Tag: ریاض

  • ریاض کے ٹاور پر یہ پورٹریٹ کس کا ہے؟

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ٹاور پر ایک آرٹسٹ نے بانی مملکت شاہ عبدالعزیز کا بہت بڑا دیواری پورٹریٹ بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں تجریدی آرٹ کے فن کار محمد العمار نے ریاض میں کنگ فہد روڈ کے ایک ٹاور پر بانی مملکت شاہ عبد العزیز بن عبد الرحمٰن آل سعود کا سب سے بڑا دیواری پورٹریٹ بنا دیا ہے۔

    سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق محمد العمار کا کہنا ہے کہ مذکورہ دیوار 120 میٹر اونچی ہے، اور اس کا مجموعی رقبہ 1200 مربع میٹر ہے۔

    فنکار العمار کے مطابق دیواری پورٹریٹ کی تیاری میں 40 سے 50 دن صرف ہوئے، یہ ایسا آرٹ ہے جو ہواؤں اور بارشوں جیسی موسمی تبدیلیوں سے متاثر نہیں ہوتا، اور اس میں جو رنگ استعمال کیے گئے ہیں وہ موسم سے متاثر نہیں ہوتے۔

    محمد العمار نے بتایا ’’مجھے بچپن سے ہی بڑے سائز کے پورٹریٹ بنانے کا شوق ہے، بلند مقامات پر پورٹریٹ کا اپنا ایک رنگ ہوتا ہے، یہ اپنی نوعیت کا میرا پہلا تجربہ ہے۔‘‘

    سعودی آرٹسٹ نے کہا ’’میں کنگ عبدالعزیز دیواری پورٹریٹ کے ذریعے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔‘‘

  • ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض سمیت متعدد شہروں میں منگل کو اسکول بند رہیں گے

    ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سمیت متعدد شہروں میں بارش کے امکان کی وجہ سے منگل کے روز اسکول بند رہیں گے، محکمہ تعلیم نے ہدایات جاری کردیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض، مدینہ منورہ، ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر میں منگل 3 جنوری کو اسکول بند رہیں گے، طیبہ یونیورسٹی اور اس کی تمام شاخیں بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، تدریس آن لائن ہوگی۔

    ریاض محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ منگل کو تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر کیا گیا ہے۔

    محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ موسمیات کے قومی مرکز سے رپورٹ کے مطابق منگل کو ریاض میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے، مدینہ منورہ محکمہ تعلیم نے بھی بیان میں کہا ہے کہ منگل کو بارش کے امکان کی وجہ سے اسکول بند رہیں گے اور آن لائن تدریس ہوگی۔

    طیبہ یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منگل کو مدینہ منورہ کے یونیورسٹی کیمپس نیز ینبع، المہد، الحناکیہ، بدر اور خیبر کی یونیورسٹی شاخوں میں تعلیم آن لائن ہوگی۔

    امیرہ نورہ یونیورسٹی امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی، کنگ سعود یونیورسٹی اور کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں بھی آن لائن تدریس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سیر و تفریح کے لیے جانے والے نوجوانوں کے ساتھ ہولناک حادثہ

    ریاض: سعودی عرب میں سیر و تفریح کے لیے جانے والے نوجوانوں کے ساتھ ہولناک حادثہ پیش آیا، آسمانی بجلی گرنے سے ایک دوست جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کی المخواہ کشمنری میں آسمانی بجلی گرنے سے 1 نوجوان جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔

    جاں بحق ہونے والے نوجوان خالد الغامدی کے معمر والد نے بتایا کہ ان کا بیٹا موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے اپنے ساتھیوں کے ساتھ تفریح کے لیے گیا جہاں انہوں نے کھانے کا پروگرام بنایا تھا۔

    تمام دوست کھانے سے فارغ ہونے کے بعد تفریحی مقام پر بیٹھے باتوں میں مصروف تھے کہ اچانک آسمانی بجلی ان پر آگری جس سے خالد الغامدی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے 2 دوست زخمی ہوئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہلال حمر کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد دیتے ہوئے اسپتال منتقل کردیا، مرنے والے نوجوان کی نعش سرد خانے میں رکھوا دی گئی۔

    والد کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا حال ہی میں تعلیم مکمل کر کے فارغ ہوا تھا اور ملازمت کی تلاش میں تھا مگر شاید قدرت کو یہی منظور تھا۔

