاقی محتسب کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا تھا کہ صرف قصور میں 10 برسوں میں 272 بچوں سے زیادتی کے کیسز ہوئے لیکن سزا صرف چند ملزمان کو ہوئی۔

    مزید پڑھیں: بچوں کو جنسی تشدد سے محفوظ رکھنے کے اقدامات

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ زیادتی کا نشانہ بننے والے بیشتر بچے غریب، ان پڑھ اور پسماندہ خاندانوں کے ہیں جو پیسے اور دھونس دھمکی پر دباؤ میں آگئے جبکہ بچوں سے زیادتی کے شرمناک واقعات میں زیادہ تر بااثر سیاستدان، دولت مند اور پڑھے لکھے افراد ملوث نکلے۔

    رپورٹ میں زیادتی کے واقعات کی بڑی وجہ منشیات کا استعمال، جسم فروشی اور فحش فلموں کی دستیابی قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ قصور میں زیادتی کے بڑھتے واقعات کا جائزہ لینے کے لیے سینٹر بھی قائم کردیا گیا۔

    وفاقی محتسب کا کہنا تھا کہ عام طور پر بچوں سے زیادتی کے واقعات رپورٹ نہیں ہوتے، سنہ 2018 میں بچوں سے زیادتی کے 250 سے زائد کیس درج ہوئے جبکہ سنہ 2017 میں زیادتی کے 4 ہزار 139 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔

    زیادتی کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں دیکھے گئے تھے جہاں 1 ہزار 89 کیس رپورٹ ہوئے۔

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 31 ہزار کی سطح عبور کرگیا

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، انڈیکس 31 ہزار کی سطح عبور کرگیا

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دن کے آغاز پر ہی تیزی دیکھی جارہی ہے، 100 انڈیکس 180 پوائنٹس اضافے کے بعد 31 ہزار 660 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز تیزی دیکھی جارہی ہے۔ 100 انڈیکس میں 180 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    180 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 31 ہزار 660 پوائنٹس کی سطح عبور کر گیا ہے۔

    گزشتہ کاروباری ہفتے میں بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی تھی، گزشتہ ہفتے عاشورہ کی چھٹیوں کی وجہ سے صرف 3 دن کام ہوا۔ ان 3 دنوں میں 100 انڈیکس میں 3.3 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 1 ہزار 14 پوائنٹس بڑھ کر 31 ہزار 4 سو 81 پوائنٹس پر بند ہوا۔

    اس دوران مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 124 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد مارکیٹ کیپٹلائزیشن 6312 ارب روپے ہوگئی۔ امریکی ڈالر میں مارکیٹ کا حجم 40 ارب ڈالر ہوگیا۔