Tag: رپورٹ

  • پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

    پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی، 500 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

    کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دن کے آغاز پر ہی تیزی دیکھی جارہی ہے۔ 100 انڈیکس 540 سے زائد پوائنٹس کے اضافہ کے بعد 31 ہزار 500 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھی جارہی ہے۔ 100 انڈیکس میں 540 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

    دن کے آغاز پر ہی آج 100 انڈیکس 31 ہزار 500 پوائنٹس کی سطح عبور کرچکا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے میں بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی تھی اور 100 انڈیکس میں 2.7 فیصد اضافہ ہوا۔

    گزشتہ ہفتے کے آخری روز 100 انڈیکس 795 پوائنٹس اضافے سے 30 ہزار 467 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

    ایک ہفتے میں شیئرز کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا تھا جس کے باعث مارکیٹ کپیٹلائزئشن 105 ارب روپے اضافے سے 6187 ارب روپے ہوگئی۔

  • بیرونی دباؤ پاکستانی زرمبادلہ ذخائر پر اثر ڈالے گا: موڈیز

    بیرونی دباؤ پاکستانی زرمبادلہ ذخائر پر اثر ڈالے گا: موڈیز

    اسلام آباد: عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز کا کہنا ہے کہ کم ٹیکس بیس، بیرونی قرض اور سودکی ادائیگی پاکستان میں مالی تنگی کا باعث بن رہی ہے، بیرونی دباؤ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پر اثر ڈالے گا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگز ایجنسی موڈیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ بیرونی دباؤ پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر پر اثر ڈالے گا، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگز بی 3 معتدل قوت کی مظہر ہے۔

    موڈیز کا کہنا ہے کہ مالیاتی اور سیاسی صورتحال معیشت پر اثر انداز ہوتی ہے، فی کس آمدن اور عالمی اعتبار سے مسابقتی ماحول کافی کم ہے۔

    اپنی رپورٹ میں موڈیز نے مزید کہا کہ کم ٹیکس بیس، بیرونی قرض اور سودکی ادائیگی مالی تنگی کا باعث بن رہی ہے۔

    اس سے قبل موڈیز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پاک بھارت کشمیر پر کشیدگی میں اضافہ معیشت کے لیے نقصان دہ ہوگا، دونوں ممالک میں معاشی اصلاحات جاری ہیں۔

    موڈیز کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے اور مالیاتی اہداف کے حصول کے لیے کام ہو رہا ہے، تاہم کشیدگی معاشی اصلاحات سے توجہ ہٹانے کا باعث بنے گی۔

    عالمی ریٹنگز ایجنسی نے واضح کیا تھا کہ دونوں ممالک کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، تنازعہ بڑھنے کی صورت میں دونوں ممالک کی معاشی شرح نمو میں کمی آسکتی ہے۔ کشیدگی میں اضافہ دونوں ممالک میں معاشی اہداف کے حصول میں ناکامی کا باعث بنے گا۔

  • بھارتی فوج کی تحویل میں موجود 8 ہزارافراد لاپتہ، کشمیر میڈیا سروس

    بھارتی فوج کی تحویل میں موجود 8 ہزارافراد لاپتہ، کشمیر میڈیا سروس

    سری نگر: کشمیر میڈیا سروس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 8 ہزار کشمیری بھارتی فوج کی حراست کے دوران لاپتہ ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں نافذ کرفیو اور لاک ڈاؤن 27ویں روز میں داخل ہوگیا، مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے، قابض انتظامیہ نے ٹیلی فون سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پرسخت پابندیاں عائد ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس نے بھارتی فوج کی حراست سے لاپتہ کشمیریوں پر رپورٹ جاری کی ہے جس کے مطابق 8 ہزار کشمیری بھارتی فورسز کی حراست کے دوران لاپتہ ہوئے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گمشدہ افراد کے اہل خانہ کو اپنے پیاروں سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی گئیں جبکہ مقبوضہ وادی میں ہزاروں گمنام قبریں دریافت ہوئی ہیں، گمنام قبریں بھارتی فورسز سے لاپتہ ہونے والوں کی ہوسکتیں ہیں۔

    کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج بلا وجہ کشمیری نوجوانوں کو گھروں سے اٹھا رہی ہے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں 27ویں روز بھی کرفیو

    یاد رہے کہ پانچ اگست کو مودی سرکار نے کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اے کو ختم کردیا تھا۔

    راجیہ سبھا میں بل کے حق میں 125 جبکہ مخالفت میں 61 ووٹ آئے تھے، بھارت نے 6 اگست کو لوک سبھا سے بھی دونوں بل بھاری اکثریت کے ساتھ منظور کرالیے تھے۔