  • ابشر پر سہولتوں میں مزید اضافہ

    ابشر پر سہولتوں میں مزید اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں حکومتی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ابشر کی استعداد میں مزید اضافہ کردیا گیا جس کے بعد اس سے مزید 3 نئی سہولتیں حاصل کی جاسکیں گی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبد العزیز بن سعود کی سرپرستی میں نائب وزیر ڈاکٹر ناصر الداوود نے بدھ کو سالانہ ابشر فورم میں شرکت کی۔

    ڈاکٹر ناصر الداوود نے وزارت داخلہ کے مختلف شعبوں میں ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے نمایاں خدمات کو سراہا۔

    نائب وزیر داخلہ نے نئی الیکٹرانک سہولتوں اور انیشی ایٹوز کا افتتاح کیا، ان میں سعودی پاسپورٹ کا آن لائن اجرا اور تجدید بھی شامل ہے، مقامی شہری آن لائن قومی شناختی کارڈ بھی جاری کروا سکتے ہیں اور فیس بھی آن لائن ادا کر سکتے ہیں۔

    مقیم غیر ملکیوں کو اپنی فیملی کے افراد کی ڈیجیٹل آئی ڈی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

    معاون وزیر داخلہ شہزادہ ڈاکٹر بندر بن عبد اللہ بن مشاری کا کہنا ہے کہ نئی آن لائن سہولتوں کا افتتاح اس بات کا ثبوت ہے کہ وزارت داخلہ میں ڈیجیٹل تبدیلی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزارت داخلہ نے 350 سے زیادہ الیکٹرانک سہولتیں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو فراہم کی ہیں جن سے 6 ملین سے زیادہ افراد کو فائدہ ہو رہا ہے۔

    سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے دی جانے والی نئی آن لائن سہولتوں کے حوالے سے محکمہ پاسپورٹ نے تفصیلات جاری کی ہیں۔

    سعودی محکمہ پاسپورٹ کا کہنا ہے کہ نئی سہولت کے تحت بری راستے سے بحرین روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ابشر سفر کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان ناصر العتیبی کا کہنا ہے کہ جو سعودی شہری یا مقیم غیر ملکی کنگ فہد پل کے راستے بحرین جانا چاہتے ہوں وہ روانگی سے قبل آن لائن بکنگ ابشر سفر کے ذریعے کرسکتے ہیں۔

    محکمہ پاسپورٹ نے 3 نئی سہولتوں کا اضافہ کیا ہے، ابشر سفر کی سہولت ان میں سے ایک ہے، باقی دو سہولتوں کا اجرا مرحلہ وار ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ کنگ فہد پل پر رش کی صورت میں ایس ایم ایس بھیجا جائے گا، اس طرح شہری اور غیر ملکی انتظار کی زحمت سے بچ جائیں گے، گاڑی کا ڈرائیور بکنگ کر کے اپنی نجی معلومات اور گاڑی میں موجود فیملی کے افراد، رشتہ داروں اور دوستوں کی ضروری معلومات درج کروائے گا۔

    محکمہ پاسپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ سعودی پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید کی کارروائی کے لیے ابشر کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی سہولت بھی دی گئی ہے، اب تک یہ سہولت بینکوں تک محدود تھی۔

  • سعودی عرب: سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قانون سازی

    سعودی عرب: سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے قانون سازی

    ریاض: سعودی عرب میں سرمایہ کاری کو بہتر بنانے اور اس کے فروغ کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے، قانون سازی کا مقصد ریگولیٹری ڈھانچے کی تکمیل ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حکومت معیشت کو متحرک کرنے کے لیے آمدنی کے ذرائع کو مزید بڑھانے کی جانب توجہ دیتے ہوئے اس کے بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نافذ کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے شعبے کو فروغ دے رہا ہے۔

    فروری 2020 میں وزارت سرمایہ کاری کا قیام مملکت کے سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانے اور اس کی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا تھا۔

    وزارت نے محفوظ اور مسابقتی سرمایہ کاری کا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں سے اپنے شراکت داروں کے ساتھ سرمایہ کاری کے قوانین اور طریقہ کار تیار کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی ہے۔

