Tag: ریاض

  • 400 کلو گرام وزنی شخص علاج کے لیے ریاض منتقل

    400 کلو گرام وزنی شخص علاج کے لیے ریاض منتقل

    ریاض: سعودی عرب میں ایوان شاہی کی جانب سے جاری خصوصی احکامات کے تحت 400 کلو گرام وزنی شخص کو خصوصی سی 130 طیارے کے ذریعے قریات سے ریاض منتقل کردیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق القریات میں مقیم موٹاپے کا شکار سعودی شہری منصور الشراری نے عید الاضحیٰ سے قبل ایوان شاہی سے مدد کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا علاج کروانے میں مدد فراہم کی جائے۔

    شہری نے اپنی درخواست میں مزید کہا تھا کہ وہ اپنے زیادہ وزن کی وجہ سے نقل و حرکت کرنے کے قابل نہیں۔ اس لیے انہیں ریاض کے شاہ خالد یونیورسٹی اسپتال لے جانے کے لیے خصوصی جہاز فراہم کیا جائے۔

    ایوان شاہی کی جانب سے منصور الشراری کو القریات سے ریاض منتقل کرنے کے لیے خصوصی سی 130 طیارہ بھیجا گیا جس کے ذریعے انہیں ریاض پہنچایا گیا۔

    اس موقع پر منصور الشراری کا کہنا تھا کہ آج وہ اپنی صحت مندی کے سفر پر روانہ ہو رہے ہیں اور جلد ہی اپنے علاقے القریات میں صحت مند ہو کر واپس جائیں گے۔

    ایوان شاہی کی جانب سے درخواست منظور کیے جانے پر منصور الشراری نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • سعودی عرب میں موجود وکیلوں کے لیے خوشخبری

    سعودی عرب میں موجود وکیلوں کے لیے خوشخبری

    ریاض: سعودی عرب میں غیر سعودی شہریوں کو سعودی بار ایسوسی ایشن کا حصہ بنانے کے لیے تنظیمی ڈھانچے میں درکار ترامیم کے لیے غور کیا جارہا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی بار ایسوسی ایشن کے معاہدے سے یہ شق نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے تحت صرف سعودی شہری ہی ایسوسی ایشن کی رکنیت کا حصہ ہوں گے۔

    تاہم یہ شرط رکھی گئی ہے کہ مملکت میں وکالت کی پریکٹس صرف سعودی شہری ہی کرسکیں گے۔

    دوسری جانب شوریٰ کونسل نے کوڈ آف لا پریکٹس کے مذکورہ حصے میں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد اب اس کا متن ہے، ریاست میں موجود ہر وہ شخص جس کے پاس وکالت کا لائسنس ہو اسے سعودی بار ایسوسی ایشن کا حصہ بننا لازمی ہوگا۔

    وزارت انصاف کے مطابق اس وقت مملکت میں 18 ہزار وکلا وکالت کی پریکٹس کر رہے ہیں جن میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔

  • سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    سعودی وزارت صحت نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی کچھ بدلتی اقسام 12 سے 18 سال کے افراد کے لیے زیادہ خطرناک ہو چکی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ اس عمر کے گروپ کے لیے ویکسینز محفوظ اور مؤثر ثابت ہوئی ہیں۔

    اس سے پہلے سعودی عرب میں صحت حکام نے کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے 12 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو شامل کرنے کے لیے ویکسی نیشن مہم کو بڑھایا تھا۔

    سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1 لاکھ 6 ہزار 572 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ملک میں کیے جانے والے ان ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔

    سعودی عرب میں اب تک ایک کروڑ 79 لاکھ 55 ہزار 15 افراد کو کرونا ویکیسن کی خوراک دی جا چکی ہے جن میں 13 لاکھ 52 ہزار 555 افراد بزرگ ہیں۔

    وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔

  • حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    حج درخواستوں کی وصولی کا آج آخری دن

    ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، جمعے کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کا آخری دن 23 جون یعنی آج ہے، آج رات 10 بجے تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو عازمین حج کے ناموں کا اعلان کر دیا جائے گا، 25 جون دوپہر 1 بجے سے بکنگ اور حج پیکج کے حصول کی کارروائی شروع ہوجائے گی۔

    وزارت کے مطابق منتخب افراد کو میسج موصول ہونے کے 3 گھنٹے کے اندر اپنا پیکج خریدنا ہوگا، مقررہ وقت میں پیکج نہ لینے والے افراد کا نام فہرست سے نکال دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ سعودی وزارت حج و عمرہ نے 15 جون کو حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی تھیں۔

  • سعودی عرب: ملازمین کی سالانہ چھٹیوں کے متعلق تفصیلی وضاحت

    سعودی عرب: ملازمین کی سالانہ چھٹیوں کے متعلق تفصیلی وضاحت

    ریاض: سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے ملازمین کی سالانہ چھٹیوں اور کام کے اوقات کار کے متعلق تفصیلی وضاحت جاری کی ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ سالانہ چھٹی کے وقت پوری تنخواہ ادا کی جاتی ہے جس میں تمام الاؤنسز شامل ہوں۔

