Tag: ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی

  • ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی مزار قائد پر حاضری

    ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی جبکہ پاکستان نیول اکیڈمی، پاک نیوی ڈاکیارڈ اور جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا دورہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی کی کراچی میں مختلف مصروفیات جاری ہیں۔ معزز مہمان نے مزار قائد پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایرانی کمانڈر نے پاک بحریہ کے کمانڈر کراچی اور کمانڈر کوسٹ سے بھی ملاقاتیں کی۔ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور بشمول بحری افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔

    کمانڈر ایرانی بحریہ نے پاک نیوی ڈاکیارڈ اور پاک بحریہ کے جنگی جہاز کا دورہ بھی کیا جبکہ جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔

    ترجمان کے مطابق کمانڈر ایرانی بحریہ نے پاکستان نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا۔ معزز مہمان نے بحری سیکیورٹی اور استحکام کے لیے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    خیال رہے کہ کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی دو روز قبل پاکستان پہنچے تھے۔ ایرانی کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا تھا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی تھی۔

    ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

  • ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    ایرانی بحریہ کے کمانڈر کی سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات

    اسلام آباد: ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر حسین خانزادی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

    معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کروایا گیا۔

    بعد ازاں ایرانی بحریہ کے کمانڈر نے پاک بحریہ کے سربراہ سے بالمشافہ ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری سلامتی، امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔

    بعد ازاں معزز مہمان کو بریفنگ دی گئی جس میں انہیں آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔

    معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر ایرانی بحریہ کے اس دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