  • ایک سال میں 2091 ارب روپے سود پر خرچ کیے گئے: وزارت خزانہ

    ایک سال میں 2091 ارب روپے سود پر خرچ کیے گئے: وزارت خزانہ

    اسلام آباد: وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی 2018 سے جون 2019 تک آمدن 4 ہزار 900 ارب سے زائد رہی، سود کی ادائیگیوں پر 2091 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے گزشتہ مالی سال کے مالیاتی آپریشن سے متعلق تفصیلات جاری کردیں، رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس بجٹ خسارہ 8.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ جولائی 2018 سے جون 2019 تک آمدن 4 ہزار 900 ارب سے زائد رہی، گزشتہ برس کل ٹیکس آمدن 4473 ارب روپے رہی۔ وفاقی حکومت نے 4071 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا۔

    رپورٹ کے مطابق صوبوں نے 401 ارب روپے کے ٹیکس اکٹھے کیے، نان ٹیکس آمدن کی مد میں 427 ارب روپے موصول ہوئے، 8345 ارب روپے سے زائد کے اخراجات کیے گئے۔ سود کی ادائیگیوں پر 2091 ارب روپے خرچ کیے گئے۔

    وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ دفاع پر 1146 ارب روپے خرچ کیے گئے، گزشتہ برس بجٹ خسارہ 3444 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ بیرونی وسائل سے 416 ارب اور اندرونی ذرائع سے 3028 ارب قرض لیا گیا۔

  • برطانوی ایئرپورٹس پر مسلمانوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی لی جارہی ہے: رپورٹ

    برطانوی ایئرپورٹس پر مسلمانوں کو بلاوجہ روک کر تلاشی لی جارہی ہے: رپورٹ

    لندن : انسانی حقوق کی تنظیم نے برطانیہ کے ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر مسلمان مرد و خواتین کو محض ان کے مذہبی عقائد کی بنیاد پر 6 گھنٹوں سے زائد تک روکنے اور ان سے مضحکہ خیز سوالات پوچھنے والے عملے کو اسلاموفوبیا کا متاثرین قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیج نامی تنظیم نے بتایا کہ اسلاموفوبیا میں مبتلا حکام مسلمان خواتین کو اسکارف اتارنے پر مجبور کردیتے ہیں،تنظیم کے مطابق سال 2000 سے اب تک صرف مسلمان مرد و خواتین کو ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر روکنے کے 4 لاکھ 20 ہزار واقعات ریکارڈ کیے گئے جبکہ گرفتاری کی شرح 0.007 فیصد رہی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی تنظیم نے 10 شہریوں کی وساطت سے اعلیٰ پولیس حکام کو شکایت درج کرائی اور’برٹش مسلم‘ تنظیم کے ذریعے برطانوی وزیراعظم سے ’شیڈول 7‘ قانون سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ دہشت گردی ایکٹ 2000 کے شیڈول 7 کی بنیاد پر ایئرپورٹ کا تفتیشی عملہ بغیر کسی قابل ذکر جواز کے مسافروں کو غیرمعینہ وقت کے لیے روک کر تفتیش کرسکتا ہے۔

    تنظیم کے ڈائریکٹر عدنان صدیقی نے اپنے مراسلہ میں لکھا کہ لاکھوں مسلمانوں کو ’بغیر کسی شبہ‘ کے روک لیا جاتا ہے اور یہ عمل اسلاموفوفیا کا عکاس ہے جسے ہراساں کے زمرے میں دیکھا جائے۔

    لندن سے تعلق رکھنے والے ایک مسلمان نے بتایا کہ 2005 کے بعد سے برطانیہ میں داخل ہوتے وقت انہیں مجموعی طور پر 40 مرتبہ ایئرپورٹ پر شیڈول 7 کے تحت روکا گیا اور ایک مرتبہ بھی کوئی جرم ثابت نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ فرانس، بیلجیم اور اٹلی سے واپسی پر انہیں تقریباً 95 فیصد روکا گیا،ان کا کہنا تھا کہ میں ہر مرتبہ برطانیہ میں داخل ہوتے وقت حکام کے سوالات سے پریشان آچکا ہوں۔

    ادھر کیمبریج یونیورسٹی کی 2004 میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایئرپورٹ پر روکے گئے 88 فیصد لوگ مسلمان تھے۔

    شیڈول 7 کے تحت روکے گئے بیشتر مسلمانوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کا سیکیورٹی عملہ ان سے ان کے مذہب کے بارے میں سوالات کرتا ہے، مثلاً کیا آپ باقاعدگی سے عبادت کرتے ہیں، کبھی مکہ گئے، کیا باقاعدگی سے روزے رکھتے ہیں، جیسے سوالات کیے جاتے۔

