Tag: رکن سندھ اسمبلی

  • عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً  پورا ملک جام کردیں گے، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی دھمکی

    عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پورا ملک جام کردیں گے، پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کی دھمکی

    لاہور : رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پاکستان میں اپنی ٹرانسپورٹ کو وہیں روک دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان کی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اہم ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پی ٹی آئی کے رہنماوٴں کی گرفتاری اور کراچی حیدرآباد بلدیاتی الیکشن کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    عمران خان نے ملک شہزاد اعوان کو انکی کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا۔

    ملک شہزاد اعوان نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب ہدایت کریں میرے لیے کیا حکم ہے،میں نے اپنا لائحہ عمل تیار رکھا ہے، یہ آپ کو گرفتار کرنے کی ہمت اور طاقت نہیں رکھتے، آپ کو گرفتار کیا گیا تو احتجاجاً پاکستان میں اپنی ٹرانسپورٹ کو وہیں روک دیں گے۔

    ملک شہزاد اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کو آپ سے بہت امید ہیں، خوشحال پاکستان کے لیے آپ ہماری آخری امید ہیں،ہم آپ کی حفاظت کو پاکستان کے مستقبل کی حفاظت سمجھتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ میانوالی کے لوگوں سمیت کراچی اور پاکستان کے مختلف لوگ آپ کی کال کے انتظار میں ہیں۔

    بعد ازاں ملک شہزاد اعوان نے ٹرانسپورٹرز اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین عمران کی گرفتاری پر اپنا لائحہ عمل انہیں پیش کردیا ہے، میں اپنی ٹرانسپورٹ برادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،لاہور کی ٹرانسپورٹ برادری کل سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر سراپا احتجاج ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ اگر یہ چاہتے ہیں کہ پورا پاکستان جام ہوجائے تو آکر خان صاحب کو گرفتار کر لیں،قوم اس امپورٹڈ حکومت کے نمائندوں کو سڑکوں پر گھسیٹے گی، ہم خون کے آخری قطرے تک اپنے چیئرمین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

  • رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار

    کراچی: سندھ اسمبلی کی سابق ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئیں، کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی، ایم پی اے اور پیپلز پارٹی کی رکن شہلا رضا کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا، سندھ اسمبلی کے 25 ارکان پہلے ہی کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے کرونا وائرس ٹیسٹ کا رزلٹ شیئر کیا، ان کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

    شہلا رضا نے لکھا کہ گھر کے دیگر افراد کے کرونا وائرس ٹیسٹ کی رپورٹ کا انتظار ہے، انہوں نے اپنے اور اپنے اہلخانہ کے لیے دعا کی درخواست بھی کی۔

    رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا نے گزشتہ روز کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا تھا جس کے مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

    خیال رہے کہ سندھ اسمبلی کے مزید 25 اراکین بھی کرونا وائرس کا شکار ہیں، صرف سندھ میں کرونا سے متاثر مریضوں کی تعداد 53 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

    مجموعی طور پر ملک بھر میں اس مہلک وبا سے متاثر مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، گزشتہ ایک روز کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز سامنے آئے۔

    صرف گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 97 افراد کرونا انفیکشن کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی ہے۔

    پاکستان کرونا کیسز کا گراف مزید بلند ہونے کے بعد کیسز کی تعداد کے لحاظ 213 ممالک میں 15 واں ملک بن چکا ہے۔ ملک میں 10 لاکھ کی آبادی میں اموات کی شرح 10 سے بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے، جبکہ 10 لاکھ کی آبادی میں کیسز کی تعداد بھی بڑھ کر 655 ہوگئی۔

    ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 88 ہزار 28 ہے، جبکہ اب تک 53 ہزار 721 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔

  • رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

    رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ درج

    نوشہروفیروز: پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ دریا خان مری میں درج کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نوشہرو فیروزمیں زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی علی رضا کی مدعیت میں درج کر لیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں مقتولہ کے بہنوئی کا بھائی، وقار، یونین کونسل چیئرمین نامزد کیے گئے ہیں۔

