Tag: رکشا گینگ

  • پولیس کی ایک اور رکشہ گینگ سے مڈبھیڑ، اہل کار کے بازو میں گولی لگ گئی

    پولیس کی ایک اور رکشہ گینگ سے مڈبھیڑ، اہل کار کے بازو میں گولی لگ گئی

    کراچی: شہر قائد میں پولیس کی ایک اور رکشہ گینگ سے مڈبھیڑ ہو گئی ہے، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہل کار کے بازو میں گولی لگ گئی اور وہ شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں عمر شریف پارک کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس میں رکشہ گینگ کے ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہل کار دیدار زخمی ہو گیا۔

    شیریں جناح کالونی کے قریب پولیس مقابلے میں کلفٹن پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ملزمان کو گرفتار بھی کر لیا ہے، جب کہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    زخمی ہونے والے پولیس اہل کار دیدار کے دائیں بازو میں کہنی کے پاس گولی لگی جو اندر پھنس گئی، پولیس اہل کار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے بازو سے گولی نکالی گئی، اس سلسلے میں سامنے آنے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولی سے بازو میں واضح سوراخ بن گیا ہے۔

    گرفتار ہونے والے رکشہ گینگ کے ملزمان اور ان سے برآمد اسلحہ

    ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ پولیس نے مشکوک رکشے کو روکنے کی کوشش کی تھی تاہم رکشے میں سوار ملزمان پولیس کو دیکھ کر فرار ہو گئے، ملزمان نے عمر شریف پارک کے قریب رکشہ چھوڑا اور قریب خالی پلاٹ میں گھس گئے۔

    رکشہ گینگ سے جڑے 2 انتہائی مطلوب ملزمان فوٹیج کی مدد سے گرفتار

    ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق پولیس جیسے ہی خالی پلاٹ میں اندر داخل ہوئی ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے بعد پولیس نے جوابی فائرنگ کی، اور دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس اہل کار دیدار کے بازو میں لگی گولی کا سوراخ

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 پستول، ایک بیٹری اور ایک رکشہ برآمد ہوئے ہیں، پولیس فرار ہونے والے ملزم کو تلاش کر رہی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی ماڈل تھانہ فیروزآباد نے ایک کارروائی میں دو انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان کا تعلق رکشہ گینگ سے تھا۔

  • رکشہ گینگ سے جڑے 2 انتہائی مطلوب ملزمان فوٹیج کی مدد سے گرفتار

    رکشہ گینگ سے جڑے 2 انتہائی مطلوب ملزمان فوٹیج کی مدد سے گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے فیروزآباد کی پولیس نے رکشہ گینگ سے جڑے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی ماڈل تھانہ فیروزآباد نے ایک کارروائی میں دو انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار کر لیے، ملزمان کا تعلق رکشہ گینگ سے ہے، ملزمان کو خفیہ اطلاع پر رکشے سمیت گرفتار کیا گیا۔

    ایس ایس پی ایسٹ ساجد سدوزئی کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ایک سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان میں عمر اور جنید احمد شامل ہیں، یہ ملزمان رکشے میں جرائم کی وارداتیں کیا کرتے تھے۔

    رکشہ گینگ کے ملزمان عمر اور جنید احمد

    ساجد سدوزئی کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، یہ کراچی کے علاقوں بہادرآباد، گلشن، فیروزآباد اور دیگر جگہوں پر وارداتیں کر چکے ہیں، ملزمان سے چھینی ہوئی رقم ، اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد کیے گئے ہیں۔

    پندرہ دن قبل ہونے والی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج، جس کی مدد سے پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا

    معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ ملزمان وارداتوں کے لیے رکشے کا استعمال کر رہے تھے، راہ گیروں کو لوٹ کر رکشے میں فرار ہو جاتے تھے، 15 دن قبل ایسی ہی ایک واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے آخر کار دونوں کو گرفتار کر لیا۔