Tag: ریاض

  • سعودی عرب: غیر ملکی ورکر کی موت کی صورت میں کیا کرنا ضروری ہے؟

    سعودی عرب: غیر ملکی ورکر کی موت کی صورت میں کیا کرنا ضروری ہے؟

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں مقیم کسی غیر ملکی شخص کی موت ہوجانے کی صورت میں اس کے اقامے اور دیگر دستاویزات کے بارے میں وضاحت دی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ جسے عربی میں جوازات کہتے ہیں، میں غیر ملکی کارکنوں کے رہائشی پرمٹ اور ایگزٹ ری انٹری و فائنل ایگزٹ ویزے کی کارروائی کی جاتی ہے۔

    جوازات میں غیر ملکی کارکنوں کا ڈیٹا محفوظ رکھا جاتا ہے، کارکن کے فائنل ایگزٹ جانے پر ہی جوازات میں فائل کلوز کی جاتی ہے۔

    ماضی میں جوازات کی جانب سے اقامہ کارڈ کی صورت میں نہیں بنایا جاتا، جب سے جوازات اور دیگر سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل خدمات کا آغاز ہوا ہے تمام معاملات آسان ہوگئے ہیں، جس سے نہ صرف سعودی شہریوں بلکہ غیر ملکیوں کو بھی کافی سہولت حاصل ہوئی ہے۔

    ایک شخص نے ٹویٹر پر دریافت کیا کہ جوازات کے سسٹم میں متوفی غیر ملکی کارکن کی فائل بند کرنے اور میت اس کے ملک روانہ کرنے کے لیے فائنل ایگزٹ کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے؟

    اس کے جواب میں جوازات کا کہنا تھا کہ سعودی محکمہ سول افیئرز (احوال المدنیہ) میں متوفی کارکن کے بارے میں اطلاع دی جائے جہاں سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔

    ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کروانے کے لیے پولیس رپورٹ کا ہونا ضروری ہے جس کے بعد متوفی کارکن کے لواحقین کی جانب سے جاری کیا جانے والا مصدقہ این او سی جسے کارکن کے سفارتخانے اور گورنریٹ آفس کی جانب سے منظورکیا گیا ہو، کے ساتھ جوازات کے دفتر میں کفیل کے ذریعے جمع کروایا جائے۔

    مذکورہ بالا کارروائی کے لیے میت کو ملک میں منتقل کرنے کے اخراجات کے حوالے سے بیمہ دستاویزات بھی فراہم کرنا ضروری ہے، جن میں میت لے جانے کے اخراجات کی وضاحت کی گئی ہوتی ہے جس کے بعد ہی جوازات میں متوفی کارکن کی فائل ہمیشہ کے لیے بند کردی جائے گی۔

    خیال رہے کہ غیر ملکی کارکن کی موت کی صورت میں کفیل کے ذمہ ہوتا ہے کہ وہ جوازات کو اس بارے میں مطلع کرے تاکہ فائل کلوز کی جا سکے۔

    جب تک جوازات میں کارکن کی فائل بند نہیں ہوتی اقامے کی فیس کا سسٹم جاری رہتا ہے، اس لیے متوفی کارکن کے بارے میں بر وقت اطلاع دینے سے فائل کلوز کرنے کے بعد اقامہ اور لیبر کارڈ کی فیس روک دی جاتی ہے۔

  • سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    سعودی عرب: ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی

    ریاض: سعودی عرب میں ایئر پورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا ارادہ کیا جارہا ہے تاکہ سیاحت کے لیے ہوائی اڈوں کو زیادہ سے زیادہ پرکشش بنایا جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے مملکت اور اس کے ہوائی اڈوں کو پرکشش بنانے کے لیے ایئرپورٹ فیس میں 35 فیصد کمی کا عزم ظاہر کیا ہے۔

    ایئرپورٹ فیس میں کمی کے فیصلے پر عمل درآمد ریاض، جدہ اور دمام کے ہوائی اڈوں سے کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تخفیف کا فیصلہ اسی سال نافذ ہوگا، سعودی محکمہ شہری ہوا بازی ہوائی اڈوں کو معقول حد تک فیس میں کمی کا اختیار دے گا۔

