Tag: رکشہ

  • کراچی: چلتے رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرنے والا ڈرائیور گرفتار

    کراچی: چلتے رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرنے والا ڈرائیور گرفتار

    کراچی: سہراب گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چلتے رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

    چلتے رکشے میں لڑکی کو ہراساں کرنے والے ڈرائیور کو ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے حراست میں لےلیا ہے، پولیس نے بتایا کہ ملزم کا نام عثمان بنگش ہے جس کیخلاف مختلف دفعات کےتحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    رکشہ ڈرائیور عثمان بنگش جس دوران لڑکی کو ہراساں کررہا تھا، ہراسگی کے دوران متاثرہ لڑکی نے رکشہ ڈرائیور کی ویڈیو بھی بنائی۔

    کچھ مہینوں قبل ڈرائیور کے خلاف لیڈی ڈاکٹر کے ہراسگی کیس میں سپریم کورٹ نے اہم فیصلہ دیتے ہوئے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی تھی۔

    سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ نے ہراسگی سے متعلق کیس میں ریمارکس میں کہا کہ لاکھوں لوگ ورک پلیس پر ہراسگی سے متاثر ہوتے ہیں لیکن مردوں کے مقابلے میں خواتین زیادہ ہراسگی کا شکار ہوتی ہیں۔

    جسٹس منصور نے فیصلے میں کہا گلوبل جینڈر گیپ انڈیکس 2024 کے مطابق 146 میں سے پاکستان کا 145 واں نمبر ہے، امریکا کی سپریم کورٹ نے ایک فیصلے میں کہا یرغمالی ماحول بھی ہراسگی کی تعریف میں آتا ہے۔

    فیصلے کے مطابق لیڈی ڈاکٹر سدرہ نے ڈرائیور کے خلاف ہراسگی کے معاملے پر پنجاب محتسب سے رجوع کیا تھا، جس پر محتسب نے ڈرائیور محمد دین کو جبری ریٹائرمنٹ کی سزا دی تھی۔

    https://urdu.arynews.tv/malakand-university-professor-on-harassment-charges/

  • بیوہ خاتون اپنا رکشہ ڈھونڈنے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی، ویڈیو رپورٹ

    بیوہ خاتون اپنا رکشہ ڈھونڈنے لیاری میں منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی، ویڈیو رپورٹ

    لیاری میں خستہ حال عمارت گرنے کے سانحے کی دلدوز کہانیاں ختم نہیں ہو سکی ہیں، اب بھی روز نئی کہانی سامنے آ رہی ہے۔

    ایسی ہی ایک دکھی کر دینے والی کہانی نیا آباد سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون کی بھی ہے جو اپنا رکشہ ڈھونڈنے عمارت کے ملبے پر پہنچ گئی۔

    خاتون نے بتایا ’’میں نے قسطوں پر رکشہ لیا تھا، عمارت گری تو میرا رکشہ بھی ملبے تلے دب گیا، رکشے کے ایک لاکھ 40 ہزار روپے ایڈوانس دیے تھے۔‘‘


    لیاری سانحہ : بیٹی گیتا کی زندگی کی آس لگائے ملبے پر بیٹھی ماں کی فریاد


    بیوہ خاتون روتی ہوئی بولی کہ ان کو رکشے کے بقایا پیسے قسطوں میں ادا کرنے ہیں لیکن رکشہ تو تباہ ہو چکا ہے، اب وہ کیا کرے کہاں جائے، خاتون نے اپیل کی کہ حکومت اس کی مدد کرے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • تیز رفتار سرکاری ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے رکشہ مکمل تباہ، ویڈیو

    تیز رفتار سرکاری ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے رکشہ مکمل تباہ، ویڈیو

    رپورٹر: عدنان راجپوت

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کریم آباد کے قریب تیز رفتار سرکاری گاڑی نے رکشہ کو ٹکر مار کر اسے تباہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کریم آباد میں ایک تیز رفتار ڈبل کیبن گاڑی نے رکشے کو ٹکر مار دی، حادثے کے بعد شہری مشتعل ہو گئے، اور سرکاری گاڑی میں موجود ڈرائیور کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں، سرکاری گاڑی کے حادثے کی اطلاع پر ڈی ایس پی عزیز آباد بھی نفری کے ساتھ موقع پر پہنچے، پولیس کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقعہ ہے کسی شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا، تاہم تفتیش کی جا رہی ہے۔

