ڈسکہ (6 اگست 2025): ڈسکہ میں ڈکیتی کی انوکھی واردات ہوئی ہے مسافر کے روپ میں ڈاکو نے رکشا ڈرائیور کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر لوٹ لیا۔
اے آر وائی نیوز ڈسکہ کے نمائندے رانا غلام مصطفیٰ کے مطابق ڈکیتی کی یہ منفرد واردات پنجاب کے علاقے ڈسکہ میں پیش آئی۔ جہاں ایک ڈاکو مسافر کے روپ میں رکشے میں سوار ہوا اور رکشا ڈرائیور اس کی بتائی ہوئی منزل کی جانب روانہ ہوا۔
تاہم ویرانے میں مذکورہ سوار نے رکشا ڈرائیور اعظم کو بے ہوشی کا انجکشن لگا کر لوٹ لیا اور فرار ہو گیا۔
متاثرہ رکشا ڈرائیور کو بے ہوش دیکھ کر لوگوں نے اس کو قریبی اسپتال پہنچایا۔ تاہم انجکشن کے اثر کے باعث وہ 8 گھنٹے تک بے ہوش پڑا رہا۔ جب ہوش آیا تو اپنے لٹنے کی خبر ہوئی۔
اعظم تھانے پہنچا اور واردات کی رپورٹ درج کرائی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ ڈاکو رکشا ڈرائیور سے 70 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون اور 12 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوا۔
متاثرہ رکشا ڈرائیور اعظم کا کہنا ہےکہ میں غریب آدمی ہوں، ٹانگیں کام نہیں کرتیں۔ مجھے میری لوٹی ہوئی رقم اور موبائل فون دلایا جائے۔