Tag: ریاض پولیس

  • سعودی عرب: جعلی اقامے بیچنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: جعلی اقامے بیچنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں جعلی اقامے بیچنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض پولیس کے ہاتھوں غیر قانونی تارکین کو جعلی اقامے بیچنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار کر لیا گیا۔

    ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس کا کہنا تھا کہ اس گروہ پر پولیس ایک عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھی، گزشتہ روز پولیس نے سابقہ اطلاعات اور نگرانوں کی رپورٹس کی بنیاد پر گروہ کے اڈے پر چھاپا مارا۔

    عرب میڈیا کے مطابق جعل سازوں کے خلاف کارروائی میں اڈے سے سعودی شہری سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا گیا، غیر ملکیوں میں 2 شامی اور 2 پاکستانی تھے، گرفتار افراد کی عمریں چالیس سے پچاس کے درمیان ہیں۔

    ریاض پولیس کا کہنا تھا کہ جعل سازوں کے قبضے سے 91 جعلی اقامے برآمد ہوئے۔

    رپورٹس کے مطابق جعل ساز اقامہ محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو جعلی اقامے اور ورک پرمٹ تیار کر کے فروخت کر رہے تھے، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پانچوں گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے-

  • ریاض: لاکھوں ریال مالیت کا سامان چوری کرنے والے گرفتار

    ریاض: لاکھوں ریال مالیت کا سامان چوری کرنے والے گرفتار

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں چوریاں کرنے والے 3 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے پاس سے 10 لاکھ ریال مالیت کا سامان برآمد ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں ریاض پولیس نے چوری کی وارداتیں کرنے والے 3 سعودی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان شاکر التویجری کا کہنا ہے کہ چوری کی وارداتیں کرنے والے 3 سعودی شہریوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

    مقامی شہریوں کی گرفتاری متعدد کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کی رپورٹس پر کی گئی، شکایات درج کروائی جارہی تھیں کہ الیکٹرانک آلات، ساز و سامان اور عمارتوں اور دفاتر سے بجلی کے کیبل اور میٹرز وغیرہ چوری کیے جا رہے ہیں۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے سراغرسانوں کی مدد سے چوری کی وارداتیں کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انہیں حراست میں لیا ہے۔

    شاکر التویجری کے مطابق مسروقہ سامان کی قیمت کا تخمینہ 10 لاکھ ریال تک کا ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لیے مقرر حفاظتی اقدامات خصوصاً کرفیو کے دوران چوری سمیت مختلف وارداتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اکا دکا واقعات اب بھی ہو رہے ہیں۔

    سیکیورٹی فورس کے اہلکار قانون نافذ کروانے اور غیر قانونی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے لیے مستعدی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب: قوانین کی خلاف ورزی پر 1500 غیر ملکی گرفتار

    سعودی عرب: قوانین کی خلاف ورزی پر 1500 غیر ملکی گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں اقامہ قوانین کی خلاف ورزی پر 1500 غیر ملکی گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں اقامہ اور سرحدی سیکورٹی کے قوانین کی خلاف ورزی پر ریاض پولیس نے پندرہ سو غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

    مقامی اخبار کے مطابق سیکورٹی فورس نے اقامہ قوانین اور سرحدی سلامتی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم شروع کی ہے، مہم کے تحت ریاض پولیس دارالحکومت اور اس کی کمشنریز میں قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کر رہی ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ گرفتاریاں 8 مارچ سے 2 مئی کے درمیان عمل میں آئی ہیں، چند غیر ملکیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کیے گئے ہیں اور اب ان کے کیسز پبلک پراسیکیوشن کے حوالے ہیں۔

    سعودی عرب: وائرل ویڈیو کے پیچھے چھپا کردار پکڑا گیا۔۔وجہ کیا بنی

    ترجمان کرنل شاکر التویجری کا کہنا تھا کہ گرفتار غیر ملکیوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے، یہ غاروں اور پر خطر پہاڑی شگافوں میں چھپے ہوئے تھے، جن کا تعاقب کر کے انھیں گرفتار کیا گیا۔