    خیال رہے کہ شہری ہوا بازی نے 15 جولائی 2022 سے سعودی عرب کی فضائی حدود دنیا بھر کی ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    ہر وہ ایئر لائن جو سعودی محکمہ شہری ہوا بازی کے مقررہ قواعد و ضوابط پورے کرے گی اسے سعودی عرب کی فضائی سرحدیں استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

    سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ سعودی عرب شکاگو معاہدہ 1944 کے تحت عائد ہونے والی پابندیاں پوری کرنا چاہتا ہے۔

    اسی جذبے کے تحت طے کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی شہری ہوا بازی میں استعمال ہونے والے مسافر ہوائی جہازوں کے ساتھ کسی قسم کا کوئی امتیاز نہیں برتا جائے گا۔

    سعودی عرب چاہتا ہے کہ وہ 3 براعظموں کو جوڑنے والے خصوصی محل وقوع کی اپنی پوزیشن دنیا بھر میں مضبوط بنائے، اسی تناظر میں مملکت کی فضائی حدود تمام ایئر لائنز کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: کرائے پر دکان یا مکان لینے کے لیے ضابطہ کار جاری

    سعودی عرب: کرائے پر دکان یا مکان لینے کے لیے ضابطہ کار جاری

    ریاض: سعودی عرب میں کرائے پر مکان یا دکان لینے اور دینے کے حوالے سے ضابطہ کار جاری کردیا گیا ہے جس کی پابندی لازمی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ایجار سسٹم میں غیر رجسٹرڈ کرایہ معاہدوں کے حوالے سے قانونی مؤقف کے سلسلے میں وزیر انصاف ولید الصمعانی نے وزارت کے تمام متعلقہ اداروں کے نام عدالتی ہدایت جاری کر دی۔

    سعودی حکومت مکانات اور تجارتی مراکز و دکانوں کو کرائے پر اٹھانے اور کرائے پر لینے والوں پر یہ پابندی عائد کیے ہوئے ہے کہ وہ ایجار نیٹ ورک کے ذریعے کرائے کے معاہدوں کا اندراج کروائیں۔

    وزیر انصاف نے ہدایت دی ہے کہ ایجار سسٹم میں غیر رجسٹرڈ کرائے کے معاہدوں سے متعلق مقدمات کی سماعت نہ کی جائے، ایگزیکٹو قانون کی دفعہ 9 کے مطابق کرائے کے معاہدے کے مندرجات پر عمل درآمد کے حوالے سے ایگزیکٹو کورٹ کا لائحہ عمل اس پر لاگو نہیں ہوگا۔

    وزیر انصاف نے ایجار نیٹ پر غیر رجسٹرڈ کرائے کے معاہدوں کو معتبر بنانے کے لیے ضروری شرائط و ضوابط جاری کردی ہیں۔

    اس حوالے سے یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ کرائے کے معاہدے کا نیٹ ورک پر اندراج ہو، معاہدے پر کرایہ دار اور مالک کے دستخط ہوں یا معاہدے پر کسی ایک کے دستخط ہوں یا نیٹ ورک سے مہیا وسائل کے ذریعے تیار فارم پر دونوں یا دونوں میں سے کسی ایک کے دستخط ہوں۔

    ایک شرط یہ بھی ہے کہ کرائے نامے میں ضروری معلومات تحریر ہوں مثلاً کرائے پر دینے والے مکان یا دکان کے مالک اور کرایہ دار کا نام، قومی شناختی کارڈ نمبر یا کرایہ دار اور کرائے پر دینے والے کے نمائندے کا قومی شناختی کارڈ نمبر اور نام تحریر ہو۔

    کرائے کی مدت متعین ہو، کرایہ کتنا ہے یہ واضح ہو، ادائیگی ماہانہ ہوگی یا سہ ماہی یا ششماہی یا سالانہ اس حوالے سے وضاحت ہو۔ کرائے والی دکان یا مکان کی تفصیلات ہوں۔ علاوہ ازیں کرائے کے معاہدوں کے اندراج کے لیے نیٹ ورک کی شرائط و ضوابط پوری ہوں۔

