Tag: ریاض

  • سعودی عرب چینی سیاحوں کے لیے پرکشش مقام

    سعودی عرب چینی سیاحوں کے لیے پرکشش مقام

    ریاض: سعودی عرب میں الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی گروپ کے ایگزیکٹیو چیئرمین جیری انزیریلو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اگلے 20 برسوں میں چینی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق الدرعیہ گیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی گروپ کے ایگزیکٹو چیئرمین جیری انزیریلو کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اگلے 20 برسوں میں چینی سیاحوں کے لیے ایک پرکشش مقام بن جائے گا۔

    ریاض میں دسویں عرب چین بزنس کانفرنس کے پہلے دن خطاب کرتے ہوئے جیری انزیریلو کا کہنا تھا کہ چینی سیاحوں کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ امیر سیاحوں میں ہوتا ہے کیونکہ وہ منفرد کھانوں، موسیقی، ادب اور خطاطی کے دلدادہ ہوتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چینی یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ کیا منفرد ہے اور اسی لیے مجھے لگتا ہے کہ مملکت ان کے لیے بہت پرکشش ہوگی۔

    جیری انزیریلو نے کہا کہ سنگاپور 60 سالوں میں کیا کر سکا، اماراتیوں نے 30 سالوں میں سیاحت کے نقطہ نظر سے جو کچھ حاصل کیا ہم اسے 15 سالوں میں پورا کرنے کی امید کرتے ہیں۔

    سعودی عرب میں جاری گیگا پروجیکٹس پر بات کرتے ہوئے جیری انزیریلو نے کہا کہ خلیجی ملک میں ہونے والے بہت سے اسٹریٹجک منصوبوں میں چینی فرموں کا بہت بڑا کردار ہے۔

  • سعودی عرب: سی سی ٹی وی کیمرے لگانے سے قبل ان ہدایات پر عمل ضروری

    سعودی عرب: سی سی ٹی وی کیمرے لگانے سے قبل ان ہدایات پر عمل ضروری

    ریاض: سعودی حکام نے ملک بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے حوالے سے ہدایات جاری کی ہیں، کیمروں کی تنصیب کے وقت ان ہدایات پر عملدر آمد لازمی ہوگا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے سیکیورٹی سی سی ٹی وی کیمروں کے استعمال کے قانون کا لائحہ عمل جاری کر دیا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ پر سی سی ٹی وی کیمروں کے سیکیورٹی ضوابط اور شرائط دیکھی جا سکتی ہیں، سرکاری گزٹ نے سی سی ٹی وی کیمروں کے قانون کے لائحہ عمل کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

    یہ 20 دفعات پر مشتمل ہیں اور ان پر عمل درآمد قانون کے نفاذ کی تاریخ سے ہوگا۔

    سی سی ٹی وی کیمرے کسی بھی ادارے میں داخلے کے مقامات پر نصب کیے جائیں گے تاکہ آنے جانے والوں کی شناخت کی جا سکے۔

    گوداموں میں بھی کیمرے نصب کیے جا سکتے ہیں، ادارے کی تمام منزلوں کی راہداریوں اور بڑے ہالز میں بھی سی سی کیمرے نصب ہوں گے۔ دفاتر کے استقبالیہ حصے میں بھی تنصیب ہوگی۔

    اے ٹی ایمز کے علاوہ اہم مقامات اور آتشزدگی پر قابو پانے والے آلات کے مقامات پر بھی یہ کیمرے نصب ہوں گے۔

    پارکنگ لائٹس میں آنے جانے والے دروازوں پر بھی کیمرے نصب ہوں گے، الیکٹرک رومز، انٹرنل نیٹ ورک اور کمیونیکیشن رومز کے دروازوں پر بھی کیمروں کی تنصیب ہوگی۔