    شہریوں کے مشتعل ہونے کی ویڈیو اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی جس میں مشتعل شہریوں کو ڈرائیور کو باہر نکالنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ گاڑی کی ٹکر سے رکشہ مکمل تباہ ہو گیا ہے۔


    کراچی میں پانی بحران کی بڑی وجہ سامنے آ گئی، پولیس کی مبینہ سرپرستی میں پانی کی چوری


    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری ڈبل کیبن گاڑی پولیس کے اعلیٰ افسر کی ہے، معلومات حاصل کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ حادثے کے مقام پر کسی کو ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ شہریوں‌ کا کہنا ہے کہ پولیس معاملے کو دبا رہی ہے.

  • شکارپور میں رکشہ سے 4 افراد اغوا

    شکارپور میں رکشہ سے 4 افراد اغوا

    پولیس کا کہنا ہے کہ شکار پور کی حدود میں رکشے سے 4 افراد کو اغوا کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شکارپور کے چک تھانے کی حدود میں لنک روڈ پر 4 افراد کو اغوا کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے خالی رکشی برآمد کرلیا ہے۔

    شکار پور پولیس کا کہنا ہے کہ چاروں افراد رکشہ میں گاؤں عیسیٰ ٹانوری جارہے تھے، خالی رکشہ رستم کے کچے کے علاقے سے برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں، جلد مغوی کو بازیاب کروالیا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور میں ماڈل ٹاؤن تھانے کے پولیس اہلکاروں نے ڈاکٹر کو اغوا کر کے تاوان وصول کرلیا، پولیس اہلکار ڈاکٹر کو اغوا کر کے گجومتہ لے گئے جہاں سے ایک پولیس اہلکار ڈاکٹر مختار کا اے ٹی آیم کارڈ لینے ان کے گھر پہنچا۔

     کارڈ ملنے پر تین موٹر سائیکلوں پر سوارپولیس اہلکار ڈاکٹر کو لیکر جنرل اسپتال کے قریب نصب اے ٹی ایم پہنچ گئے، اور اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکال لیے۔

    ڈاکٹر نے اے ٹی ایم سے ایک لاکھ روپے نکال کر اس کے حوالے کئے، اہلکار اکاؤنٹ میں موجود باقی رقم بھی نکالنے کیلئے ڈاکٹر پر دباؤ ڈالتا رہا لیکن اے ٹی ایم کی حد پوری ہونے کے باعث مزید رقم نہ نکالی جاسکی۔

  • رکشے میں بیٹھی خاتون پر نوجوان نے تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    رکشے میں بیٹھی خاتون پر نوجوان نے تیزاب پھینک دیا، دل دہلا دینے والی فوٹیج

    پشاور: خیبر پختون خوا کے مرکزی شہر پشاور میں آبدرہ روڈ پر رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینکنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تیزاب گردی کا ایک دل خراش واقعہ پیش آیا ہے، آبدرہ روڈ پر 2 موٹر سائیکل سوار نوجوانوں نے رکشے میں سوار ایک خاتون پر تیزاب پھینک دیا، جس سے کئی خواتین جھلس گئیں۔

    نقاب پوش 2 موٹر سائیکل سوار لڑکے رکشے کا پیچھا کر رہے تھے، آبدرہ روڈ پہنچتے ہی پیچھے بیٹھے لڑکے نے رکشہ سوار خواتین پر تیزاب پھینک دیا، فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    تفتیشی پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی ہے، متاثرہ خاتون کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی، جس کے مطابق 28 سالہ خاتون اور 15 سالہ لڑکی سمیت 4 افراد پر تیزاب پھینکا گیا۔

    ایف آئی آر کے مطابق خاتون نے بتایا کہ سابقہ شوہر انھیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتا تھا، تیزاب سابقہ شوہر نے ہم پر پھینکا۔