  • سعودی عرب: ملازمت کے لیے تجربے کی شرط ختم کرنے کی تجویز

    سعودی عرب: ملازمت کے لیے تجربے کی شرط ختم کرنے کی تجویز

    ریاض: سعودی عرب میں ارکان شوریٰ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملازمت کے لیے سعودی شہریوں پر تجربے کی شرط ختم کی جائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ارکان شوریٰ نے منگل کو وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی سالانہ مالیاتی رپورٹ برائے 2021 پر بحث کی۔

    ارکان شوریٰ نے رپورٹ پر متعدد حوالوں سے بحث کی، رکن شوریٰ فیصل طمیحی نے مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیاں اور ادارے ملازمت کے متلاشی مقامی شہریوں سے تجربہ سرٹیفکیٹ طلب نہ کریں۔

    ایک خاتون رکن شوریٰ سلطانہ البدیوی نے مطالبہ کیا کہ مکان اسکیم کے تحت مطلقہ کے ساتھ نرمی برتی جائے اور مکان سے متعلق مطلقہ کی درخواست پر عائد شرائط ختم کی جائیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسے مکان فراہم کرنے کے لیے اپنی اولاد کو ساتھ رکھنے کی شرط ہٹا دی جائے، اسے آزاد اور خود مختار شخصیت کے طور پر لیا جائے اور اسی بنیاد پر اسے رہائش کی سہولت دی جائے۔

    ایک اور خاتون رکن شوریٰ عائشہ ذکری نے توجہ دلائی کہ سرکاری اور پرائیوٹ سیکٹرز کے تمام ملازمین کو خاص شرائط اور ضوابط کے ساتھ جز وقتی ملازمت کی اجازت دی جائے، انہیں آن لائن ملازمت کا موقع فراہم کیا جائے اور اس سلسلے میں نئے قانون بنائے جائیں۔

  • عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں: سعودی وزیر خارجہ

    ریاض: سعودی خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت نہیں، البتہ آئل ریفائنری کا دائرہ کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی کوئی قلت انہیں نظر نہیں آرہی، اصل مسئلہ آئل ریفائنری کی پیداواری صلاحیت میں کمی ہے۔

    سعودی وزیر خارجہ نے منگل کو ٹوکیو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئل ریفائنری کا دائرہ کار بڑھانے کے لیے مزید سرمایہ لگانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ اوپیک پلس کے مکمل تعاون کے بغیر تیل کی ضروری رسد کو برقرار رکھنا مشکل ہوگا، روس اوپیک پلس کو مکمل کرنے والی طاقت ہے۔

    خیال رہے کہ اوپیک پلس میں تیل برآمد کرنے والے 23 ممالک شامل ہیں، ان میں سے 13 اوپیک کے ارکان ہیں، نومبر 2016 میں تیل منڈیوں کے استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اوپیک پلس قائم کی گئی تھی۔

  • سعودی دارالحکومت کو محفوظ رکھنے کے لیے بڑا قدم

    سعودی دارالحکومت کو محفوظ رکھنے کے لیے بڑا قدم

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کو ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر میں صفائی کی بڑی مہم چلائی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میونسپلٹی کے تحت عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر کو ماحولیاتی آلودگی سے صاف رکھنے کے لیے صفائی کی وسیع مہم چلائی گئی۔

    سبق ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی نے اس مہم کے دوران 1980 دورے کیے، شہر میں تمام سلاٹر ہاؤسز کے علاوہ سبزی منڈی اور بکرا منڈی کے بھی دورے کیے گئے۔

    بلدیہ کے مطابق مہم میں مجموعی طور پر 848 صفائی کارکنوں کی خدمات حاصل کی گئی تھیں، اور شہر بھر میں اسپرے کیا گیا۔

    میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ صفائی مہم میں 300 مختلف قسم کے آلات استعمال کیے گئے، اور ریکارڈ وقت میں آلائشیں صاف کی گئیں۔

  • سعودی نوجوان امریکا کے بارے میں کیسے خیالات رکھتے ہیں؟

    سعودی نوجوان امریکا کے بارے میں کیسے خیالات رکھتے ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں کیے جانے والے ایک سروے میں سعودی نوجوانوں کے امریکا کے بارے میں خیالات سامنے آئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مملکت میں کیے جانے والے سروے میں 90 فیصد سے زائد سعودی نوجوانوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ امریکا سعودی عرب کا اتحادی ہے۔

    عرب نوجوانوں کے سالانہ پروگرام بی سی ڈبلیو کی صدائے بازگشت نے اپنے تیرہویں ایڈیشن میں کہا ہے کہ تقریباً 92 فیصد سعودی نوجوانوں کا خیال ہے کہ امریکا، مملکت کا اتحادی ہے۔

    59 فیصد کا خیال ہے کہ امریکا طاقتور اتحادی ہے اور 33 فیصد سمجھتے ہیں کہ اتحادی جیسا ملک ہے۔

    سنہ 2020 سے ایسے سعودی نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جو امریکا کو مملکت کا اتحادی مانتے ہیں، اس وقت ایسا خیال رکھنے والوں کی شرح 87 فیصد تھی۔

    2019 میں امریکا کو اتحادی ماننے والے نوجوانوں کی تعداد 70 فیصد اور 2018 میں امریکا کو اتحادی ملک سمجھنے والوں کی تعداد 50 فیصد تھی۔

    ایک تہائی فیصد سے زیادہ سعودی نوجوان سمجھتے ہیں کہ غیر عرب ممالک میں سے عرب دنیا پر سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والا ملک امریکا ہے، ایسا ماننے والوں کی تعداد 36 فیصد ہے جبکہ 43 فیصد سے زیادہ سعودی نوجوانوں کا کہنا ہے کہ سعودی عرب خطے میں سب سے زیادہ اثر و نفوذ رکھنے والا ملک ہے۔

    ایسے سعودی نوجوانوں کی شرح 63 فیصد کے لگ بھگ ہے جو یقین رکھتے ہیں کہ جو بائیڈن کے عہد میں امریکا کے ساتھ مملکت کے تعلقات بہتر ہوجائیں گے، 37 فیصد کا خیال ہے کہ جیسے تعلقات ہیں ویسے ہی رہیں گے۔

    تمام سعودی نوجوان محسوس کرتے ہیں کہ ان کا ملک صحیح سمت میں چل رہا ہے، ایسی سوچ رکھنے والوں کی تعداد 97 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ 82 فیصد کہہ رہے ہیں کہ وہ بہتر دن کے منتظر ہیں۔

  • سعودی عرب میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق

    سعودی عرب میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق

    ریاض: سعودی عرب میں منکی پاکس کے پہلے کیس کی تصدیق ہوگئی، وزارت صحت نے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت نے جمعرات کو مملکت میں منکی پاکس کے پہلے مریض کی تصدیق کی ہے۔

    وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے ریاض آنے والے شخص کے منکی پاکس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کے بعد اسے فوری طور پر مقررہ ضوابط کے تحت قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

    وزارت صحت نے مزید بتایا کہ مریض سے ملنے والوں کے بارے میں بھی تحقیق کی گئی تاہم ان میں مرض کی علامات نہیں پائی گئیں۔

    اس حوالے سے وزارت کا کہنا ہے کہ متعلقہ ٹیمیں منکی پاکس کے کیسز کی باریک بینی سے نگرانی کر رہی ہیں، کسی بھی مشتبہ حالت کی فوری طور پر تحقیق کی جاتی ہے۔

    وزارت صحت نے تمام افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران متعلقہ ضوابط کا خیال رکھیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرتے رہیں۔

  • حجاج کرام وطن واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے کیا تحائف لا رہے ہیں؟