    ملاقاتیوں کے آنے جانے والے اس حصے میں بھی کیمرے نصب کیے جائیں گے جہاں ملاقاتی گاڑیوں سے اترتے ہیں، سامان اتارنے اور لادنے والے مقامات اور مختلف سروسز والے مقامات پر بھی کیمرے نصب ہوں گے۔

    گیس سیلنڈرز روم یا کمپلیکس اور قریب کے علاقے میں بھی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔

    سینٹرل ایئر کنڈیشن روم، قریب کے علاقے، پیٹرول اسٹیشن اور اس کے اطراف کے علاقے، الیکٹرک زینوں اور سیڑھیوں پر بھی اس کا اہتمام کیا جائے گا۔

    ایسے تجارتی اور اقتصادی ادارے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے مستثنیٰ ہوں گے جو بند شاپنگ سینٹرز کے اندر واقع ہوں گے، محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر کسی بھی جگہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی منظوری دے سکتا ہے۔

  • اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اب تک کتنے پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ گئے؟

    اسلام آباد: ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ اب تک 46 ہزار سے زائد پاکستانی عازمین حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستانی عازمین کی تعداد 30 ہزار اور مدینہ منورہ میں 16 ہزار ہے۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان سے مدینہ منورہ کے لیے پروازوں کا سلسلہ ختم ہوچکا ہے، اب سے 21 جون تک تمام سرکاری حج پروازیں جدہ میں اتریں گی۔

    حج سے قبل 42 ہزار سے زائد عازمین کرام کو مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کروائی جائے گی، پرائیوٹ حج اسکیم کی جانب سے بھی عازمین کی آمد شروع ہوچکی ہے اور اب تک 3 ہزار سے زائد عازمین مکہ مکرمہ پہنچ گئے ہیں۔

    ترجمان کے مطابق 35 حج گروپ آرگنائزرز کی مانیٹرنگ مکمل کر لی گئی ہے، نجی حج اسکیم کی 2 شکایات کا ازالہ کیا گیا، شعبہ گمشدگی و بازیابی نے راستہ بھولنے والے 18 عازمین حج کو ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا۔

    ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حج میڈیکل مشن کے تحت مکہ اور مدینہ میں 2 اسپتال اور 12 ڈسپنسریوں کے ذریعے طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے، مکہ اور مدینہ منورہ میں 272 ڈاکٹرز اور طبی عملہ 24 گھنٹے علاج کی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔

  • حج کا خواب دیکھنے والی خاتون نے نصف صدی بعد تعبیر پا لی

    حج کا خواب دیکھنے والی خاتون نے نصف صدی بعد تعبیر پا لی

    ریاض: سعودی عرب میں سفر مقدس کے لیے آنے والی 84 سالہ مراکشی خاتون نصف صدی سے حج کرنے کا خواب دیکھ رہی تھیں جو بالآخر پورا ہوا۔

    اردو نیوز کے مطابق مراکش کی 84 سالہ خاتون کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگیا، مراکش کی 84 سالہ زاہیہ بوشتا نصف صدی سے زیادہ عرصے سے سفر حج کے انتظار میں تھیں۔

    زاہیہ بوشتا نے دار بیضا کے محمد الخامس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ روٹ ٹو مکہ انیشی ایٹو نے میری سفری کارروائی بھی آسان کردی۔

    زاہیہ بوشتا کا کہنا ہے کہ وہ شوہر کے ساتھ حج پر جانے پر بے حد خوش ہیں اور ان کے شوہر کا بھی یہ پہلا حج ہے۔

    زاہیہ بوشتا نے خوشگوار موڈ میں کہا کہ میں خود کو اس وقت 25 برس کی خاتون سمجھ رہی ہوں، اللہ کا شکر ہے کہ صحت مند ہوں اور حج کے تمام امور احسن طریقے سے انجام دے سکتی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اس وقت میری عمر 84 سال ہے، اس سے قبل حج نہیں کیا۔ اللہ تعالی نے مجھے ایسے بیٹے سے نوازا جس نے حج کے اخراجات برداشت کیے اور دیگر انتظامات بھی کروائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ روٹ ٹو مکہ انیشی ایٹو کے تحت سفری کارروائی کے حوالے سے بات کروں تو یہاں شاندار استقبال کیا گیا، تمام کام لمحوں میں ہو گئے اور بے حد خیال رکھا گیا۔

  • سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    سعودی عرب: نایاب نسل کے درجنوں جانور رکھنے والا شہری گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں معدوم ہوجانے والے نایاب نسل کے 43 جانور رکھنے والے شہری کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں خصوصی ماحولیاتی فورس نے ریاض ریجن میں ایک مقامی شہری کو پرمٹ کے بغیر 43 جانور رکھنے پر حراست میں لیا ہے۔

    اسپیشل فورس نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ایسے جانوروں کو نجی ملکیت میں رکھنا جن کی نسل معدوم ہو رہی ہو قابل سزا جرم ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ اس پر 30 ملین ریال تک کا جرمانہ اور 10 سال تک کی قید ہے، دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔

    حکام کے مطابق سعودی شہری ریاض ریجن میں ایسے 43 جانور اور درندے اپنے یہاں رکھے ہوئے تھا جن کی نسل معدوم ہورہی ہے، اس نے پرمٹ بھی نہیں حاصل کیا تھا جبکہ جانوروں کی نمائش بھی کی جارہی تھی۔

  • سعودی عرب: کار پارکنگ کے حوالے سے حکام کی اہم ہدایت

    سعودی عرب: کار پارکنگ کے حوالے سے حکام کی اہم ہدایت

    ریاض: سعودی عرب میں حکام نے کار پارکنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ پری پیڈ پارکنگ کے ابتدائی 20 منٹ فری ہیں، اس پر کوئی فیس لاگو نہیں ہوگی۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور کا کہنا تھا کہ پری پیڈ پارکنگ کے ابتدائی 20 منٹ فری ہیں، اس پر کوئی فیس لاگو نہیں ہوگی۔

    وزارت نے پری پیڈ کارپارکنگ کے ضوابط جاری کیے ہیں۔

    ضوابط کے تحت 3 قسم کی کار پارکنگ ہوگی، کاروباری اداروں کی پارکنگ، سرکاری اداروں، محکموں اور وزارتوں کی پارکنگ ان میں کھلے میدان، تہہ خانے، کثیر منزلہ تجارتی مراکز، عوامی بازاروں، ہوٹلوں، سپورٹس کلب کی پارکنگ شامل ہیں۔

    دوسری قسم کی پارکنگ میں خالی پلاٹ والی پارکنگ، کثیر منزلہ کار پارکنگ یا تجارتی شاہراہوں پر واقع کھلے پلاٹس میں قائم کی جانے والی کثیر منزلہ پارکنگ شامل ہیں۔

    تیسری قسم میں کمپیوٹر سسٹم کے تحت چلائی جانے والی پارکنگ ہے، یہ سرکاری اداروں کے احاطوں، تجارتی استعمال والے پلاٹس پر بنائی جانے والی وہ پارکنگ ہے جہاں گاڑیوں کو پارک کرنے، اتارنے، چڑھانے کا تمام کام مشینی سسٹم کے تحت کیا جاتا ہے۔

  • 80 سالہ سعودی ہائیکر، جو کئی چوٹیاں سر کرنا چاہتے ہیں

    80 سالہ سعودی ہائیکر، جو کئی چوٹیاں سر کرنا چاہتے ہیں

    ریاض: سعودی عرب کے 80 سالہ شہری نے اس عمر میں ہائیکنگ کر کے اور پہاڑوں کی چوتیاں سر کر کے ثابت کردیا کہ عمر شوق کی راہ میں رکاوٹ نہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے 80 سالہ شہری اور سابق سفارت کار عبداللہ القویز نے ہائیکنگ کے میدان میں نئی نسل کو چیلنج دیا ہے، اپنے عزم و ہمت کی وجہ سے وہ آج بھی خود کو نوجوانوں سے زیادہ مضبوط اور توانا ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر عبد اللہ القویز نے مہم جو کی حیثیت سے چیلنج بک میں اپنا نام ریکارڈ کروایا ہے، انہیں ہائیکنگ کا جنون ہے اور اب بھی وہ پہاڑوں کی چوٹیاں سر کرنے کی مہم میں لگے رہتے ہیں۔