    مقتولہ کے شوہر حمید انصاری نے پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے کہا کہ درخواست کے باوجود پولیس نے سیکورٹی فراہم نہیں کی، ڈی سی نوشہرو فیروز کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کی کوئی درخواست نہیں ملی۔ پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے شہناز انصاری کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کر دی ہے، گورنر اور وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

    گزشتہ روز شہناز انصاری اپنے بہنوئی ڈاکٹر زاہد کے گھر چہلم میں پہنچی تھیں جہاں ان پر فائرنگ کی گئی، انھیں شدید زخمی حالت میں نواب شاہ اسپتال پہنچایا گیا لیکن وہ جاں بر نہ ہو سکیں۔ گزشتہ روز انھیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    پولیس کے مطابق مقتولہ کو تین گولیاں لگی تھیں، واردات کے بعد قاتل بہ آسانی فرار ہو گئے، انھیں کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں، واقعے کے وقت رکن سندھ اسمبلی کے ساتھ کوئی سیکورٹی گارڈ بھی موجود نہیں تھا اور نہ ہی پولیس کی نفری موجود تھی۔

    پیپلز پارٹی کی رکن اسمبلی شہلا رضا نے اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ شہناز انصاری کی کسی سے ذاتی دشمنی نہیں تھی وہ اپنے علاقے میں سوشل ورکر کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق شہناز انصاری 2 بار رکن اسمبلی منتخب ہوئیں، 2013 میں خواتین کی مخصوص نشست پر وہ رکن بنیں اور 2018 میں پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر الیکشن جیتا۔

  • مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری سپرد خاک کر دی گئیں

    نوشہرو فیروز: زمین کے تنازعے پر قتل کی جانے والی رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد انہیں اسماعیل شاہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کی نماز جنازہ ادا کردی گئی، نماز جنازہ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں ضیا لنجار، عاجز دھامرا، ممتاز چانڈیو اور سرفرازشاہ، پارٹی کارکنوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے بعد کارکنان اور ورثا نے ملزمان کی گرفتاری کے نعرے لگائے، بعد ازاں اسماعیل شاہ قبرستان میں شہناز انصاری کی تدفین کردی گئی۔

    اس موقع پر پیپلز پارٹی رہنما عاجز دھامرا کا کہنا تھا کہ ایم پی اے شہناز انصاری کو دن دہاڑے قتل کیا گیا، ایم پی اے قتل ہوگئی لیکن آئی جی سندھ آرام سے سوئے ہوئے ہیں۔ آئی جی کے ٹرانسفر سے روکیں گے تو جرائم پیشہ افراد متحرک ہوجائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس پر گرفت نہیں رکھے گی تو ایسے حالات پیدا ہوں گے۔

    خیال رہے کہ رکن سندھ اسمبلی شہناز انصاری کو گزشتہ روز نوشہرو فیروز میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، شہناز انصاری کو 3 گولیاں لگیں اور انہیں تشویشناک حالت میں نوابشاہ اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

    مقتولہ کو کافی عرصے سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہورہی تھیں، واقعے کے وقت وہ بغیر کسی سیکیورٹی کے ایک مجلس میں شریک تھیں۔

  • سپریم کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان  کو نااہل قرار دے دیا

    سپریم کورٹ نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان کو نااہل قرار دے دیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی کو نااہل قرار دیتے ہوئے پی ایس 11 لاڑکانہ میں دوبارہ الیکشن کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ندا کھوڑو بنام معظم علی انتخابی عذرداری کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

    عدالت عظمیٰ نے محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، جسٹس اعجازالاحسن نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

    سپریم کورٹ نے ندا کھوڑو کی درخواست منظور کرلی اور سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہویے پی ایس 11 لاڑکانہ 2 میں دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دے دیا۔

    عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کو معظم علی خان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دے دیا۔

    پیپلرپارٹی کی امیدوار برائے صوبائی اسمبلی ندا کھوڑو نے رکن سندھ اسمبلی معظم علی خان کے خلاف سپریم کورٹ میں الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

