Tag: رہبرکمیٹی کے سربراہ

  • حکومت اعلان کرے مارچ  میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اکرم درانی

    حکومت اعلان کرے مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی تو ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، اکرم درانی

    اسلام آباد : رہبرکمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے کہا ہے کہ حکومت پہلے واضح اعلان کرے کہ آزادی مارچ میں کوئی رخنہ نہیں ڈالا جائے گا تو پھر رابطہ کرے ، ہم جواب دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب پیشی کے بعد رہبرکمیٹی کے سربراہ اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت سنجیدہ نہیں لگتی، اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی جاتی ہےاور ساتھ ہی ہمیں گالیاں دی جاتی ہیں۔

    اکرم درانی کا کہنا تھا کہ حکومت پہلے واضح اعلان کرے کہ آزادی مارچ میں کوئی رخنہ نہیں ڈالاجائے گا، پھر رابطہ کرے تو ہم جواب دیں گے، جب تک آزادی مارچ رہے گا پیشیاں ہوتیں رییں گے۔

    رہبرکمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ حکومتی کمیٹی کے چئیرمین پرویز خٹک تو وزیراعلیٰ کے اختیارات استعمال کرکے اسلام آباد پر چڑھائی کرتے تھے، آزادی مارچ پر امن ہوگا اور یہ مارچ ہوکر رہے گا، اگر اس مارچ کو روکنے کی کوشش کی گئی تو حالت خراب ہوں گے۔

    گذشتہ روزاسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی کا اجلاس کنوینر اکرم خان درانی کی زیرصدارت ہوا، میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی نے کہا تھا کہ حکومت نے اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے لئے کمیٹی بنائی لیکن سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا، وزیراعظم کے بیانات غیر سنجیدگی کا ثبوت ہیں۔

    یاد رہے حکومتی کمیٹی اور جے یو آئی میں باضابطہ رابطے کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مذاکرات منسوخ کرتے ہوئے مذاکرات کے اختیارات رہبر کمیٹی کوسپرد کر دئیے تھے اور کہا تھا بائیس اکتوبرسے پہلے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔

    واضح رہے مذاکرات کے لیے بنی کمیٹی کے سربراہ پرویزخٹک نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ مذاکرات نہیں ہوئے تو کارروائی ہوگی۔