Tag: ریاض

  • سعودی محکمہ ٹریفک کی گاڑی کے مالکان کو خصوصی ہدایات

    سعودی محکمہ ٹریفک کی گاڑی کے مالکان کو خصوصی ہدایات

    سعودی محکمہ ٹریفک نے گاڑی کے ملکیتی کارڈ یعنی استمارے کی تجدید، اور گاڑی چوری کے بعد کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وضاحتیں پیش کی ہیں۔

    ایک شخص نے دریافت کیا کہ مملکت میں گاڑی چوری ہو جائے تو کیا کریں؟ حکام کی جانب سے جواب دیا گیا کہ جرائم کے حوالے سے کسی بھی واقعے کی رپورٹ کروانے کے لیے علاقے کے تھانے جانا ہوتا ہے۔

    گاڑی چوری ہو جائے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ جس علاقے سے گاڑی چوری ہوئی ہو وہاں کے تھانے میں جا کر چوری کی رپورٹ درج کروائی جائے۔

    گاڑی چوری ہونے کی صورت میں رپورٹ کرنے میں تاخیر قطعی طور پر نہ کی جائے، بلکہ فوری طور پر قریبی ترین تھانے میں دستاویزی ثبوت جمع کروائے جائیں۔

    گاڑی کی چوری کی رپورٹ درج کروانے کے لیے گاڑی کے ملکیتی کارڈ کی کاپی بھی جمع کروائی جائے، اس بات کا بھی خیال رکھیں کہ جس علاقے میں گاڑی چوری ہوئی ہو اسی علاقے کے تھانے میں رپورٹ کروائیں۔

    رپورٹ درج کروانے میں تاخیر نہ کی جائے، اگر ممکن ہو یعنی جیسے ہی گاڑی کی چوری کا علم ہو فوری طور پر ہنگامی نمبر 999 پر ابتدائی اطلاع بھی فراہم کردیں تاکہ ریکارڈ پر آجائے۔

    تھانے میں رپورٹ کروانے کے لیے وہی شخص جائے جس کے نام گاڑی ہو۔ اگر کوئی اور شخص گاڑی کی چوری کی رپورٹ کروائے تو اس کے پاس اتھارٹی لیٹر ہونا ضروری ہے جو گاڑی کے مالک کی جانب سے ڈیجیٹل طریقے سے ابشر کے ذریعے جاری کیا گیا ہو۔

    گاڑی فروخت کرنے کے لیے استمارہ تجدید کروانا ضروری ہے، جب تک استمارہ یعنی گاڑی کے ملکیتی کارڈ کی تجدید نہیں کروائی جاتی گاڑی کی فروخت ممکن نہیں ہوتی۔

    یہ بھی ضروری ہے کہ گاڑی کے استمارے کی تجدید کے لیے گاڑی کا فحص یعنی سالانہ فنی انسپکشن رپورٹ بھی حاصل کی جائے۔ فحص کے بغیر گاڑی کے استمارے کی تجدید نہیں کروائی جا سکتی۔

    خیال رہے کہ فحص سالانہ بنیاد پر کیا جاتا ہے جس میں گاڑی کا انجن اور اس کی مجموعی حالت دیکھ کر اسے پاس یا مسترد کیا جاتا ہے۔

    خراب گاڑی کا فحص اس وقت تک نہیں ہوسکتا جب تک تمام فنی خرابیاں دور نہ کی جائیں، فحص کروانے کے بعد گاڑی کا استمارہ تجدید کیا جاتا ہے جس کے بعد گاڑی فروخت کی جا سکتی ہے۔

    سالانہ بنیادوں پر گاڑی کا فحص نہ کروانا بھی ٹریفک قانون کی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جس پر ٹریفک پولیس اہلکار گاڑی کے مالک کا چالان بھی کرسکتا ہے۔

