Tag: رپورٹ

  • عالمی سطح پر خام تیل میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

    عالمی سطح پر خام تیل میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے: ایشیائی ترقیاتی بینک

    اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر خام تیل اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ایشین ڈیولپمنٹ آؤٹ لک سپلیمنٹ جاری کردیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کی معاشی ترقی کی شرح بہتر رہے گی، معاشی شرح نمو سنہ 2019 میں 6.6 جبکہ 2020 میں 6.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

    ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی شرح نمو 3.3 فیصد رہی، 3.3 فیصد شرح 8 سال میں کم ترین شرح نمو رہی۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ جاری اور تجارتی خسارہ پاکستانی معیشت کے اہم مسائل ہیں، ایشیائی ترقیاتی بینک نے جنوبی ایشیا کے لیے افراط زر میں کمی کی پیشگوئی بھی کی ہے۔

    بینک کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی میں اضافے کی شرح دگنی ہوگئی، عالمی سطح پر خام تیل اور خوراک کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں کمی متوقع ہے۔

    اس سے قبل ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان سے متعلق فیکٹس شیٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور دیگر منصوبے معیشت میں بہتری کی وجہ بنیں گے، اے ڈی بی ایگزیم بینک کے قیام میں مدد فراہم کرے گا۔

    اےٖ ڈی بی کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ ذخائر میں کمی اور قرضوں کی واپسی پر بھی نظر رکھنی ہوگی۔ انتظام میں بہتری، برآمدات میں اضافہ اور اداروں کو مستحکم کرنا ہوگا۔

  • کے 4 پروجیکٹ میں بدترین غفلت کا انکشاف

    کے 4 پروجیکٹ میں بدترین غفلت کا انکشاف

    کراچی: ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو پانی کی فراہمی کے لیے بنائے جانے والے سب سے بڑے منصوبے کے فور میں منصوبہ بندی کے فقدان اور بدترین غفلت کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو پانی کی فراہمی کے منصوبے کے 4 پر انکوائری رپورٹ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو پیش کردی گئی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سیکریٹری ایکسائز اعجاز احمد مہیسر نے 6 ماہ میں رپورٹ تیار کی۔

    رپورٹ میں کے فور پروجیکٹ میں آغاز سے ہی منصوبہ بندی کے فقدان اور بدترین غفلت کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق منصوبے کا پی سی ٹو کسی پیشہ وارانہ دستاویز کے بجائے بچوں کا کام لگتا ہے، پروجیکٹ کنسلٹنٹ عثمانی اینڈ کمپنی منصوبے کی اہل ہی نہیں تھی۔ کنسلٹنٹ کمپنی نے پی سی ون کی تیاری میں خامیوں کا اعتراف کیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ کمپنی معاہدے کے مطابق کام کر سکی نہ ہی غیر ملکی تکنیکی ماہرین کی ٹیم لا سکی، کنسلٹنٹ کمپنی نے حیران کن طور پر ناقابل عمل روٹ اختیار کیا۔ کے فور پراجیکٹ ڈائریکٹر نے خامیوں کے باوجود کمپنی سے معاہدہ ختم نہیں کیا۔

    رپورٹ کے مطابق منصوبہ منتقل کرتے ہوئے مزید کئی حصوں کو منصوبے سے نکال دیا گیا، تاخیر اور روپے کی قدر گرنے سے منصوبے کی لاگت میں ہوش ربا اضافہ ہوا۔ واٹر بورڈ کے افسران بھی منصوبے کی خامیوں کی نشاندہی نہ کر سکے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ فزیبلیٹی بنانے والی کنسلٹنٹ کمپنی کی نگرانی کے لیے بھی تقرری کی گئی۔

  • پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کوپیش

    پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کوپیش

    کراچی : پولیس افسران نے پولیس کمپلینٹ سینٹرز کی ششماہی کارکردگی رپورٹ آئی جی سندھ کلیم امام کو پیش کردی، کارکردگی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایف آئی آرز کے عدم اندراج پر 457 شکایات موصول ہوئیں۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں کی کارکردگی سے متعلق سندھ پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے کمپلینٹ سینٹرز قائم کیا گیا تھا جہاں عوام پولیس اہلکاروں کے برتاؤ ، کرپشن سمیت دیگر معاملات پر شکایات درج کرواسکتے ہیں۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس برتاؤ، اختیارات کے تجاوزسے متعلق 1647شکایات موصول ہوئیں جبکہ غیر قانونی حراست سے متعلق270 شکایات اندراج ہوا۔

    پولیس اہلکاروں کی کرپشن سے متعلق622شکایات درج کروائی گئیں جبکہ غلط ایف آئی آرز اور انکی تنسیخ سے متعلق 05شکایات موصول ہوئیں۔

    ترجمان سندھ پولیس کا کہنا تھا کہ مقدمات کی ناقص تفتیش سے متعلق133 اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث اہلکاروں سے متعلق 183 شکایات موصول ہوئیں،۔

    ترجمان نے خبررساں اداروں کو بتایا کہ مجموعی شکایات میں سے 8483 شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے کہ جبکہ7679شکایات زیرالتوا،418شکایات جھوٹی 405غیرمتعلقہ تھیں۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق شکایت میں نامزد کیے گئے 43 پولیس افسران کو معمولی جبکہ7کوسخت سزا دی گئیں۔

  • قبائلی اضلاع میں 55 فیصد اسکول بجلی سے محروم

    قبائلی اضلاع میں 55 فیصد اسکول بجلی سے محروم

    پشاور: حال ہی میں آزادانہ ذرائع سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبائلی اضلاع میں 5 ہزار 7 سو 88 اسکولوں میں 18 فیصد اساتذہ اور 62 فیصد طلبہ غیر حاضر، جبکہ 55 فیصد اسکول بجلی اور 51 فیصد پانی سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی اضلاع کے اسکولوں کی حالت زار پر مانیٹرنگ رپورٹ جاری کردی گئی۔ رپورٹ انڈپینڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 5 ہزار 7 سو 88 اسکولوں میں 18 فیصد اساتذہ اور 62 فیصد طلبہ غیر حاضر ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ 55 فیصد اسکولوں میں بجلی اور 51 فیصد میں پانی موجود نہیں۔ 30 فیصد اسکول بیت الخلا اور 18 فیصد باؤنڈری وال سے محروم ہیں۔

    وزیر اعلیٰ پختونخواہ کے مشیر تعلیم ضیا اللہ کا کہنا ہے کہ قبائلی اضلاع کے اسکولز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ قبائلی اضلاع کے تعلیمی شعبے کے لیے 36 ارب فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔

    چند روز قبل اقوام متحدہ کی ایجوکیشن، سائنٹفک اور کلچرل آرگنائزیشن (یونیسکو) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سنہ 2030 تک 4 میں سے ایک پاکستانی بچہ پرائمری اسکول مکمل نہیں کر پائے گا۔

    یونیسکو کے مطابق پاکستان ’12 سالہ تعلیم سب کے لیے‘ ہدف کا بھی نصف حصہ ہی حاصل کرسکے گا جبکہ موجودہ شرح میں اب بھی 50 فیصد نوجوان سیکنڈری سے آگے تعلیم حاصل نہیں کر پا رہے ہیں۔

  • ایک سال کے دوران 50 ہزار خواتین اپنوں کے ہاتھوں قتل، رپورٹ

    ایک سال کے دوران 50 ہزار خواتین اپنوں کے ہاتھوں قتل، رپورٹ

    ویانا : عالمی ادارے کی خواتین سے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2017 میں پرتشدد کارروائیوں یا جرائم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد 87000 تھی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے انسداد منشیات و جرائم یو این او ڈی سی نے دعویٰ کیا ہے کہ صرف ایک سال کے دوران دنیا میں 50 ہزار خواتین کو ان کے خاوندوں، بھائیوں، والدین، پارٹنرز یا اہل خانہ نے ہی قتل کردیا۔