    تنظیم کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ جنگ زدہ ملک شام میں مقامی تنظیم کے لیے فلم بنانے والے ایک مسلمان فلمساز نے بتایا کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام اس طریقے سے روکتے اور سوالات پوچھتے ہیں، جس سے محسوس ہوتا ہے کہ ہم اسلامی عقائد کو تسلیم کرکے کوئی جرم کر چکے ہیں۔

  • جولائی میں برآمدات میں 11 فیصد اضافہ

    جولائی میں برآمدات میں 11 فیصد اضافہ

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ جولائی میں برآمدات میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ درآمدات کا حجم 26 فیصد کمی کے بعد 4 ارب 10 کروڑ ڈالر رہا۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں برآمدات میں 11 فیصد کا اضافہ ہوا، برآمدات کا حجم 2 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر برآمدات کا حجم 24 ارب 22 کروڑ ڈالر تھا، جولائی میں درآمدات کا حجم 26 فیصد کمی کے بعد 4 ارب 10 کروڑ ڈالر رہا۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے اختتام پر درآمدات کا حجم 52 ارب 88 کروڑ ڈالر تھا، جولائی میں ترسیلات زر 3 فیصد اضافے کے ساتھ 2 ارب ڈالر رہیں۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال کے اختتام پر ترسیلات زر کا حجم 21 ارب 84 کروڑ ڈالر تھا۔

    اس سے قبل وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے درآدات برآمدات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مارکیٹ میں ہیجانی کیفیت کے باوجود برآمدات میں اضافہ ہوا۔ حکومت کسی صورت کاروبار کی رجسٹریشن نہیں روکے گی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ چاول کی برآمدات میں 71، گارمنٹس میں17 اور ٹیکسٹائل میں 14 فیصد کمی ہوئی، ملکی درآمدات 18 فیصد کمی کے ساتھ 3 ارب 84 کروڑ ڈالر رہی۔ معدنی پیداوار میں 23 اور گاڑیوں کی درآمدات میں 42 فیصد کمی ہوئی۔

  • کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات کی رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش

    کراچی: کرنٹ لگنے سے اموات کی رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرنٹ لگنے سے 13 افراد جاں بحق ہوئے، کے الیکٹرک کے خلاف 10 مقدمات درج کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی اموات سے متعلق رپورٹ انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ کو پیش کردی گئی ہے۔

    اے آئی جی آپریشنز سندھ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 29 جولائی سے 13 اگست تک شہر میں بارشیں ہوئیں، بارشوں کے دوران کرنٹ سے مجموعی طور پر 13 افراد جاں بحق ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق کرنٹ سے ہونے والی اموات کے بعد کراچی کے علاقوں درخشاں، پاپوش نگر، تیموریہ، شارع نور جہاں، اجمیر نگری، گلبہار، سائٹ، سپر ہائی وے اور بغدادی میں مقدمات درج ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ ملیر سٹی میں درج مقدمات کی تعداد 2 ہے، جبکہ کرنٹ لگنے سے مجموعی طور پر درج مقدمات کی تعداد 10 ہے۔

    یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والی مون سون کی تباہ کن بارشوں میں دو ہفتے کے دوران متعدد افراد کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔

    ہلاکتوں کے بعد مرنے والوں کے لواحقین نے کے الیکٹرک کے خلاف کیسز درج کروانے شروع کردیے تھے۔

    2 روز قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بھی کراچی میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات پر کے الیکٹرک کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے غفلت برتنے کے الزامات کی باضابطہ تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔

    نیپرا کے سینئر افسران کے الیکٹرک حکام سے تحقیقات کر کے 15 دن کے اندر رپورٹ جمع کروائیں گے۔

  • ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی

    ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کمیشن برائے ماحولیات نے رپورٹ جمع کرا دی۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ماحولیاتی کمیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ وفاق سمیت صوبوں نے اشتراک سے پالیسی پر اتفاق کیا، صوبے ماحولیات پرمشترکہ معیار مقرر کریں گے۔

    ماحولیاتی کمیشن نے بتایا کہ پنجاب میں بھٹوں کے دھویں کا مسئلہ کافی حد تک حل کیا گیا ہے، بھٹے ماحول دوست بنانے پراسٹیٹ بینک 6 فیصد شرح پر قرضے دے رہا ہے۔

    ماحولیاتی کمیشن نے سپریم کورٹ کو آگاہ کیا کہ ماحولیاتی پالیسی پر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی شامل کیا گیا ہے، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ کیا سفارشات کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے؟۔