  • وزٹ ویزے میں توسیع، سعودی حکام کی وضاحت

    وزٹ ویزے میں توسیع، سعودی حکام کی وضاحت

    ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات نے وزٹ ویزے کی مدت میں توسیع کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن جوازات کا کہنا ہے کہ جن افراد کے فیملی ملٹی پل وزٹ ویزے کی مدت میں دوسری بار توسیع نہیں ہو رہی وہ ابشر پر جوازات کی تواصل سروس کے ذریعے معاملہ حل کروا سکتے ہیں۔

    ٹویٹر پر دریافت کیا گیا کہ ملٹی پل وزٹ ویزے کی مدت میں دوسری بار توسیع نہیں ہو رہی جبکہ پہلی بار والی توسیع 180 دن پر کروائی گئی تھی۔

    اس حوالے سے جوازات کا کہنا تھا کہ جن افراد کو وزٹ ویزے کی مدت میں ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے توسیع کروانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہیں چاہیئے کہ وہ ابشر پر موجود تواصل کی سروس کے ذریعے اس میسج کا اسکرین شاٹ لیں اوراسے تواصل کو ارسال کریں۔

    خیال رہے کہ ابشر اکاؤنٹ پرموجود تواصل سروس ان معاملات کے لیے فراہم کی گئی ہے جہاں خود کار طریقے سے ہونے والے امور انجام نہ دیے جاسکیں یا ان میں کسی قسم کا کوئی فنی خلل واقع ہوگیا ہو۔

    تواصل سروس کے لیے ابشر اکاؤنٹ میں سروسز کے آپشن میں جانے کے بعد مائی سروسز کو منتخب کریں جس کے بعد جوازات جہاں تواصل کا براؤز موجود ہوتا ہے۔

    تواصل کے آپشن میں مختصر طور پر ویزے کی توسیع میں پیش آنے والی مشکل درج کریں، ساتھ ہی جو میسج خود کار سسٹم کے ذریعے موصول ہوا ہے وہ بھی اپ لوڈ کردیا جائے۔

  • سعودی شہزادی انتقال کر گئیں

    سعودی شہزادی انتقال کر گئیں

    ریاض: سعودی عرب کی شہزادی لولوۃ بنت فہد بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کر گئیں، شہزادی حدود شمالیہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان کی والدہ ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی ایوان شاہی نے کہا ہے کہ شہزادی لولوۃ بنت فہد بن عبدالعزیز آل سعود سوموار کے روز انتقال کرگئیں۔

    شہزادی لولوۃ بنت فہد کی نماز جنازہ منگل 19 اپریل کو عصر کے بعد امام ترکی بن عبد اللہ جامع مسجد ریاض میں ادا کی جائے گی۔

    شہزادی لولوۃ بنت فہد حدود شمالیہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن خالد بن سلطان کی والدہ ہیں، شاہی خاندان کے افراد، مقامی عہدیداروں اور عوام نے شاہی خاندان خصوصاً گورنر حدود شمالیہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

  • سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی بنیادی شرائط کون سی ہیں؟

    سعودی عرب: ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کی بنیادی شرائط کون سی ہیں؟

    ریاض: سعودی عرب میں محکمہ ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے 7 بنیادی شرائط مقرر کی ہیں۔

    شرائط کے تحت لائسنس کے لیے درخواست گزار کی عمر 18 برس ہو، وہ نشہ کرنے یا نشہ آور اشیا فروخت کرنے کے حوالے سے عدالت سے سزا یافتہ نہ ہو۔

    درخواست گزار جسمانی طور پر فٹ ہو، اس کے لیے ڈرائیونگ کا امتحان پاس کرنا ضروری ہے۔ لائسنس کے لیے فیس ادا کی جائے، اگر پرانے چالان ہوں تو انہیں ادا کیا جائے اور قانونی طور پر مقیم ہو یعنی کارآمد اقامہ رکھتا ہو۔

    مذکورہ بالا بنیادی شرائط ہیں جنہیں ہر صورت میں مکمل کرنا ضروری ہے۔

    ٹریفک پولیس کے قانون کی شق نمبر 36 کے تحت لائٹ ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 جبکہ ہیوی ڈرائیور کے لیے کم از کم 20 برس ہونا لازمی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے بنیادی طور پر 2 طریقے ہیں، اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والوں کا لائسنس جلد جاری کیا جاتا ہے جبکہ ایسے افراد جن کے پاس کوئی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہو، انہیں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ اسکول میں مقررہ تعلیم حاصل کرنے کے بعد امتحان دینا ہوتا ہے۔

    غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے تارکین وطن

    وہ تارکین وطن جن کے پاس اپنے ملک کا ڈرائیونگ لائسنس ہوتا ہے انہیں چاہیے کہ وہ اس کا عربی میں ترجمہ کروا کر اسے اپنے ملک کے سفارتخانے سے تصدیق کریں۔ بعد ازاں ٹریفک پولیس کے منظور شدہ ڈرائیونگ سکول دلہ کی ویب سائٹ پر رجسٹر کریں اور وہاں سے ڈرائیونگ کا امتحان دیں۔

    امتحان میں پاس ہونے والوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے، ایسے افراد جو ٹیسٹ میں پاس نہیں ہوتے انہیں کم از کم 30 گھنٹے کی تربیت دی جاتی ہے جو تین گھنٹہ فی یوم کے حساب سے ہوتی ہے۔

    ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے غیر ملکی

    وہ افراد جو غیر ملکی ڈرائیونگ لائسنس نہیں رکھتے، ان کے لیے ڈرائیونگ اسکول میں رجسٹریشن کر کے 90 گھنٹے کی ٹریننگ حاصل کرنا لازمی ہے۔ یہ 30 دن پر محیط ہے اور 3 گھنٹہ یومیہ کے حساب سے ہوتی ہے۔

    ڈرائیونگ کی کلاسز مکمل ہونے کے بعد امتحان سے گزرنا ہوتا ہے جس میں ڈرائیونگ اور ٹریفک سائنز کا ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہے۔

    میڈیکل ٹیسٹ

    ڈرائیونگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد میڈیکل ٹیسٹ کے لیے منظور شدہ اسپتال یا طبی مرکز سے سرٹیفیکٹ حاصل کرنا ہوتا ہے، جس میں بلڈ گروپ، آنکھوں کا ٹیسٹ اور جسمانی حالت کا معائنہ کیا جاتا ہے۔

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے مقررہ درخواست فارم بھر کر 2 عدد تصاویر اور پاسپورٹ کی کاپی دی جاتی ہے اور فیس ادا کرنے کے بعد ادارے سے رجوع کیا جاتا ہے جہاں سے بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔

    انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کسی بھی ٹریول اینڈ ٹور ایجنسی سے جاری کروایا جا سکتا ہے جو اس امر کی مجاز ہو۔

    17 برس کی عمر کے لیے ڈرائیونگ پرمٹ

    قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 18 برس مقرر ہے تاہم 17 برس کی عمر کے نوجوانوں کے لیے ایک سال کا ڈرائیونگ پرمٹ جسے تصریح کہا جاتا ہے، بھی جاری کروایا جا سکتا ہے۔

    اس ضمن میں ٹریفک پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تصریح جاری کروانے کے لیے عمر 17 برس ہونا لازمی ہے اس سے کم نہیں۔

    ڈرائیونگ پرمٹ حاصل کرنے کے لیے ڈرائیونگ اسکول میں رجسٹریشن اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ مقررہ فارم کے ساتھ 6 تصاویر منسلک کی جائیں گی۔

    غیر ملکیوں کے لیے کارآمد اقامہ ہونا بنیادی شرط ہے۔

    خواتین کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کا اجرا

    سعودی عرب میں خواتین کو بھی ڈرائیونگ کی اجازت دی جا چکی ہے، اس ضمن میں محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ جو قوانین مردوں کے لیے ہیں وہی خواتین پر بھی لاگو ہوتے ہیں۔