    وزارت افرادی قوت سے دریافت کیا گیا تھا کہ کیا سالانہ چھٹی کے حساب کتاب میں ٹرانسپورٹ الاؤنس بھی شمار کیا جائے گا یا صرف بیسک تنواہ اور ہاؤس الاؤنس کے حساب پر ہی اکتفا کیا جائے گا؟

    وزارت افرادی قوت کی جانب سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا گیا کہ سالانہ چھٹی کی تنخواہ حقیقی محنتانے کے مطابق شمار کی جاتی ہے جس میں تمام الاؤنسز شامل کیے جائیں گے، قانون محنت کی دفعہ 2 میں اجرت کی جو تعریف کی گئی ہے اس کے مطابق ایسا ہی ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت نے اوقات کار سے متعلق واضح کیا کہ کسی بھی ملازم سے ایک دن میں 8 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی ایسی صورت میں نہیں لی جاسکتی جب یومیہ بنیاد پر ڈیوٹی لی جارہی ہو اور اگر ہفتے بھر کے حساب سے ڈیوٹی لی جارہی ہو تو مجموعی طور پر 48 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی نہیں لی جاسکتی۔

    وزارت کا کہنا ہے کہ آجروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اوقات کار اور آرام کے وقفے کے حوالے سے ڈیوٹی کا چارٹ ترتیب دیں، اس حوالے سے خیال رکھیں کہ کسی بھی کارکن سے مسلسل 5 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی نہ لی جائے۔

    ڈیوٹی کے دوران آرام کے وقفے یا نماز اور کھانے کے لیے کم از کم آدھے گھنٹے کا وقفہ دیا جانا ضروری ہے۔

    کسی بھی حالت میں کارکن کو کسی ایک جگہ 12 گھنٹے سے زیادہ ڈیوٹی پر نہیں رکھا جاسکتا، اوقات کار کے دوران نماز، کھانے اور آرام کے وقفے دینا ضروری ہیں۔ آرام یا نماز اور کھانے کے وقفے کے دوران اجیر آجر کے کنٹرول سے باہر ہوگا، آجر اس دوران اجیر کو دفتر میں رہنے کا پابند نہیں بنا سکتا۔

  • حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    حج 2021: صرف 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ روز رواں برس حج کی درخواستوں کے لیے لنک جاری کیا اور صرف 24 گھنٹے کے اندر وہاں ساڑھے 4 لاکھ درخواستیں موصول ہوگئی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ملکی و غیر ملکی شہریوں کی جانب سے اب تک حج کے لیے 4 لاکھ 50 ہزار درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

    موصول ہونے والی درخواستیں صرف 24 گھنٹوں میں ملی ہیں، وزارت حج و عمرہ نے لنک 24 گھنٹے قبل جاری کیا تھا۔

    سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے مطابق ملنے والی درخواستوں میں سے 60 فیصد مرد حضرات کی ہیں جبکہ 40 فیصد خواتین کی ہیں۔

    حج کی درخواستیں جمع کروانے کا ابتدائی مرحلہ غیر حتمی ہے جس میں خواہشمند افراد اپنے کوائف کا اندراج کرائیں گے، درخواستوں کی حتمی منظوری کا مرحلہ 13 ذی القعد تک جاری رہے گا جس کے بعد صرف 60 ہزار افراد کو اگلے مرحلے کے لیے منتخب کیا جائے گا۔

  • شاہ سلمان کی طرف سے عمان کے سلطان کو پیغام

    شاہ سلمان کی طرف سے عمان کے سلطان کو پیغام

    ریاض: سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز نے عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کو پیغام ارسال کیا جس میں انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے گہرے تعلقات کو سراہا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے عمان کے فرمانروا سلطان ہیثم بن طارق کو پیغام ارسال کیا ہے۔

    وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پیر کے روز شاہ سلمان کا پیغام سلطان عمان کو پہنچایا ہے۔

    اس موقع پر سلطان ہیثم بن طارق نے سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا، اس ملاقات کے موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

    شاہ سلمان نے سلطان عمان کے نام اپنے پیغام میں دونوں برادر ملکوں کے گہرے تعلقات کو سراہا ہے۔

  • سعودی عرب: سرکاری ملازمین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب: سرکاری ملازمین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری

    ریاض: سعودی حکام نے سرکاری اداروں کے ملازمین کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردیں، حکام کے بعد سرکاری ادارے کی نجکاری کے 2 برس تک کسی بھی ملازم کی تنخواہ میں کوئی کمی نہیں کی جا سکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری ادارے کی نجکاری کے بعد 2 برس تک ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوگا۔

    وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے کے جو ملازم نجکاری کے بعد نجی ادارے میں منتقل ہونے پر راضی نہیں ہوں گے انہیں کئی آپشن دیے جائیں گے۔

