Tag: رکن کانگریس

  • پاکستانی کمیونٹی امریکی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، رکن کانگریس

    پاکستانی کمیونٹی امریکی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، رکن کانگریس

    امریکا کے رکن کانگریس ایریک سوالویل نے کہا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی امریکی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، سوالویل کے اعزاز میں پاکستانی امریکن کمیونٹی نے استقبالیہ دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے کمیونٹی متحرک ہو گئی ہے، پاکستانی امریکن کمیونٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ایریک سوالویل کے اعزاز میں استقبالیہ دیا گیا۔

    اس موقع پر رکن کانگریس سوالویل کا کہنا تھا کہ پاکستانی کمیونٹی امریکی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

    رکن کانگریس نے ڈیموکریٹ رہنما ڈاکٹر آصف قدیر، تنویر احمد اور طاہر بھٹی سے گفتگو کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے لیے کردار ادا کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی، ان کے مطابق پاکستان کا دورہ طے ہے جلد وفد کے ہمراہ جاؤں گا۔

    واضح رہے کہ ایریک سوالویل کانگریس کی جوڈیشری کے ساتھ ساتھ کئی اہم کمیٹیوں کے رکن ہیں۔

  • امریکی رکن کانگریس کا مبقوضہ کشمیر میں بحران پر شدید تشویش کا اظہار

    امریکی رکن کانگریس کا مبقوضہ کشمیر میں بحران پر شدید تشویش کا اظہار

    واشنگٹن: امریکی رکن کانگریس جین شی کاسکی نے مقبوضہ کشمیر میں بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کو معاملے کا حل قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سلسلہ تاحال جاری ہے، بھارتی فوج نے نہتے کشمیریوں کی زندگی اجیرن کردی جبکہ مواصلاتی نظام بھی بند ہے۔

    امریکی رکن کانگریس جین شی کاسکی کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر کی حیثیت کی تبدیلی کے فیصلے سے خطرناک بحران نے جنم لیا۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا اور اقوام متحدہ کشمیر میں بحران کے خاتمے میں مؤثر کردار ادا کریں، بھارت میں حراستی کیمپ قائم کیے جارہے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا مذاق اڑایا جا رہا ہے: ہیومن رائٹس واچ

    ان کا کہنا تھا کہ نسل در نسل مقیم افراد کو شہریت ثابت کرنے کا کہا جارہا ہے، بھارت میں ایسا طرز عمل خطرناک رجحان ہے جس کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

    ادھر ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے بعد سے 4 ہزار سے زیادہ کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، بنیادی آزادی چھین کر اور گرفتاریوں سے انسانی حقوق کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

  • امریکی رکن کانگریس لوگوں کے گھروں میں کام کرنے پر اپنی والدہ کی شکر گزار

    امریکی رکن کانگریس لوگوں کے گھروں میں کام کرنے پر اپنی والدہ کی شکر گزار

    امریکی رکن کانگریس الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز نے گھریلو ملازمین کے لیے پیش کیے جانے والی بل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ کی شکر گزار ہیں جنہوں نے لوگوں کے گھروں میں کام کر کے انہیں پڑھایا۔

    امریکی رکن کانگریس الیگزینڈریا جنہیں امریکا کی سب سے کم عمر رکن کانگریس ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، صرف 29 سال کی عمر میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر نیویارک سے ایوان نمائندگان کی رکن منتخب ہوئیں۔

    وہ نہایت غریب گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں اور سخت جدوجہد کے بعد اس مقام پر پہنچی ہیں یہی وجہ ہے کہ امریکی نوجوانوں میں انہیں خاصی مقبولیت حاصل ہے۔

    الیگزینڈریا نے گھریلو ملازمین کے لیے پیش کیے جانے والی بل کی حمایت کرتے ہوئے بتایا کہ میری والدہ گھروں میں کام کرتی تھیں۔ میں دوسرے لوگوں کے گھروں کی سیڑھیوں پر، ان کی کھانے کی میزوں پر کتابیں پڑھتے اور ہوم ورک کرتے ہوئے بڑی ہوئی ہوں۔

    مزید پڑھیں: امریکی رکن کانگریس کامک بک سیریز کی ہیروئن بن گئیں

    انہوں نے کہا کہ میری والدہ لوگوں کے گھروں میں کام کرتی تھیں تاکہ میں پڑھ سکوں اور آگے بڑھ سکوں۔

    امریکی کانگریس میں پیش کیے جانے والے اس بل سے امریکا میں گھروں میں کام کرنے والے ملازمین اپنے بنیادی حقوق حاصل کرسکیں گے۔ یہ بل ان ملازمین کو بہتر کم سے کم اجرت اور اوور ٹائم کی اجرت کا حق دے گا جبکہ ان کے مالکان انہیں نوکری سے نکالنے سے قبل 30 دن کا نوٹس دینے کے پابند ہوں گے۔

    الیگزینڈریا کا کہنا تھا، ’اگر ہم ان ملازمین کے لیے لڑ رہے ہیں تو درحقیقت ہم ان بہت سی چھوٹی بچیوں کے لیے لڑ رہے ہیں جو میری طرح آنکھوں میں خواب سجائے تعلیم حاصل کر رہی ہیں‘۔

