Tag: رہنما کم جونگ ان

  • امریکا جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    امریکا جزیرہ نما کوریا کے پرامن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے، شمالی کوریا

    پیانگ یانگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کے درمیان ملاقات کے چند روز بعد ہی شمالی کوریا نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا جزیرہ نما کوریا کے پر امن ماحول کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہا ہے۔

    برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں شمالی کوریا کے مشن نے کہا ہے کہ امریکا بات چیت کے باوجود دشمنی پر تلا ہوا ہے اور امریکا کو پابندیاں لگانے کا جنون ہے۔

    شمالی کورین وفد نے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خبردار کیا کہ امریکا کی جانب سے جان بوجھ کر شمالی کوریا کے پر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش سے محتاط رہنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکا، فرانس جرمنی اور برطانیہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے تمام ممبران کو خط بھیجا گیا ہے جس میں شمالی کوریا پر مزید پابندیوں اور شمالی کوریا کے ورکرز کو ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ شمالی کوریا میں قدم رکھنے والے پہلے صدر بن گئے

    خیال رہے کہ 30 جون کو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کی سرزمین پر قدم رکھنے والے پہلے امریکی صدر کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی اور جنوبی کوریا کے غیر فوجی علاقےمیں ہونے والی تاریخی ملاقات کے موقع پر کہا تھا کہ ’یہ تاریخی لمحات میرے ’قابل فخر‘ ہیں۔

    شمالی کوریا کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’دوبارہ ملاقات کرکے خوشی ہوئی، امید نہیں تھی کہ اس مقام پر ملیں گے‘۔

  • شمالی ،جنوبی کوریا کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لائحہ عمل پراتفاق

    شمالی ،جنوبی کوریا کا جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لائحہ عمل پراتفاق

    پیانگ یانگ : جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمےکے لائحہ عمل پراتفاق کیا۔

    تفصیلا ت کے مطابق شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ میں جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کی کم جونگ ان سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

    جنوبی کوریا کے وزیرِدفاع اورشمالی کوریا کی فوج کے سربراہ نےعسکری تناؤ کم کرنے کے حوالے سے معاہدے پردستخط بھی کیے۔

    دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی معاہدہ خطے میں خطرات کو ختم کرنے اور امن کی جانب بڑا قدم ہے۔

    اس موقع پر جنوبی کوریا کے صدرمون جائے کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا نے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے لئے لائحہ عمل پراتفاق کیا ہے اور صدرکم جونگ ان نے میزائل ٹیسٹ سائٹ کو امریکی اقدامات سے مشروط کرکے بند کرنے کی حامی بھی بھری ہے۔

    صدر مون جی ان نے مزید کہا کہ جنگ کے خاتمے کے دور کا آغاز ہوچکا ہے، شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان جلد جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔

    خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں ان دونوں رہنماؤں کی یہ تیسری ملاقات  ہے۔

    اس سے قبل جنوبی کوریائی صدر مون جے ان کے خصوصی مندوب نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان سے ملاقات کی تھی اور انہیں جنوبی کوریا کے صدر کا خصوصی خط بھی پیش کیا تھا۔

    مزید پڑھیں :  تاریخی ملاقات کے بعد جنوبی اور شمالی کوریا کے درمیان تعلقات میں بہتری آنے لگی

    یاد رہے کہ مون جے ان اور کم جونگ ان نے تاریخی ملاقات رواں سال اپریل میں کی تھی، صدر شمالی کوریا خصوصی ملاقات کے لیے جنوبی کوریا پہنچے تھے۔

    بعد ازاں دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے باہمی جنگ کے خاتمے کے اعلان کے ساتھ ساتھ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ پر بھی اتفاق کیا تھا۔