    یو این او ڈی سی کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2017 میں پُرتشدد کارروائیوں یا جرائم کے نتیجے میں ہلاک ہونے والی خواتین کی تعداد 87000 تھی۔

    آسٹریا کے دارالحکومت ویانا سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا کہ متعدد ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں کہ قتل سے قبل خواتین تسلسل کے ساتھ اپنوں کے ہاتھوں ہی پُرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنتی رہی تھیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خواتین کے قتل کی ایک وجہ حسد اور طویل گھریلو جھگڑے بھی تھے جب کہ کئی واقعات میں جان سے مارنے کی وجہ خوف بھی سامنے آئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارےکے مطابق رپورٹ میں درج اعداد و شمار کے مطابق براعظم ایشیا سے تعلق رکھنے والے ممالک میں یہ تعداد 20 ہزار تھی جب کہ افریقہ میں 19 ہزار، امریکا میں آٹھ ہزار اور مغربی ممالک میں تین ہزار تھی۔

    ویانا سے جاری کردہ رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر آبادی کے اعتبار سے دیکھا جائے تو براعظم افریقہ خواتین کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ثابت ہوا ہے۔

  • ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    ایک سال میں بجلی چوری سے 45 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا: نیپرا

    اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کا کہنا ہے کہ سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے تقسیم کار کمپنیوں کے بارے میں رپورٹ جاری کردی، رپورٹ کے مطابق سنہ 18-2017 میں بجلی چوری اور نقصانات سے 45 ارب سے زائد کا نقصان پہنچا۔

    نیپرا کا کہنا ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں 78 ارب کے بقایا جات کی وصولی میں ناکام رہیں، کمپنیوں کی جانب سے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اور کمپنیاں نیپرا کو لوڈ شیڈنگ کے غلط اعداد و شمار فراہم کر رہی ہیں۔

    رپورٹ میں مختلف علاقوں میں لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک سال میں پیسکو، سیپکو، حیسکو اور کیسکو کی کارکردگی میں بہتری نہیں آئی۔ مرمتی کاموں کے دوران 152 خطرناک حادثات رپورٹ ہوئے۔

    نیپرا کے مطابق نئے کنکشن کی فراہمی میں پیسکو، لیسکو، فیسکو، کیسکو اور کےالیکٹرک کی کارکردگی بہتر رہی، بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نقصانات کم ترین سطح 20.4 فیصد پر آگئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پیسکو، کیسکو اور کے الیکٹرک کا فالٹ ریٹ سب سے بہتر رہا۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں کمی آئی ہے۔

  • ایس 400 میزائل سسٹم ترکی اور امریکا کو تصادم کی جانب لےجارہا ہے، رپورٹ

    ایس 400 میزائل سسٹم ترکی اور امریکا کو تصادم کی جانب لےجارہا ہے، رپورٹ

    واشنگٹن :امریکی ذرائع ابلاغ نےجاری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ روسی ساختہ ایس 400دفاعی نظام نیٹو اتحادی امریکا اور ترکی کو دھیرے دھیرے تصادم کی طرف لے جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روس سے ایس400 دفاعی نظام کی خریداری کی صورت میں ترکی کے خلاف امریکی دشمنوں کے لیے وضع کردہ قانون کا استعمال کر سکتے ہیں۔

    امریکی اخبارنے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ جاپان کے شہر اوساکا میں جی 20اجلاس کے موقع پر امریکی صدر نے دیگرعالمی رہ نماﺅں کے ساتھ ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے بھی ملاقات کی جس میں روسی ساختہ ایس 400 دفاعی نظام کی خریداری روکنے کے لیے ترک صدر پر دباؤ ڈالا گیا۔