    سپریم کورٹ نے استفسار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل آفسز کو سفارشات پرعمل سے متعلق ہدایات ہیں؟ جس پر صوبائی حکومتوں کے وکلا نے بتایا کہ کمیشن سفارشات کے حوالے سے ہمیں کوئی ہدایات نہیں۔

    عدالت عظمیٰ نے کہا کہ اے جی آفسز کی رضامندی کےبغیر سفارشات کوعدالتی حکم کا حصہ نہیں بنایا جاسکتا، جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ فضائی آلودگی کے حوالے سے کیا کچھ ہوا ہے؟۔

    ڈی جی ماحولیات نے بتایا کہ فضائی آلودگی کے حوالے سے سیمینار منعقد کیے گئے ہیں، ہم نے شاپنگ بیگ پر بھی پابندی لگا دی ہے۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ ماحولیاتی کمیشن کی رپورٹ سپریم کورٹ میں آچکی ہے، چاروں صوبے اور وفاق ماحولیاتی آلودگی کے مسئلے کا حل نکالیں۔

    سپریم کورٹ میں ماحولیاتی آلودگی سے متعلق کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔

  • سندھ میں جنگلات کی کٹائی: سپریم کورٹ کا صوبائی حکومت کی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار

    سندھ میں جنگلات کی کٹائی: سپریم کورٹ کا صوبائی حکومت کی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار

    اسلام آباد: سندھ میں جنگلات کی کٹائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ درخت لگانے میں سندھ حکومت کوآخر کیا مسئلہ ہے؟۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں قائم مقام چیف جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں سندھ میں جنگلات کی کٹائی سےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ جنگلات کی زمین واگزارکرانے کا حکم پہلے ہی دے چکے ہیں، کیس نمٹانے کے فیصلے کی آخری لائن آپ کو یاد رہے گی۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالتی حکم کے بعد تحقیقاتی ادارے جانیں اور سندھ حکومت، پیشرفت رپورٹ میں لکھا ہے کابینہ کے فیصلے کا انتظارہے۔

    عدالت عظمیٰ نے ریمارکس دیے کہ ایڈووکیٹ جنرل وزیراعلیٰ سندھ سے بات کریں، یقینی بنایا جائے تمام فیصلے بروقت ہوں۔

    جسٹس اعجازالاحسن نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت آخرفیصلہ کیوں نہیں کرپا رہی؟، سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ جنگلات اوردرخت لگانا حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

    قائم مقام چیف جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ درخت لگانے میں سندھ حکومت کوآخر کیا مسئلہ ہے؟۔

    چیف کنزرویٹوفاریسٹ نے عدالت عظمیٰ میں کہا کہ جنگلات کےعملے پرمنشیات کے جعلی مقدمات بنائے گئے۔ سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کیس نیب کوبھجوانے کا بھی عندیہ دے دیا۔

    بعدازاں عدالت عظمیٰ نے 3 ہفتے میں حکومت سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

  • سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے ورکرزویلفیئر فنڈ کی تقسیم پررپورٹ طلب کرلی

    سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے ورکرزویلفیئر فنڈ کی تقسیم پررپورٹ طلب کرلی

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی تقسیم سے متعلق درخواست پرسماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت اس مسئلے کو حل کرائے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کی تقسیم سے متعلق درخواست پرسماعت کی۔

    عدالت عظمیٰ میں سماعت کے دوران وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ابھی تک پورے فنڈز نہیں دیے گئے، کے پی کو بھی 2018 کا فنڈ نہیں ملا۔

    سپریم کورٹ نے ریمارکس دیے کہ موت ، اسکالرشپ اور شادی پرتوفنڈ فوری دینے چاہییں، جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیے کہ وفاقی حکومت اس مسئلے کو حل کرائے۔

    وکیل سندھ حکومت نے کہا کہ سندھ کو 2014 سے فنڈز ملے ہی نہیں، سندھ حکومت اپنے طور پر فنڈ اکٹھے کرکے تقسیم کررہی ہے، اب تک 28 کروڑ20 لاکھ ویلفیئرفنڈ میں دیے گئے۔

    درخواست گزار نے کہا کہ ورکرزویلفیئر فنڈ کاحشر بھی ای او بی آئی جیسا ہونے جا رہا ہے، سپریم کورٹ نے 48 ارب جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔

    درخواست گزار کے مطابق ورکرز ویلفیئربورڈ سیاسی بنیادوں پرتشکیل دیا جاتا ہے، عدم ادائیگیوں کے باعث طلبا کو ڈگریاں نہیں دی گئی، جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیے کہ ہم مائیکرو مینجمنٹ میں نہیں پڑیں گے۔

    سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت سے ورکرزویلفیئر فنڈ کی تقسیم پررپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