    اکنامک انویسٹمنٹ مانیٹر کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارت کی جانب سے اس قانون سازی کا مقصد ریگولیٹری ڈھانچے کی تکمیل ہے۔

    وزارت نے اپریل میں اعلان کیا تھا کہ براہ راست سرمایہ کاری سے متعلق مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ یکساں سلوک کرنے کے لیے ایک نیا سرمایہ کاری قانون تیار کیا جا رہا ہے۔

    اس قانون کا مقصد خفیہ تجارتی معلومات، ذہنی صلاحیتوں اور ذاتی ڈیٹا کی حفاظت کرنا اور سعودی عرب میں مجاز عدالتوں یا ثالثی مراکز تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

  • سعودی عرب: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    سعودی عرب: گھر میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق

    ریاض: سعودی عرب کی ضرما کمشنری میں ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، آگ سردی سے بچنے کے لیے جلائے جانے والے کوئلوں سے لگی۔

    اردو نیوز کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ضرما کمشنری میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں آگ لگنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں

    محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ شدید سردی سے بچنے کے لیے جلائے جانے والے کوئلوں سے گھر میں آگ لگی جس سے اندوہناک حادثہ پیش آیا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ آتش زدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی کئی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پالیا، جاں بحق افراد کی میتیں اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

  • سعودی عرب: کافی پر ریسرچ کے لیے اہم اعلان

    سعودی عرب: کافی پر ریسرچ کے لیے اہم اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں کافی پر ریسرچ کے لیے گرانٹس کا اعلان کیا گیا ہے، سعودی عرب دنیا میں کافی کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت ثقافت نے سعودی کافی کمپنی کے تعاون سے سعودی کافی ریسرچ گرانٹس کے لیے درخواستیں قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    گرانٹس کا مقصد سعودی کافی پر تحقیق کے ذریعے ثقافتی بیداری کو فروغ دینا ہے، اس سے خطے کی کافی کی صنعت بھی متحرک ہوگی۔

    یہ گرانٹس سعودی اور بین الاقوامی محققین اور کافی کے مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھنے والے ماہرین کے لیے دستیاب ہیں۔

    گرانٹس تین بنیادی تحقیقی راستوں کی حمایت کرتے ہیں، پہلا جزیرہ نما عرب میں کافی کی ابتدا اور اس سے وابستہ اہم ترین تاریخی ادوار اور واقعات کو دریافت کرتا ہے۔

    دوسرا ثقافتی ورثے کے طور پر سعودی کافی کے درمیان تعلق اور اظہار کی زبانی شکلوں جیسے شاعری، فنون لطیفہ، موسیقی، سماجی طریقوں، رسومات اور تہوار کی تقریبات پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

    تیسرا راستہ مقامی کافی کی پیداوار کے فروغ سے متعلق ہے جو پائیدار اقتصادی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ یہ گرانٹ سعودی کافی سال انیشی ایٹو کا حصہ ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب دنیا میں کافی کے سب سے بڑے صارفین میں سے ایک ہے اور مملکت کے وژن 2030 پروگرام کے منصوبوں کے مطابق گھریلو کافی کی پیداوار میں خود کفالت حاصل کرنے، کھپت اور اقتصادی ترقی کے لیے بہت ضروری ہے۔

    سعودی عرب میں کافی کی کاشت کے لیے جازان، عسیر اور الباحہ میں کافی کے درختوں کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ کافی کے پھل دار درختوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

  • فیفا ورلڈ کپ فائنل: سعودی عرب سے ہزاروں افراد دوحا جانے کے لیے سرحد پر

    فیفا ورلڈ کپ فائنل: سعودی عرب سے ہزاروں افراد دوحا جانے کے لیے سرحد پر

    ریاض: قطر کے دارالحکومت دوحا میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کا فائنل آج ہونے جارہا ہے جسے دیکھنے جانے کے لیے سعودی عرب سے ہزاروں شائقین سلویٰ چیک پوسٹ پر پہنچ چکے ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحا میں فیفا ورلڈ کپ 2022 کا فائنل میچ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد سلویٰ چیک پوسٹ پر پہنچ چکی ہے۔ سعودی عرب اور قطر کے درمیان اس سرحد پر ہزاروں افراد موجود ہیں۔

    چیک پوسٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فائنل میچ کے لیے چیک پوسٹ عبور کرنے والوں کو تمام سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔

    انتظامیہ کے مطابق تمام خلیجی ریاستوں سے شائقین کی بڑی تعداد دیکھی جارہی ہے جس کی مثال سابقہ میچوں میں نہیں ملتی، شائقین کی تعداد میں اضافے کی بڑی وجہ قطر کی طرف سے ہیا کارڈ سے استثنیٰ کا اعلان بھی ہے۔

  • سعودی عرب: ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے نیا پلیٹ فارم

    سعودی عرب: ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے نیا پلیٹ فارم

    ریاض: سعودی عرب میں ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق اور وزارت میں ان کی توثیق کرنے کے لیے تجرباتی بنیادوں پر لانچ کیا گیا قوی پلیٹ فارم مستقل کردیا گیا ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کا کہنا ہے کہ قانون کے مطابق سعودی اور غیر ملکی افراد کے ورک ایگریمنٹ کی تصدیق قوی پلیٹ فارم سے کروائی جائے۔

    وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کی جانب سے قوی پلیٹ فارم تجرباتی بنیادوں پر لانچ کیا گیا تھا جس کے خاطرخواہ نتائج سامنے آنے پر اسے وزارت نے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق کے لیے مستقل کر دیا ہے۔

    وزارت افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کی جانب سے جاری فیصلے پر عمل کرتے ہوئے مملکت میں لیبر مارکیٹ کے قوانین کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے جس کے تحت مشترکہ پلیٹ فارم قوی کا اجرا کیا گیا ہے۔

    وزرات کے مطابق اس کے ذریعے کارکنوں کے ملازمت کے معاہدوں کی تصدیق اور وزارت میں ان کی توثیق کرنے میں آسانی ہوگی اور معاملات جلد انجام دیے جا سکیں گے۔

    قوی پلیٹ فارم کے ذریعے ورک ایگریمنٹ کی تصدیق کرنے کے بعد معاہدے خود کار طریقے سے سوشل انشورنس میں رجسٹرڈ ہو جاتے ہیں جس سے فریقین کو نہ صرف سہولت ہوتی ہے بلکہ ان کے حقوق کا بھی تحفظ ہوتا ہے۔

    خیال رہے کہ غیر ملکی کارکنوں کے ورک ایگریمنٹ کی ڈیجیٹل تصدیق کیے بغیر کفالت کی تبدیلی کا عمل بھی مکمل نہیں ہوسکتا۔

  • بھارت دستبردار، ایک اور میگا ایونٹ کا میزبان سعودی عرب ہوسکتا ہے

    بھارت دستبردار، ایک اور میگا ایونٹ کا میزبان سعودی عرب ہوسکتا ہے

    ریاض: ایشین فٹبال کپ 2027 کی میزبانی سے بھارت کے دستبردار ہونے کے بعد سعودی عرب کو میگا ایونٹ کی میزبانی ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بھارت کے دستبردار ہونے کے بعد ایشین فٹبال کپ 2027 کی میزبانی سعودی عرب کو ملنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔

    بھارت اور سعودی عرب نے ایشین فٹبال کپ 2027 کی میزبانی کے لیے بولی دی تھی اورایشین فٹبال کنفیڈریشن نے بھی اکتوبر میں دونوں ممالک کو شارٹ لسٹ کیا تھا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اب بھارت نے میزبانی کے لیے اپنی درخواست واپس لے لی ہے اوراس کی کوئی وجہ بھی سامنے نہیں آئی، اس حوالے سے ایشین فٹبال کنفیڈریشن نے بھی بیان جاری کیا ہے۔

    اب بھارت کی دستبرداری کے بعد سعودی عرب کو 2027 کے کپ کی میزبانی ملنے کی توقع ہے، اس حوالے سے حتمی اعلان اگلے سال فروری میں ایشین فٹبال کنفیڈریشن کے اجلاس کے بعد کیا جائے گا۔

    سعودی عرب 3 مرتبہ ایشیا کا چیمپیئن رہ چکا ہے اوریہ پہلا موقع ہوگا کہ سعودیہ اہم فٹبال ایونٹ کی 2027 میں میزبانی کرے گا۔

    خیال رہے کہ چین کرونا وبا کے باعث ایشین کپ 2023 کی میزبانی سے دستبردار ہوگیا تھا اور اب ایشین کپ اگلے سال قطر میں کھیلا جائے گا اور قطر ہی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