    طیب اردوان نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ترکی کے مبہم منصوبوں یعنی روسی دفاعی نظام ایس 400کی خریداری پر امریکا ترکی پر پابندیاں نہیں لگائے گا۔

    اخبار کے مطابق اوساکا کانفرنس میں ٹرمپ نے ترکی کے حوالے سے نرم اور دوستانہ لہجہ اپنایا مگر حقیقت یہ ہے کہ روسی ساختہ ایس 400دفاعی نظام دونوں ملکوں کو دھیرے دھیرے تصادم کی طرف لے جا رہا ہے، لگتا ہے کہ دونوں ملک دفاعی نظام کی وجہ سے ایک دوسرے کے ساتھ متصادم ہو سکتے ہیں۔

  • پانچ برس کے دوران 16 سو مہاجر بچے ہلاک ہوئے، رپورٹ

    پانچ برس کے دوران 16 سو مہاجر بچے ہلاک ہوئے، رپورٹ

    واشنگٹن :اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ 2014سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم )نے انکشاف کیا ہے کہ پچھلے پانچ برسوں کے دوران یومیہ بنیادوں پر کم از کم ایک مہاجر بچہ گم یا ہلاک ہوتا آیا ہے۔

    بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ پناہ کی تلاش میں خطرناک راستوں سے گزرنے والے سن 2014 سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرین (آئی او ایم )نے گزشتہ روز جاری کردہ رپورٹ فیٹل جرنیز میں یہ انکشاف کیا ۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پناہ کی تلاش میں خطرناک راستوں سے گزرنے والے سن 2014 سے لے کر اب تک گمشدہ یا ہلاک ہونے والے بتیس ہزار افراد میں سے قریب سولہ سو بچے ہیں۔ بحیرہ روم سب سے خطرناک روٹ ہے، جس پر اس عرصے میں قریب اٹھارہ ہزار اموات یا گمشدگیاں ریکارڈ کی گئیں۔

    مزید پڑھیں : پناہ گزینوں کا عالمی دن

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں پناہ گزینوں کی تعداد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے،گزشتہ برس کے اختتام تک پناہ گزینوں کی تعداد 70.8 ملین تھی جبکہ 2017 میں پناہ گزینوں کی تعداد 68.5 ملین تھی۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہر پانچ میں سے تین افراد یا 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کو کسی نہ کسی مجبوری کے باعث اپنے آبائی وطن کو ترک کرکے کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے پر مجبور ہوا ہے۔

  • شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    شارک حملوں سے زیادہ اموات سیلفی کے شوق میں ہوئیں، رپورٹ

    نئی دہلی : رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارتوں اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جبکہ امریکا میں بلند و بالا پہاڑوں پر سلیفی کا شوق موت کا باعث بنا۔

    تفصیلات کے مطابق پوری دنیا میں سیلفی لینے کے شوق میں سب سے زیادہ بھارت کے باشندے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ اس فہرست میں دوسرا نمبر روس کا ہے، تیسرے نمبر پر امریکہ اور چوتھے پر پاکستان ہے۔

    جرمن نشریاتی ادارے کا کہنا تھاکہ اکتوبر 2011 سے نومبر 2017 تک کے درمیانی عرصے میں کم از کم 259 افراد سیلفی لیتے ہوئے ہلاک ہوئے جب کہ اسی عرصے کے دوران خطرناک ترین قرار دی جانے والی شارک مچھلی کے حملے میں صرف 50 افراد نے اپنی زندگیوں کی بازی ہاری تھی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ لوگوں کی اتنی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کے باعث بھارتی حکومت نے متعدد ایسے علاقوں اور مقامات پہ سیلفی لینے پر پابندی عائد کردی ہے جو دیگر کی نسبت زیادہ خطرناک تصور کیے جاتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں 16 ایسے مقامات ہیں جہاں سیلفی لینے پر پابندی عائد ہے۔