  • سعودی عرب میں کن ایپس پر کال کی سہولت بند کی گئی ہے؟

    سعودی عرب میں کن ایپس پر کال کی سہولت بند کی گئی ہے؟

    ریاض: سعودی عرب میں ملکی قوانین و ضوابط پر عمل نہ کرنے والی ایپس پر کال کی سہولت بند کردی گئی ہے، سعودی وزیر کا کہنا ہے کہ صارفین کے ڈیٹا کو خفیہ رکھنا ایک عالمی چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی وزارت مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا ہے کہ مملکت کے قوانین و ضوابط پر عمل نہ کرنے والی ایپس پر کال کی سہولت بند رہے گی۔

    وزیر مواصلات و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبداللہ السواحہ کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی وہ ریڈ لائن پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جو ملک و قوم کی خود مختاری اور سیکیورٹی کا تحفظ کرتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی جانب سے حساس ڈیٹا کو سوشل میڈیا پر لاپرواہی سے شیئر کرنے کے باعث صارفین کے ڈیٹا کو خفیہ رکھنا ایک عالمی چیلنج کے طور پر سامنے آیا ہے۔

    سعودی وزیر کے مطابق حکومت نے کچھ ایسی کمپنیوں کا پتہ لگا کر ان کے خلاف کارروائی کی ہے جنہوں نے صارفین کا ڈیٹا بیچا، انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ شعور اجاگر کرنا اور قوانین و ضوابط مرتب کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

  • سعودی حکام کی ویزوں اور اقاموں سے متعلق اہم ہدایات جاری

    سعودی حکام کی ویزوں اور اقاموں سے متعلق اہم ہدایات جاری

    ریاض: سعودی حکام نے مملکت میں رہائش پذیر غیر ملکیوں اور ان کے اہل خانہ کے ویزوں اور اقاموں سے متعلق اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں رہنے والے غیر ملکی کارکنوں کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کو اپ ڈیٹ رکھیں، قانون کے مطابق اقامہ ایکسپائر ہونے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

    اگر اقامہ کی تجدید میں دوسرے برس بھی تاخیر ہوتی ہے تو اس صورت میں جرمانہ ایک ہزار ریال عائد کیا جاتا ہے جبکہ تیسری بار تاخیر پر قانون کے مطابق اقامہ ہولڈر کو ڈی پورٹ کر دیا جاتا ہے۔

    اقامہ اور ہروب کے حوالے سے ایک شخص نے جوازات سے دریافت کیا کہ سپانسر نے ہروب فائل کر دیا ہے جبکہ پاسپورٹ اور اقامہ بھی اس کے پاس ہے، نہ وہ فائنل ایگزٹ لگاتا ہے اور نہ اقامہ دیتا ہے، میں واپس جانا چاہتا ہوں کیا کروں؟

    جوازات کا کہنا تھا کہ مذکورہ کیس میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے ذیلی ادارے سے رجوع کریں اور کیس کی تفصیل لکھ کر درخواست دیں تاکہ وہ معاملے کا مناسب حل نکالیں۔

    واضح رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود آبادی کے تحت لیبر کورٹس قائم ہیں جہاں آجر و اجیر کے مابین تنازعات کو حل کیا جاتا ہے۔ اس مد میں وزارت افرادی قوت کے ذیلی لیبر کورٹس میں درخواست دائر کرنے سے قبل اس امر کا جائزہ لیا جائے کہ ہروب فائل کیے جانے کی وجوہ کیا تھیں۔

    عدالت میں ہروب کو چیلنچ کرنے کے لیے ٹھوس اور واضح ثبوت کا ہونا ضروری ہے جس میں یہ ثابت کیا جا سکے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے۔

    اگر عدالت میں یہ ثابت ہوجائے کہ ہروب غلط لگایا گیا ہے تو اس صورت میں عدالت ہروب کو کینسل کرنے کا حکم دیتی ہے جس کے بعد اقامہ تجدید کروانے کے بعد خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے۔

    ایک اور شخص نے دریافت کیا کہ اقامہ ختم ہوئے 80 دن گزر چکے ہیں، خروج نہائی جانا چاہتا ہوں مگر اہل خانہ پر عائد فیس ادا نہیں کی کیا کروں؟