    انھوں نے واضح کیا کہ ان دنوں ریاض شہر اور اس کی کمشنریز میں جگہ جگہ اقامہ قوانین اور سرحدی سیکورٹی کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کا تعاقب کیا جا رہا ہے، گرفتاریاں اسی مہم کا حصہ ہیں۔

  • ریاض میں گاڑیاں چھیننے والا گروہ گرفتار

    ریاض میں گاڑیاں چھیننے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں گاڑیاں چھیننے اور چوری وارداتوں میں ملوث گروہ گرفتار کرلیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 7 مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض میں پولیس نے اسلحہ کے زور پر گاڑیاں چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کو گرفتار کیا ہے۔

    ریاض ریجن کے پولیس ترجمان کرنل شاکر التویجری کا کہنا ہے کہ پولیس کو گروہ کی تلاش تھی جس کے بارے میں مختلف علاقوں میں رپورٹ درج کروائی گئی تھی، پولیس ٹیم ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرگرم عمل تھی بالآخر انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

    ملزمان نے ابتدائی تحقیقات میں 20 گاڑیاں چوری کرنے کا اعتراف کیا جبکہ ان کے قبضے سے 7 مسروقہ گاڑیاں بھی برآمد ہوئیں جن کے بارے میں مختلف تھانوں میں رپورٹ کروائی گئی تھی۔

    کرنل التویجری نے مزید بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے واردات کے دوران استعمال ہونے والی پستول اور ایک بندوق بھی برآمد ہوئی۔

    گروہ میں 4 سعودی اور ایک یمنی شامل ہے جن کی عمریں 20 سے 40 برس کے درمیان ہیں۔

    ملزمان کا ریمانڈ حاصل کر کے ان سے مزید تحقیقات جاری ہیں جس کے بعد ان کا چالان تحقیقاتی ادارے میں جمع کروایا جائے گا جہاں سے مقدمہ دائر کر کے انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں پولیس نے جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا، جعلی پاس حاصل کرنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق دارالحکومت ریاض میں جعلی کرفیو پاس تیار کرنے والا ایک گروہ پکڑا گیا ہے جو شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے ایک پاس بنانے پر 3 ہزار ریال لیتا تھا۔

    وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پر گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارنے کی کارروائی جاری کی ہے، ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ خفیہ معلومات موصول ہوئی تھیں کہ ریاض میں ایک گروہ جعلی کرفیو پاس تیار کر رہا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ اس دوران شہر کی متعدد چوکیوں پر جعلی کرفیو پاس لینے والے متعدد افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس کے ایک فرد نے ان سے رابطہ کیا۔

    پولیس کے مطابق خفیہ پولیس اہلکار نے گروہ سے 30 پاس بنوانے کا مطالبہ کیا، ایک پاس کی قیمت 3 ہزار ریال مقرر کی گئی۔

    جب جعلی کرفیو پاس تیار ہوگئے تو وصول کرنے اور رقم حوالے کرنے کے لیے جگہ مقرر کی گئی، جب وہاں دونوں کی ملاقات ہوئی تو پولیس نے چھاپہ مار کر گروہ کے چند افراد کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گروہ کی نشاندہی پر ان کے ٹھکانے پر بھی چھاپہ مارا گیا جہاں سے جعلسازی میں استعمال ہونے والی اشیا ضبط کی گئیں۔

  • ریاض: تارکین وطن کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

    ریاض: تارکین وطن کو لوٹنے والے ملزمان گرفتار

    ریاض: سعودی پولیس نے تارکین وطن کو ڈرانے، دھمکانے اور لوٹنے والے 5 غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس نے اسلحہ کے بل پر تارکین کو دھمکانے اور لوٹنے والے 5 ایتھوپین شہریوں کو گرفتار کیا ہے، زیر حراست تمام افراد غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے مملکت میں داخل ہوئے تھے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان شاکر سلیمان التویجری نے بتایا کہ لوٹ مار کی واردات ریاض کی الدلم کمشنری میں ہوئی تھی، حملہ آوروں کا تعلق ایتھوپیا سے ہے۔

    پولیس ترجمان نے واضح کیا کہ الدلم کمشنری کی پولیس کو اس بات کے ثبوت ملے تھے کہ ایتھوپین غیر ملکی کارکنان کو زدو کوب کرکے ان سے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ رہے تھے۔