    حجاج کرام وطن واپسی پر اپنے پیاروں کے لیے کیا تحائف لا رہے ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں فریضہ حج کے بعد حجاج کرام اپنے عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحائف کی خریداری کر رہے ہیں، حجاج کے درمیان عربی لباس ثوب اور غترہ کافی مقبول ہورہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں تحائف خریدنے میں مصروف ہیں، جس سے بازاروں کی رونق دوبالا ہوگئی ہے۔

    حج سیزن بخیر و خوبی مکمل ہونے کے بعد مختلف ممالک سے آنے والے حجاج کرام ان دنوں مکہ مکرمہ کے بازاروں میں اپنے عزیزوں اور دوستوں کے لیے تحائف کی خریداری کر رہے ہیں۔

    مسجد الحرام کی قریبی مارکیٹوں میں حجاج کرام کی بڑی تعداد دیکھی جا سکتی ہے جو فجر کی نماز کے بعد اپنی رہائش گاہوں پر جانے سے قبل مارکیٹس میں پہنچتی ہے۔

    حجاج سب سے زیادہ تسبیح کی خریداری کر رہے ہیں جبکہ جائے نمازیں بھی بڑی تعداد میں خریدی جا رہی ہیں، عربی لباس ثوب اور غترہ بھی حجاج میں کافی مقبول ہے جو وہ تحفہ دینے اور خود استعمال کرنے کے لیے بھی خریدتے ہیں۔

    حرمین شریفین اور مقامات مقدسہ کی تصاویر بھی حجاج کی خاص دلچسپی کا باعث ہیں۔

    آئمہ حرم کی آوازوں میں تلاوت پر مبنی ڈیجیٹل قرآن کریم حجاج خاص طور پر تحفہ دینے کے لیے خرید رہے ہیں، دیگر تحائف میں عطر، بخور اور دینی کتب بھی خریدی جا رہی ہیں۔

    مدینہ منورہ میں حجاج کی سب سے زیادہ توجہ کھجوروں پر ہے۔ مدینہ منورہ کی کھجور منڈی کے ایک دکاندار کا کہنا تھا کہ عجوہ کھجور سب سے زیادہ فروخت کی جاتی ہے۔

  • شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والے نوجوان پر سعودی پولیس اہلکار نے پستول تان لیا

    شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے والے نوجوان پر سعودی پولیس اہلکار نے پستول تان لیا

    ریاض: سڑک پر ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو پستول تان کر روکنے والے پولیس اہلکار کو اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا، شہری بھی مذکورہ پولیس اہلکار کی تعریف کر رہے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی الدرعیہ کمشنری میں ایک ٹریفک اہلکار نے مقامی نوجوان کو ٹائر اسکریچنگ اور فرار ہونے سے روکنے کے لیے پستول تان لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پ وائرل ہوگئی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک نوجوان الدرعیہ میں ٹائر اسکریچنگ کر رہا ہے، پولیس اہلکار نے اسے روکا اور جب اس نے فرار ہونے کی کوشش کی تو اس پر پستول تان لیا۔

    سوشل میڈیا پر صارفین نے پولیس اہلکار کے فوری اور بروقت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس اہلکار ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو نہ روکتا تو راہ گیروں کی جانیں خطرے میں پڑجاتیں، پولیس اہلکار نے جو اقدام کیا وہ قابل تعریف ہے۔

    اس سے قبل محکمہ ٹریفک نے اپنے بیان میں کہا کہ ریاض ٹریفک پولیس نے اس گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا جو الدرعیہ میں ٹائر اسکریچنگ کر رہا تھا اور راہ گیروں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے ہوئے تھا۔

    سوشل میڈیا پر ایک اور تصویر وائرل ہے جس میں ریاض پولیس کے ڈائریکٹر میجر جنرل فہد المطیری اور ریاض ٹریفک کے قائم مقام ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد الدوسری ٹائر اسکریچنگ کرنے والے نوجوان کو روکنے والے ٹریفک اہلکار عبد السلام الصنیتان کو اعزاز دے رہے ہیں۔