    الیکشن ٹربیونل نے معظم علی خان کے خلاف جنوری 2019 میں ندا کھوڑو کی درخواست مسترد کردی تھی۔ معظم علی خان حلقہ پی ایس 11 لاڑکانہ 2 سے جی ڈی اے کے ٹکٹ پر ممبر سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

  • سندھ اسمبلی: کامران اختر ایوان میں مہنگے ٹماٹر لے آئے

    سندھ اسمبلی: کامران اختر ایوان میں مہنگے ٹماٹر لے آئے

    کراچی: سندھ اسمبلی کے اجلاس میں عوامی مسائل پر گفتگو ہونے کے بجائے عجب تماشے ہونے لگے۔ رکن اسمبلی کامران اختر مہنگے ٹماٹر اسمبلی لے آئے تو نصرت سحر عباسی ائیر کینڈیشن کی ٹھنڈی ہوا میں ٹھٹھرنے لگیں اور انہیں یہ بھی سازش لگنے لگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں عوامی مسائل کے حل پر گفت وشنید کے بجائے تفریح کاماحول چھایا رہا اور سندھ اسمبلی پکنک پوائنٹ کا منظر پیش کرنے لگی۔

    فنکشنل لیگ کی نصرت سحر عباسی ایوان میں سردی سے ٹھٹھرنے لگیں۔ انہیں ایئر کنڈیشن کی ٹھنڈی ہوا بھی اپوزیشن کے خلاف سازش لگی۔ نصرت سحر عباسی نے اسمبلی کی چھت ٹپکنے کی شکایت بھی کر ڈالی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رکن اسمبلی کامران اختر مہنگے ٹماٹر بغیر سیکیورٹی اسمبلی کے اندر لے آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قیمتی ٹماٹر آج کل شوہر تحفےمیں بیویوں کو دے رہے ہیں۔

    ان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب پر سہیل انور سیال نے کہا کہ باہر سے مزید ٹماٹرمنگوانے کا بھی ارادہ ہے۔ ایران سے پہلے ہی ٹماٹر آ رہے ہیں، قیمت پر قابو پانا پرائس کنٹرول کمشنر کا کام ہے۔

    بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس بغیر کسی کارآمد بحث کے ملتوی کردیا گیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ندیم راضی پی ایس پی میں شامل

    ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی ندیم راضی پی ایس پی میں شامل

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی ندیم راضی نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے ندیم راضی کی پی ایس پی میں شمولیت سے آگاہ کیا۔

    ندیم راضی ایم کیو ایم کی ٹکٹ پر پی ایس 121 سے رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

    مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس پی کےنظریےمیں کسی قسم کا ابہام نہیں ہے جبکہ پاک سرزمین پارٹی کے خلاف پروپیگنڈے کے باوجود سچائی چھپتی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں 35،35 سال پرانی پارٹیوں سے زیادہ مستحکم ہیں جبکہ پی ایس پی کو کراچی ،سندھ اور پاکستان کے لوگوں نے دیکھ لیا ہے۔

    پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ لگتا تھا این اے120الیکشن کے بعد دودھ کی نہری بہناشروع ہوجائیں گی،کیا این اے 120 کا الیکشن ہونےسے مسائل حل ہوگئے؟۔

    واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عجیب کیفیت ہےموجودہ وزیراعظم اب بھی نوازشریف کووزیراعظم کہتاہے،انہوں نے کہا کہ اداروں کو غلط ثابت کرنے کی مہم چلائی جارہی ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی، نامعلوم ملزمان رکن سندھ اسمبلی کی گاڑی چھین کر فرار

    کراچی، نامعلوم ملزمان رکن سندھ اسمبلی کی گاڑی چھین کر فرار

    کراچی : ڈیفنس میں نامعلوم مسلح افراد رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو کی گاڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس 27 نواب شاہ سے منتخب ہونے والے رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو کی سرکاری گاڑی جی ایس سی 836 سفید ٹویوٹا کرولا کو نامعلوم ملزمان چھین کر فرار ہو گئے تاحال گاڑی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے

    ذرائع کے مطابق رکن سندھ اسمبلی کی گاڑی کو ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 2 پر پی این ایس شفاء روڈ گوشت مارکیٹ کے پاس سے چھین کر فرار ہوگئے جب کہ مزاحمت کرنے پر رکن اسمبلی کے ڈرائیور کو تشدد کا بھی نشانہ بنایا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ نے واقعات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گاڑی چھیننے کے وقت رکن سندھ اسمبلی عبدالقادر چانڈیوگاڑی میں موجود نہیں تھے بلکہ گاڑی میں صرف ڈرائیور موجود تھا جو خریداری کے لیے گوشت مارکیٹ آیا تھا۔

    واضح رہے گزشتہ چند دنوں سے اسٹریٹ کرائمز وارداتوں میں ہوشرباء اضافہ ہوا ہے اور کئی شہری اپنے موبائلز، گاڑیاں اور قیمتی اشیاء سے مرکزی شاہراؤں پر محروم ہوگئے ہیں اور عام آدمی تو ایک طرف رکن اسمبلی بھی اس سے محفوظ نہیں رہے۔

  • پاکستان مخالف نعرے،  متحدہ رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی مستعفی

    پاکستان مخالف نعرے، متحدہ رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی مستعفی

    کراچی : ایم کیو ایم کی رکن صوبائی اسمبلی ارم عظیم فارقی نے سندھ اسمبلی کی رکنیت اور ایم کیو ایم سے استعفی دینے کا اعلان کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی مومنٹ کی رکن اسمبلی ارم عظیم فارقی نے صوبائی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم اور سندھ اسمبلی دونوں کو چھوڑ دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میں مستعفی ہونے کا فیصلہ تین ماہ قبل ہی کرچکی تھی، مجھے مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کو بھائی کہنے پر لندن سے معطل کردیا گیا تھا اور مجھے گھر بٹھا دیا گیا تھا کہ پارٹی کے کسی ایونٹ میں شامل نہیں ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے آج کی پاکستان مخالف تقریر سے دکھ ہوا، میں قائد ایم کیو ایم کی تقریر کی مذمت کرتی ہوں، پاکستان کی بات کرنے والے قائد ایم کیوایم کو آج کیا ہوگیا؟ وہ تو پاکستان بنانے والوں کی اولادوں میں سے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ میں پاکستانی ہوں اور ایسے نعروں میں شامل نہیں ہوسکتی، استعفی کا فیصلہ کرچکی تھی لیکن اس پر عمل درآمد آج کیا، نعروں پراور قائد تحریک کی پاکستان مخالف تقریر پردکھ ہوا۔

  • جیکب آباد : رکن سندھ اسمبلی نے سرکاری اسکول پر قبضہ کرکے گھر بنا لیا

    جیکب آباد : رکن سندھ اسمبلی نے سرکاری اسکول پر قبضہ کرکے گھر بنا لیا

    جیکب آباد : تحصیل ٹھل سے منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب سرکی  نے سرکاری اسکول پر قبضہ کر کے گھر میں تبدیل کردیا۔

    علاقے کے بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل سے منتخب رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب کی تعلیم دشمنی ظاہر ہوگئی، اپنے ہی حلقے کے سرکاری اسکول پرمبینہ طورپرقبضہ کرکے وہاں رہائش کیلئے گھر بناڈالا۔

    رکن اسندھ اسمبلی ڈاکٹر سہراب کے آبائی گاؤں گڑھی حسن سرکی کے قریب ان کی آبائی زرعی زمین ہے۔ جہاں گاؤں دین گڑھ میں ان کے والد سردار واحد بخش سرکی کے نام سے منسوب پرائمری اسکول ہے ۔

    مگراس اسکول میں اب بچے تعلیم حاصل نہیں کرتے بلکہ یہاں گھرآباد ہوگیا ہے ۔ رکن سندھ اسمبلی نے اس سرکاری اسکول پر قبضہ کرکے اپنی زرعی زمین پرکاشت کاری کرنے والے کسان کا گھرغیرقانونی طورپرقائم کرادیا ہے۔

    اس سرکاری اسکول پر قبضے کے بعد علاقے کے سینکڑوں بچوں کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ طلباء اور ان کے والدین نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی سیکریٹری تعلم سے مطالبہ کیا ہے کہ اسکول سے قبضہ ختم کرایا جائے اورتدریسی عمل شروع کرایا جائے۔

    +