  • رکشہ دو ٹریلرز کے درمیان پِس گیا، دل دہلا دینے والے حادثے میں بچہ جاں بحق

    رکشہ دو ٹریلرز کے درمیان پِس گیا، دل دہلا دینے والے حادثے میں بچہ جاں بحق

    کراچی: شہر قائد کے علاقے لانڈھی داؤد چورنگی کے قریب دو ٹریلرز کے درمیان ایک رکشہ پِس گیا، اس دل دہلا دینے والے حادثے میں معصوم بچہ جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لانڈھی داؤد چورنگی پر پل چڑھتے ہوئے 22 ویلر ٹریلر بریک فیل ہونے سے واپس اتر گیا، ٹریلر کے پیچھے آنے والا رکشہ اس کی زد میں آ گیا، جو رکشے کو رگیدتے ہوئے پیچھے موجود ایک اور ٹریلر کے پاس لے گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بریک فیل ہونے والے ٹریلر کے پیچھے جو رکشہ آ رہا تھا اس میں فیملی سوار تھی، رکشہ ڈرائیور نے مڑنے کی کوشش بھی کی لیکن موقع نہیں ملا، ٹریلر اپنے ساتھ رکشہ کو رگڑتا ہوا آیا، اس وقت اس کے پیچھے 10 ویلر ٹریلر آ گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بدقسمت رکشہ دونوں ٹریلر کے درمیان آنے سے ٹریلر کے نیچے پھنس گیا، اس حادثے میں رکشہ ڈرائیور اور رکشے میں موجود فیملی زخمی ہوئی، جب کہ ایک بچہ جاں بحق ہو گیا، اور ٹریلر کا ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔

  • رکشے میں جدت پیدا کرنے والی این سی اے کی طالبہ

    رکشے میں جدت پیدا کرنے والی این سی اے کی طالبہ

    رکشے کی سواری پاکستان میں بے حد عام ہوتی جارہی ہے تاہم یہ بالکل بھی آرام دہ سواری نہیں جس کی وجہ سے لوگ اسے مجبوری میں ہی استعمال کرتے ہیں۔

    اب ایک طالبہ فاطمہ خان نے اسی رکشے کا رنگ و روپ بدل کر اسے نہایت خوبصورت سواری بنا دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں فاطمہ خان نے شرکت کی اور اپنے پروجیکٹ کے بارے میں بتایا۔

    فاطمہ نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کی طالبہ ہیں اور یہ رکشہ دراصل ان کا ایک پروجیکٹ تھا جس میں انہوں نے رکشے میں کچھ تبدیلیاں کر کے اسے خوبصورت شکل دے دی۔

    فاطمہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 3 پہیوں کی گاڑی کو رکشہ ہی سمجھا جاتا ہے اور لوگ اس میں بیٹھنا معیوب سمجھتے ہیں، تاہم ان کی تبدیلیوں کے بعد یہ رکشہ بہترین سواری بن گیا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ فی الحال اس رکشے کی تیاری میں 2 لاکھ روپے کی لاگت آئی۔ وہ مستقبل میں اسے الیکٹرک پاورڈ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

  • صدر مملکت کے ساتھ بی آر ٹی میں سفر کے بعد جب ہم کراچی پہنچے؟

    صدر مملکت کے ساتھ بی آر ٹی میں سفر کے بعد جب ہم کراچی پہنچے؟

    کراچی: شہر قائد کی سڑکوں کا حال ایک طرف اور دوسری طرف ٹرانسپورٹ کی بری حالت، اس شہر پر ایک عرصہ گزر گیا اور نہ اس کی سڑکوں نے ترقی کی، نہ اس پر روزانہ لاکھوں لوگوں کو منزلوں تک پہنچانے کے لیے دوڑنے والی ٹرانسپورٹ میں کچھ بہتری آئی۔

    لیکن اس شہر پر قبضہ جمانے، اور اس کی ملکیت کے دعوے دار کئی ایک ہیں، اور شہر کی حالت زار دیکھتے ہوئے بھی دعوے داروں کو کبھی حیا نہ آئی، کبھی انھوں نے اپنی ‘ذمہ داری’ کو ‘اون’ نہیں کیا۔

    اس صورت حال کو نمایاں کرنے کے لیے آج پاکستان تحریک انصاف کراچی کے کچھ پارلیمنٹیرینز نے ایک مختصر سی دل چسپ ویڈیو بنائی اور صحافیوں سے شیئر کی۔

    پی ٹی آئی کے ایم پی ایز نے صدر مملکت عارف علوی کے ساتھ کچھ دیر قبل بی آر ٹی میں سفر کیا، اور پھر انھوں نے کراچی کی ٹرانسپورٹ کا ‘مزا’ لینے کا تجربہ کیا، ان شخصیات میں راجہ اظہر، سعید آفریدی اور راسبتان خان شامل تھے، جنھوں نے بی آر ٹی کے آرام دہ سفر کے بعد رکشے میں سفر کیا۔

    ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ایم پی اے راجہ اظہر نے بتایا کہ تھوڑی دیر پہلے ہم وی آئی پی بی آر ٹی گرین لائن میں صدر پاکستان کے ساتھ سفر کر رہے تھے، ہم نے نمائش چورنگی تا پٹیل پاڑہ اچھا سفر کیا، اور اب ٹوٹی سڑکوں پہ سفر کر رہے ہیں، ہماری کمر دکھ گئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے اراکین اچھے موڈ کے ساتھ رکشے میں سفر کر رہے ہیں، لیکن لگنے والے جھٹکے بتاتے ہیں کہ کراچی کی سڑکوں پر رکشے میں بیٹھنا کیسا ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ زیادہ تر لوگ بیمار افراد کو رکشے میں نہیں لے کر جاتے۔

    راجہ اظہر نے ویڈیو میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ صاحب، کراچی کو سڑکیں اور ٹرانسپورٹ دیں، ہم نے ابھی کچھ دیر قبل جو بی آر ٹی میں سفر کیا تو دیکھا کہ وہاں لوگ وزیر اعظم کو دعائیں دے رہے ہیں، تو مراد علی شاہ صاحب آپ بھی دعائیں سمیٹ سکتے ہیں۔

  • بیٹی کو بائیک اور رکشے سمیت ہر طرح کی گاڑی سکھانے والے والد

    بیٹی کو بائیک اور رکشے سمیت ہر طرح کی گاڑی سکھانے والے والد

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے رہائشی شبیر خان نے اپنی بیٹی کو ہر قسم کی گاڑی چلانا سکھا دی، ان کی بیٹی ندا رکشہ چلاتی ہیں اور اب اس سے روزگار کما رہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ایسے والد اپنی بیٹی کے ساتھ شریک ہوئے جنہوں نے بیٹیوں کو ہر طرح کی گاڑی چلانا سکھائی ہے۔

    شبیر خان نامی ڈرائیور نے اپنی بیٹی ندا کو موٹر سائیکل، گاڑی، رکشہ، حتیٰ کہ ٹینکر تک چلانا سکھا دیا ہے۔ شبیر خان اپنے گاؤں میں بچوں کو اسکول چھوڑنے اور لانے کا کام کرتے تھے اور پھر ان کی بیٹی بھی سوزوکی سیکھ کر ان کا اس کام میں ہاتھ بٹانے لگی۔

    بعد ازاں کراچی آنے کے بعد انہوں نے بائیک چلانا سیکھی، اس کے بعد پھر وہ رکشہ بھی چلانا سیکھ گئیں اور اب اس سے روزگار کما رہی ہیں۔

    ندا اور ان کی چھوٹی بہن نے باکسنگ بھی سیکھ رکھی ہے۔ وہ بتاتی ہیں کہ جب بھی بائیک چلاتے ہوئے کوئی شخص انہیں ہراساں کرنے کی کوشش کرتا تھا تو وہ اس پر باکسنگ کے داؤ آزماتی ہیں۔

    شبیر خان بتاتے ہیں کہ ندا نے 10 سال کی عمر میں پہلی ڈرائیونگ سیکھی۔

    ان کی 5 بیٹیاں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ ان کی بیٹیاں کسی بھی طرح بیٹوں سے کم نہیں۔ انہیں اپنی بیٹیوں پر بے حد فخر ہے۔

  • میرپورخاص میں کاراوررکشے میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    میرپورخاص میں کاراوررکشے میں تصادم، 4 افراد جاں بحق

    میرپورخاص: صوبہ سندھ کے شہر میرپورخاص میں کار اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق میرپورخاص میں کار اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 افراد زخمی ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق افسوس ناک حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    بدین میں مسافر کوچ کو حادثہ، 8 افراد جاں بحق

    اس سے قبل 19 اپریل کو بدین میں مورجھر کے قریب کراچی سے آنے والی مسافر کوچ تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی تھی، حادثے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    یاد رواں سال 7 فروری کو خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    واضح رہے کہ 21 جنوری 2019 کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب مسافر بس اور ٹرک کے مابین ہونے والے تصادم کے باعث 26 افراد جاں بحق جبکہ17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