    انہوں نے کہا کہ یہ بل صرف گھریلو ملازمین کے لیے نہیں ہے بلکہ ان کے بچوں کے لیے بھی ہے جو امریکا کا مستقبل ثابت ہوسکتے ہیں۔

  • سرکاری افسر پر کیچڑ اچھالنے کے الزام میں رکن کانگریس گرفتار

    سرکاری افسر پر کیچڑ اچھالنے کے الزام میں رکن کانگریس گرفتار

    مہاراشٹر : بھارت کی ریاست مہاراشٹرا کی پولیس نے ممبئی گووا ہائی وے پر کام کا جائزہ لینے والے ڈپٹی انجینئر پر گدلے پانی سے حملہ کرنے پر کانگریس کے رکن اسمبلی نتیش رینے کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے کے بیٹے نتیش رینے کی جانب سے ممبئی گووا ہائی وے کی خراب حالت پر احتجاج کرتے ہوئے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سامنے آئی۔

    رپورٹ کے مطابق واقعے کے بعد نتیش کے خلاف ان کے حلقے کانکاؤلی میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرادی گئی، سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ڈکشٹ گیدام کا کہنا تھا کہ انہیں مذکورہ کیس میں پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    رکن اسمبلی کی جانب سے سرکاری انجینئر پر گدلا پانی انڈیلنے کی ویڈیو سوشل میڈیا میں وائرل ہوئی جس میں نتیش اور کانکاؤلی میونسپل کونسل کے صدر سمیر نالاواڈے کو ڈپٹی انجینئر پراکاش خیدکار پر مٹی سے بھرے گدلے پانی کی بالٹی انڈیلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ نتیش اور ان کے حامیوں کے خلاف سرکاری ملازم پر تشدد کی سیکشن 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    نتیش کی جانب سےسرکاری عہدیدار سے نامناسب رویہ اختیار کرنے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید پر سابق وزیر اعلیٰ نارائن رینے نے اپنے بیٹے کی کردار پر معذرت بھی کرلی تھی۔

    مہاراشٹرا کے سابق وزیر اعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے بیٹے کی جانب سے سرکاری عہدیدار پر گدلا پانی پھینکنے پر میں معذرت خوا ہوں، یہ احتجاج علاقے کے لوگوں کے لیے تھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما کیلاش ویجیاوارگیے کے بیٹے اور رکن اسمبلی آکاش کی جانب سے ایک سرکاری ملازم پر کرکٹ کے بلے سے تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

  • ٹرمپ اپنے اقتدار میں‌ ذاتی فوائد حاصل کررہے ہیں، رکن کانگریس

    ٹرمپ اپنے اقتدار میں‌ ذاتی فوائد حاصل کررہے ہیں، رکن کانگریس

    واشنگٹن : امریکی کانگریس میں خارجہ امور اور فنانس کمیٹی کے رکن وینستے غنزالز نے کہاہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے دور اقتدار میں بزنس ڈیل کے ذریعے ذاتی فوائد حاصل کررہے ہیں اور میری نظر میں امریکی سرحدوں پر دیوار کی تعمیر بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عرب امریکن کلچرل سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ ایک استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پہلے سے باؤنڈریز موجود ہیں، اس لئے اس دیوار کی کوئی ضرورت نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دیواردنیا بھر میں نفرت کی علامت سمجھی جاتی ہے، اس کا موازنہ ہم یورپ سے کر سکتے ہیں، جہاں اس کوشدید نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس لئے میں ذاتی طور پر اس دیوارکے بننے کا سخت مخالف ہوں، کانگریس میں اور کمیٹی میں اس کی بھر پور مخالفت کرتا رہوں گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس موقع پر مسلم ڈیمو کریٹک کاکس کے رہنما سید فیاض حسن،آفتاب صدیقی اور راجہ زاہد خانزادہ پرمشتمل وفد نےکانگریس کے رکن کو بی ڈی ایس بل سے متعلق ایک یادداشت پیش کی۔

    جس پر وینستے غنزالز نے کہا کہ اس بل سے متعلق مجھے معلومات نہیں ہیں، تاہم آج آپ نے جس طرح تحریری طور پر مجھے یہ لیٹر دیا ہے اور یہی طریقہ ہے کہ آپ اراکین کانگریس اور سینیٹرز سے رابطہ کر کے اپنی آواز ان تک پہنچائیں۔

    انہوں نے کہا کہ میں اس بل سے متعلق کانگریس میں آواز بننے کیلئے تیار ہوں، میں دوبارہ جب بھی ڈیلس آو ں گا تو اپنے ساتھ دیگر اراکین کانگریس کوبھی ساتھ لے کر آوں گا تا کہ دیگر اراکین کانگریس تک بھی آپ کی آواز پہنچے۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کے لئے ہمیں دنیا بھر میں مزاحمت کرنا ہو گی اور لڑنا ہو گا،فلسطین اور دنیا بھر کے دیگر ممالک میں انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں اس سے امریکیوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لئے وہ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