    انہوں نے پوری دنیا کو پیغام دیا ہے کہ عمر انسان کی خواہش کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں، عمر محض ایک ہندسہ ہے۔

    معمرسعودی شہری کا کہنا ہے کہ اپنی پوری زندگی دنیا کی سیاحت، پہاڑی چوٹیاں سر کرنے اور قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے میں گزاری۔

    عبداللہ القویز کا کہنا تھا کہ تعلیم کے ابتدائی دور میں فٹ بال کا شوق تھا تاہم کسی ٹیم نے شامل نہیں کیا جس کے بعد فٹ بال کے شوق کو ہمیشہ کے لیے خیر باد کہہ دیا۔

    ڈاکٹر عبد اللہ القویز کہتے ہیں کہ گزشتہ صدی کے چھٹے عشرے کے اواخر میں امریکا جانا ہوا تو محسوس کیا کہ جب بھی گھر والوں کے ہمراہ شاپنگ سینٹر جاتا ہوں تھکاوٹ محسوس کرتا ہوں۔ پیروں اور کمر میں درد ہونے لگتا ہے۔

    اسی دوران جوتوں کے ایک دکاندار نے میرے پیر دیکھ کر کہا کہ آپ کے فلیٹ فٹ ہیں، اس نے میرے جوتے میں اضافی سول لگایا۔ جس کے بعد مجھے چلنے پھرنے میں آسانی ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک بار سوئٹزر لینڈ میں اپنے کویتی دوست کے آمادہ کرنے پر پہلی مرتبہ ہائیکنگ کی تو جسم درد سے اکڑ گیا، ایک ہفتہ یہی حال رہا۔ پھر علاج کے بعد ہا‎‎ئیکنگ کو میں نے اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا اور اب تک یہ شوق جاری ہے۔

    ڈاکٹر عبداللہ القویز کا مزید کہنا تھا کہ یہ ایک کم لاگت کا شوق ہے، اس کے لیے آپ کو کسی کلب کی ممبر شپ اختیار کرنے اور سالانہ فیس کی ضرورت نہیں۔

  • چین سعودی کھجوروں کا سب سے بڑا خریدار بن گیا

    چین سعودی کھجوروں کا سب سے بڑا خریدار بن گیا

    ریاض: سعودی عرب کی کھجوروں کی برآمد میں اضافہ ہورہا ہے، سعودی عرب کی سب سے زیادہ کھجوریں خریدنے والا ملک چین ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب نے سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران 566 ملین ریال سے زیادہ مالیت کی کھجوریں برآمد کی ہیں، یہ برآمدات 2022 کی پہلی سہ ماہی کے مقابلے میں 2.5 فیصد زیادہ ہیں۔

    قومی مرکز برائے کھجور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب 111 ملکوں کو کھجوریں برآمد کر رہا ہے، ان میں 6 ممالک سرفہرست ہیں۔

    سب سے زیادہ کھجوریں چین کو برآمد کی گئی ہیں، آسٹریا دوسرے، بیلجیئم تیسرے، ترکیہ چوتھے، روس پانچویں اور کینیڈا چھٹے نمبر پر ہے۔

    اس سے قبل قومی مرکز برائے کھجور نے بتایا تھا کہ سنہ 2016 سے 2022 تک کھجوروں کی برآمدات میں 121 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    مرکز کے مطابق سعودی عرب کی کھجوریں دنیا بھر میں پسند کی جاتی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ برآمدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب دنیا بھر میں کھجوروں کا دیس مانا جاتا ہے، انواع و اقسام کی سعودی کھجوریں پوری دنیا میں پسند کی جاتی ہیں۔