    سیکریٹری وزارت افرادی قوت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجکاری کے 2 برس تک کسی بھی ملازم کی تنخواہ میں کوئی کمی نہیں کی جا سکے گی، البتہ 2 برس بعد ملازم کی تنخواہ میں کمی اور برطرفی کا اختیار ادارے کو حاصل ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ ملازمت کے نئے معاہدے میں نجی ادارہ تنخواہ میں اضافہ کردے اور یہ بھی ممکن ہے کہ وہ کم تنخواہ کی بات کرے۔

    سیکریٹری وزارت کا مزید کہنا تھا کہ اگر 2 سال تک ملازم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو اس کی ملازمت برقرار رہے گی، اس کا بھی امکان ہے کہ تنخواہ میں اضافہ ہوجائے۔ اس کا دار و مدار ملازم کی اپنی کارکردگی پر ہے۔

    وزارت افرادی قوت نے اطمینان دلایا کہ اگر ملازمین کسی بڑی کوتاہی کا مظاہرہ نہیں کریں گے تو ان کی ملازمت جاری رہے گی۔

  • ای ایجوکیشن کے حوالے سے سعودی عرب دنیا کے 4 بہترین ممالک میں شامل

    ای ایجوکیشن کے حوالے سے سعودی عرب دنیا کے 4 بہترین ممالک میں شامل

    ریاض: کرونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا بھر میں ای تعلیم کا سلسلہ شروع ہوگیا، سعودی عرب اس حوالے سے 4 بہترین ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزیر تعلیم ڈاکٹر حمد آل الشیخ نے کہا ہے کہ یونیسکو نے سعودی عرب کو ای ایجوکیشن میں دنیا کے 4 مثالی ممالک کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

    وزیر تعلیم ای ایجوکیشن نیشنل سینٹر کونسل کے ساتویں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ یونیسکو نے جن 4 ممالک کو ای ایجوکیشن میں دنیا کا مثالی ملک قرار دیا ہے ان میں جنوبی کوریا، سعودی عرب، چین اور فن لینڈ ہیں۔

    سعودی وزیر تعلیم نے کہا کہ سعودی عرب کو ای ایجوکیشن میں دنیا کے بیشتر ملکوں پر برتری حاصل ہے۔

    انہوں نے ای ایجوکیشن کے حوالے سے مملکت میں ریکارڈ پر آنے والی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ اس لیے ممکن ہوسکا کیونکہ ای ایجوکیشن کے شعبے کو قیادت سے لامحدود تعاون ملا ہے۔

    سعودی وزیر نے مزید کہا کہ ای ایجوکیشن اب تعلیمی شعبے کا ایک حصہ بن گئی ہے۔

    ای ایجوکیشن آرگنائزیشن او ایل سی نے سعودی عرب میں کرونا وبا کے دوران مملکت میں ای ایجوکیشن کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا ریکارڈ تیار کیا ہے، انٹرنیشنل تعلیمی تنظیموں کی شراکت سے یہ رپورٹ جلد شائع کی جائے گی۔

  • مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیاں، سعودی عرب سرفہرست

    مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیاں، سعودی عرب سرفہرست

    ریاض: مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست ہے، دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سال 2021 کے لیے مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سعودی عرب 37 کمپنیوں کے ساتھ چھایا ہوا ہے۔

    دنیا میں تیل پیدا کرنے والی سب سے بڑی کمپنی سعودی ارامکو سرفہرست ہے۔ معروف امریکی جریدے Forbes کی سالانہ فہرست میں متحدہ عرب امارات 20 کمپنیوں کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس کے اداروں میں فرسٹ ابو ظبی بینک سرفہرست ہے۔

    مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سب سے زیادہ 42 اداروں کا تعلق بینکنگ سیکٹر سے ہے۔

    گزشتہ برس 2020 کی فہرست میں یہ تعداد 46 تھی، اسی طرح فہرست میں دوسرے نمبر پر ریئل اسٹیٹ اور کنسٹرکشن کے سیکٹرز ہیں۔ ان دونوں سیکٹرز کی فہرست میں 10، 10 کمپنیاں ہیں۔

    تیسرے نمبر پر ٹیلی کمیونی کیشن کا سیکٹر ہے جس کی فہرست میں 9 کمپنیاں ہیں۔

    رواں سال کی فہرست میں شامل 100 کمپنیوں کی مجموعی فروخت کا حجم 550 ارب ڈالر رہا جبکہ خالص منافع کا حجم 91 ارب ڈالر رہا، گزشتہ برس کے مقابلے میں مذکورہ دونوں حجموں میں بالترتیب 17.9 اور 38.5 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔

    فہرست میں شامل کمپنیوں کی مارکیٹ ویلیو کا مجموعی حجم 30 کھرب امریکی ڈالر ہے، سال 2020 کے مقابلے میں مارکیٹ ویلیو میں 30.4 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    فوربز جریدے کی مشرق وسطیٰ کی 100 طاقت ور ترین کمپنیوں کی فہرست میں سے 37 کمپنیاں، دنیا کی 2 ہزار طاقت ور ترین کمپنیوں سے متعلق فوربز جریدے کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔

    سال 2021 کے لیے عالمی فہرست میں سعودی ارامکو کمپنی کا پانچواں نمبر ہے۔