    پولیس نے تعاقب کر کے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 2 پستول، گولہ بارود اور دھاری دار آلات برآمد کرلیے، پولیس نے وارداتیں کرنے والوں کے قبضے سے موبائل سیٹس اور مختلف ممالک کی کرنسی بھی برآمد کی ہے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ پانچوں ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔

  • ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار

    ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں جعلی ریال پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ گروہ کے پاس سے 8 لاکھ ریال مالیت کے جعلی نوٹ برآمد ہوئے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض ریجن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لاکھوں جعلی کرنسی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے کی کوشش ناکام بنا دی اور ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

    ریاض پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق گروہ کے بارے میں پولیس کو متعدد ذرائع سے اطلاعات ملی تھیں کہ ان کی جانب سے جعلی نوٹ مارکیٹ میں پھیلانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

    اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے خفیہ اہلکاروں کے تعاون سے گروہ کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ملزمان نے ریاض کے ایک علاقے میں اپنا اڈہ قائم کررکھا تھا جہاں سے وہ جعلی کرنسی نوٹ شہر میں پھیلانے کا ارادہ رکھتے تھے۔ پولیس کی جاری کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا کہ 500 ریال کے جعلی نوٹ ضبط کیے گئے جن کی مالیت 8 لاکھ ہے۔

    اس سے قبل بھی ریاض پولیس نے جعلی ڈالر تیار کرنے والا ایک گروہ گرفتار کیا تھا۔ گروہ کے قبضے سے 5 لاکھ جعلی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

    گروہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ جعلی ڈالروں کا سودا کر رہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے ڈالروں کا سودا کیا اور سودا ہوتے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

  • سعودی عرب: پولیس نے جعلی اقامے فروخت کرنے والا گروہ دھر لیا

    سعودی عرب: پولیس نے جعلی اقامے فروخت کرنے والا گروہ دھر لیا

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض میں جعلی اقامے فروخت کرنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے گروہ کے پاس موجود متعدد جعلی اقامے بھی ضبط کرلیے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ریاض پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان 2 سوڈانی تارکین ہیں جو انتہائی مہارت سے اقاموں میں جعلسازی کرتے تھے اور نہایت کامیابی سے جعلی اقامے فروخت کرنے کا دھندا جاری رکھے ہوئے تھے۔

    ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس کو رپورٹ ملی تھی کہ ایک غیر ملکی جعلساز گروہ دارالحکومت ریاض میں اقاموں کا دھندا کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس نے سراغ رسانوں کی خصوصی ٹیم کی مدد سے پہلے ان کی نشاندہی کی اور پھر انہیں ظہراللبن محلے سے گرفتار کیا۔ یہ ریاض کا مغربی محلہ ہے جہاں جعلسازوں کے اڈے سے جعلی اقامے برآمد ہوئے ہیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش کر کے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب سعودی حکومت نے اقامہ کی میعاد ختم ہونے پر 3 دن تک تجدید نہ کروانے کی صورت میں جرمانہ بھی عائد کردیا ہے۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ کسی کا اقامہ ختم ہونے پر تاخیر کا جرمانہ اقامہ ختم ہونے کے 3 دن بعد نافذ ہوگا۔ اگر 3 دن کے اندر اقامے کی تجدید کروالی گئی تو ایسی صورت میں جرمانہ نہیں ہوگا۔

  • جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کی پولیس نے جعلی ڈالر تیار کر کے مارکیٹ میں پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے 3 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ جعلی ڈالر برآمد ہوئے۔

    سعودی اخبار کے مطابق جعلی ڈالر تیار کرنے والے گروہ کی گرفتاری اپنی نوعیت کا اہم واقعہ ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکار کئی روز سے مذکورہ گروہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ گروہ کے بارے میں مختلف مقامات سے شکایات و رپورٹس بھی موصول ہورہی تھیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

    گروہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ جعلی ڈالروں کا سودا کر رہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے ڈالروں کا سودا کیا اور سودا ہوتے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    گروہ میں شامل ارکان کی عمریں 40 سے 50 برس کے درمیان ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ جعلی ریال بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