    سعودی عرب تیل کے علاوہ دیگر اشیا برآمد کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

  • سعودی عرب: کس شعبے میں سعودائزیشن نہیں کی جائے گی؟

    سعودی عرب: کس شعبے میں سعودائزیشن نہیں کی جائے گی؟

    ریاض: سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز پر سعودائزیشن کے قوانین لاگو نہیں ہوں گے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ ماہ سعودی عرب میں اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کیا تھا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود احمد الراجحی کا کہنا ہے کہ اسپیشل اکنامک زونز پر سعودائزیشن کے قوانین لاگو نہیں ہوں گے۔

    الراجحی کا کہنا تھا کہ اگر اسپیشل اکنامک زونز میں سعودیوں کی تقرری کا فیصلہ ہوا تو ایسی صورت میں متعلقہ اداروں کو فروغ افرادی قوت فنڈ کی جانب سے ترغیبات دی جائیں گی اور بنیادی معیشت سے استفادے کا موقع بھی مہیا کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ ماہ سعودی عرب میں اکنامک زونز کے قیام کا اعلان کیا تھا، یہاں 47 ارب ریال سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔

    اسپیشل اکنامک زونز میں جدید ٹیکنالوجی، لاجسٹک خدمات، صنعت، کانکنی اور سمندری شعبوں کے حوالے سے سرمایہ کاری ہوئی ہے۔

    یہاں زیر تکمیل سرمایہ کاری کا مجموعی حجم 116 ارب ریال سے زیادہ تک پہنچ چکا ہے، یہ بات سٹیز اینڈ اکنامک زونز کے زیر اہتمام ہونے والے انویسٹمنٹ فورم کے موقع پر ریاض میں کہی گئی ہے۔

    اس سے قبل کنگ عبداللہ اکنامک سٹی راس الخیر اکنامک زون، جازان اکنامک زون اور کلاؤڈ اینڈ انفارمیٹکس کمپیوٹنگ کے اسپیشل اکنامک زون میں 4 پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں، علاوہ ازیں اصولی سرمایہ کاری کے حوالے سے معلومات بھی واضح ہو گئی ہیں۔

  • سعودی عرب: ایئر ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت کن افراد کو ملے گی؟

    سعودی عرب: ایئر ٹکٹ پر 50 فیصد رعایت کن افراد کو ملے گی؟

    ریاض: سعودی مجلس شوریٰ نے ایئر ٹکٹس، فیول اور کارگو کے نرخوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا ہے کہ بین الاقوامی اور علاقائی ایئر پورٹس کے ساتھ مسابقت کے پیش نظر ٹکٹوں، فیول اور کارگو کے نرخوں کے حوالے سے مناسب اقدامات کیے جائیں۔

    مجلس شوریٰ نے منگل کو صدر شیخ ڈاکٹر عبداللہ آل الشیخ کی زیر صدارت اجلاس کے دوران اس حوالے سے ایک قرارداد منظور کی ہے۔

    شوریٰ نے قرارداد کی منظوری سے قبل ٹرانسپورٹ، کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کمیٹی کا مؤقف بھی سنا ہے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے کہا کہ وہ فضائی کمپنیوں کو پروازوں سے متعلق معاہدوں پر تیزی سے عملدر آمد کا پابند بنائے، ان فضائی کمپنیوں کو اس کا پابند کیا جائے جو مسافر پروازیں چلانے کے وعدے کر چکی ہیں۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی سے مطالبہ کیا کہ معذوروں کو 50 فیصد رعایتی ٹکٹ کے اجرا کو یقینی بنایا جائے اور انہیں ہر درجے کی بکنگ پر رعایت دی جائے۔

    شوریٰ نے محکمہ شہری ہوا بازی کو فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں کی شکایات دور کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