    جوازات کا کہنا تھا کہ خروج نہائی ویزے کے لیے لازمی ہے کہ اقامہ کارآمد ہو اور اس کی مدت میں کم از کم 60 دن باقی ہوں۔

    اقامہ تجدید کروانے کے بعد خروج نہائی فائنل ایگزٹ لگایا جا سکتا ہے، جہاں تک اہل خانہ کی فیس جسے عربی میں رسوم المرافقین کہا جاتا ہے کہ حوالے سے دریافت کیا گیا ہے تو یہ ادا کرنا ضروری ہے۔

  • دمام میں تجارتی پردہ پوشی پر سخت سزائیں

    دمام میں تجارتی پردہ پوشی پر سخت سزائیں

    ریاض: سعودی وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں کے خلاف عدالت نے جرمانے اور ملک بدری کی سزا کا حکم صادر کر دیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق وزارت تجارت کی جانب سے جاری مہم کے دوران تفتیشی ٹیموں نے مشرقی ریجن کے دمام شہر میں تجارتی پردہ پوشی کے تحت قائم کی گئی ایک اور کمپنی کو سیل کردیا جبکہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی کے خلاف اکھٹے ہونے والے تمام ثبوت عدالت کے حوالے کردیے گئے۔

    عدالت نے مقدمے کی سماعت اور ثبوتوں کی روشنی میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث شامی باشندے اور سعودی شہری کے خلاف 4 لاکھ ریال جرمانے کا حکم سنا دیا۔

    عدالتی حکم میں مزید کہا گیا تھا کہ تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ادارے کو مستقل بنیادوں پر سیل کیا جائے جبکہ ادارے کی کمرشل رجسٹریشن سجل تجاری کو بھی کینسل کر کے تجارتی سرگرمی مستقل بنیادوں پر روک دی جائیں۔

    علاوہ ازیں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی کو ملک بدر کر کے اسے ہمیشہ کے لیے بلیک لسٹ کیا جائے۔

    وزارت تجارت کے ذرائع کا کہنا تھا کہ غیر ملکی باشندہ سعودی شہری کے ساتھ مل کر ہیوی مشینری کی ٹھیکیداری کا کام کرتا تھا وہ لوگ ہیوی مشینری نیلامی سے خرید کر اسے دیگر اداروں اور افراد کو فروخت کیا کرتے تھے۔

    تجارتی پردہ پوشی میں ملوث غیر ملکی نے وقتاً فوقتاً خطیر رقم بیرون مملکت بھی بھجوائی جو اس نے تجارتی پردہ پوشی کے ذریعے کمائی تھی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب میں تجارتی قوانین کے تحت کوئی بھی غیر ملکی کسی مقامی کے ساتھ مل کر تجارتی سرگرمیاں نہیں کرسکتا، ایسے کرنے والے قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔

    تجارتی پردہ پوشی کے رجحان کو ختم کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے گزشتہ برس مہلت دی گئی تھی تاکہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودی شہری اور غیر ملکی اپنے معاملات درست کرلیں۔

  • گولڈ مارکیٹ میں آنے والی تیزی کب ختم ہوگی؟

    گولڈ مارکیٹ میں آنے والی تیزی کب ختم ہوگی؟

    ریاض: سعودی ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی گولڈ مارکیٹ میں آنے والی تیزی عارضی ہے، جنگ کے اثرات ختم ہوتے ہی مارکیٹ معمول پر آجائے گی اور اس میں ٹھہراؤ آئے گا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق قیمتی پتھروں اور معدنیات کے سعودی ماہر عصام عبد العزیز الاشرفی نے کہا ہے کہ سونے کے نرخوں میں اضافے کی بڑی وجہ عالمی بحران ہے، سونے کے نرخوں میں ٹھہراؤ آنے میں وقت لگے گا۔

    سعودی ماہر کا کہنا تھا کہ سونے کے نرخوں میں آنے والی تیزی عارضی ہے، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے سونے کے نرخ بڑھے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گولڈ مارکیٹ عالمی سطح پر جنگ کے اثرات ختم ہوتے ہی معمول پر آجائے گی اور اس میں ٹھہراؤ آئے گا۔

    الاشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں سونے اور زیورات کی مارکیٹ بین الاقوامی گولڈ مارکیٹ سے متاثر ہے، عالمی بحران کے اثرات سعودی مارکیٹ پر بھی براہ راست پڑ رہے ہیں۔

    خیال رہے کہ چین، انڈیا اور امریکا دنیا بھر میں سونا استعمال کرنے والے ممالک میں سرفہرست ہیں، سعودی عرب عالمی سطح پر گولڈ استعمال کرنے والے دس بڑے ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔

  • سعودی عرب کا وہ علاقہ جہاں بے شمار تاریخی مقامات ہیں

    سعودی عرب کا وہ علاقہ جہاں بے شمار تاریخی مقامات ہیں

    سعودی عرب میں دومتہ الجندل نامی علاقہ مختلف تاریخی و سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے اور ان میں سے ہر ایک اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے الجوف ریجن کی کمشنری دومتہ الجندل پرکشش ماحول، شاندار تاریخ اور منفرد خصوصیات کے باعث سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔

    یہ علاقہ مختلف سیاحتی مقامات سے مالا مال ہے اور ان میں سے ہر ایک اپنی الگ شناخت رکھتا ہے۔

    یہاں کے ساحلی اور تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے بڑی کشش رکھتے ہیں، الجوف میں کھجوروں کا فیسٹول بھی دنیا بھر میں مشہور ہے۔

    اس کمشنری کا ایک امتیاز دومتہ الجندل جھیل ہے، یہ مملکت کی بڑی جھیلوں میں سے ایک ہے۔ اس کے ساحل سبزہ زاروں سے ڈھکے ہوئے ہیں، سحر آفریں ساحلی مقامات کی سیر اور سمندری اسپورٹس کا اپنا مزہ ہے۔

    تاریخی حوالوں سے بھی دومتہ الجندل اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ یہاں عظیم مارد قلعہ، مسجد عمر بن خطاب، الدرع تاریخی محلہ، دومتہ الجندل فصیل قابل دید ہیں۔

    الجوف عجائب گھر میں پورے خطے کی تاریخ ایک چھت تلے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ عجائب گھر دیکھنے والے یہ جان کر خوشی محسوس کرتے ہیں کہ الشویحطیہ میں دنیا کی قدیم ترین بستی آباد تھی۔

    اسلامی دور تک کی تاریخ اسی عجائب گھر میں دیکھنے کو ملتی ہے، عمر بن خطاب مسجد کا مینارہ بھی عجائب گھر میں سجا ہوا ہے جسے اسلامی تاریخ کے قدیم ترین مینارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

  • بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    بیرون ملک سے عمرہ زائرین آن لائن ویزا کیسے حاصل کریں، پابندیاں کیا ہیں؟

    ریاض: سعودی حکام نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے ویزے اور پابندیوں کے حوالے سے ہدایات جاری کردیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ، مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔

    سعودی حکام کا کہنا ہے کہ جو لوگ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کو آن لائن ویزا حاصل کرنا ہوگا۔

    حکام کے مطابق آن لائن عمرہ ویزا میڈیکل انشورنس ہولڈر کو دیا جائے گا، انشورنس اسکیم میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں علاج معالجے کی سہولتیں مہیا ہونا ضروری ہیں۔

    حکام کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت نے عمرے کے حوالے سے بعض پابندیاں ختم کی ہیں، مملکت آنے سے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنے اور ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں ہے۔

    عمرہ اور زیارت کے دوران سماجی فاصلے کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے جبکہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کے لیے اجازت ناموں کا حصول اب ضروری نہیں رہا۔

    بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے عمرہ اجازت نامہ اسی صورت میں جاری ہوتا تھا جب وہ ویکسین ریکارڈ کا اندراج کروائیں، تاہم اب یہ پابندی بھی نہیں رہی۔