    دستیاب اعداد و شمار کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ روس میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند و بالا عمارات اور یا پھر کسی پل سے سیلفی لینے کے شوق میں ہوئیں جب کہ امریکہ میں زیادہ تر ہلاکتیں بلند پہاڑوں پر سے سیلفی لینے کے سبب ہوئیں۔

  • ہتھیاروں میں استعمال ہونے والا کیمکل جرمنی سے شام گیا، رپورٹ

    ہتھیاروں میں استعمال ہونے والا کیمکل جرمنی سے شام گیا، رپورٹ

    برلن : یورپی یونین کی عائد کردہ پابندیوں کے باوجود جرمنی سے ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہو سکنے والے کیمیائی مادے جنگ زدہ ملک شام بھیجے گئے تھے۔ یہ مادے سارین گیس کی تیاری میں استعمال ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلا ت کے مطابق یہ حقیقت جرمنی اور سوئٹزرلینڈ کے تین میڈیا ہاؤس سز کی مشترکہ طور پر کی گئی چھان بین کے نتیجے میں سامنے آئی، جرمن صنعتی اداروں نے کئی برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک شام پر یورپی یونین کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے ایسے برآمدی کیمیائی مادے شام بھیجے تھے، جن سے کیمیائی ہتھیار بنائے جا سکتے تھے۔

    رپورٹ انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ کیمیائی مادے جرمنی کی وسیع پیمانے پر کیمیکلز کا کاروبار کرنے والی کمپنی ‘برَینٹاگ اے جی‘ نے سوئٹزرلینڈ میں بنائی گئی اپنی ایک ذیلی کمپنی کے ذریعے 2014ءمیں شام کو بیچے اور ان میں آئسوپروپانول اور ڈائی ایتھائل ایمین جیسے کیمیائی مادے بھی شامل تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ جرمن ساختہ کیمیکلز ایک ایسی شامی دوا ساز کمپنی کو بیچے گئے، جو دمشق میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے بہت قریب تھی۔

    اس تحقیقی میڈیا رپورٹ سے یہ بات بھی پتہ چلی کہ ان کیمیکلز میں سے ڈائی ایتھائل ایمین جرمنی کی بہت بڑی کیمیکلز کمپنی بی اے ایس ایف کی طرف سے بیلجیم کے شہر اَینٹ وَریپ میں اس کے ایک کارخانے میں تیار کیا گیا تھا۔ اسی طرح آئسوپروپانول نامی کیمیائی مادہ شمالی جرمنی کے شہر ہیمبرگ میں ساسول سالوَینٹس نامی کمپنی کا تیار کردہ تھا۔

    ان کیمیکلز کے بارے میں یہ بات بھی اہم ہے کہ اگرچہ انہیں مختلف ادویات کی تیاری میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے تاہم ان سے ایسے کیمیائی ہتھیار بھی تیار کیے جا سکتے ہیں، جن میں وی ایکس اور سارین نامی اعصابی گیسیں بھی شامل ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جہاں تک سارین گیس کا تعلق ہے تو یہ کیمیائی ہتھیار شامی خانہ جنگی کے دوران اسد حکومت کی طرف سے اب تک متعدد حملوں کے لیے استعمال کیا جا چکا ہے۔

    جرمن صوبے ہَیسے میں ریاستی دفتر استغاثہ کی طرف سے کہا گہا کہ وہ شام کو ان کیمیائی مادوں کی برآمد کی غیر رسمی چھان بین کر رہا ہے اور یہ بات ابھی زیر غور ہے کہ آیا اس موضوع پر باقاعدہ مجرمانہ نوعیت کے الزمات کے تحت تفتیش کی جانا چاہیے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسی طرح بیلجیم میں بھی حکام نے کہا کہ وہ شام کو ان کیمیکلز کی فراہمی کے معاملے کی چھان بین کر رہے ہیں۔